Thursday, 15 April 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date:15.April.2021, Time: 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 15 April-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۵؍ اپریل  ۲۰۲۱ ؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔
٭ مہاراشٹر میں گذشتہ کل سے نافذ ہوگیا ہے کرفیو؛ کرفیو کے نفاذ کے بعد سڑکو ںپر بھیڑ میں آئی کمی۔
٭ کرفیو کے دوران عائد کی گئی پابندیو ںکو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کے انتظامیہ کو احکامات؛
کہا ضروری خدمات کی فراہمی کے دوران ہجوم جمع نہ ہونے کو یقینی بنائیں۔
٭ CBSE نے دسویں جماعت کے امتحانات کیے ردّ‘ بارہویں جماعت کے امتحانات ملتوی۔ بارہویں جماعت کے نئے امتحانی
ٹائم ٹیبل کا ایک جون کو ہوگا اعلان۔
اور
٭ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران اجتماعی طور پر نماز ادا کرنے کی اجازت دینے سے ممبئی ہائیکورٹ نے کیا انکار؛ کہا عوام کی
حفاظت ہے سب سے اہم۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
کورونا وائرس کے پھیلائو کے سلسلے کو روکنے کیلئے مہاراشٹر بھر میں گذشتہ رات آٹھ بجے سے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ کرفیو کے نفاذ کے بعد سے شہروں میں راستوں پر دیکھی جارہی بھیڑ میں قابلِ لحاظ کمی آئی ہے۔ کرفیو ایک مئی تک جاری رہے گا اور اس دوران صرف انتہائی ضروری خدمات کو جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ واضح ہو کہ ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر زوروں پر ہے اور اس لہر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد دِن بہ دِن بڑھتی جارہی ہے۔ کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد میں ہورہے اضافے کو روکنے کیلئے یہ کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔
اس دوران معاشی طور پر کمزور طبقات کو راحت د ینے کیلئے ریاستی حکومت نے مالی مدد کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے۔ اس کے تحت غذائی تحفظ منصوبے کے مستحق افراد کو مفت اناج فراہمی کے تحت فی کس تین کلو گیہوں اور دو کلو چاول ایک مہینے تک مفت دئیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ایک مہینے تک شیو بھوجن تھالی بھی مفت دی جائیگی۔ اس بیچ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کرفیو کے دوران عائد کی گئی پابندیوں کو سختی سے نافذ کرنے کی ضلع کلکٹروں اور پولس انتظامیہ کو ہدایت دی ہے۔اس بارے میں کل منعقدہ میٹنگ میں وزیرِ اعلیٰ ٹھاکرے نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ضروری خدمات کی فراہمی کے دوان ہجوم جمع نہ ہو۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ ضروری خدمات کی فراہمی کے دوران اگر بھیڑ اکٹھا ہوتی ہے تومقامی انتظامیہ اس طرح کی خدمات کو فوری بند کردے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے CBSE کے بارہویں جماعت کے امتحانات آگے بڑھا دئیے ہیں، جبکہ دسویں جماعت کے امتحانات ردّ کردئیے گئے ہیں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی وزیرِ تعلیم اور سینئر افسران کی موجودگی میں کل CBSE کی میٹنگ ہوئی، جس میں یہ فیصلے لیے گئے۔ مرکزی وزارتِ تعلیم نے واضح کیا کہ ملک میں بڑھ رہے کورونا معاملوں کے مدِنظر یہ فیصلے لیے گئے ہیں۔ دریں اثناء ملتوی کیے گئے بارہویں جماعت کے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان‘ ایک جون کو کورونا وائرس کی اُس وقت کی صورتحال کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا جائیگا۔ وزارت نے واضح کیا کہ امتحان کے نئے ٹائم ٹیبل کے بارے میں طلبہ کو پندرہ دِن پہلے اِطلاع دی جائیگی۔ دسویں جماعت کے طلبہ کے نتیجوں کیلئے CBSE پیمانے طئے کریگا۔ وزارتِ تعلیم نے کہا ہیکہ دسویں جماعت کے نتیجوںسے غیر مطمئن طلبہ کو کورونا وائرس کی صورتحال میں سدھار آنے کے بعد امتحان دینے کا موقع دیا جائیگا۔ CBSE نے کہا کہ کورونا وائرس کے بگڑتے حالات کی وجہ سے کئی ریاستو ںنے امتحانات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کے بعد دسویں جماعت کے امتحان منسوخ کرنے اور بارہویں جماعت کے امتحان ملتوی کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
اس بیچ اورنگ آباد کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی نے بھی آرٹس‘ سائنس‘ کامرس اور انجینئرنگ شعبوں کے سبھی ڈگری امتحانات کو 2 مئی تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ دیگر کورسیز کے امتحانات بھی اب 27  اپریل کی بجائے 5مئی سے شروع ہوں گے۔ کورونا وائرس کے موجودہ حالات کے تناظر میں وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود ییولے نے امتحانات ملتوی کرنے کی امتحانی شعبے کو ہدایت دی تھی۔ یونیورسٹی کی جانب سے اپیل کی گئی ہیکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اپنے باقی بچے امتحانی پرچے آف لائن کی بجائے آن لائن طریقے سے دیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے ملک میں کورونا مریضوں کے علاج کیلئے درکار Remdesivir انجکشن کی پیداوار اور فراہمی میں تیزی لانے اور اس انجکشن کی قیمت میں کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مرکزی وزیر من سُکھ مانڈویا نے بتایا کہ ملک میں Remdesivir بنانے والے چھ اداروں کو ہر مہینے سات مختلف مراکز پر 10لاکھ انجکشن تیار کرنے کی حکومت نے اجازت دے دی ہے۔ فی الحال ملک میں ہر مہینہ 38لاکھ 80 ہزار Remdesivir انجکشن تیار کرنے کی گنجائش موجود ہے، جس میں مزید 30لاکھ کا اضافہ کرنے پر کمپنیاں تیار ہیں۔ اس اضافے کے بعد ملک بھر میں ہر مہینہ 78لاکھ Remdesivir انجکشن تیارکیے جاسکیں گے۔ مرکزی حکومت نے اُمید ظاہر کی کہ آنے والے ہفتے میں اس انجکشن کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ حکومت نے مزید کہا کہ انجکشن بنانے والی کمپنیاں بھی اسکی قیمت میں کٹوتی کرنے پر راضی ہوگئی ہیں۔
***** ***** *****
دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہیکہ ریاستی حکومت‘ Remdesivir انجکشن کی کالا بازاری کو روکنے کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ جالنہ کے خانگی کووِڈ اسپتالو ںمیں ٹوپے کے ہاتھوں 10ہزار Remdesivir انجکشن کل تقسیم کیے گئے۔ اس موقعے پر انھوں نے یہ بات کہی۔ ٹوپے نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت‘ ہافکِن کمپنی کی معرفت انجکشن خریدے گی اور انہیں سرکاری اسپتالو ںکو فراہم کرے گی۔ وہیں خانگی اسپتالوں کو فراہم کیے جانے والے انجکشن پر غذا اور ادویات کا محکمہ نظر رکھے گا۔ ٹوپے نے کہا کہ Remdesivir انجکشن کی فراہمی کے عمل پر نگرانی سے کالا بازاری رُکے گی اور قیمتیں قابو میں رہ سکیں گی۔ وزیرِ صحت نے انتباہ دیا کہ دوائیوںکے اسٹاکسٹ Remdesivir کی ذخیرہ اندوزی کرکے اُس کی کالا بازاری کرنے کا کام نہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ سبھی لین دین اب کمپنی اور حکومت کے درمیان ہوں گے اور اسٹاکسٹ صرف کلکٹر کے تحت کام کریں گے۔ راجیش ٹوپے نے امید ظاہر کی کہ Remdesivir انجکشن کی قلّت جلد ہی دور ہوجائیگی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 58,952 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد اب تک ریاست میں کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 35 لاکھ 78 ہزار 160 تک جاپہنچی ہے۔ ریاست میں کل ایک دِن میں 278 کورونا مریضوں کی علاج کے دوران موت ہوگئی۔ ان اموات کے بعد مہاراشٹر میں اب تک کورونا وائرس سے جان گنوانے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 58 ہزار 804 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات قریب 2 فیصد ہوگئی ہے۔
دوسری جانب کل دِن بھر میں ریاست کے مختلف اسپتالوں سے 39ہزار 624 کورونا مریضوں کو صحت یاب قرار دیکر رُخصت کیا گیا۔ مہاراشٹر میں اب تک کُل 29لاکھ 5 ہزار 721  افرا داس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ کووِڈ 19- سے صحت یابی کا ریاستی تناسب 81% ہوگیا ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 6  لاکھ بارہ 12 ہزار 70ہے، جو ریاست کے مختلف اسپتالو ںمیں زیرِ علاج ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 8468 نئے کورونا پازیٹیو مریض منظرِ عام پر آئے، وہیں 114 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والو ںمیں سب سے زیادہ تعداد ناندیڑ سے رہی، جہاں 28 کورونا مریضوں کی موت کا اندراج ہوا۔ اورنگ آباد ضلعے میں 27‘ مریضوں نے کل علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ پربھنی میں 20  اور عثمان آباد میں 14 لوگوںکی کل موت درج کی گئی۔ جالنہ اور لاتور ضلعوں میں 8-8  اور بیڑ میں 7مریضوں نے کل جان گنوائی۔ ہنگولی ضلعے میں گذشتہ روز 2کورونا مریض چل بسے۔
دریں اثناء مراٹھواڑہ کے سبھی 8 ضلعوں میں نئے کورونا مریضوں کی تعدا دمیں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ لاتور ضلع میں کہ مراٹھواڑہ میں سب سے زیادہ 1761 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ ناندیڑ ضلعے میں 1439  اور اورنگ آباد میں 1718 مریضوںکا اندراج ہوا۔ پربھنی میں گذشتہ روز 1172  اور بیڑ میں 928 لوگوںکو کورونا پازیٹیو پایا گیا۔ جالنہ میں 701  اور عثمان آباد میں 613 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ہنگولی ضلعے میں گذشتہ روز 136 نئے معاملے درج کیے گئے۔
***** ***** *****
مرکزی تفتیشی بیورو‘ CBI نے کل مہاراشٹر کے سابق وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ سے قریب 10گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی۔ واضح ہو کہ ممبئی کے سابق پولس کمشنر پرم بیر سنگھ نے سابق وزیرِ داخلہ پر بدعنوانی کے الزامات لگائے ہیں، جنہیں سنگین معاملہ قرار دیتے ہوئے ہائیکورٹ نے CBI کے ذریعے جانچ کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ ہائیکورٹ نے CBI سے یہ بھی کہا ہیکہ وہ 15 دِنوں کے اندر اپنی ابتدائی جانچ مکمل کرے۔
***** ***** *****
ممبئی ہائیکورٹ نے رمضان کے مقدس مہینے کے دوران اجتماعی نماز ادا کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کرنے والی درخواست خارج کردی ہے۔ ایک سماجی تنظیم نے اس مطالبے پرمبنی درخواست داخل کی تھی۔ عدالت نے کہا کہ موجودہ حالات بے حد سنگین اور تشویشناک ہیں اور ان حالات میں عوام کی حفاظت سب سے اہم ہے۔
***** ***** *****
بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی جینتی کے موقعے پر کل انہیں ہر طرف خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ممبئی میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری نے چیتیہ بھومی جاکر ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسّمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ ناگپو رمیں واقع دِکشا بھومی پر ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کے مجسّمے پر لوگوں نے گلہائے عقیدت پیش کیے اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ مہاراشٹر میں گذشتہ کل سے نافذ ہوگیا ہے کرفیو؛ کرفیو کے نفاذ کے بعد سڑکو ںپر بھیڑ میں آئی کمی۔
٭ کرفیو کے دوران عائد کی گئی پابندیو ںکو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے کے انتظامیہ کو احکامات؛
کہا ضروری خدمات کی فراہمی کے دوران ہجوم جمع نہ ہونے کو یقینی بنائیں۔
٭ CBSE نے دسویں جماعت کے امتحانات کیے ردّ‘ بارہویں جماعت کے امتحانات ملتوی۔ بارہویں جماعت کے نئے امتحانی
ٹائم ٹیبل کا ایک جون کو ہوگا اعلان۔
اور
٭ رمضان کے مقدس مہینے کے دوران اجتماعی طور پر نماز ادا کرنے کی اجازت دینے سے ممبئی ہائیکورٹ نے کیا انکار؛ کہا عوام کی
حفاظت ہے سب سے اہم۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 28.06.2025 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 28 June 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपत...