Tuesday, 21 March 2017

AIR News Urdu Text Bulletin, Aurangabad 21.03.2017 8.40- 8.45 am
 
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 21  March  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۲۱؍ مارچ  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 اَشیاء اَور خدمات ٹیکس‘GST پر عمل آوَری کیلئے ضروری چار ضمیمہ جاتی بِلوں کو کل مرکزی کابینہ نے منظوری دیدی ۔ یہ چار بِل نقصان بھرپائی‘ مرکزی اَشیاء خدمات ٹیکس‘ مرکز کے زیرِ اِنتظام علاقوں کے اَشیاء خدمات ٹیکس اَور مجموعی اَشیاء خدمات ٹیکس ہیں۔ انہیں اَب مالیاتی بِل کی شکل میں پارلیمنٹ میں پیش کیا جائیگا۔ پارلیمنٹ کی منظوری ملنے کے بعد سبھی رِیاستوں کی قانون ساز اَسمبلیوں میں اِن بِلوں کو پیش کیا جائیگا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 رِہائشی  ڈاکٹروں پر ہورَہے حملوں کی مخالفت میں کل رِیاست بھر کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں میں برسرِ خدمات رِہائشی ڈاکٹروں نے اِحتجاج کیا۔ اِحتجاج کے طور پر سبھی رِہائشی ڈاکٹروں نے ایک دِن اِجتماعی رُخصت کے طور پر دَرج کروایا۔ واضح ہو کہ دھولیہ‘ ناسک اَور سائن کے بعد اَورنگ آباد میں بھی اِتوار کی رات رِہائشی ڈاکٹروں پر حملہ کیا گیا تھا۔ اِن واقعات کے بعد ڈاکٹروں نے اُنکے تحفظ کیلئے بنے قانون پر سختی سے عمل آوَری کرنے کا مطالبہ کیا۔  اِحتجاج کی وَجہ سے اَورنگ آباد کے گھاٹی اَسپتال کا معالجاتی نظام دَرہم برہم ہوکر رَہ گیا تھا۔ لاتور میں بھی رِہائشی ڈاکٹروں نے گاندھی چوک میں آندولن کیا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ اِس آندولن کی IMA‘ نیٖما‘ IDA‘ ہومیوپیتھک ڈاکٹروں کی تنظیم اَور اَدوِیات فروخت کرنیوالوں کی تنظیم نے بھی حمایت کی۔ اِحتجاجیوں نے لاتور کے رابطہ وَزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر سے ملاقات کرکے اُنہیں محضر پیش کیا۔ اِس موقعے پر نلنگیکر نے ڈاکٹروں کے تحفظ کے قانون پر سختی سے عمل آوَری کا تیقن دِیا۔ اِس معاملے میں طبّی تعلیم کے وَزیر گریش مہاجن نے بھی ڈاکٹروں کی حفاظت کیلئے رِیاست کے تمام میڈیکل کالجوں میں گیارہ سو ملازِمین بھرتی کرنے کا تیقن دِیا۔ اُنھوں نے ڈاکٹروں سے اَپنا اِحتجاج واپس لینے کی بھی اَپیل کی۔ رِیاست بھر سے چار ہزار ڈاکٹروں نے اِس اِحتجاج میں حصہ لیا۔ اِس بیچ اِحتجاجی ڈاکٹروں کو فوری طور پر کام پر رُجوع ہونے سے متعلق ہدایت جاری کرنے کا مطالبہ کرنے والی عرضداشت ممبئی ہائیکورٹ میں داخل کی گئی ہے جس پر آج سنوائی ہونے کا اِمکان ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 نومنتخبہ رِیاست کی 25 ضلع پریشدوں کے صدور اَور نائب صدور کے عہدوں کے لیے آج رائے دَہی ہوگی۔ اِس پسِ منظر میں سبھی مقامات پر سیاسی ہلچل بڑھ گئی ہے۔ اِس رائے دَہی کے دَوران سیاسی مبصرین کی نگاہیں شیوسینا کے موقف پر لگی ہیں جو اَورنگ آباد‘ جالنہ‘ بلڈھانہ‘ جلگائوں‘ سانگلی اَور کولہا پور میں ضلع پریشد صدر اَور نائب صدر کے اِنتخاب کے دَوران اَہم کردار اَدا کرسکتی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کو لاتور‘ وَردھا اَور چندر پور ضلعوں میں اَکثریت ملی ہے جبکہ شیوسینا کو رَتنا گری ضلع میں اَکثریت حاصل ہے۔
 نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو پونے اَور ساتارا میں جبکہ کانگریس کو سندھو دُرگ ضلعے میں اَکثریت حاصل ہے‘ رائے گڑھ میں شیتکری کامگار پارٹی کو واضح اَکثریت حاصل ہے۔ دوسری سبھی ضلع پریشدوں کے صدور اَور نائب صدور کے عہدوں کا مستقبل پارٹیوں کے اِتحاد پر منحصر ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 کسانوں کو قرض معافی دینے کا معاملہ کل پارلیمنٹ میں دوبارہ اُٹھایا گیا۔ راجیہ سبھا کے وَقفۂ سوالات کے دَوران رُکنِ پا رلیمنٹ رَجنی پاٹل نے کسانوں کو قرض معافی دینے کا مطالبہ کیا۔ پاٹل نے کہا کہ حال ہی میں ہوئی غیر موسمی بارِش اَور ژالہ باری کی وَجہہ سے کسانوں کا بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اَور اس کے اَثر سے کسانوں کو بچانے کیلئے بیمے کا تحفظ دِیا جانا چاہیے۔ وَقفۂ سوالات کے دَوران ہی رُکنِ پارلیمنٹ چھتر پتی سنبھاجی راجے نے رائے گڑھ کے قلعے سمیت مہاراشٹر کے قلعوں عالمی وِرثے کی فہرست میں شامل کروانے کا مطالبہ کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ قلعوں کے تحفظ کیلئے یہ قدم اُٹھانا ضروری ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے مرکزی وَزیر مختار عباس نقوی نے اِس معاملے میں سنجیدگی سے غور کرنے کا تیقن دِیا۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
  پیٹھن کا ناتھ آشٹی مہوتسو کل اِختتام پذیر ہوا۔ اِس موقع پر باہر کے ناتھ مندر میں سنت ایکناتھ مہاراج کے جانشین رائو صاحب مہاراج گوساوی کے ہاتھوں پرساد تقسیم کیا گیا۔ تین دِن چلے اِس مہوتسو میں رِیاست بھر سے کثیر تعداد میں زائرین نے شرکت کی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 لاتور میونسپل کارپوریشن کے تین موجودہ کارپوریٹروں اَور معروف صنعتکاروں نے کل لاتور کے رابطہ وَزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر کی موجودگی میں بھارتیہ جنتا پارٹی میں شمولیت اِختیار کرلی۔ اِن کارپوریٹروں میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے شیلیش سوامی‘ اِسنیہ لتا اَگروال اَور کانگریس کی وِنیتا کالے شامل ہیں۔ اِن کے علاوہ کچھ صنعتکاروں نے بھی BJP میں شمولیت اِختیار کی ہے۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>
 پہلوان دیپک کراڑ نے مہاراشٹر کشتی مہاویر 2017 کا خطاب جیت لیا ہے۔ لاتور ضلع کے رامیشور روئی میں دادا رائو کراڑ کی یاد میں منعقدہ ریاستی سطح کے اِن کشتی مقابلوں میں دیپک کراڑ نے بیڑ کے پہلوان گوکُل آوارے کو 5-4 کے فرق سے ہرادِیا۔ اِس موقع پر دیپک کراڑ کا 51/ ہزار رُوپئے نقد‘ چاندی کی گدا‘ طلائی تمغہ اَور تلوار دیکر اِستقبال کیا گیا۔ اِن مقابلوں میں رِیاست بھر سے 525/ پہلوانوں نے شرکت کی تھی۔
<<>><<>><<>><<>><<>><<>>

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 15 اگست 2025‘ وقت: صبح 06:50 تا 07:00

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 15 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...