Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 03.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 03 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳؍ اگست ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
عدالت ِ عظمیٰ اب ایودھیا تنازعے کی سماعت ہر دِن کرے گی۔ اس معاملے میں تشکیل دی گئی ثالثی کمیٹی کے ذریعے کوئی حل نہ نکل پانے کے سبب سپریم کورٹ نے کل یہ فیصلہ کیا۔ آئندہ 6/ اگست سے سماعت کا باقاعدہ آغاز ہوجائیگا۔ عدالت نے کہا ہیکہ فریقین کی جانب سے بحث مکمل ہونے تک سماعت روزانہ جاری رہے گی۔
***** ***** *****
غیر قانونی کاروائیوں کی روک تھام کے بِل UAPA کو کل راجیہ سبھا میں منظور کیا گیا۔ بِل کی حمایت میں 147/ جبکہ مخالفت میں 42/ ووٹ ڈالے گئے۔ اس سے قبل بِل پر بحث کے دوران کانگریس پارٹی نے بِل کو غیر دستوری اور شخصی آزادی مخالف بتایااور اس کی مخالفت کی۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے راجیہ سبھا کوبتایا کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عہد کی پابند ہے اور تمام اراکین سے بل کے حق میں متحد ہونے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
کشمیر انتظامیہ نے اَمر ناتھ یاتریوں اور سیاحوں سے اپنی سلامتی کے پیشِ نظر جلد از جلد وادی چھوڑ دینے کی اپیل کی ہے۔ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے وادیٔ کشمیر میں دہشت گردانہ حملے کا امکان ظاہر کیے جانے کے بعد ریاست کے داخلہ سیکریٹری نے یاتریوں اور سیاحوں سے جلد گھر واپس ہونے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے غذائی قلّت کے خاتمے کیلئے ملک گیر تحریک پر زور دیا ہے۔ وہ کل لوک سبھا میں خطاب کررہے تھے۔ انھوںنے وزیرِ اعظم کے تغذیاتی مشن کے بہتر نفاذ کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انھوںنے کہا کہ مائوں کو صحت بخش غذا کی فراہمی سے بچوں میں غذائیت کی کمی کو روکا جاسکتا ہے، اس لیے اس مشن پر مؤثر عمل آوری ضروری ہے۔ خواتین و اطفال کی بہبودکی مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی نے تمام اراکینِ پارلیمنٹ سے یکم تا 7/اگست تک ’’رضاعی ہفتہ‘‘ یعنی دودھ پلانے والا ہفتہ منانے اور اس خصوص میں عوامی بیداری پیدا کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
حزبِ اختلاف کی تمام جماعتیںآئندہ 21/ اگست کو EVM مشین کے ذریعے رائے دہی کیخلاف ممبئی میں جلوس نکالے گی۔ مخالف جماعتوں کے قائدین نے کل ممبئی میں صحافتی کانفرنس میںیہ اعلان کیا۔ مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے‘ کانگریس کے ریاستی صدر بالا صاحب تھورات‘ راشٹروادی کانگریس کے اجیت پوار‘ چھگن بھجبل سمیت دیگر مخالف جماعتوں کے قائدین اس کانفرنس میں موجود تھے۔ اس موقع پر ان قائدین نے EVMمشین کے ذریعے کی گئی رائے دہی کے نتائج کو مشکوک بتایا اور بیلیٹ پیپر سے آئندہ اسمبلی انتخابات میں رائے دہی کرائے جانے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے تنقید کی ہیکہ مخالفین EVM مشین کو قصوروار ٹھہرانے کی بجائے خود احتسابی کریں۔ بی جے پی کی ’’مہا جنادیش یاترا‘‘ کل وردھا پہنچنے پر وزیرِ اعلیٰ نے صحافتی کانفرنس میں یہ بات کہی۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ پانچ برسوں سے عوام حکومت کی حمایت اور پذیرائی کررہے ہیں اور حکومت بھی عوام کے تئیں جواب دِہ ہے۔
***** ***** *****
سینئر صحافی رویش کمار کو اس برس کے ریمن میگسیسے ایوارڈ سے نوازا جائیگا۔ انتخابی کمیٹی نے کل رویش کمار سمیت کُل 5/ شخصیات کو یہ انعام دئیے جانے کا اعلان کیا۔ اس خصوص میں موصولہ اطلاع کے مطابق NDTV نیوز چینل کے سینئر ایگزیکٹیو ایڈیٹر رویش کمار کے ذریعے پیش کیا جانے والا پروگرام ’’پرائم ٹائم‘‘ حقیقت سے روشناس کرنے والااور عام آدمی کے مسائل کو سامنے لانے والا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد۔ جالنہ مقامی خود مختار اداروںکی جانب سے قانون ساز کونسل کی رُکنیت کیلئے داخل درخواستوں میں سے 6/ اہل قرار دی گئیں۔ شیوسینا۔ بی جے پی اتحاد کے اُمیدوار امباداس دانوے اورکانگریس۔ راشٹروادی کانگریس کے متحدہ اُمیدوار بابو رائو کلکرنی ان میں شامل ہیں۔ اس انتخاب کیلئے 19/ اگست کو رائے دہی ہوگی۔
***** ***** *****
پسماندہ طبقات کیلئے قائم انا صاحب پاٹل مالی ترقیاتی کارپوریشن نے بیڑ ضلع کے پانچ ہزار افراد کو قرض تقسیم کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ کارپوریشن کے چیئرمین نریندر پاٹل نے کل یہ اطلاع دی۔ موصوف کل مختلف بینکوںکے کنوینرس کی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ دریں اثناء بیڑ ضلع کے لیے فصل بیمہ کے 831/ کروڑ روپئے موصول ہوچکے ہیں، جس کا ساڑھے دس لاکھ کسانوںکو فائدہ ہوگا۔ یہ اطلاع ضلع انتظامیہ نے دی۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے رابطہ وزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر نے ضلع کی تمام تحصیلوں میں ’’وارکری بھون‘‘ کی تعمیر کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ اس خصوص میں کُل ایک کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کیا گیا ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment