Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 04 August-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/اگست ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ NEET امتحان سے متعلق طلباء کے احتجاج پر کارروائی سمیت مختلف معاملات پر پارلیمنٹ کی کارروائی تیسرے ہفتے بھی متاثر۔
٭ طلبہ مظاہرین کے خلاف مقدمات واپس لینے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں:عدالت ِ عظمیٰ کا فیصلہ۔
٭ دیہی پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت درج فہرست ذات کے زمرے کیلئے اضافی ریاستی حصہ کی تقسیم کی منظوری۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش، جائیکواڑی ڈیم میں سطح ِ آب 90 فیصد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ میں NEET سے متعلق طلباء کے احتجاج پر پولس کارروائی سمیت مختلف معاملات پر حزبِ اختلاف کے ارکان نے کل بھی نعرے بازی کی‘ جس کی وجہ سے دونوں ایوانوں کی کارروائی بار بار ملتوی کرنے کے بعد دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
دریں اثناء، حزبِ اختلاف کی نعرے بازی کے دوران، شماریات اور نفاذِپروگرام کے وزیر راؤ اندرجیت سنگھ نے قومی ادارہ برائے اعداد و شمار بل 2026 اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے لوک سبھا میں بینکرس بکس ایویڈینس بل 2026 متعارف کرایا۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ ججز ترمیمی بل 2026 لوک سبھا میں منظور کر لیا گیا۔ راجیہ سبھا میں مائیکرو، چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں سے متعلق ترمیمی بل 2026 منظور کیا گیا، جس کے بعد کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
***** ***** *****
NEET امتحان کے بعد ایم بی بی ایس اور دیگر طبّی نصابوں میں داخلے کیلئے کاؤنسلنگ کا پہلا دور آج سے شروع ہو رہا ہے اور اس سال کا تعلیمی سیشن 8 ستمبر سے شروع ہو گا۔ آج سے شروع ہونے والے اس مرحلے میں داخلے کی آخری تاریخ 22 اگست ہو گی۔ کاؤنسلنگ کا دوسرا دور 24 اگست سے 2 ستمبر تک اور تیسرامرحلہ 8 ستمبر سے 10 ستمبر تک ہو گا۔
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ نے کہا ہے کہ کاکروچ جنتا پارٹی کی طرف سے مختلف مقامات پر کیے گئے احتجاج میں شامل طلباء کے خلاف مقدمات واپس لینے یا نہ لینے کا فیصلہ ریاستوں کو کرنا ہوگا۔ عدالت نے 28 جولائی کو جن طلبہ کا ’مجرمانہ پس منظر‘ نہیں ہے ان طلباء کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی بھی ہدایت دی تھی۔ چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جوائے مالیہ باگچی اور جسٹس وی موہنا کی بنچ نے مجرمانہ پس منظر کی وضاحت کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ صرف سنگین جرائم والے افراد کو ہی ’مجرمانہ پس منظر‘ کے طور پر سمجھا جانا چاہیے۔ عدالت نے مزید کہا کہ پیلٹ گن کا استعمال کب اور کیسے کیا جائے اس خصوص میں جامع اصول وضع کیے جائیں گے۔ اس معاملے کی آئندہ سماعت 18 اگست کو ہوگی۔
دریں اثناء، عدالت ِ عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو راہگیروں اور گاڑیوں کے راستوں کو واضح طور پر الگ کرنے اور پیدل چلنے والوں کیلئے اور تجاوزات سے پاک راہداریاں قائم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جسٹس پی ایس نرسمہا اور آلوک آرادھیے کی بنچ نے کہا کہ یہ کچھ بڑے مصارف یاخصوصی تعمیر کے بغیر بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے سبسڈی والی کھادوں کے ساتھ دیگر مصنوعات کی لازمی خریداری پر پابندی لگا دی ہے اور وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے نے ایسے معاملات میں سخت کارروائی کا انتباہ بھی دیا۔ انھوں نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کھاد کی خرید و فروخت کے دوران کوئی ٹیگنگ یا لنکنگ ہو رہی ہے تو وہ فوری طور پر ٹول فری نمبر 1800-233-4000 یا وہاٹس ایپ نمبر 9822446655 پر شکایت درج کریں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر خواتین کسانوں کو بااختیار بنانے کا ایکٹ، 2026 نافذ کیا گیا ہے۔ اس قانون کے مطابق 18 سال یا اس سے زیادہ عمر کی اور زراعت یا اس سے منسلک پیشے میں کام کرنے والی خواتین کو خاتون کسان تسلیم کیا جائے گا۔ اس کی اہل خواتین کو گرام پنچایت یا نگر پنچایت کے ذریعے درخواست دے کر خاتون کسان سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ اس ایکٹ کے تحت خواتین کسانوں کا ریاستی سطح کا ڈیٹا بیس، مہاراشٹر اسٹیٹ ویمن کسان فنڈ، خواتین کسانوں کو بااختیار بنانے کی کاؤنسل اور ریاستی رابطہ کمیٹی قائم کرنے کا بھی انتظام ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے پردھان منتری آواس یوجنا دیہی کے تحت درج فہرست ذات کے زمرے میں منظور شدہ مکانات میں رہائش پذیر لوگوں کیلئے 39 کروڑ 86 لاکھ 74 ہزار روپے کے اضافی ریاستی حصے کی تقسیم کو منظوری دے دی ہے۔ محکمہ دیہی ترقی نے گزشتہ روز اس سلسلے میں ایک حکومتی فیصلہ جاری کیا۔ منظور شدہ ایک لاکھ 61 ہزار 373 افراد اس اضافی ریاستی حصہ کا فائدہ حاصل کرسکیں گے۔ اس کیلئے محکمہ سماجی انصاف اور خصوصی معاونت نے مالی سال 2026-27 میں 199 کروڑ 33 لاکھ 69 ہزار روپے کا فنڈ فراہم کیا ہے جس میں سے 39 کروڑ 86 لاکھ 74 ہزار روپے پہلے مرحلے میں تقسیم کرنے کی منظوری کل دی گئی۔
***** ***** *****
مجاہد ِ آزادی نانا پاٹل کو کل ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ممبئی میں آنجہانی نانا پاٹل کی تصویر پر پھول چڑھا کر انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کے تحت موسمِ خریف کیلئے درخواستیں جمع کرنے کی آخری تاریخ اب 10 اگست تک بڑھا دی گئی ہے۔ بیڑ کے ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے ضلع کے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مدت میں توسیع کا فائدہ اٹھائیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آدرش اربن کوآپریٹیو کریڈٹ سوسائٹی میں مبینہ بدعنوانیوں کے سلسلے میں سابق رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل کی قیادت میں ڈپازیٹرس نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں ضلع کلکٹر کے دفتر کے سامنے بھوک ہڑتال کی‘ تاہم‘انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد اپنی ہڑتال واپس لے لی۔ مظاہرین نے آدرش اربن کوآپریٹیو سوسائٹی کے ڈپازیٹرز کی رقومات کی فوری واپسی، ادارے کے اثاثے قبضے میں لے کر فروخت کا عمل جلد مکمل کرنے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کسان قرض معافی اسکیم کے تحت پربھنی ضلع میں تقریباً ایک لاکھ 60 ہزار 769 کسانوں کی تفصیلات پورٹل پر اپ لوڈ کردی گئی ہیں۔ ان میں سے 79 ہزار 855 اہل کسانوں کو تقریباً 582 کروڑ روپے کی قرض معافی کا فائدہ ملے گا۔ باقی اہل کسانوں کو اگلی فہرست میں شامل کیا جائے گا اور وہ بھی اسکیم سے مستفید ہوسکیں گے۔ ضلع کلکٹر سنجے سنگھ چوہان نے ضلع کے تمام قومی، نجی، دیہی اور کوآپریٹیو بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اہل کھاتہ داروں کو تمام ضروری مدد فراہم کریں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر گرام پنچایت ایکٹ کی دفعات کے مطابق گرام سبھا کے باقاعدہ انعقاد نہ کروانے کی وجہ سے لاتور کے ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باستیواڑ نے کلاری گرام پنچایت کی سرپنچ سلکشنا بابڑیشور کو سرپنچ کے عہدے کیلئے نااہل قرار دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کلاری گرام پنچایت کے سرپنچ کا عہدہ بھی فوری طور پر خالی قرار دیا گیا ہے۔ گرام پنچایت رکن گنڈپا بالکنڈے نے ضلع کلکٹر کے پاس سرپنچ کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کی تھی۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں، احمد پور میونسپلٹی کی جانب سے بنائے گئے ’نمو ادیان‘ اور شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے پانی کی سپلائی پائپ لائن منصوبے کا افتتاح امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل کے ہاتھوں کل عمل میں آیا۔ انہوں نے بلدیہ سے اپیل کی کہ وہ شمسی توانائی منصوبے لگانے میں پہل کرے اور دستیاب پانی کی مناسب منصوبہ بندی کرکے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع میں، مہاوکاس اگھاڑی اور اس سے منسلک جماعتوں کی جانب سے کل ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں تمام محصول ڈویژنوں میں 24ہزار روپے کا فصل بیمہ یکساں کرنے اور دیگر مطالبات شامل تھے۔ مظاہرین نے اپنے مطالبات پر مبنی محضر ضلع کلکٹر کو پیش کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انشورنس کمپنی نے یکساں حالات کے باوجود بھی مختلف معیارات لگائے ہیں۔
***** ***** *****
میرا گاؤں، صحت مند گاؤں مہم کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں یکم اگست سے ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر منو پی ایم نے کہا ہے کہ ماں کا دودھ بچے کیلئے بہترین خوراک ہے اور یہ پیغام ہر گھر تک پہنچانے کی انھوں نے اپیل کی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں لینڈ ریکارڈ محکمے کی 20 خدمات اب آپلے سرکار پورٹل پر دستیاب کر دی گئی ہیں۔ ان میں اراضی کے سروے کی نقولات، فارم بک، سروے کا نقشہ، تقسیم شدہ پراپرٹی کارڈ، زمین کے حصول کا سروے وغیرہ جیسی خدمات شامل ہیں۔ محکمہ لینڈ ریکارڈ نے زیادہ سے زیادہ شہریوں سے اس سے فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج ودربھ کے بیشتر اضلاع اور مغربی مہاراشٹر کے پونے، ستارا اور کولہاپور اضلاع میں بارش کا یلو الرٹ جاری کیا ہے۔
جالنہ ضلع میں کل ہلکی بارش ہوئی۔ دھاراشیو ضلع کے بھوم تعلقہ کے پانچ میں سے چار تحصیلوں میں زوردار بارش ریکارڈ کی گئی۔ بیدرواڑی پل سے پانی بہنے کی وجہ سے اس راستے کے ساتھ ساتھ واشی بھوم سڑک پر ٹریفک کچھ دیر کیلئے درہم برہم ہوگئی تھی۔
دریں اثنا، چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پیٹھن کے جائیکواڑی ڈیم میں فی سیکنڈ 27ہزار 507 مکعب فٹ کی رفتار سے پانی داخل ہو رہا ہے، اور ڈیم میں پانی کی سطح تقریباً 90 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ڈیم کی دائیں نہر سے 1100 کیوبک فٹ فی سیکنڈ‘ جبکہ بائیں نہر سے 700 کیوبک فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی کا اخراج کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ NEET امتحان سے متعلق طلباء کے احتجاج پر کارروائی سمیت مختلف معاملات پر پارلیمنٹ کی کارروائی تیسرے ہفتے بھی متاثر۔
٭ طلبہ مظاہرین کے خلاف مقدمات واپس لینے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں: عدالت ِ عظمیٰ کا فیصلہ۔
٭ دیہی پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت درج فہرست ذات کے زمرے کیلئے اضافی ریاستی حصہ کی تقسیم کی منظوری۔
اور۔۔۔٭ ریاست کے بیشتر حصوں میں بارش، جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی سطح 90 فیصد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment