Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 02 May-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/مئی ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 67 ویں مہاراشٹر دن کی مناسبت سے ریاست بھر میں پرچم کشائی سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ مہاراشٹرمیں موجود ہر شخص مراٹھی زبان سیکھے‘ تاہم لسانی بنیادوں پر تشدد اور تنازعات ناقابلِ قبول: وزیرِ اعلیٰ کا عندیہ۔
٭ پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا گورنر کی خودشماری سے باقاعدہ آغاز۔
٭ 100 واں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن پونا میں۔
اور۔۔۔٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے بارہویں کے امتحانات کے نتائج آج۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
67واں یومِ مہاراشٹر کل ریاست بھر میں جوش و خرش سے منایا گیا۔ ریاست کی پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ممبئی کے دادر کے شیواجی پارک میں منعقد ہوئی۔ جہاں گورنر جشنو دیو ورما کے ہاتھوں ترنگا لہرایا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے۔ ممبئی کے ودھان بھون میں قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے اور نائب چیئرپرسن نیلم گورہے کی موجودگی میں پرچم کشائی کی تقریب عمل میں آئی۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے متحدہ مہاراشٹر کی تحریک کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والی شخصیات کو ممبئی کے ہتاتما چوک میمورئیل پر پھول چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ مراٹھی افراد‘ ملک کی کسی بھی ریاست میں ہوں وہاں کی ترقی کیلئے وہ حصہ ڈالتے نظر آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں سکونت پذیر ہر شخص کو مراٹھی زبان سیکھنا چاہیے‘ جو مراٹھی نہیں جانتے انھیں سکھانے کی کوشش کی جائیگی‘ تاہم انھوں نے وضاحت کی کہ لسانی بنیادوں پر تشدد و تنازعات اور زبان نہ جاننے پر کسی کو بھی زدوکوب کرنے کے واقعات ناقابلِ قبول ہیں۔
ممبئی-پونا ایکسپریس وے پر راست جوڑ راستے مسنگ لنک پروجیکٹ کا افتتاح کل وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار سمیت دیگر کئی معززین اس موقع پر موجود تھے۔ تقریباً ساڑھے 13 کلو میٹر طویل اس سڑک سے ممبئی اور پونا کے درمیان کی مسافت تقریباً 30 منٹ تک کم ہوگی۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ہاتھوں تھانہ ضلع کے ہیڈکوارٹر پر پرچم کشائی کی تقریب عمل میں آئی‘ جبکہ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے بیڑ میں قومی پرچم لہرایا۔
جالنہ میں رابطہ وزیر پنکجا منڈے کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں منڈے نے کہا کہ مختلف اسکیموں اور ترقیاتی کاموں کے ذریعے جالنہ ضلع ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ سرکاری تقریب میں رابطہ وزیر سنجئے شرساٹ کے ہاتھوں پرچم لہرایا گیا۔
پربھنی میں میگھنا ساکورے بورڈیکر کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر پولس پریڈ کے بعد انھوں نے مجاہدینِ آزادی اور شہریوں سے ملاقات کی۔ بعد ازاں کم عمری کی شادی کے خلاف رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے ایک چتررتھ کا افتتاح اور شارٹ فلم کا اجراء بھی انھوں نے کیا۔
ہنگولی میں رابطہ وزیر نرہری جھرواڑ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ہنگولی ضلع کیلئے مختلف ترقیاتی اسکیموں سے متعلق معلومات بھی وزیرِ موصوف نے دیں۔
لاتور میں رابطہ وزیر شیویندر راجے بھونسلے‘ دھاراشیو میں رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک اور ناندیڑ میں رابطہ وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر وجئے پھلاری کے ہاتھوں اور پربھنی کی وسنت راؤ نائیک زرعی یونیورسٹی میں وائس چانسلر ڈاکٹر اندرامنی مشرا نے قومی پرچم لہرایا گیا۔
***** ***** *****
مردم شماری 2027- کے تحت مہاراشٹر کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا باضابطہ آغاز کل گورنر جشنو دیو ورما نے خود شماری کے ذریعے کیا۔ اس موقع پر اپنے کوائف درج کرتے ہوئے انھوں نے ریاست کی عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی مردم شماری میں شامل ہوں۔ خودشماری کا یہ عمل 15 مئی تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد مردم شماری ملازمین گھر گھر جاکر شماری کریں گے۔ ریاست کے دو لاکھ 60 ہزار ملازمین یہ مردم شماری کا عمل انجام دیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندر کانت پاٹل نے اعلان کیا ہے کہ 100 واں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن پونا میں منعقد ہوگا۔ کل پونا میں بچوں کی کتب کی نمائش کا افتتاح وزیرِ موصوف کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں چندر کانت پاٹل نے کہا کہ مراٹھی زبان کیلئے قابلِ فخر ادب کو جِلا بخشنے والے اس تاریخی سمّیلن کے تمام ضروری انتظامی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے بارہویں کے امتحانات کے نتائج کا آج آن لائن اعلان کیا جائے گا۔ مہارِزلٹ ڈاٹ این آئی سی ڈاٹ اِن‘ مہا- ایچ ایس سی بورڈ ڈاٹ اِن، اور ایچ ایس سی رزلٹ ڈاٹ ایم کے سی ایل ڈاٹ او آر جی‘ ویب سائٹس پر دوپہر ایک بجے یہ نتائج ظاہر کیے جائیں گے۔ نشانات کی دوبارہ جانچ کیلئے آئندہ روز 3 مئی سے درخواست دہی کے عمل کا آغاز ہوگا۔
***** ***** *****
اس بار کے IFFI فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے مقبول فلم ہدایت کار آشوتوش گواریکر کی نامزدگی عمل میں آئی ہے۔ ہر سال گوا میں منعقد ہونے والے اس فلم فیسٹیول کا یہ 57 واں برس ہے۔ اطلاعات و نشریات کی وزارت کے اشتراک سے اس فیسٹیول کے انعقاد کا موقع ملنے پر گواریکر نے اظہارِ مسرت کیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کے پرتور- منٹھا اسمبلی حلقہئ انتخاب کے سابق رکنِ اسمبلی سریش کمار جیتھلیا کل صبح قلبی حملے میں جانبر نہ ہوسکے۔ وہ 72 برس کے تھے۔ ان کی آخری رسومات اب سے کچھ دیر بعد پرتور میں ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع کی رابطہ وزیر پنکجا منڈے نے کہا ہے کہ ضلع کی ہمہ گیر ترقی کیلئے متحدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ رائزنگ جالنہ 2026 پروگرام کے افتتاح کیلئے منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے نئی سرمایہ کاری‘ روزگار کے مواقع پیدا کرنے‘ ٹکنالوجی کے استعمال سے ترقی‘ اور اِیز آف ڈُوئنگ بزنس کیلئے جالنہ کو مثالی ضلع بنانے کی ترغیب دی۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں سرکاری میڈیکل کالج میں قائم کردہ پی سی آر ماڈیولر لیب اور اسکل لیب کا کل رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک نے افتتاح کیا۔ علاوہ ازیں ضلع پولس محکمے میں شامل کردہ جدید گاڑیوں کا افتتاح بھی پرتاپ سرنائیک نے کیا۔ اس موقع پر انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈیجیٹل خودشماری کرواکر قومی فریضہ میں شامل ہوں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے آئندہ تعلیمی سال کے مجوزہ پروگرام کا اعلان کردیا گیا ہے۔ یونیورسٹی سے منسلک بیڑ‘ دھاراشیو جالنہ اور چھترپتی سمبھاجی نگر اضلاع کے کالجوں کو 14 جون تک تعطیلات رہیں گی۔ نئے تعلیمی سال کا آغاز 15 جون سے ہوگا۔ 31 جولائی تک ڈگری اور پوسٹ گریجویشن نصاب کے داخولں کا عمل مکمل ہوگا۔ پہلے سیمسٹر کے امتحانات 21 اکتوبر تا 15 دسمبر کے دوران اور دوسرے سیمسٹر کا آغاز 16 دسمبر سے ہوگا۔ سالانہ امتحانات 9 اپریل تا 19 مئی 2027 کے درمیان ہوں گے۔
***** ***** *****
انڈین پریمیر لیگ میں کل کھیلے گئے میچ میں دہلی کیپیٹلز نے راجستھان رائلز کو سات وکٹ سے شکست دے دی۔ٹورنامنٹ میں آج چنئی سپر کنگس اور ممبئی انڈینس کا میچ آج چنئی میں کھیلا جائے گا۔ میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔
***** ***** *****
موسم:ریاست میں کل سب سے زیادہ درجہ حرارت 44 اعشاریہ پانچ ڈگری سیلسیئس چندر پور میں ریکارڈ کیا گیا۔ مراٹھواڑہ میں پربھنی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 اعشاریہ پانچ ڈگری‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میں 42.8 اور دھاراشیو اور ناندیڑ میں اوسطاً 42 ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ 67 ویں مہاراشٹر دن کی مناسبت سے ریاست بھر میں پرچم کشائی سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ مہاراشٹرمیں موجود ہر شخص مراٹھی زبان سیکھے‘ تاہم لسانی بنیادوں پر تشدد اور تنازعات ناقابلِ قبول: وزیرِ اعلیٰ کا عندیہ۔
٭ پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا گورنر کی خودشماری سے باقاعدہ آغاز۔
٭ 100 واں کُل ہند مراٹھی ساہتیہ سمّیلن پونا میں۔
اور۔۔۔٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے بارہویں کے امتحانات کے نتائج آج۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment