Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 17 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷۱/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے نوجوانوں، غریبوں، خواتین اور کسانوں کو بااختیار بنانا ضروری: مرکزی وزیر امیت شاہ کا بیان۔
٭ سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کی برسی پر ملک بھر میں خراج عقیدت پیش۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں شیندرا - بڑکن آرِک انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے دوسرے مرحلے میں سات ہزار ایکڑ اراضی کا حصول۔
٭ پہلے شراون پیر کے موقع پر مہادیو مندروں میں عقیدت مندوں کا ہجوم؛ انتظامیہ کے اقدامات۔
اور۔۔۔٭ بھارت -سری لنکا کرکٹ ٹیسٹ میں دوسرے دن کے اختتام پر بھارت کے نو وکٹ پر 460 رنز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امیت شاہ نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے نوجوانوں، غریبوں، خواتین اور کسانوں کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔ وہ کل راجستھان کے الور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ شاہ نے راجستھان کے 17 اضلاع میں چھ ہزار 453 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد بارہا کسانوں کیلئے کم از کم امدادی قیمت میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کسانوں کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی مختلف اسکیموں کے بارے میں بھی اطلاع دی۔ شاہ نے دیہی معیشت کو تبدیل کرنے کیلئے ڈیری انڈسٹری کی صلاحیت کو اجاگر کیا۔
***** ***** *****
سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپئی کی برسی پر کل ملک بھر میں انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ نئی دہلی میں ان کی سمادھی ”سدیو اٹل“ پر ایک مذہبی دعائیہ اجلاس منعقد ہوا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور دیگر سرکردہ لیڈروں نے اٹل بہاری کی سمادھی پر پھول چڑھائے۔
***** ***** *****
قومی امتحانات کی باڈی نے جون میں منعقد ہونے والے یو جی سیNET-2026 کے امتحان میں تین مضامین انگریزی، کامرس اور سوشیالوجی کا دوبارہ امتحان منعقد کرانے کی ہدایت دی ہے۔ انگلش اور کامرس کا دوبارہ امتحان 9 ستمبر کو ہوگا جبکہ سوشیالوجی کا امتحان 10 ستمبر کو ہوگا۔اس دوبارہ امتحان کے لیے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔ امتحانی ادارے کو شکایات موصول ہوئیں کہ ان تینوں مضامین کے سوالیہ پرچوں میں مختلف غلطیاں ہیں۔ جس کے بعد اس سلسلے میں ایک کمیٹی بنا کر جانچ کی گئی۔ دیگر 84 مضامین کے نتائج کا اعلان طئے شدہ شیڈول کے مطابق کیا جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے شیندرا، بڑکن آرِک انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے دوسرے مرحلے میں باقی آٹھ ہزار ایکڑ اراضی کے حصول کا عمل شروع ہو رہا ہے۔ اس اراضی کے حصول کیلئے جائیکواڑی منصوبے کے ڈپٹی کلکٹر ایکناتھ بنگاڑے نے مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ ایکٹ کے تحت نوٹس جاری کیا ہے۔ پیٹھن سمبھاجی نگر تعلقہ کے چھ گاؤں میں سات ہزار 438 ایکڑ اراضی حاصل کی جائے گی۔ اس میں 825 گروپس شامل ہیں۔ اس سے قبل 2012 میں شیندرا اور بڑکن کے علاقے میں اس ڈی ایم آئی سی کیلئے 10 ہزار ایکڑ اراضی حاصل کی گئی تھی۔
***** ***** *****
پربھنی کی سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے اطلاع دی ہے کہ پربھنی ضلعے میں صنعتی ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے، اور ضلعے میں مختلف صنعتوں میں ایک ہزار چھ سو 22 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ وہ ضلع صنعتی مرکز کے زیر اہتمام پربھنی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس کانفرنس کے ذریعے 162 کاروباری افراد کے ساتھ مفاہمت کے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جس سے پندرہ ہزار 617 مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ بورڈیکر نے کہا کہ آنے والے دسہرہ تک ان صنعتوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا، اور اس سرمایہ کاری سے مقامی صنعت کاروں کو فروغ ملے گا۔ پربھنی میں مہاراشٹر کا پہلا مربوط سی بی جی کلسٹر قائم کرنے کا وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پربھنی میں مختلف ویسٹ ٹو ویلتھ پر مبنی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرکے فضلہ کو توانائی، روزگار اور دولت میں تبدیل کرنے پر زور دیا جائے گا۔
***** ***** *****
وزیر صحت پرکاش آبٹکر نے یقین دلایا کہ ریاست میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ آبٹکر نے خواتین کی صحت کمیٹی، پبلک ہیلتھ کمیٹی اور محکمہ صحت عامہ کی مریضوں کی بہبود کمیٹی کے اراکین کے ساتھ ایک آن لائن ”جن آروگیہ سمواد“ کا انعقاد کیا۔ ریاست میں دستیاب ایک ہزار چار سو 40 ڈاکٹروں کی تقرری آئندہ چند دنوں میں کی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ مزید 600 ڈاکٹروں کیلئے اشتہارات جاری کیے جا رہے ہیں، اور تقریباً 250 ڈینٹسٹ بھی جلد ہی خدمات کیلئے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس آن لائن میٹنگ میں مقامی سطح کے مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کیلئے فوری اقدامات کرنے پر زور دیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں کل ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی ذیلی کیمپس کی 22ویں سالگرہ مختلف تعلیمی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے منائی گئی۔ ذیلی کیمپس کے قیام کے بعد سے اس کی تعلیمی پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔ اس موقع پر ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منوہر چاسکر کی جانب سے بزرگ مصنف یوگی راج واگھمارے کو ادب کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات کیلئے ’جیون سادھنا ایوارڈ‘ پیش کیا گیا۔ وائس چانسلر چاسکر نے کہا کہ طلباء کیلئے علم کے ساتھ ساتھ ہنر، اخلاقی اقدار، سماجی بیداری اور روزگار پر مبنی صلاحیتوں کا حصول ضروری ہے۔
***** ***** *****
آج شراون کے مہینے کا پہلا پیر ہے، عقیدت مندوں نے آدھی رات سے ہی مہادیو کے مختلف مندروں میں بھیڑ لگا دی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے ایلورہ میں شری گھرشنیشور مندر میں پیر کے شراون کے موقعے پر بھیڑ کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے اقدامات کیے ہیں۔ ایلورہ میں آج رات تک ٹریفک میں تبدیلی کی گئی ہے۔
پرلی کے ویدیہ ناتھ مندر میں شراون کا تہوار جاری ہے۔ انتظامیہ نے عقیدت مندوں کی سہولیات کیلئے ضروری تیاریاں کی ہیں۔
ہنگولی ضلع کے اونڈھا کی ناگناتھ مندر آج رات 11 بجے تک کھلی رہے گی۔ مہاپوجا کے بعد مندر کو دو بجے درشن کیلئے کھول دیا گیا۔ مندر کے احاطے میں 32 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، 100 سے زائد پولس اہلکار اور 30 رضاکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر آدیتی تٹکرے نے بتایا کہ لڑکیوں کو بااختیار بنانے کیلئے لاگو کی گئی ”لیک لاڑکی“ اسکیم زیادہ سے زیادہ استفادہ کنندگان تک پہنچ سکے اس کیلئے اسکیم کے عمل کو آسان بنایا گیا ہے۔ فائدہ اٹھانے والی لڑکیوں کے والدین اب ”آپلے سرکار“ پورٹل کے ذریعے براہ راست آن لائن درخواست دے سکتے ہیں، اس سے درخواست کیلئے درکار دستاویزات کی تعداد کافی حد تک کم ہو جائے گی۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے میں، آواس پلس سروے کے تحت پردھان منتری آواس اسکیم (دیہی) کے تحت موبائل ایپ کے ذریعے 2025 میں دیہی علاقوں میں کیے گئے سروے کی بنیاد پر اہل خاندانوں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔ اہل استفادہ کنندگان کی فہرست 13 ستمبر تک ہونے والی گرام سبھا میں پڑھ کر سنائی جائے گی۔ضلع پریشد نے تمام گاؤں والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متعلقہ گرام سبھا میں شرکت کریں، اہل استفادہ کنندگان کی فہرست کی تصدیق کریں اور گرام پنچایت کو ضروری معلومات فراہم کریں۔
***** ***** *****
ضلع پریشد کے محکمہ تعلیم نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے نجی امداد یافتہ، جزوی طور پر امداد یافتہ اور غیر امدادی اسکولوں میں اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کیلئے بائیو میٹرک حاضری اور سی سی ٹی وی کیمروں کو لازمی قرار دیا ہے۔ سیکنڈری ڈپارٹمنٹ کی ایجوکیشن آفیسر اشوینی لاٹھکر نے کہا کہ انتظامیہ قواعد پر عمل نہ کرنے والے اسکولوں کے خلاف مناسب کارروائی کرے گی۔
***** ***** *****
بیڑ کے پمپل گاؤں گھاٹ تا پانڈھرے واری اس راستے کو فوری تیار کرکے ٹریفک کیلئے کھولنے کے مطالبے کیلئے پمپل گاؤں گھاٹ کے لوگ سنیچر سے پمپلگاؤں گھاٹ پر غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال پر ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ سڑک کو فوری طور پر تیار کرکے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے۔ سڑک کی خستہ حالی کے باعث طلباء، مریضوں، کسانوں اور عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لوگوں نے انتظامیہ سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
کل سری لنکا میں بھارت اور سری لنکا کے مابین پہلے ٹیسٹ کرکٹ میچ کے دوسرے دن کے اختتام پر بھارت نے نو وکٹوں کے نقصان پر 460 رنز بنا لیے ہیں۔ کل کا کھیل بارش میں رکاوٹ کے باعث قدرے تاخیر سے شروع ہوا۔ پہلے دن 131 رنز پر ناٹ آؤٹ رہنے والے دیو دت پڈیکل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 167 رنز بنائے۔ فی الحال، کلدیپ یادو اور پرسدھ کرشنا ناٹ آؤٹ ہیں اور تیسرے دن بھارت کی اننگز کی قیادت کریں گے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں میں کوکن اور ودربھ کے زیادہ تر مقامات پر جبکہ وسطی مہاراشٹر کے کچھ مقامات اور مراٹھواڑہ کے کئی مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ دریں اثناء‘ کوکن اور وسطی مہاراشٹر کے کئی مقامات پر تیز بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے کیلئے نوجوانوں، غریبوں، خواتین اور کسانوں کو بااختیار بنانا ضروری: مرکزی وزیر امیت شاہ کا بیان۔
٭ سابق وزیر اعظم بھارت رتن اٹل بہاری واجپائی کی برسی پر ملک بھر میں خراج عقیدت پیش۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں شیندرا - بڑکن آرِک انڈسٹریل اسٹیٹ کیلئے دوسرے مرحلے میں سات ہزار ایکڑ اراضی کا حصول۔
٭ پہلے شراون پیر کے موقع پر مہادیو مندروں میں عقیدت مندوں کا ہجوم؛ انتظامیہ کے اقدامات۔
اور۔۔۔٭ بھارت -سری لنکا کرکٹ ٹیسٹ میں دوسرے دن کے اختتام پر بھارت کے نو وکٹ پر 460 رنز۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment