Friday, 28 August 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 28 اگست 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 28 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۲/ اگست ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ حکومت 21ویں صدی کیلئے جدید کھیلوں کا نظام تیار کرنے کیلئے پُرعزم:وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ نیپال میں پھنسے ہوئے سیاحوں کی تلاش کیلئے ریاستی حکومت کا مرکزکے ساتھ رابطہ؛ قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر جاری۔
٭ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان سیکھنے کیلئے ایک سال کی مہلت۔
٭ گنیش اتسو کے دوران تقسیم کیے جانے والے پرساد کے سلسلے میں محکمہ خوراک و ادویات کے کم از کم معیارات پر عمل ضروری: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
اور۔۔۔٭ رائے دہندگان کی فہرست پر نظرِ ثانی کے اگلے مرحلے میں اصلاحات کو شفاف اور شہریوں پر مرکوز رکھا جائے: ریاست کے چیف انتخابی افسر کی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے 21ویں صدی کے بھارت کیلئے جدید کھیلوں کا نظام قائم کرنے کے حکومت کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے کل ’کھیلو انڈیا سمواد‘ پروگرام سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی یونیورسٹیاں، جدید تربیتی مراکز اور دیگر سہولیات فراہم کرکے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر مددکی جا رہی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کھیلوں کے شعبے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کیلئے حکومت کی جانب سے شروع کیے گئے مختلف اقدامات کی معلومات بھی دیں۔ انہوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
قومی کھیل دن2026 کے تحت منعقد کیے گئے اس پروگرام میں ملک بھر کے ہر ضلع کے دو کالجوں کے نوجوانوں نے شرکت کی۔ دھاراشیو میں منعقدہ پروگرام میں باکسر سنی کاپسے نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ مختلف کھیلوں میں اپنا مستقبل سنواریں۔
پربھنی کی وسنت راؤ نائیک مراٹھواڑہ زرعی یونیورسٹی میں اس خصوصی پروگرام کی براہِ راست نشریات دکھائی گئیں۔ یونیورسٹی کے تمام کالجوں کے 700 سے زائد طلبہ نے اس میں شرکت کی۔ہنگولی کے نیو ماڈل ڈگری کالج میں بھی اس پروگرام کی براہِ راست نشریات دکھائی گئیں۔ سابق رکنِ اسمبلی گجانن راؤ گھوگے اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر موجود تھے۔
***** ***** *****
نیپال میں سیلاب کی صورتِ حال کے پیشِ نظر مہاراشٹر حکومت الرٹ ہے اور وہاں پھنسے ہوئے سیاحوں کی محفوظ واپسی کیلئے انتظامیہ کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے نیپال میں پھنسے ریاست کے سیاحوں سے ویڈیو کال کے ذریعے بات چیت کی۔ ان کی بحفاظت واپسی کیلئے وزارتِ خارجہ کے ساتھ بھی رابطہ قائم کیا جا رہا ہے۔
ٓ اسی دوران،ریاست کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے نے بتایا ہے کہ ناگپور ضلع سے سوامی مہاراج کے گروپ کے ساتھ نیپال گئے 110 شہری محفوظ ہیں۔ ان کی مہاراشٹر واپسی کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
ریاست کے دیگر سیاحوں کا پتہ لگانے کیلئے ریاستی حکومت مرکزی حکومت کے رابطے میں ہے، یہ اطلاع مذکورہ محکمے کے وزیرگریش مہاجن نے دی۔ وہ کل ناسک میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست سے نیپال اور کیلاش جھیل یاترا پر جانے والے افراد کی معلومات جمع کرنے کی ہدایت تمام ضلع کلکٹرزکو دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کی جانب سے امدادی ٹیلی فون نمبر بھی جاری کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان سیکھنے کیلئے ایک سال کی مہلت دینے کا اعلان کیا ہے۔ ممبئی کی آٹورکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور زیونین کے نمائندوں نے وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کرکے مراٹھی سیکھنے کیلئے مزید مہلت دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے واضح کیا کہ اس ایک سال کی مدت کے دوران رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں پرکوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر کے ریاستی تہوار سمجھے جانے والے عوامی گنیش اتسو کے دوران گنیش منڈلوں کی جانب سے تقسیم کیے جانے والے پرساد کے سلسلے میں محکمہئ خوراک و ادویات کے ضابطوں سے واقفیت حاصل کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عقیدت مندوں کو خالص اور معیاری پرساد فراہم کرنے کیلئے ضروری کم از کم معیارات پر عمل کیا جانا چاہیے۔ اس مقصد کیلئے گنیش منڈلوں کو رہنمائی اور تربیت حاصل کرنی چاہیے۔وزیر اعلیٰ کل گنیش اتسو کے سلسلے میں قانون و انتظام سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس موقع پر اپیل کی کہ گنیش اتسو کو جوش و خروش، نظم و ضبط اور باہمی ہم آہنگی کے ماحول میں منعقد کرنے کیلئے حکومت، انتظامیہ اور گنیش منڈلوں کو باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ کام کرنا چاہیے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
رائے دہنگان فہرست کی خصوصی نظرِ ثانی کے اگلے مرحلے میں عارضی ووٹرز لسٹ میں ردّوبدل کے سلسلے میں موصول ہونے والی درخواستوں، تجاویز اور اعتراضات پر فوری کارروائی کرنے کیلئے تیاری رکھنے کی ہدایت ریاست کے چیف انتخابی افسر ایس. چوکّ لنگم نے دی ہے۔ وہ کل چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں خصوصی نظرِ ثانی کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رائے دہندگان فہرست میں موجود اندراجات کی تصدیق، فارم نمبر 6، 7 اور 8 میں موصول ہونے والی درخواستوں پر کارروائی اور ضروری اصلاحات، ضابطے کے مطابق مکمل کرتے ہوئے پورے عمل کو آسان، شفاف اور شہریوں پر مرکوز رکھا جائے۔
***** ***** *****
ریاست میں شکر کارخانوں کیلئے رواں برس کے گنے کے کرشنگ سیزن کیلئے آن لائن لائسنس کے حصول کی خاطردرخواست دینے کا عمل آئندہ یکم ستمبر سے شروع ہوگا۔ شکر کارخانے آئندہ 30 ستمبر تک آن لائن درخواستیں داخل کرسکیں گی۔ کوآپریٹیو اور خانگی کارخانوں کیلئے کرشنگ شروع کرنے سے پہلے لائسنس حاصل کرنا لازمی ہے۔ لائسنس حاصل کیے بغیر کرشنگ شروع کرنے یا شرائط کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں متعلقہ کارخانوں پرکارروائی کی جائے گی۔ یہ انتباہ شوگر کمشنر ڈاکٹر سنجے کولتے نے دیا ہے۔
***** ***** *****
راکھی پورنیما یعنی رکشا بندھن، بہن بھائی کے خصوصی رشتے کا تہوار آج منایا جا رہا ہے۔ اس دن بہنیں اپنے بھائیوں کی کلائی پر راکھی باندھ کر ان کی ترقی، بہترین صحت اور خوشگوار زندگی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں، جبکہ بھائی بہنوں کو تحفہ دے کر ہمیشہ ان کے ساتھ رہنے اور ان کی حفاظت کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے کلمنوری تعلقہ کے کَوڈا گاؤں میں واقع ماتوشری ساوتری بائی پھلے آدیواسی اسکول کی طالبات نے رکشا بندھن کے موقع پر مختلف ناکارہ اشیاء سے ’وارلی راکھی‘ تیار کی ہیں۔ ان راکھیوں کی نمائش اسکول میں منعقد کی گئی۔
***** ***** *****
سوادھیائے پریوار کی سربراہ دھن شری تلوالکر کی خصوصی موجودگی میں ناسک ضلع کے چاروسے نامی قبائلی گاؤں میں اس سال رکشا بندھن کا تہوار منایا جائے گا۔ آج ہونے والے اس جشن میں ناسک، دھولیہ، نندوربار، جلگاؤں اور مالیگاؤں سے شہری شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
ریاست کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری بی. وینوگوپال ریڈی نے کہا ہے کہ شری شیتر گھریشنیشور جیوتِرلنگ کیلئے ترقیاتی منصوبے کے مطابق کام انجام دیتے وقت محکمہئ آثارِ قدیمہ کی جانب سے دی گئی ہدایات پر عمل کیا جائے۔ ساتھ ہی مقامی باشندوں، دکانداروں اور یاتریوں سمیت تمام متعلقہ طبقات کیلئے جامع اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والی پالیسی اختیار کی جائے۔ وہ اس سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے کل خطاب کر رہے تھے۔اسی بیچ ایلورہ میں انتظامیہ کی جانب سے ساون کے مہینے کے موقع پر کل صفائی مہم چلائی گئی۔ ضلع کلکٹر ونئے گوڈا جی.سی. نے بتایا کہ ایلورہ عالمی سیاحت اور مذہبی اعتبار سے اہم مقام ہے اور یہاں آنے والے سیاحوں اور عقیدت مندوں کو صاف، خوبصورت اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ کی جانب سے یہ اہم قدم اٹھایا گیا ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے سیلو تعلقہ کے دیول گاؤں گات میں واقع ضلع پریشد ثانوی اسکول کی عمارت کا افتتاح کل رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ پانچویں سے دسویں جماعت تک تعلیم فراہم کرنے والے اس اسکول میں طلباء کیلئے جدید تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ بورڈیکر نے اس موقع پر کہا کہ طلباء کو اپنے ہی علاقے میں عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے ایسے اسکولوں کو ترقی دینا ضروری ہے۔
***** ***** *****
محکمہئ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مراٹھواڑہ سمیت ریاست میں آئندہ تین دنوں کے دوران بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی شدت کی بارش ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ حکومت 21ویں صدی کیلئے جدید کھیلوں کا نظام تیار کرنے کیلئے پُرعزم:وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ نیپال میں پھنسے ہوئے سیاحوں کی تلاش کیلئے ریاستی حکومت کا مرکزکے ساتھ رابطہ؛ قدرتی آفات سے نمٹنے کے محکمے کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر جاری۔
٭ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان سیکھنے کیلئے ایک سال کی مہلت۔
٭ گنیش اتسو کے دوران تقسیم کیے جانے والے پرساد کے سلسلے میں محکمہ خوراک و ادویات کے کم از کم معیارات پر عمل ضروری: وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
اور۔۔۔٭ رائے دہندگان کی فہرست پر نظرِ ثانی کے اگلے مرحلے میں اصلاحات کو شفاف اور شہریوں پر مرکوز رکھا جائے: ریاست کے چیف انتخابی افسر کی ہدایت۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 01 October 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...