Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 20 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پانچ برسوں کے دوران جن دیہاتوں میں ٹینکر کے ذریعے پانی فراہم کرنا پڑا، انہیں جل یُکت شِوار ابھیان کے تیسرے مرحلے میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے، وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے مراٹھی زبان جاننے سے متعلق محکمہئ ٹرانسپورٹ کی جانچ مہم آج سے
٭ ریاست میں ایس آئی آر کے عمل کی مدت میں تیسری مرتبہ توسیع، 24 اگست کو ابتدائی فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے بیشتر مقامات پر بارش کا امکان، پربھنی، بیڑ اور ناندیڑ اضلاع کے لیے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت کی ہے کہ ریاست میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران پانی کی قلت سے متاثرہ جن دیہاتوں میں ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا گیا، ان دیہاتوں کو جل یُکت شِوار ابھیان کے تیسرے مرحلے میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے اور ان مقامات پر آبی تحفظ کے کام فوری طور پر شروع کیے جائیں۔ کل مٹی اور آبی تحفظ کے انتظام سے متعلق ایک اجلاس سے وزیر اعلٰی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ریاست میں جاری آبی تحفظ کے کاموں، آبی وسائل کو مضبوط بنانے، نیز مختلف محکموں کے درمیان تال میل کے ذریعے آبی انتظام کو مزید مؤثر بنانے کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
نشہ سے پاک مہاراشٹر پالیسی وضع کرنے کے سلسلے میں بھی کل وزیرِ اعلیٰ دیویندپھڑنویس کی موجودگی میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ نوجوان نسل کے نشے کی لت میں مبتلا ہونے کے بعد اقدامات کرنے کے بجائے نوجوانوں کو نشے کی دلدل میں دھکیلنے والے رجحانات کی روک تھام کی جائے نیز نوجوانوں کے مسائل کو سمجھتے ہوئے ہمدردی کے ساتھ انہیں اس نشے کی لت میں مبتلا ہونے سے بچایا جائے
***** ***** *****
ریاست کی تقریباً 70 ہزار کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی زمین کی ملکیت قانونی طور پرسوسائٹی کے نام منتقل کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں آخرکار دور ہوگئی ہیں۔ وزیرِ محصول چندرشیکھر باونکولے نے سوسائٹیوں کی خود اختیاری تعمیرِ نو اور دیگر زیرِ التوا مسائل کے بارے میں فوری طور پر پالیسی طے کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس کے نتیجے میں اب عمارت کی زمین کے سات بارہ ریکارڈ اورپی آرکارڈ پر براہِ راست سوسائٹی کا نام درج کرنا ممکن ہوگا۔ اس ترمیم شدہ پالیسی میں پلاٹوں کی تقسیم کے لیے شفاف طریقے سے نیلامی کا عمل اختیار کیا جائے گا۔ آمدنی کی نئی حدکا تعین ساتویں پے کمیشن کے مطابق کیا جائے گا جس سے سرکاری ملازمین، صحافیوں، فن کاروں، پسماندہ طبقات اور عام شہریوں کے لیے سرکاری پلاٹ حاصل کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔
***** ***** *****
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان جاننے سے متعلق جانچ مہم کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔وزیر ٹرانسپورٹ پر تاپ سر نائیک نے یہ اطلاع دی۔وہ کل محکمہ ٹرانسپورٹ کے افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ مراٹھی زبان نہ جاننے والے ڈرائیوروں کو ابتدا میں ایک ماہ کا نوٹس دیا جائے گا۔ اس دوران اگر انہوں نے مراٹھی زبان کی تعلیم حاصل نہیں کی تو ان کا لائسنس تین ماہ کے لیے معطل کر دیا جائے گا۔ اس کے بعد بھی مراٹھی زبان نہ جاننے والے ڈرائیوروں کا لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دیا جائے گا۔
***** ***** *****
مرکزی انتخابی کمیشن نے ریاست میں ایس آئی آر، یعنی فہرست رائے دہندگان کے خصوصی نظرثانی کے عمل کی مدت میں تیسری مرتبہ توسیع کی ہے۔ اس فیصلے کے مطابق اب 24 اگست کو ابتدائی فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔ اس پر 30 ستمبر تک اعتراضات اور دعوے داخل کیے جا سکیں گے۔ ان دعوؤں اور اعتراضات کا 29 اکتوبر تک فیصلہ کیا جائے گا اور 4 نومبر کو حتمی فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔
***** ***** *****
محکمہ دیہی ترقیات نے ریاست کی تمام گرام پنچایتوں کے افسران کی حاضری کا تعین اب جی پی ایس اور بایومیٹرک نظام کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد تمام گرام پنچایت افسران کے لیے روزانہ اپنے دفتر یا متعلقہ گاؤں میں موجود رہنا لازمی ہوگا۔ اس فیصلے پر فوری طور پر عمل درآمد کرنے کے احکامات ریاست کی تمام ضلع پریشدوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کو دیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
عدالت عظمیٰ نے کہا ہے کہ قومی ٹیسٹنگ ایجنسی، این ٹی اے کی ادارہ جاتی تنظیمِ نو کی ضرورت ہے۔ نیٹ پرچہ لیک معاملے میں دائر تمام عرضیوں پر کل سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے عندیہ دیا کہ مستقبل میں قبل از وقت سوالیہ پرچے افشاں ہونے کے واقعات کو روکنے کے لیے محفوظ بنیادی نظام، مخصوص امتحانی مراکز، مضبوط سائبر سکیورٹی نظام اور ادارہ جاتی ماہرین کا نظام ایک ساتھ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں مقرر کردہ رادھاکرشنن اور نندن نیلے کنی کمیٹیوں کی سفارشات پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی عدالت عظمیٰ نے NTAکو دی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نیتی آیوگ کے نائب صدر ڈاکٹر اشوک لاہیری نے کہا ہے کہ متعین شدہ اضلاع پروگرام کے تحت نیتی آیوگ کی جانب سے طئے کردہ مختلف سرکاری اسکیموں اور اقدامات پر عمل درآمد کے نتیجے میں ان اضلاع میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، اور اس میں صحافیوں کا کردار اہم ہے۔ وہ مرکزی حکومت کے شعبہ رابطہ عامہ کی جانب سے منعقدہ صحافتی مطالعاتی دورے کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ ریاست کے دھاراشیو سمیت واشیم، گڑھ چرولی اور نندوربار کے متعین شدہ اضلاع کے صحافی اس مطالعاتی دورے میں شریک ہوئے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں سوچھ بھارت مشن کے تحت ”پائیدار شہری انتظام کے لیے ٹھوس کچرا انتظامی قواعد، 2026 کے مؤثر نفاذ“ کے موضوع پر علاقائی خصوصی تربیتی پروگرام کا افتتاح کل میونسپل کمشنر امول ییڈگے کے ہاتھوں ہوا۔ ممبئی کی آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف لوکل سیلف گورنمنٹ کی جانب سے یہ تربیت دی جا رہی ہے۔ شہر میں ٹھوس کچرے کے انتظام کو مزید مؤثر اور پائیدار بنانے کے لیے جدید نظریات کو فروغ دینے کی ہدایت کمشنر ییڈگے نے اس موقع پر دی
***** ***** *****
ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے ڈاکٹر سریندر گٹانی، سونیل پاٹل اور پردیپ نربھونے کی جانب سے تپِ دق کے علاج میں کم پانی میں حل ہونے والی ادویات کے لیے تیار کی گئی جدید نینو اسٹرکچرڈ ڈرگ ڈیلیوری ٹیکنالوجی کو بھارتی پیٹنٹ حاصل ہوگیا ہے۔ پیٹنٹ کی مدت 20 سال ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے ادویات کو مؤثر طریقے سے جسم میں پہنچانے اور ان کے طبی نتائج میں بہتری کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔
***** ***** *****
گنگاپور میونسپل کونسل کی نئی پانی سپلائی اسکیم کے سلسلے میں کل نائب وزیرِ اعلیٰ سونیترا پوار کی موجودگی میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر آب رسانی اسکیم پر تیزی سے عمل درآمد کے لئے مقررہ مدت میں کارروائی کرنے کی ہدایت سُنیترہ پوار نے دی۔
***** ***** *****
وسطی ریلوے کی پونا اورشولاپور ڈویژن کمیٹی کا اجلاس کل منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں دھاراشیو کے رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے شرکت کی۔اجلاس میں انہوں نے مراٹھواڑہ میں ریلوے سہولیات کی ترقی سے متعلق مختلف اہم مسائل، زیرِ التوا منصوبوں اور مسافروں کی سہولیات سے متعلق مطالبات پیش کیے۔ دھاراشیو–تلجاپور–شولاپور اور دھاراشیو–چھترپتی سمبھاجی نگر ریلوے لائن کی موجودہ صورتحال واضح کرتے ہوئے اس اہم منصوبے کو رفتار دینے، لاتور–اوسہ–عمرگہ–کلبُرگی نئی ریلوے لائن کو منظوری دینے اور لاتور–پونا انٹر سٹی ریلوے سروس شروع کرنے سمیت مختلف مطالبات بھی ان میں شامل ہیں۔
***** ***** *****
مٹی اور آبی تحفظ سے متعلق عوامی بیداری پیدا کرنے کے لیے کل 21 تاریخ کو چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں ”مہا واکیتھون – واک فار واٹر“ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ضلعی آبی تحفظ افسر نریندر کٹکے نے شہریوں سے اس پروگرام میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں گنگاپور اور لاسور اسٹیشن زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹیوں میں پیاز کو کل پہلی مرتبہ چار ہزار 500 روپے فی کوئنٹل کی ریکارڈ قیمت ملی۔ دونوں مارکیٹ کمیٹیوں میں اس سال تقریباً 17 لاکھ 31 ہزار 166 کوئنٹل پیاز کی خریداری ہوئی ہے۔گنگاپور زرعی پیداوار مارکیٹ کمیٹی کی چیئرپرسن ارچنا سُکاسے نے بتایا کہ فصلوں کو زیادہ سے زیادہ قیمت کیسے حاصل ہو، اس کے لیے مارکیٹ کمیٹی کے عہدیدار کوشش کر رہے ہیں۔
***** ***** *****
نیدرلینڈز میں جاری ایف آئی ایچ ہاکی عالمی کپ کے ایک مقابلے میں کل بھارت نے پاکستان کو تین کے مقابلے پانچ گول سے شکست دیدی۔ اس فتح کے ساتھ بھارت نے ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں داخلہ حاصل کر لیا ہے، جبکہ پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
سری لنکا کے گال میں کھیلے گئے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بھارت نے سری لنکا کو 165 رنز سے شکست دیدی۔ 372 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم نے کل اپنی دوسری اننگز 4 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز سے آگے شروع کی اور پوری ٹیم 206رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔بھارت کی جانب سے مانَو سُتار نے دوسری اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 10 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن کے بیشتر مقامات، وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے متعدد مقامات، جبکہ ودربھ کے چند مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی، بیڑ اور ناندیڑ اضلاع کے لیے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پانچ برسوں کے دوران جن دیہاتوں میں ٹینکر کے ذریعے پانی فراہم کرنا پڑا، انہیں جل یُکت شِوار ابھیان کے تیسرے مرحلے میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے، وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کے مراٹھی زبان جاننے سے متعلق محکمہئ ٹرانسپورٹ کی جانچ مہم آج سے
٭ ریاست میں ایس آئی آر کے عمل کی مدت میں تیسری مرتبہ توسیع، 24 اگست کو ابتدائی فہرست رائے دہندگان جاری کی جائے گی۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں میں مراٹھواڑہ کے بیشتر مقامات پر بارش کا امکان، پربھنی، بیڑ اور ناندیڑ اضلاع کے لیے آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment