Monday, 5 August 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 05.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 05 August 2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:  ۵؍ اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
جموں و کشمیر میں پیدا شدہ شدید کشیدگی کے پیشِ نظر ریاستی حکومت نے سری نگر سمیت متعدد اضلاع میں دفعہ 144/ کے تحت کل شب بارہ بجے سے حکمِ امتناع نافذ کردیا ہے۔ ان احکامات کے تحت لوگوںکے یکجا ہونے‘ اسلحہ لے جانے اور کسی بھی قسم کے جلسے و جلوس پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کشتوار‘ ریاسی‘ ڈوڈا‘ راجوری اور اُودھم پور اضلاع میں اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کشتوار‘ راجوری اضلاع اور رام بن ضلع کے بنی ہان علاقے میں کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ جموں یونیورسٹی کو آج بندکردیا گیا اور وہاں جاری امتحانات منسوخ کردئیے گئے۔ تعلیمی اداروں نے طلبہ کو ہاسٹل چھوڑدینے اور محفوظ مقامات پر روانہ ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ریاست کی موبائل اور انٹرنیٹ خدمات بھی مکمل طور پر بند کردی گئی ہیں۔ تاہم ضلع کلکٹروں اور پولس افسران و اہم عہدیداروں کو سٹیلائٹ فون دئیے گئے ہیں۔ 
جموں وکشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ‘ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو ان کی رہائش گاہوں پر ہی نظر بند کردیا گیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے اطلاع دی گئی ہے کہ ریاست کے دیگر سیاسی رہنمائوںکو بھی نظر بند کردیا گیا۔
دریں اثناء جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کل نئی دہلی میں ایک اجلاس طلب کیا ۔ اسی سلسلے میں اب سے کچھ دیر بعد ساڑھے نو بجے مرکزی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔
***** ***** ***** 
ریاست کے بیشتر مقامات پر کل بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ بالخصوص کوکن‘ ممبئی‘ تھانہ، پال گھر، ناسک اور پونا اضلاع میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ ممبئی میں اس برسات کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا۔ شہر کے مختلف مقامات پر پانی بھرجانے کے بعد ہاربر ریلوے خدمات بند کردی گئیں۔ ممبئی‘ پونے ریلوے لائن پر زمین کھسکنے کے باعث کئی ٹرینیں منسوخ کردی گئیں۔ ناگپور سے ممبئی آنے والی دورانتو ایکسپریس‘ اِگت پوری میں روک دی گئی۔ اس کے علاوہ ممبئی سے نکلنے والی کئی ٹرینیں منسوخ کردی گئیں، جن میں نندی گرام اور دیوگری ایکسپریس بھی شامل ہیں۔ ممبئی کو جانے والی متعدد ٹرینیں ناسک۔ اِگت پوری اور منماڑ میں روک دی گئیں اور چند ٹرینوں کو واپس روانہ کردیا گیا۔ 
اسی دوران وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ طوفانی بارش سے پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریاستی حکومت پوری طرح تیار ہے اور حکومت‘ آرمی‘ بحریہ اور دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
***** ***** ***** 
ناسک ضلع کے گنگا پور ڈیم سے چھوڑے جانے والے پانی کی قوت کل رات گیارہ بجے کے قریب کم کردی گئی۔ جس کے باعث ناسک شہر میں سیلاب کی شدت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ دریں اثناء ناسک میں سیلاب اورمختلف پشتوں سے چھوڑے جانے والے پانی کی باعث دریائے گوداوری میں طغیانی آئی ہوئی ہے اور جائیکواڑی ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جس کے باعث پشتے کی سطح آب میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
***** ***** ***** 
کوکن کے سندھو دُرگ اور رتناگری اضلاع میں آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہوگیا اور متعدد مقامات پر مکانات اور دیگر عمارتیں منہدم ہونے کی بھی خبریں ہیں۔
کولہاپور ضلع میں موسلا دھاربارش سے 35/ ہزار ہیکٹر پر کھڑی فصلوں میںپانی بھرگیا۔ ندیوں میں سیلاب کا اثر گنے اور چاول سمیت تمام فصلوں پر ہوا۔
***** ***** ***** 
جالنہ شہر میں کل بھی ہلکی بارش ہوئی۔ بھوکردن تعلقے کے دھامنا اور جوئی پشتوں کے سوا ضلع کے 41/ چھوٹے آبپاشی منصوبے ہنوز خشک ہیں۔ کنوئوں میں بھی ابھی تک پانی موجود نہیں ہے۔ اس لیے کسانوں کو اب بھی زوردار بارش کی ضرورت ہے۔
***** ***** ***** 
دریں اثناء آج بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے امکانات کے پیشِ نظر ریاست کے تھانہ، نئی ممبئی، رائے گڑھ، پونا، پال گھر، ناسک اور کولہا پور اضلاع میں ضلع کلکٹروں نے آج اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ستارا‘ سانگلی اور احمد نگر اضلاع میں بھی بیشتر اسکولوں میں تعطیل رہے گی۔
***** ***** ***** 
شیوسینا قائد آدتیہ ٹھاکرے نے ترغیب دی ہے کہ نئے مہاراشٹر کے قیام کیلئے شہری مدد کریں۔ وہ کل بیڑ میں ایس ٹی بس اسٹینڈ کے تعمیری کام کی تکمیل کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمل و نقل کے وزیر دیواکر رائوتے نے کہا کہ ہر دیہات تک ایس ٹی بس پہنچانے کا خواب بہت جلد پورا ہوگا۔
***** ***** ***** 
سیومیرٹ۔ سیو نیشن تنظیم نے اضافی ریزرویشن منسوخ کرنے کے مطالبے پر کل اورنگ آباد اور ہنگولی میں مظاہرے کیے۔ اورنگ آباد شہر میں مظاہرین نے بینر لگاکر زوردار نعرے بازی کرتے ہوئے یہ اضافی ریزرویشن ردّ کرنے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** ***** 

No comments: