Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 21 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/ اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیراعظم کی صدارت میں مرکزی حکومت کے سیکریٹریز کا اجلاس؛ سرکاری محکموں، یونیورسٹیوں اور نوجوانوں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے کی اپیل۔
٭ آئندہ تہواروں کے دوران شکرکی باقاعدہ فراہمی برقرار رکھنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے شکرکی ذخیرہ اندوزی کرنے پر پابندی عائد۔
٭ ریاست میں کھلے خوردنی تیل کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا محکمہ خوراک و ادویات کا فیصلہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے خلد آباد میں حضرت خواجہ شیخ منتجب الدین زرزری زربخشؒ کے 740ویں عرس کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ مٹی اور آبی تحفظ کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کیلئے ریاست میں مختلف مقامات پر آج ”مہا واکیتھان“ کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیراعظم نریندر مودی نے کل نئی دہلی میں مرکزی حکومت کے سیکریٹریز کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس میں ملک کے بنیادی ڈھانچے، رابطہ نظام، سلامتی، خارجہ پالیسی اور بہتر حکمرانی سے متعلق امور پر تبادلہئ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے سرکاری محکموں، یونیورسٹیوں اور نوجوانوں کے درمیان مزید بہتر تال میل پیدا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرنے اور ملک کے مستقبل کی تعمیر کیلئے بہتر تال میل،جدید سوچ اور اجتماعی ذمہ داری کی ضرورت پر زور دیا۔
***** ***** *****
آئندہ تہواروں کے دوران شکرکی باقاعدہ فراہمی برقرار رکھنے کیلئے مرکزی حکومت نے ملک میں شکر کی ذخیرہ اندوزی پر پابندی عائد کی ہے۔ اس کے مطابق، ماہانہ 10 ٹن چینی کی خرید و فروخت کرنے والے تھوک تاجر اب 15 دن کی ضرورت سے زیادہ شکر کا ذخیرہ نہیں کر سکیں گے۔ یہ حکم آئندہ یکم ستمبر سے 30 نومبر تک نافذ رہے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں رواں مانسون کے دوران یکم جون سے 20 اگست تک اوسطاً 92 فیصد بارش ہوئی ہے۔ اس مدت کے دوران 723 ملی میٹر بارش متوقع تھی، جبکہ حقیقت میں 665 اعشاریہ 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ یکم تا20 اگست کے دوران ریاست میں 104 اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ہوئی، جو اوسط کا 56 فیصد ہے۔ اس مدت کے دوران چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 30 اعشاریہ 6 فیصد بارش ریکارڈ کی گئی۔ جولائی میں ہونے والی اطمینان بخش بارش کے باعث ریاست میں مجموعی موسمی بارش کی صورتحال اطمینان بخش رہی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں محکمہئ خوراک و ادویات کی جانب سے سخت کارروائی جاری ہے اور کھلے خوردنی تیل کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ محکمہئ خوراک و ادویات کے کمشنر تکارام منڈھے نے کل ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ گزشتہ سال خوردنی تیل کے تقریباً ایک ہزار 247 نمونوں کی جانچ کی گئی تھی۔ ان میں سے ایک ہزار 142 نمونے مقررہ معیار کے مطابق پائے گئے، جبکہ 77 نمونے ناقص معیار کے، 13 نمونے غیر محفوظ اور 15 نمونے غلط طریقے سے لیبل کیے ہوئے پائے گئے۔ ان نتائج کے پیش نظر محکمہ نے کارروائی میں اضافہ کیا ہے۔ منڈھے نے کہا کہ کھلے خوردنی تیل کی فروخت پر پابندی شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوردنی تیل فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے انتباہ دیاکہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے پروڈیوسرز اورتاجروں پر قید کے ساتھ ساتھ 10 لاکھ روپے تک جرمانے کی سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کھلا یا سیل بند نہ کیا گیا خوردنی تیل غیر محفوظ ہے اور اس میں ملاوٹ پائے جانے کے امکان کے باعث صارفین اسے نہ خریدیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے آٹھویں جماعت تک کے طلباء کو مفت اسکول بیگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن، میونسپل کونسل اور ضلع پریشد کے زیر انتظام اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء اس اسکیم سے مستفید ہوں گے۔ اس کیلئے حکومت نے 174 کروڑ روپیوں سے زیادہ کے فنڈ کو منظوری دی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ سدھاکر راؤ نائیک کی سالگرہ آج تحفظِ آب دن کے طور پر منائی جا رہی ہے۔ مٹی اور آبی تحفظ کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کیلئے ریاست میں مختلف مقامات پر آج ’مہا واکیتھان — واک فار واٹر‘ مہم چلائی جا رہی ہے۔ ریاست بھر میں جاری آبی تحفظ کی عوامی تحریک میں شامل ہو کر مہاراشٹر کا آبی طور پر محفوظ مستقبل بنانے اور ’پانی روکیں، پانی زمین میں جذب کریں، آبی طور پر مضبوط مہاراشٹر بنائیں‘ یہ پیغام ہر جگہ پہنچانے کی اپیل مٹی اور آبی تحفظ کے وزیر سنجئے راٹھوڑ نے کی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں کرانتی چوک سے اورنگ پورہ کے ضلع پریشد میدان تک اس واکیتھان کا انعقاد کیا گیا ہے۔وہیں معاشرے میں مٹی اور آبی تحفظ کی اہمیت اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ آبی تحفظ کی سرگرمیوں میں عوام کی شرکت بڑھانے کے مقصد سے ناندیڑ شہر میں آج جلوس نکالا جائے گا۔ دھاراشیو میں بھی تلجا بھوانی اسٹیڈیم سے واکیتھان کا آغاز ہو رہا ہے۔ ’پانی کے لیے قدم‘ کے تصور پر مبنی اس مہم میں شرکت کرکے ماحول کے تحفظ کا عہد لینے کی اپیل کی گئی ہے۔جالنا میں ضلع کلکٹر دفتر سے واکیتھان کا آغاز ہوگا۔ گھاٹی-عنبڑ چوپھُلی سے گذر کر پولس میدان پر اس واک کا اختتام ہوگا۔پربھنی میں ضلع کلکٹر دفتر سے کھیل اسٹیڈیم تک منعقد ہونے والی واکیتھون کا افتتاح رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر کے ہاتھوں ہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے خلد آباد میں حضرت خواجہ شیخ منتجب الدین زرزری زر بخشؒ کے 740ویں عرس کا کل صندل کے ساتھ آغاز ہوا۔ 26 اگست کو عید میلاد النبیؐ کے دن اس عرس کا اختتام ہوگا۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ہر سال حضرت محمد ﷺ کے پیرہن مبارک اور موئے مبارک کی زیارت کیلئے لاکھوں عقیدت مند خلد آباد آتے ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ میں گنے کی کٹائی کیلئے ہونے والی موسمی ہجرت سے متاثرہ بچوں کیلئے یونیسیف کے ’خاندان اور کمیونٹی پر مبنی نگہداشت اور تحفظ‘ پروگرام کا حال ہی میں یونیسیف انڈیا کے قومی سفیر اور اداکار آیوشمان کھرانہ نے جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ گنے کی کٹائی کیلئے ہونے والی موسمی ہجرت کے باعث بچوں کی تعلیم، صحت اور تحفظ متاثر نہ ہو، اس کیلئے معاشرے اور انتظامیہ کو مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
آئندہ کمبھ میلے کے پیش نظر چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں صحت کے نظام کو مزید مستحکم کرنے کیلئے صحت کے وزیر پرکاش آبٹکر نے ہدایت دی ہے کہ پیٹھن میں 100 بستروں پر مشتمل سب ڈسٹرکٹ اسپتال اور پاچوڑ میں 50 بستروں کا دیہی اسپتال قائم کرنے کیلئے خصوصی طور پر تجویز پیش کی جائے۔ اس سلسلے میں منترالیہ میں کل رکن اسمبلی ولاس بھومرے کی موجودگی میں اجلاس منعقد ہوا۔
اسی بیچ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 400 بستروں والے خواتین کے اسپتال کا جلد افتتاح کرنے کیلئے افرادی قوت، آلات اور بنیادی سہولیات کی تیاری مکمل کرنے کی ہدایت بھی اس اجلاس میں دی گئی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں کل ریاستی سطح کی آکاشوانی سامعین کانفرنس منعقد ہوئی۔ ریاست کے مختلف حصوں سے آئے سامعین کے ساتھ آکاشوانی کے پروگرام افسر سجیت بنسوڑے نے گفتگو کی اور آکاشوانی کے پروگراموں کے بارے میں سامعین کی رائے بھی جانی۔ آکاشوانی اور سامعین تنظیم کی جانب سے باقاعدگی سے اس طرح کی کانفرنس منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی ہے۔
***** ***** *****
سرکاری اسکولوں کی موجودہ صورتحال جاننے کیلئے کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دیپکے نے کل لاتور ضلع کے مختلف ضلع پریشد اور میونسپل کارپوریشن اسکولوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اَوسا تعلقہ کے اُجنی، ایکمبی، چنچولی کاجلے سمیت لاتور شہر کی لیبر کالونی کے علاقے میں واقع میونسپل کارپوریشن اسکولوں کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے اسکولوں میں بنیادی سہولیات، بیت الخلاء، پینے کے پانی اور طلبہ کے تحفظ کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ سرکاری اسکولوں کی صورتحال تبدیل کرنے کیلئے محکمہئ تعلیم کے افسران اور انتظامیہ کو سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دیپکے نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ وزیرِ تعلیم اسکولوں کی حالت دیکھ کر استعفیٰ دے دیں۔
***** ***** *****
سائبر جرائم کی شرح میں اس وقت اضافہ ہو رہا ہے، اس لیے شہری اپنے ڈیجیٹل لین دین میں انتہائی محتاط رہیں۔ سائبر سکیورٹی ماہر ڈاکٹر دھننجئے دیشپانڈے نے یہ اپیل کی ہے۔ وہ کل دھاراشیو میں ضلعی تاجروں کی فیڈریشن کی جانب سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
نئی دہلی میں جاری عالمی بیڈمنٹن چمپئن شپ میں مردوں کے ڈبلز مقابلے میں بھارت کے ساتوک سائی راج رَنکی ریڈی اور چراغ شیٹی، جبکہ خواتین کے ڈبلز میں تریشا جالی اور گائیتری گوپی چند نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ خواتین کے سنگلز میں پی. وی. سندھو اور مردوں کے سنگلز میں آیوش شیٹی کا چیلنج کل ختم ہوگیا۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دنوں کے دوران کوکن میں بیشتر مقامات پر، جبکہ وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ میں بعض مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیراعظم کی صدارت میں مرکزی حکومت کے سیکریٹریز کا اجلاس؛ سرکاری محکموں، یونیورسٹیوں اور نوجوانوں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنے کی اپیل۔
٭ آئندہ تہواروں کے دوران شکرکی باقاعدہ فراہمی برقرار رکھنے کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے شکرکی ذخیرہ اندوزی کرنے پر پابندی عائد۔
٭ ریاست میں کھلے خوردنی تیل کی فروخت پر پابندی عائد کرنے کا محکمہ خوراک و ادویات کا فیصلہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے خلد آباد میں حضرت خواجہ شیخ منتجب الدین زرزری زربخشؒ کے 740ویں عرس کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ مٹی اور آبی تحفظ کے بارے میں عوامی بیداری پیدا کرنے کیلئے ریاست میں مختلف مقامات پر آج مہا واکیتھان کا انعقاد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment