Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی اورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۷؍ اپریل ۲۰۲۱
وقت: ۱۰:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہے اہم خبروں کی سرخیاں۔
٭ بڑھتے کورونا معاملات پر قابو پانے کیلئے مہاراشٹر میں کل سے نافذ ہوگئی ہیں سخت پابندیاں؛ کاروبار بند لیکن سڑکوں پر بھیڑ برقرار۔
٭ بھارتیہ جنتا پارٹی اور ونچت بہوجن آگھاڑی نے کی ریاست میں سخت پابندیوں کی مخالفت؛ پابندیاں ہٹانے کا کیا مطالبہ۔
٭ مولانا آزاد ایجوکیشن ٹرسٹ کی صدر فاطمہ زکریا کی آج صبح دس بجے ہوگی تدفین؛ مولانا آزاد کالج کے احاطے میں کیا جائیگا سپردِ خاک۔
٭ امبیڈکر جینتی کے موقعے پر گھروں میں رہتے ہوئے ڈاکٹر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی اپیل؛ ضروری انتظامات کی دی ہدایت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے۔۔۔
ریاست میں کورونا وائرس کے بڑھتے پھیلائو کے پسِ منظر میں مہاراشٹر میں گذشتہ کل سے سخت پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں۔ پابندیوںکے پہلے دِن کل ریاست کے کئی شہروں میں تاجروں نے کاروبار بند رکھے، لیکن سڑکو ںپر لوگوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ ریاستی راجدھانی ممبئی میںہمیشہ کی طرح لوگوں کا ہجوم رہا۔ اس بیچ مہاراشٹر کے کئی ضلعوں میں بیوپاریوں نے ’’بریک دی چین‘‘ کے تحت عائد کردہ پابندیو ںکی مخالفت شروع کردی ہے۔ مہاراشٹر چیمبر آف کامرس کے عہدیداروں نے کہا ہیکہ وہ آج اور کل وزیرِ اعلیٰ‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اور ر یاستی گورنر سے ملاقات کریں گے اور اپنی کیفیت بیان کریں گے۔ چیمبر کے صدر سنتوش منڈلیچا کی صدارت میں ریاست کے سبھی بیوپاریوں کی کل آن لائن میٹنگ ہوئی، جس میں فیصلہ کیا گیا ہیکہ اگر کل شام تک مہاراشٹر حکومت پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ نہیں کرتی ہے تو جمعہ کے روز سبھی بیوپاری اپنی دُکانیں کھول لیں گے۔ منڈلیچا نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے نافذ کردہ ’’بریک دی چین‘‘ پالیسی در اصل کاروبار میں رُکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہے اور بیوپاریو ںکو اعتماد میں لیے بغیر پابندیاں نافذ کرنے کے فیصلے سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
***** ***** *****
ونچت بہوجن آگھاڑی نے ناندیڑ ضلعے میں نافذ کردہ حکومتی پالیسی کی مخالفت کی ہے۔ ونچت بہوجن آگھاڑی کے ریاستی ترجمان فاروق احمد نے کل اس بارے میں ناندیڑ ضلع کلکٹر ڈاکٹر وِپن اِٹنکر کو مطالباتی محضر پیش کیا۔ محضر میں مطالبہ کیا گیا ہیکہ ضلعے میں صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک دُکانیں کھلی رکھنے کی اجازت دی جائے، شہر میں دو جمبو کووِڈ اسپتال شروع کیے جائیں اور خانگی اسپتالوں میں پچاس فیصد بیڈز کو عام لوگوں کیلئے مختص کیا جائے۔ محضر میں انتباہ دیا گیا کہ مطالبات قبول نہ کیے جانے کی صورت میں 11 اپریل کو ضلع کلکٹر دفتر پر جلوس نکالا جائیگا۔
***** ***** *****
بلڈانہ ضلع میں بھی ونچت بہوجن آگھاڑی نے ریاستی حکومت کی جانب سے عائد کردہ نئی پابندیوں کیخلاف مورچہ کھول دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے کل جالنہ میں راستہ روکو احتجاج کیا گیا۔ اس دوران بیوپاریوں نے بھی سڑکو ںپر اُتر کر پابندیوں کی مخالفت کی اور کاروبار بند رکھ کر اپنا احتجاج درج کروایا۔ سندھ کھیڑ راجہ میں بھی سبھی بیوپاریوں نے عائد کردہ سخت پابندیوں کے خلاف تحصیلدار اور CEO کو محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
دوسری جانب اورنگ آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے ریاستی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ پابندیوں کی مخالفت کی ہے۔ اورنگ آباد شہر میں چھوٹے بڑے تاجروں اور کاروباریوں کو دُکانیں کھولنے کی اجازت دینے کا مطالبہ اورنگ آباد BJP کے شہر صدر سنجے کینیکر نے کیا ہے۔ اورنگ آباد ضلع کلکٹر سنیل چوہان کو پیش کیے گئے مطالباتی محضر میں کینیکر نے کہا کہ تاجر طبقہ نئی حکومتی پابندیوں کے خلاف ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ تاجر طبقہ، سبھی کورونا مخالف ضابطوں پر عمل کرتے ہوئے کاروبار کرنے کا تیقن پہلے ہی دے چکا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے میں کورونا وائرس کا پھیلائو روکنے کے مقصد سے عائد کی گئی پابندیو ںکے دوران ایمرجنسی خدمات کو چھوڑ کر سبھی مالس‘ دُکانیں اور بازار بند رہیں گے۔ جالنہ ضلع کلکٹر رویندر بِن وَڑے نے کل اس بارے میں سرکاری حکمنامہ جاری کیا۔ حکمنامے کے مطابق سبھی سیلون اور بیوٹی پارلرس بھی بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ سرکاری دفاتر‘ امدادِ باہمی تنظیمیں‘ خانگی صنعتیں‘ تعمیراتی شعبے اور کارخانوں میں کام کرنے والے ملازمین اور کامگارو ںکیلئے رہنماء خطوط جاری کیے گئے ہیں۔ ان شعبو ںمیں کام کررہے ملازمین کو RT-PCR ٹیسٹ کی نگیٹیو رپورٹ ساتھ رکھنا ضروری ہوگا۔ یہ پابندیاں 30 اپریل تک نافذ رہیں گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر میں کل ایک دِن میں 55 ہزار 469 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ اس اضافے کے بعد ریاست میں اب تک کورونا پازیٹیو ہوئے مریضوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 30 لاکھ 63 ہزار 443 ہوگئی ہے۔ وہیں گذشتہ روز مہاراشٹر بھر میں 297 کورونا مریضوں نے علاج کے دوران دَم توڑ دیا۔ ان اموات کے بعد ریاست میں اب تک کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی مجموعی تعداد 56 ہزار 330 ہوگئی ہے۔ ریاستی شرحِ اموات قریب 83% ہوگئی ہے۔
دوسری جانب ریاست بھر میں کل 34 ہزار 256 لوگوں کو کورونا وائرس سے صحت یاب قرار دیکر اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا۔ مہاراشٹر میں اب تک 25لاکھ 83 ہزار 331 افراد اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس سے صحت یابی کا ریاستی تناسب قریب 83% فیصد ہوگیا ہے۔ فی الحال مہاراشٹر میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی درج شدہ مجموعی تعداد 4 لاکھ 72 ہزار 282 ہے‘ جن کا ریاست کے مختلف اسپتالو ںمیں علاج جاری ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء مراٹھواڑہ میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد اوراموات دونو ںبڑھتی جارہی ہیں۔ مراٹھواڑہ میں کل ایک دِن میں 5444 نئے کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے، جبکہ 91 مریضوں کی موت ہوگئی۔ مرنے والو ںمیں سب سے زیادہ تعداد اورنگ آباد سے ہے، جہاں کل 30 لوگوں کی موت ہوگئی۔ ناندیڑ ضلعے میں گذشتہ روز 23 کورونا مریض ہلاک ہوگئے۔ بیڑ ضلعے میں 10 مریضوں کی موت ہوگئی، جبکہ پربھنی میں 9 مریضوں نے جان گنوائی۔ عثمان آباد ضلعے میں 8‘ جالنہ میں 5‘ اور ہنگولی اور لاتور ضلعوں میں 3-3 کورونا مریضوں کی کل موت ہوگئی۔
اس بیچ کل اورنگ آباد ضلعے میں 1337 نئے کورونا پازیٹیو مریضوں کا اضافہ درج کیا گیا۔ ناندیڑ ضلعے میں کل 1062 کورونا پازیٹیو مریض پائے گئے۔ لاتور میں 925‘ بیڑ میں 716‘ پربھنی میں 436‘ جالنہ میں 425‘ عثمان آباد میں 415‘ اور ہنگولی میں 129 لوگوں کو کل کورونا پازیٹیو پایا گیا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد کے معروف تعلیمی ادارے مولانا آزاد کالج اور ٹرسٹ کی صدر ڈاکٹر فاطمہ زکریا کی آخری رسومات آج ادا کی جائیں گی۔ آج صبح 10 بجے مولانا آزاد کالج کے احاطے میں اُن کی تدفین عمل میں آئیگی۔ ماہرِ تعلیم اور معروف صحافی ڈاکٹر فاطمہ زکریا کا کل دوپہر اورنگ آباد کے ایک نجی اسپتال میں انتقال ہوگیا تھا۔ وہ 85 برس کی تھیں۔ میڈم زکریا گذشتہ کئی دِنوں سے بیمار تھیں۔ تاج گروپ آف ہوٹلس کے تاج میگزین کی ایڈیٹر کے طور پر کام کررہیں فاطمہ زکریا نے ٹائمز آف انڈیا اخبار سے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز کیا تھا۔ ادب اور تعلیم کے شعبو ںمیں میڈم زکریا کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں بھارت سرکار نے 2006 میں انہیں پدم شری اعزاز سے نوازا تھا۔ فاطمہ زکریا کے انتقال پر کئی سرکردہ شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوار‘ اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ سیّد امتیاز جلیل اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مرٹھواڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود ییولے شامل ہیں۔
اپنے ٹوئیٹر پیغام میں شرد پوار نے کہا کہ فاطمہ زکریا کے انتقال کی خبر سن کر انہیں دِلی صدمہ پہنچا ہے۔ رکنِ پارلیمنٹ سیّد امتیاز جلیل نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہیکہ فاطمہ زکریا کا انتقال اورنگ آباد شہر اور تعلیم کے شعبے کا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ میڈم زکریا نے اپنے شوہر اور سابق مرکزی وزیر ڈاکٹر رفیق زکریا کے انتقال کے بعد سے مولانا آزاد ایجوکیشن ٹرسٹ کی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھایا، جس سے کئی غریب طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جاسکا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر پرمود ییولے نے بھی فاطمہ زکریا کے انتقال کو صحافت اور تعلیمی شعبے کا عظیم نقصان قرار دیا۔
***** ***** *****
دلیپ وَلسے پاٹل نے کل مہاراشٹر کے وزیرِ داخلہ کا عہدہ سنبھال لیا۔ سابق وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ کے استعفے کے بعد دلیپ وَلسے پاٹل کو نیا وزیرِ داخلہ بنایا گیا ہے۔ عہدے کا جائزہ لینے کے بعد وَلسے پاٹل نے کہا کہ اُن کی پوری کوشش رہے گی کہ سرکاری کام کاج میں سیاسی مداخلت نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ جاریہ مہینے کے آنے والے دِن اُن کیلئے چیلنج بھرے ہوں گے کیونکہ اس دوران کئی تہوار منائے جائیں گے۔
***** ***** *****
پربھنی ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک‘ PDCC کے چیئرمین کے عہدے پر رکنِ اسمبلی سریش وَرپوڑکر اور ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر راجیش پاٹل گوریگائونکر بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔ مخالف گروپ کی جانب سے مقررہ مدت کے دوران ایک بھی درخواست پیش نہیں کی گئی جس کے بعد ریٹرننگ افسر اور سب رجسٹرار منگیش سُروسے نے انتخابات کے بلا مقابلہ ہونے کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
عثمان آباد ضلعے میں مرکزی حکومت کے جل جیون مشن کے تحت 720 گائووں اور 273 موضعات میں نلوں کے ذریعے پانی پہنچانے کیلئے 373 کروڑ 10لاکھ روپئوں کے خاکے کو منظوری دی گئی ہے۔ عثمان آباد ضلع پریشد کی صدر اَسمتا کامبلے نے کل ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ اس منصوبے کے تحت 255 گائووں میں پانی کی اضافی ٹنکیاں تعمیر کی جائیں گی، جبکہ 32 گائووں میں پہلی مرتبہ نلوں کے ذریعے پانی پہنچایا جائیگا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی امتحانات پر تبادلۂ خیال کے تحت ’’پرکشا پے چرچا‘‘ پروگرام کے ذریعے طلبہ، اساتذہ اور سرپرستوں سے خطاب کریں گے۔ یہ پروگرام آج شام 7 بجے آن لائن طرز پر منعقد ہوگا۔ وزیرِ اعظم مودی کی جانب سے کیے گئے ٹویٹ میں کہا گیا ہیکہ ’’پرکشا پے چرچا‘‘ پروگرام کے دوران امتحانات کا ڈر اور تنائو کم کرنے کے بارے میں بات کی جائیگی۔
***** ***** *****
بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی 130 ویں جینتی گھروں میں رہ کر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے منانے کی اپیل وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے نے کی ہے۔ کل اس بارے میں منعقدہ میٹنگ میں وزیرِ اعلیٰ نے یہ بات کہی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے چیتیہ بھومی کی یادگار‘ BIT چال اور اِندو مل پر ہونے والی تقریبات کیلئے ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اہم خبریں ایک بار پھر سن لیجیے۔۔
٭ بڑھتے کورونا معاملات پر قابو پانے کیلئے مہاراشٹر میں کل سے نافذ ہوگئی ہیں سخت پابندیاں؛ کاروبار بند لیکن سڑکوں پر بھیڑ برقرار۔
٭ بھارتیہ جنتا پارٹی اور ونچت بہوجن آگھاڑی نے کی ریاست میں سخت پابندیوں کی مخالفت؛ پابندیاں ہٹانے کا کیا مطالبہ۔
٭ مولانا آزاد ایجوکیشن ٹرسٹ کی صدر فاطمہ زکریا کی آج صبح دس بجے ہوگی تدفین؛ مولانا آزاد کالج کے احاطے میں کیا جائیگا سپردِ خاک۔
٭ امبیڈکر جینتی کے موقعے پر گھروں میں رہتے ہوئے ڈاکٹر امبیڈکر کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی اپیل؛ ضروری انتظامات کی دی ہدایت۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment