Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 26 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ منصوبوں کی تیز رفتارتکمیل کے ساتھ معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی وزیراعظم کی ہدایت۔
٭ ڈیوٹی فری بنیادوں پر درآمد شدہ خام چینی کی پروسیسنگ اور فروخت کی مدت میں تبدیلی۔
٭ پردھان منتری مائیکرو فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری اسکیم کے موثر نفاذ کیلئے مہاراشٹر کو بہترین کارکردگی کا ایوارڈ۔
٭ یومِ رحمت اللعالمین آج منایا جارہا ہے؛ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے ہم وطنوں کو عیدمیلادالنبیؐ کی مبارکباد۔
٭ محکمہ قبائلی اُمور کی اقامت گاہوں میں داخلے کیلئے عمر کی حد ختم کرنے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ پر ہندوستان کی گرفت مضبوط۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہدایت کی ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرتے ہوئے کام کے معیار پر سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ وہ کل‘ نئی دہلی میں سیوا تیرتھ میں پرگتی منچ کے 53ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعظم نے منصوبوں کی بروقت تکمیل، مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی، زیر التواء مسائل کے فوری حل اور عملدرآمد کی رفتار پر خصوصی زور دیا۔ انھوں نے انفراسٹرکچر کے منصوبوں کو الگ الگ حصوں یا مراحل کے طور پر دیکھنے کے بجائے مکمل منصوبوں کے طور پر دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے، ان خامیوں کو دور کرنے کی ترغیب دی جو منصوبوں کے نفاذ اور ان سے حاصل ہونے والے فوائد میں تاخیر کا سبب بنتے ہیں۔ انہوں نے سائبر فراڈ اور ڈیجیٹل فراڈ کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرنے کیلئے تربیت، آگاہی، سائبر سیکیورٹی کی تعلیم اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی پر بھی زور دیا۔ اجلاس کے دوران ریلوے، سڑک اور بجلی کے شعبوں میں نو ریاستوں میں بنیادی ڈھانچے کے چھ بڑے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ڈیوٹی فری بنیادوں پر درآمد شدہ خام چینی کی پروسیسنگ اور فروخت کی مدت میں تبدیلی کردی ہے۔ اس فیصلے کے تحت، اب درآمد کنندگان کو خام چینی کو ریفائنڈ شوگر میں تبدیل کرنا ہوگا اور بل آف انٹری داخل کرنے کی تاریخ سے زیادہ سے زیادہ دو ماہ کے اندر‘ اندرونِ ملک بازار میں اسے فروخت کیلئے دستیاب کرنالازمی ہوگا۔ فیصلہ مقامی بازار میں چینی کی دستیابی کو بڑھانے اور آئندہ تہواروں کے موسم میں قیمتوں پر دباؤ کو کم کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘چینی کی قیمت میں گزشتہ روز پھر ایک روپے کا اضافہ ہوا اور ایک کلو چینی کی قیمت 64 روپے کے قریب پہنچ گئی۔وزارت امور صارفین کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ چینی تقریباً49 روپے فی کلو دستیاب تھی۔ اور رواں ماہ میں اس میں 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے دیگر پسماندہ طبقات کے زمرے کے کریمی لیئر کے قواعد سے متعلق مرکزی حکومت کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کیلئے ایک خصوصی بنچ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔ مرکزی حکومت نے اپنی درخواست میں اس بات کی وضاحت طلب کی تھی کہ آیا سپریم کورٹ کا 11 مارچ کو دیا گیا فیصلہ 2025 کے سول سروس امتحان کے امیدواروں پر لاگو ہوتا ہے یا نہیں؟
***** ***** *****
مہاراشٹر نے پردھان منتری مائیکرو فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری اسکیم کو مؤثر طریقے سے لاگو کرکے ملک کی بڑی ریاستوں کے زمرے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس کے باعث ریاست کو ”بہترین کارکردگی دکھانے والی ریاست“ کے قومی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے کل‘ مرکزی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کے وزیر چراگ پاسوان سے یہ ایوارڈ وصول کیا۔ ریاست میں 2021-22 سے نافذ العمل اس اسکیم کے تحت اب تک 31 ہزار 746 منصوبوں کو منظوری دی جاچکی ہے۔
مہاراشٹر نے دیہی اور شہری ذریعہ معاش مشن کے موثر نفاذ میں بھی ملک کی بڑی ریاستوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہ ایوارڈز نئی دہلی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں منعقدہ پردھان منتری مائیکرو فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری اسکیم پر دو روزہ قومی کانفرنس کی اختتامی تقریب میں تفویض کیے گئے۔
***** ***** *****
وزیر صحت پرکاش آبٹکر نے وضاحت کی ہے کہ ریاست کے شہریوں کو محفوظ اور معیاری طبّی خدمات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اسپتالوں کی حفاظت بھی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرکاری، نجی اور خیراتی اداروں میں فائر آڈٹ، الیکٹریکل سیفٹی، بلڈنگ کنسٹرکشن اور متعلقہ نظام کا جائزہ لیا جائے اور رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے۔ یہ ہدایات سرکاری اور نجی اسپتالوں میں آتشزدگی کے واقعات کے پس منظر میں دی گئی ہیں۔
***** ***** *****
طبّی تعلیم کے وزیر حسن مشرف نے سرکاری اسپتالوں میں گردے اور جگر کی پیوندکاری کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ٹرانسپلانٹس کی تعداد بڑھانے کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وہ گزشتہ روز منترالیہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں تربیت یافتہ افرادی قوت اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرکے ان خدمات کو مزید موثر بنانے پر زور دیا جانا چاہیے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آج یومِ رحمت اللعالمین منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو نے ہم وطنوں کو مبارکباد دی ہے۔ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید میلاد النبیؐ‘ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو یاد کرنے کا دن ہے، جن کے عظیم افکار ہم وطنوں کو ایک جامع اور ترقی یافتہ قوم کی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔ حضورِ اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت کے حوالے سے مختلف پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگرمیں بھی اس خصوص میں اب سے کچھ دیر بعد نظام الدین چوک علاقے سے جلوسِ محمدیؐ برآمد ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست کے قبائلی ترقی کے وزیر اشوک اُئیکے نے اعلان کیا ہے کہ ان کے محکمہ کے تحت جاری اقامت گاہوں میں داخلہ کیلئے عمر کی حد ختم کر دی گئی ہے۔ قبائلی برادری کے ارکانِ اسمبلی اور ارکانِ پارلیمان کے ساتھ اجلاس کے بعد انھوں نے یہ اطلاع دی۔ ریاستی حکومت نے حال ہی میں ان ہاسٹلز میں 30 سال سے زائد عمر کے طلبہ کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی لیکن طلبہ کے مطالبے کے بعد اس شرط کو ختم کردیا گیا۔
***** ***** *****
وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے کہا ہے کہ ریاست میں غیر مراٹھی رکشہ ٹیکسی ڈرائیوروں کو مراٹھی زبان سکھانے کی مہم جاری رہے گی۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت روزگار لینے والی نہیں، بلکہ روزگار فراہم کرنے والی ہے، اور کسی کو اس بارے میں افواہوں پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اس مہم کے تحت مراٹھی سیکھنے کیلئے چار ماہ کا وقت دیا جائے گا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے ضلع میں صنعتیں لگانے، مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور دھاراشیو کو ریاست کے صنعتی نقشے پر ایک اہم مرکز کے طور پر ترقی دینے کی اپیل کی ہے۔ دھاراشیو میں منعقدہ ضلعی سرمایہ کاری کانفرنس کا آن لائن افتتاح کل سرنائیک کے ہاتھوں عمل میں آیا، اس موقعے پر منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس میں 37 صنعتوں کے ساتھ سات ہزار 534 اعشاریہ آٹھ پانچ کروڑ روپے کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے اور اس سے تقریباً ساڑھے سات ہزارروزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر آشیما متل نے فوری طور پر جالنہ ضلع کے تمام سرکاری اسپتالوں اور طبّی اداروں کا فائر اور الیکٹریکل آڈٹ کرانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز اس حوالے سے منعقدہ اجلاس میں واضح کیا کہ فائر سیفٹی اور الیکٹریکل سیفٹی کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت دھاراشیو ضلع میں 21 ہزار 793 کسانوں کے قرض کھاتوں میں 183 کروڑ 85 لاکھ 89 ہزار 956 روپے جمع کرائے گئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے اس اسکیم کیلئے پہلی شائع شدہ فہرست میں باقی کسانوں سے فوری طور پر آدھار کی تصدیق مکمل کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ پر ہندوستان کی گرفت مضبوط ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز میچ کے تیسرے دن جب بارش کے باعث کھیل روکا گیا تو میزبان سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں آٹھ وکٹوں پر 265 رنز بنائے تھے۔ بھارت کی جانب سے پرسدّھ کرشنا اور مانوسُتار نے تین تین‘جبکہ محمد سراج اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں اب بھی 238 رنز سے پیچھے ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن اور مراٹھواڑہ کے بیشتر مقامات، ودربھ کے کئی مقامات اور وسطی مہاراشٹر کے چند ایک مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ منصوبوں کی تیز رفتارتکمیل کے ساتھ معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی وزیراعظم کی ہدایت۔
٭ ڈیوٹی فری بنیادوں پر درآمد شدہ خام چینی کی پروسیسنگ اور فروخت کی مدت میں تبدیلی۔
٭ پردھان منتری مائیکرو فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری اسکیم کے موثر نفاذ کیلئے مہاراشٹر کو بہترین کارکردگی کا ایوارڈ۔
٭ یومِ رحمت اللعالمین آج منایا جارہا ہے؛ صدرِ جمہوریہ کی جانب سے ہم وطنوں کو عیدمیلادالنبیؐ کی مبارکباد۔
٭ محکمہ قبائلی اُمور کی اقامت گاہوں میں داخلے کیلئے عمر کی حد ختم کرنے کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ پر ہندوستان کی گرفت مضبوط۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment