Saturday, 29 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 29 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 29 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ کسانوں کی ترقی کیلئے نئی تحقیق و ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے دالوں کے تخم پر سبسڈی میں نمایاں اضافہ۔
٭ چینی کے ذخیرے کی حد سے متعلق ریاستی حکومت کے رہنماء خطوط جاری۔
٭ رکھشا بندھن کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا؛ مختلف سماجی پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ بوڈاپیسٹ اسکواش اوپن چمپئن شپ بھارت کے ویلاون سینتھِل کمار نے جیت لی؛نیزہ باز نیرج چوپڑا 2026 ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ کسانوں کی ترقی کیلئے نئی ٹیکنالوجی اور تحقیق کا استعمال ضروری ہے۔ ناسک میں کرم یوگی دُلاجی سیتارام پاٹل زرعی کالج کی نئی عمارت کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں ں کل عمل میں آیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ زراعت اور کسانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کاشتکاری کے طریقوں میں تبدیلی، جدید کاری اور ٹیکنالوجی کو اپنانا ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زرعی شعبے میں تحقیق کو کسانوں تک پہنچانے کیلئے اس طرح کے مزید کالجز کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کم زمین رکھنے والے کسانوں کیلئے جدید مشینوں اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے زراعت میں جدید کاری اور ٹیکنالوجی کا متعارف کروانا بہتر راستہ ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ نے کل ناسک-ترمبکیشور کمبھ میلہ اتھارٹی کی جانب سے ناسک میں شروع کیے گئے تین روزہ ”سنہستھ مہا کمبھ بھکتی سنگم“ پروگرام کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقعے پر انہوں نے تیقن دیا کہ کمبھ میلے کے تمام کام مقررہ وقت میں مکمل کر لیے جائیں گے۔ کمبھ میلے کی منصوبہ بندی کیلئے بڑی تعداد میں رضاکاروں کی ضرورت ہے، اس لیے ”کمبھ دُوت“ پروگرام بھی شروع کیا گیاہے۔
***** ***** *****
نیپال میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر، سیاحت کیلئے کھٹمنڈو اور چین کے ساگا میں پھنسے ہوئے ریاست سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو بحفاظت واپس لانے کیلئے مہاراشٹر حکومت‘ مرکزی حکومت، نیپال اور چینی حکومتوں کے ساتھ مل کر ضروری کارروائی کر رہی ہے۔ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ محکمہ متعلقہ سیاحوں اور ان کے رشتہ داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ان کی محفوظ واپسی کیلئے ضروری مدد اور رہنمائی کررہا ہے۔ بہار کی سیتامڑھی ضلع انتظامیہ نیپال کی سرحد سے مہاراشٹر کے 106 سیاحوں کو بحفاظت سیتامڑھی پہنچا چکی ہے۔
دریں اثناء، ریاست کے 37 عقیدت مند جو کیلاش مانسروور یاترا مکمل کرنے کے بعد واپسی کے سفر پر تبت کے ساگا میں پھنسے تھے، انھیں وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی کوششوں کے بعد بحفاظت کھٹمنڈو روانہ کر دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ریاست میں نافذ کیے جانے والے دالوں کی خود انحصاری مہم کے تحت معیاری بیجوں کی تقسیم کیلئے سبسڈی کی رقم میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے اس سلسلے میں مرکزی حکومت سے رجوع کیا تھا۔ مرکزی حکومت نے کل اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں۔ جس کے تحت کسانوں کو اب تور، ماش اور مسور کی دال کے تخم کی قیمت صد فیصد یا زیادہ سے زیادہ بارہ ہزار روپے فی کوئنٹل سبسڈی فراہم کی جائے گی۔ جبکہ چنے اور دیگر دالوں کیلئے 75 فیصد یا زیادہ سے زیادہ چھ ہزار روپے فی کوئنٹل سبسڈی دی جائے گی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے خوراک‘ شہری رسد اور تحفظ ِ صارفین محکمے نے چینی فروخت کنندگان، تقسیم کاروں اور بڑے صارفین کیلئے چینی کے ذخیرے کی حد سے متعلق رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ ان ضوابط کے مطابق‘ چینی فروخت کنندگان اور تقسیم کاروں کو چار سو میٹرک ٹن سے زیادہ چینی ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ نیز، تیس دن سے زیادہ چینی ذخیرہ کرنے کی ممانعت ہوگی۔ ماہانہ دس میٹرک ٹن سے زیادہ چینی استعمال کرنے والے بڑے صارفین کو پندرہ دن سے زیادہ چینی ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ یہ پابندیاں 30 نومبر 2026 تک نافذ العمل رہیں گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹرآزادیِ مذہب قانون، 2026 ریاست میں کل سے نافذ ہو گیا۔ اس قانون میں زبردستی، دھوکہ دہی یا لالچ کے ذریعے غیر قانونی تبدیلی ِ مذہب کو روکنے کیلئے سخت دفعات شامل ہیں۔ اس طرح کے تبدیلیِ مذہب کے مرتکب افراد کو سات سال قید اور پانچ لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے جبکہ جرم کے اعادہ کی صورت میں 10 سال قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ اس قانون کے مطابق رضاکارانہ طور پر مذہب کی تبدیلی سے کم از کم 60 دن قبل مقامی مجسٹریٹ کو اس کی پیشگی اطلاع دینا لازمی ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے قومی امتحانی ادارے این ٹی اے کے زیرِ انصرام منعقد کیے جانے والے مسابقتی امتحانات سمیت ملک میں عوامی امتحانی نظام میں اصلاحات کیلئے طلبہ، والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں سے تجاویز و آراء طلب کی ہیں۔ اس سلسلے میں 13 ستمبر تک اپنی رائے اور تجاویز ٹول فری نمبر 18 00 180 474 یا واٹس ایپ نمبر91 78 27 04 28 30 پرارسال کی جاسکتی ہیں۔
***** ***** *****
رکھشا بندھن کا تہوارکل‘ ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا گیا۔ دہلی میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن اور وزیر اعظم نریندر مودی نے مختلف اسکولوں اور اداروں کے طلباء کے ساتھ یہ تہوار منایا۔
سانگلی کے شانتی نکیتن کی طالبات نے علاقے میں موجود درختوں پر راکھی باندھ کر ماحول دوست طریقے سے تہوار منایا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں رکنِ کونسل امباداس دانوے نے پولس کے دامنی دستے کی بہنوں کے ساتھ راکھی پورنیما منائی۔
***** ***** *****
وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے نے کہا ہے کہ آئندہ خریف اور ربیع کے موسموں میں کسانوں کو کھادوں کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مہاراشٹر زرعی صنعتی ترقیاتی کارپوریشن نے کھادوں کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کل‘ پونہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر موصوف نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے کسانوں کو ان کی ضرورت کے مطابق کھاد حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے آج جالنہ ضلع کے انتروالی سراٹی میں اپنی بھوک ہڑتال دوبارہ شروع کرنے جارہے ہیں اور اس پس منظر میں پولس انتظامیہ کی جانب سے ضروری احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انتروالی سراٹی میں ایک ہزار سے زائد پولس افسران و ملازمین کو تعینات کیا گیا ہے۔
دریں اثناء‘ جرانگے نے کہا ہے کہ یہ احتجاج فیصلہ کن ہوگا، اور حکومت کو مراٹھا برادری کے مطالبات کے سلسلے میں فوری طور پر ضروری فیصلہ کرنا ہوگا‘ بصورتِ دیگر ممبئی میں احتجاجی جلوس نکالا جائے گا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جِتِن رحمان نے کل تاڑسونّا اور پمپل نیر میں ضلع پریشد اسکولوں کا دورہ کیا اور طلبہ سے بات چیت کی۔ انہوں نے طلباء کی رہنمائی کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ انھوں نے طلباء کی تعلیمی ترقی، تدریس کے معیار اور سکولوں میں موجود سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
***** ***** *****
بینکنگ شعبے کے ملازمین کیلئے پانچ دن کے ہفتے کے مطالبے پر کل‘ بیڑ ضلعے میں بینک کے افسران اور ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا آفیسرز ایسوسی ایشن اور اسٹاف یونین کی قیادت میں احتجاج میں مختلف بینکوں کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔
***** ***** *****
ٹریفک پولس انتظامیہ نے چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں بغیر ہیلمٹ کے دو پہیہ گاڑی چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں چلائی گئی اس مہم میں کل ایک ہزار 130 موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی کی گئی اور 11 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ ٹریفک پولس کے اسسٹنٹ کمشنر سبھاش بھجنگ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دو پہیہ گاڑیوں کی سواری کے دوران ہیلمٹ کا استعمال لازماً کریں۔
***** ***** *****
بھارت کے ویل وان سینتھِل کمار نے پی ایس اے بوڈاپیسٹ اسکواش اوپن کا خطاب جیت لیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والے فائنل میچ میں انہوں نے میزبان ہنگیری کے بالاز فارکس کو تین صفر سے شکست دی۔
***** ***** *****
نیزہ باز نیرج چوپڑا نے 2026 ڈائمنڈ لیگ کے فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا فائنل 4 اور 5 ستمبر کو برسلز میں ہوگا۔ نیرج نے ڈائمنڈ لیگ کے دو مرحلوں میں حصہ لیا تھا۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دنوں تک ریاست سبھی مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش کے امکان کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ کسانوں کی ترقی کیلئے نئی تحقیق اور ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری: وزیرِ اعلیٰ کا اظہارِ خیال۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے دالوں کے تخم پر سبسڈی میں نمایاں اضافہ۔
٭ چینی کے ذخیرے کی حد سے متعلق ریاستی حکومت کے رہنماء خطوط جاری۔
٭ رکھشا بندھن کا تہوار جوش و خروش سے منایا گیا؛ مختلف سماجی پروگراموں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ بوڈاپیسٹ اسکواش اوپن چمپئن شپ بھارت کے ویلاون سینتھِل کمار نے جیت لی؛نیزہ باز نیرج چوپڑا 2026 ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں داخل۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 01 October 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...