Regional News Urdu Text Bulletin, Aurangabad. Date : 02.January.2021, Time : 09.00 to 09.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 January-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ جنوری ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی کی آج ملک بھر میں کی جائیگی عملی مشق؛ مشق کا مقصد ٹیکہ اندازی مہم کی تیاریوں کو پرکھنا اور ممکنہ خامیوں کو
پہچان کر انہیں دُور کرنا ہے۔
٭ ماحولیات دوستی کو طرزِ زندگی کا حصہ بنانے کی وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی اپیل۔
٭ غیر روایتی توانائی کے ذرائع سے مہاراشٹر میں اگلے پانچ سالوں میں تیار کی جائیگی 17 ہزار 360 میگا ویٹ بجلی۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 4 کورونا مریضوں کی موت؛ سامنے آئے 234 نئے معاملے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی کیلئے آج ملک بھر میں عملی مشق کی جائیگی۔ اس مشق کا مقصد ٹیکہ اندازی کے دوران پیش آنے والی ممکنہ مشکلات سے نمٹنا اور اس پورے عمل کے دوران پائی گئی خامیوں کو دور کرنا ہے۔ مہاراشٹر کے پونے‘ ناگپور‘ نندوربار اور جالنہ ضلعے اس ’’ڈرائے رَن‘‘ میں حصہ لیں گے۔ ان چار ضلعوں میں سے ہر ضلعے کے تین صحت مراکز کے 25-25 لوگوں کو ٹیکہ اندازی کیلئے چنا گیا ہے۔ آج کی جارہی مشق کے دوران کوئی ٹیکہ نہیں لگایا جائیگا‘ تاہم ٹیکہ اندازی کیلئے جاری کیے گئے معیاری عملی طریقۂ کار SOPپر پوری طرح عمل کیا جائیگا۔
جالنہ ضلعے میں منتخب کیے گئے تین صحت مراکز میں جالنہ شہر کا ضلع اسپتال‘ عنبڑ کا سرکاری اسپتال اور بدنا پور تعلقے کے شیل گائوں کا پرائمری ہیلتھ سینٹر شامل ہے۔
***** ***** *****
اس دوران مہاراشٹر کے وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہیکہ ریاست میں کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی کیلئے حکومتی انتظامیہ پوری طرح تیار ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد کسی بھی وقت ٹیکہ اندازی مہم شروع کی جائیگی۔ ٹوپے کل ہنگولی میں ایک خانگی اسپتال کے افتتاح کے بعد بول رہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ اب تک 16 ہزار صحت ملازمین کو ٹیکہ اندازی کی تربیت دی جاچکی ہے اور ٹیکہ اندازی کے بارے میں پائی گئی خامیوں سے مرکزی حکومت کو واقف کروایا جاچکا ہے۔
***** ***** *****
دوسری جانب کورونا وائرس کے ٹیکے کے ہنگامی استعمال کی اجازت دینے سے متعلق کل نئی دلّی میں اعلیٰ سطحی میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا‘ بھارت بائیو ٹیک‘ فائیزر انڈیا اور دیگر دواساز کمپنیو ںکی جانب سے کورونا وائرس کے ٹیکے کے ہنگامی استعمال کی اجازت دینے کی درخواستوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
***** ***** *****
انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبے میں کام کرتے ہوئے بھی زمین سے تعلق جڑا رہنا چاہیے او رماحول دوست رویہ ہر ایک کی طرزِ زندگی کا حصہ ہونا چاہیے۔ اس خیال کا اظہار مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے وسندھرا پروگرام کی کل شروعات کی‘ اس دوران انھوں نے یہ بات کہی۔ تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کے علاوہ ریاستی وزیرِ ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار‘ دیگر کابینی وزراء اور علاقائی خود مختار اداروں کے افسران اور ملازمین نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ حصہ لیا۔ اس دوران سبھی نے وسندھرا عہد لیا۔ اس بیچ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے مہاراشٹر پولس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر پولس کی کارکردگی پر کوئی داغ نہیں لگا سکتا۔ وزیرِ اعلیٰ نے کل ممبئی پولس کمشنر دفتر کا دورہ کیا اور کورونا وائرس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پولس افسران اور ملازمین کو مبارکباد دی۔ پولس ملازمین کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ٹھاکرے نے کہا کہ کووِڈ 19- کے بحران کے دوران پولس کی کارکردگی قابلِ تعریف رہی ہے اور وہ انہیں 2021 کیلئے نیک خواہشات پیش کرتے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر کے نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل علی الصبح پونے ضلعے کے بھیما کورے گائوں جاکر یادگاری ستون پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس دوران ریاستی وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ، ونچت بہوجن آگھاڑی کے صدر پرکاش امبیڈکر اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کورونا وائرس کی وجہ سے کم تعدادمیں تقریب میں شکریہ کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
تعمیراتی شعبے کو رفتار دینے کیلئے اسٹیمپ ڈیوٹی میں کی گئی کٹوتی بے حد فائدہ مندثابت ہوئی ہے۔ وزیرِ محصول بالا صاحب تھورات نے یہ بات کہی۔ انھوں نے کہا کہ اس فیصلے کی بدولت ستمبر سے اکتوبر ان چار مہینوں کے دوران 2019 کے مقابلے 48% زیادہ رجسٹری ہوئی ہے‘ جس سے ریاست کے محصول میں 367 کروڑ روپئوں کا اضافہ ہوا ہے۔ تھورات نے دعویٰ کیا کہ اس سے ریاست کی معیشت اور صنعتی شعبے نے رفتار پکڑ لی ہے۔ تھورات نے مزید کہا کہ رجسٹری کیلئے اسٹیمپ ڈیوٹی میں کٹوتی کرنے کے فیصلے سے نیا گھر خریدنے والوں کو بھی کافی فائدہ پہنچا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر حکومت نے غیر روایتی توانائی کے ذرائع سے اگلے پانچ سالوں میں 17 ہزار 360 میگا ویٹ بجلی تیار کرنے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ توانائی کے وزیر ڈاکٹر نتن رائوت نے یہ جانکاری دی۔ انھوں نے کہا کہ اس 17 ہزار 360 میگا ویٹ کے علاوہ ہر سال ایک لاکھ شمسی توانائی سے چلنے والے زرعی پمپوں اور دیگر ذریعوں سے بڑے پیمانے پر شمسی توانائی پیدا کی جائیگی۔ رائوت نے اُمید ظاہر کی کہ ان کوششوں سے مہاراشٹر کی زرعی اور صنعتی ترقی کی راہیں ہموار ہوں گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل دِن بھر میں 3524 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 19 لاکھ 35 ہزار 636 ہوگئی ہے۔ ریاست بھر میں کل 59 کورونا مریضوں کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ان اموات کے بعد مہاراشٹر میں کورونا وائرس سے جان گنوانے والوں کی کُل تعداد 49 ہزار 580 تک جا پہنچی ہے۔ فی الحال ریاست میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کا تناسب تین فیصد پر برقرار ہے۔
دوسری جانب کل ریاست کے مختلف اسپتالوں سے 4279 کورونا مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد ان کے گھر بھیج دیا گیا۔ اب تک مہاراشٹر میں 18 لاکھ 32 ہزار 825 افراد اس بیماری سے ٹھیک ہوئے ہیں۔ ریاست میں کورونا وائرس سے صحت یابی کی شرح قریب 95% ہوگئی ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ تعداد 52 ہزار 84 ہے، جن کا ریاست کے مختلف اسپتالوں میں علاج کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں چار کورونا مریضوں کی موت ہوگئی اور 234 نئے مریض پائے گئے۔ مرنے والے 4 افراد میں سے 2 لوگ بیڑ سے جبکہ جالنہ اور پربھنی سے ایک۔ ایک شخص شامل ہے۔ اس بیچ اورنگ آباد ضلعے میں کل 82 نئے کورونا پازیٹیو مریض منظرِ عام پر آئے۔ وہیں ناندیڑ میں 48‘ عثمان آباد میں 27‘ لاتور میں 26‘ جالنہ میں 22‘ بیڑ میں 17‘ پربھنی میں 8‘ اور ہنگولی ضلعے میں 4 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر اور ہائر ایجوکیشن محکمے کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر KP سونونے کل انتقال کرگئے۔ وہ 81 برس کے تھے۔ سال 2000 سے 2005 کے دوران انھوںنے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے طور پر فرائض انجام دئیے۔ یونیورسٹی کیمپس میں کیے گئے ترقیاتی کاموں میں انھوں نے اہم کردار نبھایا۔ KP سونونے کی آخری رسومات کل پونے میں ادا کی گئیں۔
***** ***** *****
جالنہ نگر پالیکا کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے صدر‘ نائب صدر اور سبھا پتی کا انتخاب بلا مقابلہ ہوگیا ہے۔ اسٹینڈنگ کمیٹی کے صدر کے عہدے پر صدرِ بلدیہ سنگیتا گورنٹیال کو چنا گیا ہے‘ جبکہ نائب صدر کے عہدے فرحانہ انصاری منتخب ہوئی ہیں۔ مختلف کمیٹیوں کے سبھا پتی کے عہدوں پر چنے گئے لوگوں میں فرحین سیّد اظہر‘ پونم راج سوامی‘ ہریش دیو والے‘ سنگیتا بوبڑے اور عامر خان شامل ہیں۔ مختلف کمیٹیوں کے اراکین کے طور پر نند کشورگرداس‘ اوشا بائی پوار اور بھاسکر دانوے چنے گئے ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ضلعے کی 617 گرام پنچایتوں کے انتخاب کیلئے 17 ہزار 328 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ ان میں سے 371 درخواستوں کو جانچ کے بعد نااہل قرار دیا گیا ہے‘ جبکہ 16 ہزار 957 درخواستیں قبول کی گئی ہیں۔ پربھنی ضلعے کے 9 تعلقوں کیلئے ہونے والے گرام پنچایت چنائو کیلئے داخل کی گئی درخواستوں میں سے 145 درخواستوں کو جانچ کے بعد صحیح پایا گیا اور 12 ہزار 807 درخواستیں کالعدم قرار دی گئی ہیں۔ پربھنی ضلعے کے 9 تعلقوں کی 566 گرام پنچایتوں میں چنائو ہونے ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع پریشد کے افسران اور ملازمین نے ماجھی وسندھرا مہم کے تحت کل ماحولیات کے تحفظ کا عہد کیا۔ جنرل ایڈمنسٹریشن محکمے کے ڈپٹی CEO ڈاکٹر سدھیر ٹھومبرے نے سبھی افسران اور ملازمین کو حلف دلایا۔ لاتور میں ضلع کلکٹر پرتھوی راج BP نے سبھی افسران اور ملازمین کو ماحولیات کے تحفظ کا عہد دلایا۔
***** ***** *****
جلگائوں کی ڈاکٹر تیجومئی بھالے رائو کی جانب سے کیلے کے پھول سے تیار کیے گئے سُوپ کیلئے Patent جاری کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر بھالے رائو نے بتایا کہ کیلے کے پھول سے تیار کردہ یہ سُوپ ذیابطیس کے مریضوں کیلئے نہایت فائدہ مند ہے جس سے ہیمو گلوبین بڑھانے میں کافی مدد ملے گی۔ انڈین Patent آرگنائزیشن کی جانب سے ڈاکٹر بھالے رائو کی تحقیق کو Patentجاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر کے سوریہ لانس کے مالک وٹھل رائو عنبرواڑیکر کل چل بسے۔ انہیں کل شولا پورضلعے کے سانگولا میں دورانِ سفر دِل کا دورہ پڑا، جس کے بعد وہ جانبر نہ رہ سکے۔ وہ 75 برس کے تھے۔ عنبرواڑیکر معروف صنعتکار اور تعمیراتی کاروباری رہے ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی ضلعے کے دیہی علاقوں میں حکومت کی جانب سے تعمیر کیے گئے بیت الخلاء کا استعمال نہ کرتے ہوئے کھلے میں رفع حاجت کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کرنے کی ہدایت پربھنی ضلع پریشد کے CEO شیوانند ٹاکسالے نے دی ہے۔ وہ سوچھ بھارت مشن اور دیہی علاقوں میں جاری پانی فراہمی اسکیم کے جائزہ اجلاس کے دوران بول رہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
٭ کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی کی آج ملک بھر میں کی جائیگی عملی مشق؛ مشق کا مقصد ٹیکہ اندازی مہم کی تیاریوں کو پرکھنا اور ممکنہ خامیوں کو
پہچان کر انہیں دُور کرنا ہے۔
٭ ماحولیات دوستی کو طرزِ زندگی کا حصہ بنانے کی وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کی اپیل۔
٭ غیر روایتی توانائی کے ذرائع سے مہاراشٹر میں اگلے پانچ سالوں میں تیار کی جائیگی 17 ہزار 360 میگا ویٹ بجلی۔
اور
٭ مراٹھواڑہ میں کل ہوئی 4 کورونا مریضوں کی موت؛ سامنے آئے 234 نئے معاملے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment