Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 04 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مغربی بنگال، کیرالہ، تمل ناڈو، آسام اور پڈوچیری اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری۔
٭ مغربی ایشیاء میں جاری تنازعات کے پیشِ نظر پیٹرول کی پیداوار بڑھانے کا اوپیک نے لیا فیصلہ۔
٭ نصرا پور میں دوشیزہ کے جنسی استحصال کا مقدمہ فاسٹ ٹریک عدالت میں چلانے کا وزیرِ اعلیٰ نے کیا اعلان۔
اور۔۔۔٭ میڈیکل نصاب کورسیز میں داخلوں کیلئے”NEET“ امتحان کا پُرامن ماحول میں ہوا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مغربی بنگال، کیرالہ، تمل ناڈو، آسام اور پڈوچیری اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج کی جارہی ہے۔ آسام کی 126 نشستوں، کیرالہ کی 140 اور پڈوچیری کی 30 نشستوں، جبکہ تمل ناڈو کی 234 اور مغربی بنگال کی 294 میں سے 293 نشستوں کیلئے ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ اب سے کچھ دیر قبل صبح آٹھ بجے سے ووٹوں کی اصل گنتی کا عمل شروع ہوا۔ ابتدائی طور پر ڈاک ووٹوں کی گنتی کی جارہی ہے‘ جس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں پر ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کی جائیگی۔ انتخابی رجحان دوپہر تک سامنے آنے کا امکان ہے۔
دریں اثناء، مرکزی انتخابی کمیشن نے مغربی بنگال کے فالٹا اسمبلی حلقہ کے تمام 285 رائے دہی مراکز پر 21 مئی کو دوبارہ ووٹنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ اس حلقے کے ووٹوں کی گنتی 24 مئی کو کی جائے گی۔کمیشن نے یہ فیصلہ 29 اپریل کو فالٹا انتخابی حلقے میں ہوئی پولنگ کے دوران متعدد رائے دہی مراکز پر رائے دہی کے عمل اور جمہوری عمل کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کی اطلاع کے بعد کیا ہے۔
اسی دوران مہاراشٹر کے بارامتی اور راہوری اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بھی آج کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
مغربی ایشیاء میں جاری تنازعات کے پیشِ نظر پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک نے جون میں بھی پیٹرول کی اضافی پیداوار جاری رکھنے کا فیصلہ لیا ہے۔ سات اوپیک پلس ممالک نے آئندہ ماہ تیل کی پیداوار کے ہدف کو تقریباً ایک لاکھ 88 ہزار بیرل یومیہ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کے حال ہی میں اس گروپ کو چھوڑنے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر بڑے پیمانے پر پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔ دریں اثناء‘ اوپیک تنظیم میں اب 21 ارکان رہ گئے ہیں۔
اسی دوران، مارشل آئی لینڈ کے پرچم والا جہاز ”ایم ٹی سرو شکتی“ 46 ہزار 313 میٹرک ٹن ایل پی جی کے ساتھ بھارت کی جانب گامزن ہوچکا ہے اور آبنائے ہرمز کو عبور کر کے 13 مئی کو وشاکھاپٹنم پہنچنے کا امکان ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلی دیویندر پھڑنویس نے یقین دلایا ہے کہ پونے کے نصرا پور میں دوشیزہ کے جنسی استحصال اور قتل معاملے کا مقدمہ فاسٹ ٹریک عدالت میں چلایا جائے گا۔ وہ کل ناگپور میں مخاطب تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ بروقت چارج شیٹ داخل کرنے اور مقدمے کو آگے بڑھانے کے تمام انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ اس معاملے کے ملزم کو سزائے موت مل سکے۔
دریں اثناء، قومی خواتین کمیشن نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ کمیشن کی چیئرمین وجیا راہٹکر نے اس فعل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی دردناک اور انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے۔ راہٹکر نے بتایا کہ خواتین کمیشن نے اس معاملے میں قومی تحفظِ حقوق ِاطفال کمیشن کو مکتوب بھیج کر فوری کارروائی کی درخواست کی ہے۔
جبکہ کمیشن کے چیئرمین سنجے پُرانِک نے بتایا کہ حقوقِ اطفال کمیشن متاثرہ دوشیزہ اور اس کے اہلِ خانہ کو انصاف دلانے کیلئے ریاستی حکومت سے اہم سفارشات کرے گا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے رہنماء اور ریاست کے سابق وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا کہ نصرا پور میں پیش آیا واقعہ انسانیت کی پیشانی پر بدنما داغ ہے اور مہاراشٹر دن کے موقعے پر اس طرح کا واقعہ رونماء ہونا انتہائی شرمناک ہے۔ وہ کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے خواتین اور بچوں کی حفاظت میں ناکام رہنے کا الزام عائد کیا اور مطالبہ کیا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر شکتی قانون کو فوری طور پر لاگو کیا جائے۔
***** ***** *****
مدھیہ پردیش کے جبل پور کے برگی ڈیم میں پیش آئے حادثے میں مہلوکین کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔ امداد اور حفاظتی دستوں نے گزشتہ روز پانچ سالہ لڑکے اور اس کے چاچا کی لاشیں برآمد کیں۔ جس کے بعد پولس نے اس حادثے میں لاپتہ ہونے والے تمام 13 افراد کی نعشیں مل جانے کی تصدیق کی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
میڈیکل نصاب کورسیز میں داخلوں کیلئے ”NEET“ کا امتحان کل ملک بھر میں پرامن ماحول میں منعقد ہوا۔ 500 سے زائد شہروں میں امتحانی مراکز پر سخت حفاظت اور بائیو میٹرک تصدیق کے بعد ہی طلبہ کو داخلہ دیا گیا۔ اس امتحان میں ملک بھر سے لاکھوں طلباء نے شرکت کی۔
لاتور ضلعے میں "NEET-UG'' امتحان پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوا۔ ضلعے کے 34 امتحانی مراکز پر مجموعی طور پر 16 ہزار 285 طلبہ نے امتحان میں شرکت کی درخواست کی تھی اور ان میں سے 16 ہزار 70 طلبہ امتحان میں شریک ہوئے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت مرلی دھر موہوڑ کو مہاراشٹرا اولمپک ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ پونے کے بالے واڑی میں منعقدہ ریاستی اولمپک ایسوسی ایشن کے مجلس ِ عاملہ کے اجلاس میں لیا گیا۔
***** ***** *****
مردم شماری 2027 سے متعلق ایک درخواست اس وقت سماجی رابطوں پر وائرل ہو رہی ہے۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں وضاحت کی ہے کہ یہ جعلی‘ گمراہ کُن اور غیر قانونی ہے۔ متعلقہ خبر میں کہا گیا کہ مردم شماری کے پہلے مرحلے میں شہریوں کو خود شماری یا گھر پر آنے والے سرکاری شمار کنندہ کو 33 سوالات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا ہے۔ لہٰذا‘ کسی بھی غیر مجاز ایپلی کیشن، لنکس یا سماجی رابطوں سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر گردش کرنے والے پوسٹ و نامعلوم افراد کو ذاتی معلومات فراہم نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیر دھننجئے منڈے نے مارکیٹنگ کے وزیر جئے کمار راول سے ریاست میں سرکاری ضمانتی نرخ پر خریدی مراکز پر چنا خریداری کی آخری تاریخ میں 15 مئی تک توسیع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مہاراشٹر مارکیٹنگ فیڈریشن اور NAFED کے ذریعے پانچ ہزار 875 روپئے فی کوئنٹل کی شرح سے چنے کی خریداری جاری تھی۔ منڈے نے اس سلسلے میں لکھے گئے خط میں کہا کہ یہ عمل 29 اپریل تک جاری رہنے کی توقع تھی، لیکن 24 اپریل کو ہی متعلقہ پورٹل اچانک بند کر دیا گیا، جس کی وجہ سے رجسٹریشن کرنے والے کسان مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کی نائب انتخابی افسر سریتا چودھری نے ووٹر لسٹ پر خصوصی مختصر نظرثانی پروگرام کے تحت گھر پر آنے والے بوتھ لیول افسران اور عملے کو صحیح معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ 30 اپریل تک ضلعے میں 32 لاکھ 47 ہزار 94 رائے دہندگان میں سے 24 لاکھ 16 ہزار 618 رائے دہندوں کی میپنگ مکمل کی جا چکی ہے۔
***** ***** *****
پربھنی میں کل تحصیلدار ڈاکٹر سندیپ راجا پورے کی موجودگی میں شیو عہد کی جنگی مہارت پر مبنی تربیتی پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ اس پہل پر‘ پربھنی کے شیو سوراجیہ پرتشٹھان اور کولہاپور کے تربیتی ادارے کے اشتراک سے عمل کیا گیا۔ اس سات روزہ تربیت کے دوران طلباء کو تلوار بازی، بازو آزمائی، مردانہ کھیل، ورزش، یوگا، اور تقریر کی تربیت دی گئی۔
***** ***** *****
ناسک پولس نے کل نائب تحصیلدار نتن پاٹل کو MHADA کی معرفت معاشی طور پر کمزور طبقات کیلئے اراضی فراہم نہ کرنے کے مقصد سے پلاٹوں کے ٹکڑے کرکے لے آؤٹ میں تقسیم کرنے کے معاملے میں گرفتار کیا ہے۔ عدالت نے اسے تین دن کی پولس تحویل میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ناسک پولس نے MHADA کے ساتھ دھوکہ دہی کے الزام میں 194 اراضی مالکان، ڈیولپرز اور ان کے شراکت داروں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ نتن پاٹل نے 49 لے آؤٹ یعنی 21 پلاٹس میں تبدیلی کرنے کا حکم دیا تھا۔
***** ***** *****
سکل ماتنگ سماج کے کوآرڈنیٹر ماروتی واڑیکر نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ درجِ فہرست ذاتوں کیلئے 13 فیصد ریزرویشن کی ذیلی زمرہ بندی پر تازہ تجاویز اور اعتراضات طلب کرنے کے فیصلے کو منسوخ کیا جائے۔ اسی طرح انہوں نے جسٹس بدر کمیٹی کی رپورٹ کابینی اجلاس میں پیش کرنے‘ اس پر سفارشات دینے کیلئے کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل کرنے اور اس حوالے سے حکومتی فیصلہ جاری کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
***** ***** *****
موسم: محکمہ موسمیات نے آئندہ دودنوں تک ملک بھر میں موسم خشک رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔جبکہ بدھ اور جمعرات کو بیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع کے مختلف مقامات پر غیر موسمی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی دوران، ریاست میں سب سے زیادہ درجہ حرارت کل چندر پور میں 46 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ اسی طرح پربھنی میں 42 اعشاریہ چار اور چھترپتی سمبھاجی نگر میں 40 اعشاریہ چار ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مغربی بنگال، کیرالہ، تمل ناڈو، آسام اور پڈوچیری اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی جاری۔
٭ مغربی ایشیاء میں جاری تنازعات کے پیشِ نظر پیٹرول کی پیداوار بڑھانے کا اوپیک نے لیا فیصلہ۔
٭ نصرا پور میں دوشیزہ کے جنسی استحصال کا مقدمہ فاسٹ ٹریک عدالت میں چلانے کا وزیرِ اعلیٰ نے کیا اعلان۔
اور۔۔۔٭ میڈیکل نصاب کورسیز میں داخلوں کیلئے”NEET“ امتحان کا پُرامن ماحول میں ہوا انعقاد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment