Friday, 16 April 2021

 Regional News Urdu Text  Bulletin, Aurangabad. Date:16.April.2021, Time: 9.00 to 09.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 16 April-2021
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۶؍ اپریل  ۲۰۲۱؁
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
سامعین ِ کرام!کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اس لیے آپ سے احتیاط برتنے کی اپیل کی جاتی ہے۔ ہر شہری کورونا سے بچائو کے اُصولوں پر عمل کرے اور 45 برس سے زائد عمر کے حامل افراد بے خوف ہوکر ٹیکہ لگوائیں۔ ماسک کا استعمال کریں، ایک دوسرے سے مناسب فاصلہ رکھیں اور بار بار صابن سے ہاتھ دھوئیں۔
***** ***** *****
اب پیش ہے خاص خبروں کی سرخیاں۔
٭ وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے آکسیجن گیس کی ہوائی راستے سے فراہمی اور کورونا وباء کو قدرتی آفت ظاہر کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ۔
٭ آئندہ 2-3  دِنوں میں Remdesivir انجکشن کی فراہمی کا تسلسل بحال کرنے کا وزیرِ صحت راجیش ٹوپے کا تیقن۔
٭ کورونا وائرس کی زنجیر توڑنے کیلئے ریاست میں نافذ کرفیو کے پہلے دِن ملا جلا ردّ عمل۔
٭ ریاست میں کل 61 ہزار 695 کورونا کے نئے مریضوںکا اندراج؛ مرٹھواڑہ میں کورونا سے کل 91  افراد کی موت‘ اور7 ہزار 596 کورونا کے
نئے مریض آئے منظرِ عام پر۔
اور۔۔٭ مہاراشٹر ہیلتھ سائنس یونیورسٹی اور ناندیڑ میں واقع سوامی رامانند تیر تھمرٹھواڑہ یونیورسٹی کے تحت  منعقدہ امتحانات ملتوی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے ریاست میں مریضوں کیلئے آکسیجن گیس کی کمی کے پیشِ نظر ہوائی راستے کے ذریعے اسے فراہم کرنے اور کورونا وباء کو قدرتی آفت ظاہر کرکے ریاست کے قدرتی آفات سے نمٹنے کی خاطر قائم کیے گئے فنڈ سے غریبوں کی امداد کیلئے وزیرِ اعظم نریندر مودی سے اجازت طلب کی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں اس مہینے کے آخر تک آکسیجن کی طلب یومیہ دو ہزار میٹرک ٹن ہوسکتی ہے۔ انھوں نے ایک خط کے ذریعے وزیرِ اعظم سے انتودئے اناج اسکیم کے تحت معاشی طور پر کمزور راشن کارڈ کے حاملین میں یومیہ فی کس 100 روپئے بالغ افراد کو اور 60 روپئے بچوں کو دینے کی اجازت طلب کی ہے۔ انھوں نے وزیرِ اعظم سے اپیل کی کہ ریاست کے قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے قائم فنڈ میں مرکزی حکومت کے حصے کی پہلی امدادی قسط جلد فراہم کی جائے۔ وزیرِ اعلیٰ نے مرکز سے بینکوں کو ہدایت دینے کی اپیل کی ہے کہ وہ چھوٹی صنعتوں‘ اسٹارٹ اَپس اور تاجروں سے قرضوں کی پہلی سہ ماہی کی قسطیں نہ لیں۔ انھوںنے مرکزی حکومت سے چھوٹے تاجروںاور صنعتوں سے مارچ او راپریل مہینوں کے اشیاء و خدمات ٹیکس GST کی واپسی کی مدت میں تین مہینوں کے اضافے کی بھی مانگ کی۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ آئندہ 2-3 دِنو ںمیں ریاست میں Remdesivir انجکشن کی فراہمی کے تسلسل کو بحال کیا جائیگا۔ وزیرِ موصوف کل کووِڈ 19- ایکشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کے 15 برآمد کنندگان کے پاس اس دوا کا ذخیرہ موجود ہے اور اس کی برآمد پر عائد پابندی کے تناظر میں ان سے مذاکرہ کیا جاچکا ہے۔ ٹوپے نے مزید بتایا کہ تمام اسپتالوں کو یہ ہدایت دی گئی کہ وہ یہ انجکشن ضرورت مند مریضوں کو ہی دیں۔ وزیرِ موصوف نے یہ بھی بتایا کہ ریاستی حکومت کو مرکز نے پانچ ریاستوں سے آکسیجن گیس لانے کی اجازت دی ہے اور یہ گیس جلد ہی Tankers کے ذریعے ریاست میں لائی جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ ہر ضلع کے سرکاری اور خانگی اسپتالوں میں آکسیجن گیس کی پیداوار کے پروجیکٹس کے قیام کیلئے خصوصی کوششیں کی جائیں گی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع میں کورونا وائرس کی زنجیر توڑنے کیلئے از سرِ نو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ جس کے مطابق ضلع کی تمام بینکیں، کرانہ دُکانیں، پھل و سبزی بازار‘ مٹھائی اور اشیاء خورد و نوش کی دُکانیں کل 17 اپریل تا 22  اپریل کے دوران بند رکھی جائیں گی۔ ضلع کلکٹر دیپک مگلیکر نے کل یہ حکم جاری کیا۔ انتہائی اہم خدمات کے دفاتر اور کورونا کی روک تھام سے جڑے افسران و ملازمین اور ان کے دفتروں کے علاوہ پربھنی ضلع کے تمام سرکاری‘ نیم سرکاری دفاتر 17 تا 23  اپریل کے درمیان بند رکھنے کی ہدایت ضلع کلکٹر نے دی ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کی زنجیر توڑنے کیلئے ریاست میں نافذ کی گئے کرفیو پر کل پہلے دِن عوام کی جانب سے ملا جلا ردِ عمل ظاہر کیا گیا۔ ممبئی میں کل اکثر بازار کھلے رہے۔ لوکل ٹرینوں اور بسوں میں عوام کا ہجوم رہا۔ تھانہ، پونا، احمد نگر، امراوتی، کولہا پور اور سانگلی اضلاع میں عوام نے کرفیو کی خلاف ورزی کی۔ تاہم اورنگ آباد ضلع میں کل مکمل بند کا اہتمام کیا گیا۔ اورنگ آباد شہر کے تمام بازار بند رہے، دوپہر کے بعد سخت پولس بندوبست رہا او ربلا وجہ باہر گھومنے والے شہریان پر پولس نے کاروائی کی۔ جالنہ شہر میں بھی ضروری خدمات کے علاوہ تمام دُکانیں بند رہیں۔ پولس انتظامیہ نے شہریان سے گھروں پر ہی ٹھہرنے کی اپیل کی، جسے کئی شہریان نے نظر انداز کیا، جس کے بعد متعدد مقامات پر پولس نے رُکاوٹیں کھڑی کرکے بے سبب مٹر گشتی کرنے والوں کو روکا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد دیہی کی پولس سپرنٹنڈنٹ موکشدا پاٹل نے دیہی علاقوں میں کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے شہریان اور اداروں کو مقدمات درج کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ دیہی علاقوں میں کل قانون کی خلاف ورزی کرنے والو ںپر پولس نے کاروائی کی اور 13  افراد کے خلاف مقدمے درج کیے۔ ماسک کا استعمال نہ کرنے والے 193  افراد سے 26 ہزار 800 روپیوں کا جرمانہ وصول کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست میں کل 61 ہزار 695 کورونا کے نئے مریضوں کا اندراج کیا گیا۔ جس کے بعد ریاست میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 36 لاکھ 39 ہزار 855 ہوچکی ہے۔ ریاست میں کل 349 کورونا مریض علاج کے دوران ہلاک ہوگئے۔ اس بیماری سے ریاست میں اب تک 59 ہزار 153  افراد کی موت ہوچکی ہے۔ ساتھ ہی کل 53 ہزار 335  افراد کورونا سے شفاء یاب ہوئے۔ ریاست میں اب تک 29 لاکھ 59 ہزار 56 کورونا مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ریاست میں فی الحال 6لاکھ 20 ہزار 60 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
مراٹھواڑہ میں کل 7ہزار 596 کورونا کے نئے مریض پائے گئے۔ اس وباء سے ڈویژن میں کل 91 مریض ہلاک ہوگئے۔ مرنے والوں میں اورنگ آباد ضلع کے 23‘ ناندیڑ ضلع کے 19‘ لاتور 18‘ پربھنی 12‘ جالنہ 10‘ بیڑ 5‘ اور ہنگولی کے 4مریض شامل ہیں۔ اورنگ آباد ضلع میں کل ایک ہزار 329 کورونا کے نئے مریض منظرِ عام پر آئے۔ ناندیڑ میں کل کورونا کے ایک ہزار 228‘ لاتور ایک ہزار 663‘ بیڑ 963‘ عثمان آباد 764‘ جالنہ 702‘ پربھنی 676  اور ہنگولی ضلع میں کورونا کے 271 نئے مریض سامنے آئے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میڈیکل کالج اور اسپتال کی ڈین ڈاکٹر کانن ییڑیکر نے گھروں میں کورنٹین ہونے والے مریضوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 سے 17 دِنوں تک عام لوگوں کے رابطے میں نہ آئیں۔ انھوں نے بتایا کہ گھروں میں کورنٹین ہونے والے کورونا مریض 5 سے 7 دِنوں کے بعد باہر نکل کر عام لوگو ںکے رابطے میں آرہے ہیں، جس سے کورونا کے پھیلائو میں اضافہ ہورہا ہے۔
***** ***** *****
طبّی تعلیم کے ریاستی وزیرِ امت دیشمکھ نے مہاراشٹر ہیلتھ سائنس یونیورسٹی کے تحت آئندہ 19 اپریل سے منعقد کیے جانے والے میڈیکل کورسیس کے امتحانات کو ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ یہ فیصلہ وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے سے صلاح و مشورے کے بعد کیا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ان امتحانات کا انعقاد آئندہ ماہِ جون میں ہوگا اور اس کا تفصیلی Time Table  یونیورسٹی کی Website پر ظاہر کیا جائیگا۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ناندیڑ کی سوامی راما نندتیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے تحت جاری امتحانات لاک ڈائون کی وجہ سے ملتوی کردیئے ہیں۔ یونیورسٹی کے محکمۂ امتحانات کے ڈائریکٹر وسنت بھونسلے نے بتایا کہ اب ان امتحانات کے ترمیم شدہ نظام الاوقات کا اعلان آئندہ 5 مئی کے بعد کیا جائیگا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے پردھان منتری غریب کلیان اَنّ اسکیم کے تحت ذخیرہ کی گئی دالوں کی تقسیم کیلئے اجازت دی ہے۔ جسے جلد ضرورت مندوں میں تقسیم کیا جائیگا۔ رسد اور شہری فراہمی کے ریاستی وزیر چھگن بھجبل نے کل یہ اعلان کیا۔ اس اسکیم کے تحت بچی ہوئی دالوں کے خراب ہوجانے کی خبریں اخبارات اور سوشل میڈیا پر نشر ہونے کے بعد وزیرِ موصوف نے یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ ریاست میں بچی ہوئی دالوں کا ذخیرہ 6 ہزار 442 میٹرک ٹن ہے، جسے عوامی تقسیم کاری نظام کے ذریعے بانٹ دیا جائیگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
آخر میں خاص خبروں کی سرخیاں ایک بار پھر۔۔
٭ وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے آکسیجن گیس کی ہوائی راستے سے فراہمی اور کورونا وباء کو قدرتی آفت ظاہر کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ۔
٭ آئندہ 2-3  دِنوں میں Remdesivir انجکشن کی فراہمی کا تسلسل بحال کرنے کا وزیرِ صحت راجیش ٹوپے کا تیقن۔
٭ کورونا وائرس کی زنجیر توڑنے کیلئے ریاست میں نافذ کرفیو کے پہلے دِن ملا جلا ردّ عمل۔
٭ ریاست میں کل 61 ہزار 695 کورونا کے نئے مریضوںکا اندراج؛ مرٹھواڑہ میں کورونا سے کل 91  افراد کی موت‘ اور7 ہزار 596 کورونا کے
نئے مریض آئے منظرِ عام پر۔
اور۔۔٭ مہاراشٹر ہیلتھ سائنس یونیورسٹی اور ناندیڑ میں واقع سوامی رامانند تیر تھمرٹھواڑہ یونیورسٹی کے تحت  منعقدہ امتحانات ملتوی۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 27.06.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 27 June 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत्...