Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 09 AUGUST-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ عام شہریوں کو یو پی آئی کے ذریعے کیے جانے والے لین دین پرکوئی فیس دینا نہیں ہوگی، مرکزی حکومت کی وضاحت
٭ امداد باہمی بینکز عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لیے کام کر رہی ہیں،مرکزی وزیر کا اظہارِ خیال
٭ یومِ آزادی کے پیشِ نظر ملک بھر میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کا آج سے آغاز
٭ ایس آئی آر کے تحت ریاست کے12 /اضلاع میں خود اندراجی درخواستوں کی تقسیم مکمل، مراٹھواڑہ کے پربھنی اور ہنگولی اضلاع شامل
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنا، بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے:
مرکزی حکومت نے یہ وضاحت کی ہے کہ عام شہریوں کو یو پی آئی کے ذریعے کیے جانے والے لین دین پر کوئی فیس دینا نہیں ہوگی۔وزارتِ خزانہ نے یہ واضح کیا ہے کہ یو پی آئی کے ذریعے باہمی لین دین کرنے پر کوئی فیس عائد نہیں کی جائے گی، اسی طرح صارفین کسی بھی خریداری کی ادائیگی یو پی آئی کے ذریعے کریں، تب بھی انہیں کوئی فیس ادا نہیں کرنی پڑے گی، وزارت نے مزید وضاحت کی کہ اگر ’مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ فیس نافذ بھی کی گئی، تو یہ صرف ایک مخصوص حد سے زیادہ ہونے والے محدود تعداد کے تجارتی لین دین پر معمولی شرح سے نافذ ہوگی۔
***** ***** *****
امداد باہمی کے مرکزی وزیر امیت شاہ نے کہا ہے کہ کوآپریٹو بینک نفع کمانے کے لیے نہیں بلکہ عوام کی خواہشات کو پورا کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔ وہ کل ممبئی میں نیشنل اربن کوآپریٹو فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اربن کوآپریٹو بینکوں کو بینکنگ کے مرکزی دھارے میں لانا ہی اس اعلیٰ سطحی تنظیم کا مقصد ہے۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ بینکنگ خدمات کو جدید، شفاف اور قابلِ اعتماد بنا کر یہ تنظیم اس شعبے میں تبدیلی لائے گی۔ شاہ نے تمام کوآپریٹو بینکوں سے اپیل کی کہ وہ اس تنظیم کے ساتھ ساتھ سکیورٹی آپریشن سینٹر میں بھی شامل ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ مہاراشٹر میں ملک کے سب سے زیادہ 449/کوآپریٹو بینک موجود ہیں۔ اس پروگرام کے دوران NUCFDC اور نیشنل یونیورسٹی آف فارنسک سائنسز کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔امت شاہ نے مزیدکہا…
Byte: Union Minister Amit Shah
***** ***** *****
شفاف توانائی کے شعبے میں بھارت نے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ ملک نے فوسل ایندھن پر مبنی نہ ہونے والی بجلی کی پیداواری صلاحیت میں 300/گیگاواٹ کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ نئی اور قابلِ تجدید توانائی کے وزیر پرہلاد جوشی نے سوشل میڈیا کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ گزشتہ12/برسوں میں بھارت کی قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت میں 400/فیصد اضافہ ہوا ہے۔
***** ***** *****
مالی خردبرد کے لیے تیار کیے جانے والے ’میول بینک اکاؤنٹس‘ کھولنے والے ایک گروہ کا پولیس نے ممبئی میں پردہ فاش کیا ہے۔ اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ ملک بھر میں 42/معاملات میں تقریباً ساڑھے سات کروڑ روپے کے سائبر فراڈ کے لیے استعمال کیے گئے بینک اکاؤنٹس کا بھی پتہ چلا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ کھار پولیس اسٹیشن میں حال ہی میں درج کیے گئے ایک معاملے کی تحقیقات کے دوران اس گروہ کا سراغ ملا۔ اس معاملے میں شکایت کنندہ سے ٹیلی گرام ایپ کے ذریعے رابطہ کرکے اسے بھاری نفع کا لالچ دیا گیا تھا۔
***** ***** *****
صحتِ عامہ اور خاندانی بہبود کے وزیر پرکاش ابیٹکر نے کہا ہے کہ نوزائیدہ بچوں کو معیاری اور جدید ترین طبی سہولیات بروقت دستیاب کرانے اور بچوں کی خصوصی نگہداشت کے شعبے میں زیادہ مؤثر علاج کے لیے ضروری تمام سہولتیں فوری طور پر فراہم کی جائیں گی،۔ وہ کل ممبئی کے آروگیہ بھون میں ’این آئی سی یو اور بچوں کے علاج‘ کے موضوع پر منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ریاست کے عوامی نظام صحت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضروری افرادی قوت فوری طور پر دستیاب کرانے کے ساتھ ساتھ زیرِ التوا بھرتی اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اگست کرانتی دن آج منایا جا رہا ہے۔ بھارت کی جدوجہدِ آزادی میں 9/اگست1942کو ممبئی کے گووالیا ٹینک میدان سے مہاتما گاندھی نے ’بھارت چھوڑو‘ تحریک کا آغاز کیا تھا اور ’کرو یا مرو‘ کا نعرہ لگایا تھا۔ یہ جدوجہد برطانوی حکومت کی بنیادیں ہلا دینے والی ثابت ہوئی اور اسی کے نتیجے میں 15/ اگست 1947 کو ملک کو آزادی حاصل ہوئی۔ آج اس جدوجہدِ آزادی میں ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے مجاہدینِ آزادی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثنا، آئندہ یومِ آزادی کے پیشِ نظر ملک بھر میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کا آج سے آغاز ہو رہا ہے۔17/ اگست تک جاری رہنے والی اس مہم کے دوران شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے گھروں پر ترنگا لہرائیں، اس کے ساتھ سیلفی تصاویرلیں اور اسے ’ہر گھر ترنگا‘ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کریں۔
***** ***** *****
ریاست کے12/ اضلاع میں فہرست رائے دہندگان کے گہری نظرِ ثانی پروگرام یعنی SIRکے تحت خود اندراجی درخواستوں کی تقسیم کا کام صدفیصد مکمل ہو گیا ہے۔ ریاست کے چیف انتخابی آفسر کے دفتر نے کل یہ اطلاع دی۔ ان اضلاع میں مراٹھواڑہ کے پربھنی اور ہنگولی کے علاوہ جلگاؤں، بلڈھانہ، وردھا، گڑھ چرولی، چندرپور،ا یوت محل، اہلیہ نگر، رتناگیری، سندھو درگ اور کولہاپور شامل ہیں۔ ریاست میں مجموعی طور پر 9کروڑ 45لاکھ 77 ہزار119درخواستیں تقسیم کی گئی۔ ایک لاکھ 253/بوتھ لیول افسران اس تقسیم کے عمل میں شامل ہیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ بڑھا کر آئندہ 17/ اگست کر دی گئی ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی اور دھاراشیو سب کیمپس میں گریجویشن اور پوسٹ گریجویشن میں داخلے کے لیے آخری تاریخ بڑھا کر14/ اگست کر دی گئی ہے۔ یونیورسٹی میں مختلف 136/نصاب ہیں، جن میں کُل2 ہزار936/ نشستوں کی گنجائش ہے۔ ان میں سے ایک ہزار719/نشستوں پر داخلے ہو چکے ہیں۔
***** ***** *****
جالنا ضلع کے کرم یوگی انکوش راؤ ٹوپے سمرتھ کوآپریٹو شکر کارخانے کے رہنما اور سابق وزیر راجیش ٹوپے کو اس سال کے ’شوگر انڈسٹری گورو ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ کل پونے میں ڈیکن شوگر ٹیکنالوجسٹس ایسوسی ایشن کے 71ویں سالانہ کنونشن میں سابق وزیرِ خزانہ جینت پاٹل کے ہاتھوں ٹوپے کو یہ ایوارڈ دیا گیا۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیہ دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت بیڑ ضلع کے13ہزار110/ اہل کسانوں کے بینک کھاتوں میں مجموعی طور پر90 کروڑ 75/لاکھ روپے کی رقم براہِ راست منتقل کی گئی ہے۔ اسکیم کے پہلے مرحلے میں اعلان کیے گئے 32 ہزار 34کسانوں کی آدھار تصدیق ابھی باقی ہے۔ ضلع کلکٹر وویک جانسن نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یہ تصدیق فوری طور پر مکمل کریں۔
***** ***** *****
’آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن‘ کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں ہنگولی ضلع کو ’ماڈل ڈسٹرکٹ‘ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔ اس پس منظر میں کل ہنگولی ضلع پریشد کے اجلاس ہال میں شعبہ صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر کانچن وانرے کی صدارت میں خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کے ڈیجیٹل صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں رہنمائی کی گئی۔
***** ***** *****
پربھنی میں ضلع قانونی خدمات اتھارٹی کی جانب سے منعقدہ40/گھنٹے طویل ثالثی تربیتی پروگرام کا افتتاح کل پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج آر۔ ایم۔ سادرانی کے ہاتھوں ہوا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ثالثی کو عدالتی کارروائی کے متبادل کے طور پر نہیں، بلکہ انصاف کو زیادہ تیزی، آسانی اور اطمینان بخش طریقے سے فراہم کرنے والے نظام کے طور پر دیکھا جانا چاہئے۔
***** ***** *****
ناسک شہر سمیت دِنڈوری، تریَمبکیشور اور پیٹھ تعلقوں کے مختلف دیہاتوں میں کل رات زلزلے کے خفیف جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تقریباً 20تا 22سیکنڈ تک زمین لرزتی رہی، جبکہ بعض مقامات پر زوردار آواز بھی سنائی دی۔ دِنڈوری تعلقے کے بھانَوڈ-شندپاڑا مقام کو زلزلے کا مرکز بتایا گیا ہے اور اس کی شدت زلزلہ پیما پر4عشاریہ ۳ ریکارڈ کی گئی۔
***** ***** *****
جنوبی کوریا کے آسان میں جاری کوریا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں بھارت کی اشمیتا چالیہا نے خواتین کے سنگلز کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ کل کھیلے گئے سیمی فائنل میں اشمیتا نے بھارت ہی کی رکشیتا رام راج کو21-13،16-21اور 21-13 سے شکست دی۔ آج فائنل میں اشمیتا کا مقابلہ چین کی ہان کیان شی سے ہوگا۔
***** ***** *****
پیٹھن میں واقع جائیکواڑی ڈیم کے آبی ذخیرے کی کل رابطہ وزیر سنجے شرساٹ نے پوجا کی۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر جی۔ شری کانت، ضلع کلکٹر ونئے گوڑا، رکنِ اسمبلی ولاس بھومرے سمیت کئی معززین موجود تھے۔
دریں اثنا، جائیکواڑی ڈیم سے 9ہزار810مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج جاری ہے۔ ڈیم میں اس وقت10 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد جاری ہے اور پانی کا ذخیرہ رتقریبا 94 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں آئندہ تین دنوں کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنا، بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کے لیے آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
::::: سرخیاں::::::
آخرمیں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر:
٭ عام شہریوں کو یو پی آئی کے ذریعے کیے جانے والے لین دین پرکوئی فیس دینا نہیں ہوگی، مرکزی حکومت کی وضاحت
٭ امداد باہمی بینکز عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لیے کام کر رہی ہیں،مرکزی وزیر کا اظہارِ خیال
٭ یومِ آزادی کے پیشِ نظر ملک بھر میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم کا آج سے آغاز
٭ ایس آئی آر کے تحت ریاست کے12 /اضلاع میں خود اندراجی درخواستوں کی تقسیم مکمل، مراٹھواڑہ کے پربھنی اور ہنگولی اضلاع شامل
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنا، بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment