Monday, 20 March 2017

AIR News Urdu Text Bulletin, Aurangabad 20.03.2017 8.40- 8.45 am
 
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 20  March  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۲۰؍ مارچ  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 سطحِ غربت سے نیچے زِندگی بسر کررَہے سینئر سٹیزنس کے لیے مرکزی حکومت آئندہ ایک ہفتہ کے اَندر اَندر ایک اِمدادی اِسکیم شروع کرے گی۔ معاشی اِعتبار سے کمزور بوڑھے بہتر طور پر زِندگی بسر کرپائیں اِس بات کو یقینی بنانے کے لیے انہیں اِس اِسکیم کے تحت اِمداد فراہم کی جائیگی۔ اِس اِسکیم کے تحت مستحق ضعیف اَفراد کو چشمے‘ وِہیل چیئرس‘ آلاتِ سماعت اَور دانتوں کے چوکڑے‘ وَغیرہ فراہم کیے جائیں گے۔ ساٹھ سالہ اَور اس سے زِیادہ عمر والے سطحِ غربت سے نیچے زِندگی بسر کرنے والے اَفراد اِس اِسکیم سے فائدہ اُٹھا سکیں گے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 غیر کارکرد تعلیمی اِدارے اَور یونیورسٹیز کو بند کرنے یا انہیں دوسرے اِداروں سے ملحق کرنے کی وزارتِ اِنسانی وَسائل کی تجویز ہے۔ اِس کے لیے سبھی یونیورسٹیز اَور تعلیمی اِداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا اَور کارکردگی کے لحاظ سے انہیں دَرجہ بند کیا جائیگا۔ بہتر کارکردگی اَنجام دینے والے اِداروں کو مزید اِختیارات دِئیے جائیں گے‘ اِسی طرح غیر فعال کو اِصلاحات کے ہدایات دی جائیں گی۔ غیر فعال اِداروں کو اَپنی کارکردگی بہتر کرنے اَور اِصلاحات کے لیے یونیورسٹی گرانٹ کمیشن رَہنمائی بھی کرے گا۔ اِس کے بعد بھی اَگر ان اِداروں کی کارکردگی میں نمایاں تبدیلی نہ آئے تو انہیں بند کرنے یااُن کے دیگر اِداروں سے اِلحاق سے متعلق غور کیا جائے گا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 طلاق کے مقدمات میں نابالغ بچوں کے اخراجات کے لیے دی جانے والی رَقم سرپرستوں میں سے کسی ایک کے کھاتے میں جمع کی جانے پر اِس رَقم پر اِنکم ٹیکس میں چھوٹ دی جائے۔ یہ سفارِش لاء کمیشن نے کی ہے۔ اِس طرح کی رقومات پر ملنے والے سود کو فی الحال کھاتے دار کی قابلِ ٹیکس آمدنی میں شامل کیا جاتا ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 لتوں سے نجات کے لیے منعقدہ پانچویں رِیاستی سطح کی ساہتیہ سمّیلن کا کل سے امراوتی میں آغاز عمل میں آیا۔ لتوں سے نجات کے پیغامات پر مبنی ایک جلوس کو کل سماجی اِنصاف کے وَزیر راجکمار بڈولے نے ہری جھنڈی دِکھاکر رَوانہ کیا۔ راشٹر پتا مہاتما گاندھی ویسن مُکتی سیوا پُرسکار کی تقسیم کی تقریب سے اَپنی مخاطبت میں بڈولے نے کہا کہ‘ منشیات وَغیرہ ہمارے معاشرے کو ناسور کی طرح ختم کررَہی ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومت لتوں سے پاک سماج کی تشکیل کے لیے اِقدامات کررَہی ہیں۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

 بی جے پی کو شکست دینے کے لیے سبھی ہم خیال سیاسی جماعتوں کے اِتحاد کی ضرورت ہے۔ یہ بات نیشنلسٹ کانگریس پارٹی صدر شرد پوار نے کہی ہے۔ وہ کل اَحمد آبا میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دَفتر کی اِفتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ جناب پوار نے کہا کہ یوگی آدِتیہ ناتھ کو یوپی کا وَزیرِ اَعلیٰ بنائے جانے سے مسجد‘ مندر کی سیاست کو فروغ ملے گا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 کسانوں کی خودکشیوں اَور ان کے مسائل کے اِظہار کے لیے کل رِیاست بھر کے کسانوں نے ترکِ اَناج‘ اِحتجاج کیا۔ تقریباً 31/ سال پہلے 19/ مارچ کو ایوت محل ضلع کے کسان صاحب رائو کرپے پاٹل نے قحط سالی کی بناء پر فصل کے نقصان کی وَجہ سے خود کُشی کی تھی۔ یہ رِیاست میں فصل کے نقصان کی بناء پر پہلے کسان کی خودکُشی تھی۔ اِس کے بعد سے رِیاست میں کسانوں کی خودکُشیوں کا تناسب مسلسل بڑھ رَہا ہے۔
 مراٹھواڑہ بھر کے کسانوں نے بھی اِس ترکِ اَناج اِحتجاج میں بھرپور حصہ لیا۔ سبھی اَضلاع کے کسانوں نے اِس موقع پر اُپواس رَکھ کر محصول اِنتظامیہ کو اَپنے مطالبات پر مبنی محضر پیش کیے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 مراٹھواڑہ جنتا وِکاس پریشد کے صدر پردیپ دیشمکھ کے علیحدہ رِیاست ِ مراٹھواڑہ کے قیام کے مطالبے کی پریشد کے اَرکان نے سخت مخالفت کی۔ کل مراٹھواڑہ وِکاس پریشد کی اَورنگ آباد کے سوامی راما نند تیرتھ رِیسرچ سینٹر میں منعقدہ میٹنگ میں بھی اَرکان نے جناب دیشمکھ کے اِس مطالبے کی سخت اَلفاظ میں مذمت کی اور انہیں کہا کہ وہ پہلے پریشد کی صدارت سے اِستعفیٰ دیں اس کے بعد اَپنی اِنفرادی رائے کا اِظہار کریں۔ اَرکان نے واضح کیا کہ پریشد کے بانی گووِند بھائی شراف بھی علیحدہ رِیاست ِ مراٹھواڑہ مطالبے کے مخالف رَہے ہیں۔ دَریں اَثناء اِس مطالبے پر صفائی دیتے ہوئے جناب دیشمکھ نے کہا کہ یہ ان کی اِنفرادی رائے ہے نہ کہ پریشد کا مطالبہ۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 بے موسمی بارِش اَور ژالہ باری کے سبب جن کسانوں کا نقصان ہوا ہے حکومت ان کی بھرپور مدد کرے گی۔ یہ بات لاتور ضلع کے رابطہ وَزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر نے کہی ہے۔ ضلع کے اَوسہ تعلقہ کے یلوری ‘ ماسورڈی‘ وَغیرہ قصبات کی فصلوں کا رابطہ وَزیر پاٹل اَور بی جے پی کے رِیاستی صدر رائو صاحب دانوے نے جائزہ لیا۔ اِس موقع پر اَپنی مخاطبت میں دانوے نے کہا کہ وَزیرِ اَعظم فصل بیمہ اِسکیم کے تحت جن کسانوں نے بیمہ کا ہفتہ بھرا ہوا نہیں اَور جنھوں نے ہفتہ نہ بھرا ہو انہیں بھی اِمداد فراہم کی جائیگی۔ دانوے نے مزید کہا کہ رِیاستی سرکار کسانوں کے قرضۂ جات کی معافی کی مخالف نہیں ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments: