Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 05 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ لوک سبھا میں تخصیص بل 2026منظور؛پیدائش اور موت کے اندراج کے ترمیمی بل کو بھی پارلیمنٹ میں منظوری۔
٭ سائبر دھوکہ دہی کے معاملات کی روک تھام کیلئے عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے ملک گیر رہنما خطوط جاری۔
٭ گوپی ناتھ منڈے کاشتکار حادثاتی تحفظ امدادی اسکیم کی میعاد میں تین سال کی توسیع۔
٭ جالنہ-ناندیڑ سمردھی شاہراہ کیلئے زیر التواء حصول ِاراضی کے عمل کو تیز کرنے کی نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی ڈیم میں 93 فیصد آبی ذخیرہ؛ 19 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گوداوری ندی میں پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
لوک سبھا میں کل‘ تخصیص بل 2026 منظور کیا گیا۔ مرکزی وزیر ِ مالیات نرملا سیتا رمن نے یہ بل ایوان میں پیش کیا۔ اس بل کے مطابق یکم مارچ 2023 کو ختم ہونے والے مالی سال کیلئے مخصوص خدمات پر ہوئے اضافی اخراجات کو پورا کرنے کیلئے ملک کے جمع شدہ فنڈسے رقم نکالنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کیلئے حکومت نے 54 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کا فنڈ طلب کیا ہے اور یہ فنڈ بنیادی طور پر قرضوں کی ادائیگی کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ نرملا سیتارامن نے لوک سبھا میں ڈیٹا سینٹرز کو ٹیکس میں راحت فراہم کرنے کیلئے بھی ایک بل پیش کیا۔
راجیہ سبھا میں کل پیدائش اور موت کے (اندراج ترمیمی بل 2026) کی منظوری کے بعد اس بل کو پارلیمنٹ سے حتمی منظوری مل گئی ہے۔ اس بل کو لوک سبھا میں پہلے ہی منظور کیا گیا تھا۔ مملکتی وزیرِ داخلہ نتیانند رائے نے یہ بل راجیہ سبھا میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بل کا بنیادی مقصد پیدائش اور اموات کے بروقت اندراج کی حوصلہ افزائی کرنا اور تاخیر سے رجسٹریشن سے متعلق دفعات کو مزید مؤثر اور سخت بنانا ہے۔
اس دوران حزبِ اختلاف کی ہنگامہ آرائی کے باعث کل بھی پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل پڑا۔ مسلسل ہنگامہ آرائی کے بعد دونوں ایوانوں کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے کل راجیہ سبھا میں ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ قومی غذائی تحفظ ترمیمی بل 2026 کے تحت کسی بھی ریاست یا استفادہ کنندہ کو ملنے والے اناج کی مقدار میں کوئی کمی نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بل کا مقصد غذائی اجناس کی تقسیم کو یقینی بنانا، فوائد کے معاملات کو مساوی کرنا اور خاندانی نظام سے پیدا ہونے والے فرق کو دور کرنا ہے۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے سائبر جعلسازی کے معاملات کو روکنے کیلئے ملک گیر رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوائے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا کی بنچ نے ریزرو بینک کو حکم دیا کہ وہ اندرونِ ایک ماہ ایک معیاری طریقہ کار وضع کرے‘ جس سے سائبر مجرمین کے ذریعے اس طرح کے جرائم میں مسروقہ رقم کے لین دین کیلئے استعمال کیے گئے بینک کھاتوں کی جانچ کی جاسکے۔ بنچ نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو اس طرح کی دھوکہ دہی کے شکار افراد کی شکایات کے ازالے میں تیزی لانے اور سائبر دھوکہ دہی کی شکایات کے ازالے سے متعلق ریاست واری رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
گوپی ناتھ منڈے کاشتکار حادثاتی تحفظ امدادی اسکیم کی میعاد میں تین سال کی توسیع کر دی گئی ہے اور اب اس اسکیم میں زمینات سے محروم زرعی مزدوروں اور خواتین کسانوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ کل ریاستی کابینہ کے اجلاس میں لیا گیا۔
کابینہ کے کل منعقدہ اجلاس میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے سلوڑ اور ناندیڑ ضلعے کے کنوٹ میں ضلع و سیشن عدالت اور بیڑ ضلعے کے کیج میں اعلیٰ سطحی دیوانی عدالت کے قیام کو بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے مہاراشٹر اسٹیٹ انفارمیشن کمیشن میں ریاستی اطلاعاتی کمشنر کے تین نئے عہدوں اور ان عہدوں کیلئے درکار افسران و ملازمین کے ضروری آسامیوں کو بھی منظوری دی ہے۔
***** ***** *****
رائے دہندگان کی تصدیق کیلئے چلائی جارہی ووٹر لسٹ جامع نظرِ ثانی مہم میں بوتھ لیول افسران کے گھروں کے سروے کی میعاد میں 17تاریخ تک توسیع کردی گئی ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ کل‘ جاری کیا گیا۔ اس جامع نظرِ ثانی کے بعد عبوری فہرست ِ رائے دہندگان 24 اگست کو شائع کی جائیگی‘ جبکہ اس پر 23 ستمبر تک دعوے اور اعتراضات جمع کرائے جاسکیں گے اور 22 اکتوبر تک دعوے فیصل کیے جائیں گے۔ بعد ازاں‘ حتمی ووٹر لسٹ 27 اکتوبر کو شائع کی جائے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے ممبئی عدالت ِ عالیہ کو یقین دلایا ہے کہ اس سال کے گنیش اُتسو کے دوران پلاسٹر آف پیرس کی مورتیوں پر پابندی لگانا ممکن نہیں ہے، اور اسے مرحلہ وار طریقے سے بند کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت نے عدالت ِ عالیہ سے پلاسٹر آف پیرس سے تیار کردہ چھ فٹ سے زیادہ اونچی گنیش مورتیوں کے سمندر میں وسرجن کی اجازت بھی مانگی ہے۔ اس سلسلے میں پی او پی کی مورتیاں بنانے والے کچھ کارخانہ مالکان نے بھی درخواست دائر کی ہے اور عدالت نے کہا ہے کہ وہ تمام فریقین کے مؤقف کو سننے کے بعد اس سلسلے میں فیصلہ دے گی۔
***** ***** *****
سابق گورنر پدم شری ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل کل‘ کولہاپور میں انتقال کرگئے۔ وہ 90 برس کے تھے۔ تعلیم، صحت اور کھیلوں کے شعبوں میں اپنا مقام بنانے والے ڈی وائی پاٹل‘ ابتداء میں کولہاپور کے میئر کے عہدے پر فائز ہوئے۔ جبکہ ریاستی اسمبلی میں پنہالہ انتخابی حلقے کی نمائندگی بھی کی۔ تریپورہ اور بہار کے گورنر کی ذمہ داریاں نبھانے والے پاٹل نے کچھ عرصہ مغربی بنگال کے گورنر کا اضافی چارج بھی سنبھالا۔
اُن کے قائم کردہ ڈی وائی پاٹل گروپ کے تحت کولہاپور، ممبئی اور پونے جیسے شہروں میں تین سے زیادہ تسلیم شدہ یونیورسٹیاں، چھ نجی یونیورسٹیاں اور 180 سے زیادہ تعلیمی ادارے کام کررہے ہیں۔ مرکزی حکومت نے 1991 میں ان کے تعلیمی اور سماجی کاموں میں گرانقدر تعاون کے اعتراف میں انھیں پدم شری اعزاز سے نوازا تھا۔ پاٹل کے جسد ِ خاکی پر آج کولہاپور میں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی اور گورنر جشنو دیو ورما نے ڈی وائی پاٹل کی موت پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جبکہ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ہم ایک دور اندیش شخصیت سے محروم ہو گئے ہیں۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار سمیت دیگر سیاسی شخصیات نے ڈی وائی پاٹل کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے انھیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے جالنہ- ناندیڑ سمردھی شاہراہ کیلئے زیر التواء اراضی کے حصول کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کل ورچول نظام کے ذریعے ممبئی میں منعقدہ اجلاس میں جالنہ اور گھن ساونگی علاقوں میں تقریباً 112 ہیکٹر اراضی کے معاوضے کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈویژنل کمشنر کو فوری طور پر معاوضے کے تعین میں کی گئی غلطیوں کا نوٹس لینے اور کسانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ اراضی کے حصول میں شکر کارخانوں کی اراضیات کو چھوڑ کر متبادل پر غور کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
***** ***** *****
انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن- (IMA) کی لاتور شاخ نے بی ایچ ایم ایس اور سی سی ایم پی ڈاکٹرس کو مہاراشٹر میڈیکل کونسل میں رجسٹر کرنے کی تجویز کے خلاف آج 24 گھنٹے کیلئے طبی خدمات بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ آئی ایم اے نے حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ واپس نہ لینے پر غیر معینہ مدت کی ہڑتال شروع کرنے کا بھی انتباہ دیا ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے یقین دلایا ہے کہ طبّی شعبے میں ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہوگی۔ وہ کل‘ ضلعی سطح کی صحت کمیٹی کے افتتاح کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ سرنائیک نے یقین ظاہر کیا کہ کمیٹی مختلف سرکاری اسکیمات کے مؤثر نفاذ اور شہریوں کو معیاری طبّی خدمات بروقت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
***** ***** *****
دھاراشیو کی مقام کرائم برانچ نے کل دو افراد کو ایم ڈی میفیڈرون نامی منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا۔ اس سلسلے میں کلمب پولس اسٹیشن میں دونوں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن میں جائیکواڑی منصوبے سے کل سے19 ہزار 26 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گوداوری ندی میں پانی کا اخراج شروع کردیا گیا۔ اس کے پیشِ نظرگوداوری ندی کے کنارے واقع دیہاتوں کے ساکنان کو چوکنا رہنے‘ ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور ندی کے علاقے میں جانے سے گریز کرنے کی اپیل ڈیم کنٹرول روم نے ہے۔ فی الحال جائیکواڑی پشتے میں تقریباً 45ہزار 440 مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کی آمد ہورہی ہے اور پشتے میں 93 فیصد سے آبی ذخیرہ ہوچکا ہے۔ جائیکواڑی منصوبے کی دائیں نہر سے ایک ہزار اور بائیں نہر سے سات سو کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
موسم:محکمہ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، پربھنی، ہنگولی اور ناندیڑ اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ لوک سبھا میں تخصیص بل 2026منظور؛پیدائش اور موت کے اندراج کے ترمیمی بل کو بھی پارلیمنٹ میں منظوری۔
٭ سائبر دھوکہ دہی کے معاملات کی روک تھام کیلئے عدالت ِ عظمیٰ کی جانب سے ملک گیر رہنما خطوط جاری۔
٭ گوپی ناتھ منڈے کاشتکار حادثاتی تحفظ امدادی اسکیم کی میعاد میں تین سال کی توسیع۔
٭ جالنہ-ناندیڑ سمردھی شاہراہ کیلئے زیر التواء حصول ِاراضی کے عمل کو تیز کرنے کی نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی ہدایت۔
اور۔۔۔٭ جائیکواڑی ڈیم میں 93 فیصد آبی ذخیرہ؛ 19 ہزار مکعب فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے گوداوری ندی میں پانی کا اخراج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment