Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 10 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ یومِ آزادی کے پیش نظر ہر گھر ترنگا مہم کا آغاز؛ 17 تاریخ تک مختلف سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور کے مراٹھی زبان نہ بولنے پر محکمہ ٹرانسپورٹ کا 15 اگست سے قانونی کارروائی کا انتباہ۔
٭ عالمی یوم قبائل مختلف سرگرمیوں کے ذریعے منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں تک مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر بارش کی پیش گوئی؛ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کیلئے آج یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ہر گھر ترنگا مہم کل یوم آزادی کے پیش نظر شروع کی گئی۔ یہ مہم، 17 تاریخ تک جاری رہے گی‘ جس میں بھارت کے قومی گیت وندے ماترم کی 150 ویں سالگرہ کی تقریب بھی شامل ہے۔اس موقع پر ملک بھر میں مختلف مقامات پر وندے ماترم کا اجتماعی گانا، ترنگا ریلیاں، نمائشیں، ثقافتی پروگرام اور مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کل انڈمان اور نکوبار جزائر سے ہر گھر ترنگا مہم کا آغاز کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہمارا ترنگا ہمارا فخر ہے، اس لیے ہر ایک کو اس مہم میں جوش و خروش سے حصہ لینا چاہیے اور ترقی یافتہ بھارت کی تعمیر کے کام میں شرکت کرنی چاہیے۔
مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے کل پڈوچیری میں ہر گھر ترنگا یاترا کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس مہم کے تحت گورنر جشنو دیو ورما نے ترنگا ہاتھ میں پکڑ کر ممبئی کے لوک بھون میں قومی ترانہ اور ریاستی ترانہ گایا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہر گھر ترنگا مہم میں ہر ایک سے شرکت کی اپیل کی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد پنچایت محکمہ کی جانب سے ہر گھر ترنگا مہم کے تحت مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس مہم میں ہر گھر، دکان اور تجارتی اداروں پر ترنگا لہرا کر قومی پرچم کے بارے میں شہریوں میں عوامی بیداری پیدا کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ اس مہم کے تحت کل ترنگا ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ آج مضمون نویسی، تقریری اور مصوری کے مقابلے منعقد ہوں گے، 11 اگست کو ترنگا ریلی اور صفائی خدمات کا انعقاد کیا جائے گا، اور 12 اگست کو سرکاری عمارتوں پر ترنگا روشنائی کی جائے گی، 13 اگست کو گھروں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ قومی ترانا گایاجائے گا، 14 اگست کو ثقافتی پروگرام منعقد کیا جائے گا،جبکہ 15 اگست کو پرچم کشائی گرام سبھا میں ہوگی۔16 اگست کو حب الوطنی پر مبنی فلم نمائش کیلئے پیش کی جائے گی اور 17 اگست کو ترنگا عہد اور مہم اختتام پذیر ہوگی۔
بیڑ میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم جوش و خروش کے ساتھ شروع کی گئی۔ کل ضلع سپورٹس کمپلیکس سے ترنگا ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے آغاز میں قومی گیت ’وندے ماترم‘ پیش کیا گیا۔ ریلی کے دوران کھلاڑیوں، طلبہ اور شہریوں نے ’بھارت ماتا کی جئے‘ اور ’وندے ماترم‘ کے نعرے لگائے۔ جس کی وجہ سے علاقے میں حب الوطنی کا ماحول پیدا ہو گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے کیپٹن گجانن سانَپ نے شہریوں سے ہر گھر ترنگا مہم میں حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء، بھارت چھوڑو تحریک کی 84 ویں سالگرہ کے موقع پر کل ملک بھر میں آزادی پسندوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے سابق وزیر اور سنت گیانیشور شکشن سنستھا کے بانی صدر انا صاحب ڈانگے کی متاثر کن زندگی پر مبنی سوانح عمری ”آمر ورکش“کی نقاب کشائی کل سانگلی میں وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس کے ذریعے کی گئی۔اس موقع پر آشٹا ایجوکیشنل کمپلیکس میں مختلف عمارتوں کا افتتاح بھی کیا گیا۔ یہ کہتے ہوئے کہ مہاراشٹر کو پہلی بار ٹینکروں کے جال سے آزاد کرنے کا سہرا انا صاحب ڈانگے کو جاتا ہے، وزیر اعلیٰ نے ان کے کام پر روشنی ڈالی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کے قرضوں کی معافی، لوک ماتا اہلیا دیوی ہولکر کی جائے پیدائش چونڈی کی کایا پلٹ کرنے کیلئے 700 کروڑ روپے کے جاری کام اور واٹیگاؤں میں ساہتیہ رتن لوک شاہر انابھاؤ ساٹھے کی یادگار تعمیر کی جائے گی۔
دریں اثنا، پھڑنویس نے کل کولہاپور میونسپل کارپوریشن کے تقریباً اٹھارہ سو پچاس کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ کولہاپور-سانگلی میں سیلاب پر قابو پانے کیلئے مہاراشٹر ریزیلینس ڈیولپمنٹ پروگرام کو دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور پورے کیچمنٹ ایریا کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے 35 سے 40 ٹی ایم سی سیلابی پانی کو ڈائیورشن کنال کے ذریعے خشک سالی سے متاثرہ تعلقوں، اجنی ڈیم اور مراٹھواڑہ کی جانب موڑنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ریاست میں رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور تھوڑی سی بھی مراٹھی نہیں بول سکتے تو انکے خلاف 15 اگست سے قانونی کارروائی کی جائے گی۔ مراٹھی ڈرائیوروں کیلئے شروع کی گئی مراٹھی زبان کی تربیتی مہم کو زبردست پذیرائی ملی ہے، اور اب تک ایک لاکھ سے زیادہ ڈرائیور ٹریننگ مکمل کر چکے ہیں۔ سرنائیک نے یہ بھی بتایا کہ ٹریننگ مکمل کرنے والے ڈرائیوروں کو 17 اگست کو سرٹیفکیٹ تقسیم کیے جائیں گے۔انھوں نے بقیہ غیر مراٹھی کمرشیل ڈرائیوروں سے بھی اپیل کی کہ وہ 15 اگست سے پہلے مراٹھی زبان کی تربیت مکمل کریں اور اس موقعے سے فائدہ اٹھائیں۔
***** ***** *****
کل قبائلیوں کا عالمی دن منایا گیا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سن 1994 میں اس دن کو تسلیم کیا تھا۔ اس دن کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں قبائلی لوگوں کے حقوق، ثقافت، روایات، زبان اور سماجی و اقتصادی ترقی کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا اور ان کے کردار کو سراہنا ہے۔ ”قبائلی دائیوں کا احترام: زندگی اور صحت کا تحفظ“ اس سال کے دن کا موضوع ہے۔ قبائلی برادری کے لوگ کل ناگپور میں بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور یوم قبائل جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ ناگپور کے مختلف مقامات اور ریاست کے دیگر مقامات سے ہزاروں کی تعداد میں قبائلی برادری کے لوگ ودھان بھون کے احاطے میں گونڈ راجا بخت بندیل شاہ اور قبائلی گواری شہید میموریل پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جمع ہوئے۔ اس موقعے پر مختلف ثقافتی پروگرام اور آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ گڈچرولی اور گوندیا شہروں میں بھی عالمی یوم قبائل منایا گیا۔
***** ***** *****
ووٹر لسٹ کی خصوصی گہرائی سے نظرثانی میں، پربھنی ضلعے نے کمپیوٹرائزیشن کا کام 100 فیصد مکمل کر لیا ہے اور مراٹھواڑہ ڈویژن میں پہلا اور ریاست میں مجموعی کارکردگی میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ اسمبلی حلقے کے زیر التواء معاملات پر خصوصی توجہ دی گئی اور متعلقہ افسران و ملازمین کو ضروری ہدایات دی گئیں۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ کام کے آخری مرحلے میں تسلسل اور رفتار برقرار رکھی گئی۔
***** ***** *****
سنت گجانن مہاراج سنستھان کی پالکی جو آشاڑھی ایکادشی کی تقریب مکمل کرنے کے بعد پنڈھرپور سے شیگاؤں پیدل واپس آئی تھی، کل جالنہ شہر پہنچی۔ میئر وندنا مگرے، ڈپٹی میئر راجیش راؤت نے پالکی کا استقبال کیا۔ کل، 11 تاریخ کو، پالکی جیجاماتا کمان سے شری دت آشرم کے راستے سندھ کھیڑراجا کیلئے روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر اسٹیٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا ڈویژنل کنونشن کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقد ہوا۔ اس موقعے پر ادب، فن اور صحافت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں کام کرنے والی 26 شخصیات کو مراٹھواڑہ بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ قلم کا انقلاب کے موضوع پر منعقدہ مباحثہ سیمینار میں سینئر صحافیوں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
***** ***** *****
کامیاب اساتذہ کے ہونہار بچوں کو کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ’میک دیم سمائل فاؤنڈیشن‘ کی جانب سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پروین وکتے، فاؤنڈیشن کے صدر اور ماہر امراض چشم ڈاکٹر شری رنگ دیشپانڈے موجود تھے۔ پرو وائس چانسلر وکتے نے اس خیال کا اظہار کیا کہ معاشرے کی خدمت سے حاصل ہونے والا اطمینان ذاتی کامیابی، وقار اور شہرت سے زیادہ قیمتی ہے۔ نوجوانوں کی سوچ سے ملک کا مستقبل سنورے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے خیالات کا مضبوط، مثبت، حساس اور جاندار ہونا ضروری ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں میں کوکن کے اکثر مقامات، وسطی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات جبکہ ودربھ بعض مقامات پر تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں بارش کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کرانتی کاری شیتکری سنگھٹنا کی جانب سے کل کوآپریٹیو وزیر باباصاحب پاٹل کی رہائش گاہ شِرور تاج بند کے روبرو احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ جو کسان اپنا قرض باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں انہیں بھی قرض معافی اسکیم کا فائدہ دیا جائے اور دو لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے۔ احتجاج سے قبل تنظیم کے عہدیداروں نے وزیر کوآپریٹیو سے ملاقات کی اور مختلف مطالبات پر مشتمل میمورنڈم بھی پیش کیا۔ پاٹل نے یقین دلایا کہ اس مطالبہ پر مثبت غور کیا جائے گا۔
***** ***** *****
شیڈیولڈ کاسٹ ریزرویشن ذیلی زمرہ بندی کے خلاف اینٹی ریزرویشن ذیلی زمرہ بندی ایکشن کمیٹی کی جانب سے کل ناندیڑ میں ایک عظیم الشان مارچ نکالا گیا۔ مہاتما پھلے مجسّمے سے ضلع کلکٹر آفس تک نکالے گئے اس مارچ میں ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ یومِ آزادی کے پیش نظر ہر گھر ترنگا مہم کا آغاز، 17 تاریخ تک مختلف سرگرمیوں کا انعقاد۔
٭ رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیور کے مراٹھی زبان نہ بولنے پر محکمہ ٹرانسپورٹ کا 15 اگست سے قانونی کارروائی کا انتباہ۔
٭ عالمی یوم قبائل مختلف سرگرمیوں کے ذریعے منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ آئندہ دو دنوں تک مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر بارش کی پیش گوئی؛ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کیلئے آج یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment