Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 11 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ٹیکس تعین اور دیگر قوانین میں ترمیمی بل کو پارلیمنٹ نے دی منظوری؛ عدلیہ ترمیمی بل بھی لوک سبھا میں منظور۔
٭ طلبہ تحریک اور اس سے متعلق موضوعات پر پارلیمنٹ میں بحث کیلئے حکومت تیار ہے: پارلیمانی اُمور کے وزیر کی وضاحت۔
٭ ہر گھر ترنگا مہم کے تحت، آئندہ جمعہ کو وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں نکالی جائیگی ترنگا ریلی۔
٭ لاتور، ناندیڑ، دھاراشیو اور بیڑ اضلاع کے 61 ہزار 216 کسان قرض معافی اسکیم سے مستفید۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی ڈیم میں تقریباً 94 فیصد آبی ذخیرہ؛پشتے سے پانی کا اخراج بند۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ٹیکس تعین اور دیگر قوانین، ترمیمی بل 2026 کل پارلیمنٹ نے منظور کر لیا۔ راجیہ سبھا نے بحث کے بعد بل لوک سبھا کو واپس بھیج دیا۔ لوک سبھا پہلے ہی اس بل کو منظور کر چکی ہے۔ مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے یہ بل پیش کیا تھا۔ اس بل میں پیمنٹ اینڈ سیٹلمنٹ سسٹمز ایکٹ، 2007، انکم ٹیکس ایکٹ، 2025، اور مالیات قانون، 2026 میں ترمیم کی تجویز ہے۔ وزیرِ خزانہ سیتارامن نے بل پر بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس بل کا مقصد بیرونی اقتصادی جھٹکوں کے اثرات کو کم کرنا، ملکی معیشت میں استحکام کو یقینی بنانا اور موجودہ عالمی صورتحال سے متاثر ہونے والے اہم شعبوں کو سہارا دینا ہے۔
دریں اثناء‘ ”بینکرس بکس ایویڈینس بل، 2026 راجیہ سبھا میں منظور کرلیا گیا۔
***** ***** *****
عدلیہ ترمیمی بل 2026 بھی کل لوک سبھا میں منظور کیا گیا۔ اس بل کا مقصد مختلف ٹربیونلز کے اراکین اور چیئرپرسنز کے تقررات، انتظامیہ اور کام کاج میں شفافیت، کارکردگی اور اصلاحات سمیت آزادی کو یقینی بنانا ہے۔
شہری ہوا بازی اور امدادِ باہمی کے مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ نے قومی امدادِ باہمی ترقیاتی کارپوریشن ترمیمی بل، 2026، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کیرالہ کے نام کی تبدیلی کا بل، 2026، اور جی کشن ریڈی نے کل لوک سبھا میں کانوں اور معدنیات کی ترقی اور ضابطہ ترمیمی بل، 2026 پیش کیا۔
***** ***** *****
دریں اثناء، وزیرِ داخلہ امت شاہ سے طلباء کے خلاف مبینہ پولس کارروائی سے متعلق بیان دینے کے مطالبے پر حزبِ اختلاف کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کل بار بار پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل پڑا۔
پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رِجیجو نے کہا ہے کہ حکومت طلبہ کی حالیہ تحریک اور اس سے متعلقہ موضوعات پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث کیلئے تیار ہے۔ وہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے احاطے میں صحیفہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ بھی ہر معاملے کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، تاہم‘ اپوزیشن کو ایوان کے نظم و ضبط پر عمل کرتے ہوئے کارروائی میں تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے مختلف سیاسی جماعتوں کے گروپ لیڈران سے بھی اپیل کی کہ وہ پارلیمنٹ کو ہموار طریقے پر نظم و ضبط کے ساتھ چلانے میں تعاون کریں۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ کام کاج مشاورتی اجلاس میں برلا نے ایوان میں جاری مسلسل تعطل پر اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
وزیرِحمل و نقل اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ 86 ہزار ملازمین کی ماہِ جولائی کی تنخواہ آج یعنی 11 تاریخ کو ان کے بینک کھاتوں میں جمع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ادائیگیوں کی رقم بروقت نہ ملنے اور لگاتار چھٹیوں اور انتظامی طریقہئ کار میں تعطل کی وجہ سے تنخواہ میں تاخیر ہو رہی ہے۔ سرنائیک نے متعلقہ عہدیداروں کو اس طرح کی تاخیر دوبارہ نہ ہونے سے متعلق احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی۔
***** ***** *****
پدم شری ڈاکٹر وٹھل راؤ وِکھے پاٹل ادبی لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے بزرگ ادیب اتم کامبلے کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ ایوارڈ انتخابی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر راؤصاحب کسبے نے کل‘ اس کا اعلان کیا۔ ڈرامہ ڈائریکٹر سچن شندے کو اعترافِ خدمات ایوارڈ، ڈرامہ اداکارہ مالتی انعامدار کو افتخارِ فن ایوارڈ اور مراٹھی ابھیاس پریشد کو بیداری ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ہر گھر ترنگا مہم کے تحت آئندہ جمعہ کو وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کل ناگپور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ ترنگا ریلی کا انعقاد ملک بھر کے نوجوانوں میں حب الوطنی کا ماحول پیدا کرنے اور ترقی یافتہ بھارت کے اہداف و مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے سب کو متحد کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ کل ممبئی میں ترنگا ریلی میں اپنی تقریر میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 2047 تک ملک کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنے کیلئے ہم سب ترنگا پرچم ہاتھ میں لیکر چلیں گے۔
***** ***** *****
سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے بھی 17 تاریخ تک جاری رہنے والی ہر گھر ترنگا مہم میں شہریوں سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
دھاراشیو ضلع پریشد کی سی ای او پرینو ودا مہادڑکر نے بھی ضلعے کے شہریوں سے اپنے گھروں پر ترنگا پرچم لگاکر ہر گھر ترنگا مہم کی ہر تقریب میں جوش و خروش کے ساتھ شریک ہونے کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء‘ ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کے تحت آج پربھنی میں ترنگا سائیکل اور بائیک ریلی نکالی جائے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم، 2026 کے تحت لاتور، ناندیڑ، دھاراشیو اور بیڑ اضلاع کے 61 ہزار 216 کسانوں میں کُل 462 کروڑ 81 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے ہیں۔ یہ معلومات لاتور کے ڈویژنل جوائنٹ رجسٹرار ناناصاحب چوہان نے دی۔ اس میں سے لاتور ضلعے کو تقریباً 160کروڑ، ناندیڑ اور دھاراشیو اضلاع کو تقریباً 106 کروڑ اور بیڑ ضلعے کو اکیانوے کروڑ موصول ہوئے ہیں۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکنِ اسمبلی ڈاکٹر تشار راٹھوڑ کو ناندیڑ ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک کا چیئرمین‘جبکہ راشٹروادی کانگریس کی مِنل کھت گاؤنکر کو بلا مقابلہ نائب چیئرمین منتخب کیا گیا۔ بینک کے 21 ڈائریکٹر عہدوں کیلئے ہوئے انتخابات میں شیتکری وکاس پینل کو 21 میں سے 19 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
***** ***** *****
جالنہ کے بزرگ اور معروف مصور شریدھر امبھورے کل‘ انتقال کرگئے۔ وہ 79 برس کے تھے۔ امبھورے ایک مصور کے ساتھ ہی اپنی منفرد مصوری کے ذریعے ادب کو بصری زبان دینے کیلئے جانے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنے فنی سرِورق کے ذریعے مہاراشٹر کے متعدد ادیبوں، شاعروں اور ادبی شخصیات کی کتابوں کو ایک الگ پہچان دی۔ ان کے انتقال سے منفرد فنِ اسلوب کا ایک اہم باب ختم ہونے کے احساس کا اظہار فن و ادب کے شعبے میں کیاجارہا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ پولس نے کل 41 مہلک ہتھیاروں کا ذخیرہ ضبط کرکے اس معاملے میں ملزم شیخ ماجد کو گرفتار کر لیا ہے، پولس ملزم کے مفرور ساتھی عمران عرف اِمّہ سلیم شیخ کی تلاش کر رہی ہے۔ عدالت نے شیخ ماجد کو 12 اگست تک پولس کی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔پولس نے اجمیر سے خانگی ٹراویلس کے ذریعے فروخت کیلئے لائی گئی 22 تلواریں، 15 خنجر اور چار دیگر اسلحے ضبط کیے ہیں‘ جن کی مالیت ایک لاکھ 34 ہزار روپے بتائی گئی ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع انتظامیہ نے خلاصہ کیا ہے کہ 2025 کے بلدیاتی انتخابات میں پسماندہ خواتین کے زمرے سے منتخب ہونے والی ریکھا امبورے کا کنبی ذات کا سرٹیفکیٹ منسوخ نہیں کیا گیا ہے۔ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے نے اس سے متعلق الزام عائد کیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق‘ ریکھا امبورے کے کنبی ذات کے اندراج پر اعتراض کیا گیا ہے، تاہم، انتظامی سطح پر ان کے ذات سرٹیفکیٹ کو منسوخ کرنے کیلئے کوئی سرکاری کارروائی نہیں کی گئی ہے۔
***** ***** *****
زیرِ زمین آبی سروے اور فروغ ِ آبی وسائل کے تحت ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ سیل اور ضلع و علاقائی لیبارٹریز میں برسرِکار ملازمین نے یکم اگست سے عدم تعاون کی تحریک شروع کی ہے۔ اس دوران ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ سیل اور ضلع و علاقائی لیبارٹریز کے ملازمین کی گزشتہ چار پانچ ماہ سے تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
موسم: ریاست میں کوکن کے کچھ حصوں میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
دریں اثناء، چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم سے پانی کا اخراج روک دیا گیا ہے اور پشتے میں فی الحال 93 اعشاریہ چار تین یعنی تقریباً 94 فیصد آبی ذخیرہ برقرار ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ٹیکس تعین اور دیگر قوانین میں ترمیمی بل کو پارلیمنٹ نے دی منظوری؛ عدلیہ ترمیمی بل بھی لوک سبھا میں منظور۔
٭ طلبہ تحریک اور اس سے متعلق موضوعات پر پارلیمنٹ میں بحث کیلئے حکومت تیار ہے: پارلیمانی اُمور کے وزیر کی وضاحت۔
٭ ہر گھر ترنگا مہم کے تحت، آئندہ جمعہ کو وزیرِ اعلیٰ کی موجودگی میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں نکالی جائیگی ترنگا ریلی۔
٭ لاتور، ناندیڑ، دھاراشیو اور بیڑ اضلاع کے 61 ہزار 216 کسان قرض معافی اسکیم سے مستفید۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی ڈیم میں تقریباً 94 فیصد آبی ذخیرہ؛پشتے سے پانی کا اخراج بند۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment