Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 01.04.2020, Time 9:00 to 9.10 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 01 April-2020
Time: 09:00 to 09:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:یکم اپریل ۲۰۲۰
وَقت : 09:00- 09:10
***** ***** *****
:::::سب سے پہلے خاص خبروں کی سرخیاں::::::
٭ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے ایک بار پھر تلقین۔
٭ ریاست کے عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران و ملازمین کی ماہ مارچ کی تنخواہیں دو مرحلوں میں۔
٭ دودھ کی صنعت کو راحت کیلئے ریاستی حکومت 25/ روپئے فی لیٹر کی نرخ پر روزانہ 10/ لاکھ لیٹر دودھ خریدے گی۔
اور
٭ لاک ڈائون کے پیشِ نظر راستوں پر آنے والی تمام گاڑیوں پر پولس کی جانب سے سخت پابندی۔
۔۔اب خبریں تفصیل سے۔۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ اُدّھوٹھاکرے نے کورونا سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب کا اعادہ کیا ہے۔ کل انھوں نے ریاست کی عوام سے خطاب کیا۔ وزیرِ اعلیٰ نے عوام سے درخواست کی کہ ایئر کنڈیشنر کا استعمال کم کریں‘ ٹھنڈا پانی اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کا استعمال نہ کریں‘ بلکہ عام درجۂ حرارت کے مطابق پانی پئیں ‘ بلکہ گرم مشروبات کا استعمال کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام الرجی کے اسباب سے دور رہیں‘ اپنے معمول کے اسپتالوں میں نہ جائیں بلکہ کورونا کے لیے قائم کردہ خصوصی اسپتالوں میں جائیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ دیگر ریاستوں کے بے گھر محنت کش افراد کو واپس لوٹنے کی ضرورت نہیں ہے‘ کیونکہ ان کی رہائش و طعام کا انتظام ریاستی حکومت کررہی ہے ۔ریاست میں اشیائے ضروریہ اور غذائی اجناس کا ذخیرہ وافر مقدار میں موجود ہے اور ان اشیاء کی حمل و نقل آہستہ آہستہ شروع ہورہی ہے۔
***** ***** *****
کورونا وائرس سے پھیلی وباء کو روکنے اور مریضوں کے علاج و جانچ کیلئے قائم کردہ وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ کے کھاتے میں گذشتہ دو دِنوں میں 12/ کروڑ 50/ لاکھ روپئے جمع ہوچکے ہیں۔ کمپنیوں کے سماجی فرائض فنڈاور عطیات کی مد میں کورونا انتظامی ادارے کو کئی صنعتوں اور خانگی اداروںنے امداد کا آغاز کردیا ہے۔ مقبول گائیکا لتا منگیشکر نے وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ میں 25/ لاکھ روپئے عطیہ کیا ۔ اداکار وِکی کوشل نے وزیرِ اعظم اور وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈز میں مجموعی طور پر ایک کروڑ روپئے عطیہ دیئے۔ معروف کرکٹ کھلاڑی روہت شرما نے کورونا کے علاج کیلئے 80/ لاکھ روپئے دئیے۔ اس میں سے 45/ لاکھ روپئے وزیرِ اعظم اور 25/ لاکھ وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ کو دئیے گئے۔ اس کے علاوہ زومیٹو فیڈنگ انڈیا فنڈ میں پانچ لاکھ اور آوارہ کتوں کیلئے پانچ لاکھ روپئے کا بھی انھوںنے عطیہ کیا۔
لاتور ضلع امدادِ باہمی بینک نے وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ کیلئے ایک کروڑ گیارہ لاکھ روپئے عطیہ کیے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے ملازمین نے وزیرِ اعظم فنڈ میں سو کروڑ روپئے جمع کروائے۔ یہ اطلاع بینک کے چیئرمین رجنیش کمار نے دی۔
***** ***** *****
ریاست میں کورونا کی جانچ کیلئے قائم کردہ سب سے زیادہ مراکز مہاراشٹر میں ہیں۔ ان میں سے 13/ سرکاری اور 8/ خانگی مراکز میں روزانہ ساڑھے پانچ ہزار افراد کی جانچ ممکن ہے۔ یہ اطلاع وزیر برائے صحت ِ عامہ راجیش ٹوپے نے دی۔ ریاست میں اب تک 6/ ہزار 323/ افراد کی جانچ کی گئی‘ جن میں سے 5/ ہزار 911/ افراد کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔ انھوںنے بتایا کہ کورونا کا مقابلہ کرنے کیلئے طبّی مشنری کے پاس ضروری وسائل موجود ہیں۔
***** ***** *****
ریاست میں کل ایک دِن میں کورونا کے 82/ نئے کیسیس سامنے آئے۔ اس طرح ریاست میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 302/ ہوگئی ہے۔ کل ممبئی میں 59/ احمد نگر میں 3/ اور پونا‘ تھانہ، کلیان‘ ڈومبیولی‘ نئی ممبئی اور وسئی ویرار میںدو۔ دو نئے مریضوںکی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ اسی اثناء میں مہاراشٹر میں اب تک 39/ افراد کو شفا یاب ہونے کے بعد گھر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ جن میں 14/ افراد ممبئی کے ہیں‘ پمپری چنچوڑ کے 9/ پونا کے 7/ ناگپور 4/ ایوت محل 3/اور اورنگ آباد و احمد نگر کے ایک ایک مریض کو صحت یابی کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا۔ ان تمام افراد کو ان کے مکانات میں مزید 14/ دنوں تک مکمل تنہائی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ریاست بھر میں ساڑھے چار ہزار مریضوں کو بھی کورنٹائن کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
محکمۂ صحت ِ عامہ نے لاک ڈائون کے عرصے میں بیزارگی سے بچنے کیلئے تمباکو کے استعمال اور شراب نوشی سے احتراز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس خصوص میں جاری کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ ان ممنوعہ اشیاء کے استعمال سے جسم کی قوتِ مدافعت کم ہوسکتی ہے اور نفسیاتی تندرستی پر بھی یہ نشہ آور اشیاء اثر انداز ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
دہلی کے نظام الدین کے تبلیغی مرکز میں مارچ کے مہینے کے پہلے ہفتے میں منعقدہ تبلیغی اجتماع میں 2/ ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔ اس اجتماع میں بیرون ملک سے آئی جماعتیں بھی شریک ہوئی تھیں۔ اس اجتماع میں شامل 24/ افراد کے کورونا سے متاثر ہونے کی اطلاع کل دی گئی۔ اب حکومت نے ملک بھر میںاس اجتماع میں شامل ہونے والے افراد کی معلومات اکٹھا کرنا شروع کردی ہے۔ ریاست ِ مہاراشٹر سے 109/ افراد بھی اس اجتماع میں شریک ہوئے تھے‘ ان تمام افراد کی جانچ ریاستی حکومت کرے گی۔
دریں اثناء تبلیغی جماعت کے امیر مولانا سعد کاندھلوی کے خلاف ہنگامی انتظامی قانون اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
کورونا کے پیشِ نظر وزیرِ اعلیٰ‘ نائب وزیرِ اعلیٰ سمیت مقامی خود مختار اداروں‘ عوامی نمائندوں نیز ملازمین و افسران کی ماہ مارچ کی تنخواہیں دو مرحلوں میں ادا کرنے کا فیصلہ ریاستی حکومت نے کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک سرکاری حکمنامہ محکمہ مالیات نے کل جاری کیا۔ ریاست کے درجہ اوّل اور دوّم کے افسران و ملازمین کو مارچ مہینے کی تنخواہ کا پچاس فیصد حصہ اور درجہ سوم کے ملازمین کو تنخواہ کا 75/ فیصد حصہ پہلے مرحلے میں ادا کیا جائیگا۔ درجہ چہارم کے ملازمین اور وظیفہ یاب افراد کو پوری تنخواہ اور وظیفہ ادا کیا جائیگا۔ ان تمام افسران و ملازمین کی تنخواہ میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی ہے۔ تنخواہوں کے بقایہ جات دوسرے مرحلے میں ادا کردئیے جائیں گے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے یہ وضاحت کی۔ انھوںنے کہا کہ کورونا کے باعث ریاست کی آمدن میں کمی اور کورونا کیخلاف جاری جدوجہد میں مالی تعاون کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
دودھ کی صنعت کو راحت پہنچانے کیلئے ریاستی حکومت روزانہ کی بنیاد پر 25/ روپئے فی لیٹر کی نرخ پر دس لاکھ لیٹر دودھ خریدے گی۔ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے کل اس خصوص میں منعقدہ اجلاس کے بعد یہ اعلان کیا۔ انھوں نے بتایا کہ کھلے بازاروں میں دودھ کی قیمت میں کمی کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ چند دِنوں میں یہ خریدی شروع کی جائیگی جو کورونا کا اثر ختم ہونے تک جاری رہے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پورا ملک جان لیوا کورونا وائرس کے خطرے سے مقابلہ کررہا ہے اور ایسی سنگین صورتحال میں آج یکم اپریل کو اپریل فول بنانے کی جو روایت چلی آرہی ہے اس پر عمل نہ کریں۔ انھوں نے تلقین کی کہ کوئی بھی شخص اپریل فول کی آڑ میں کسی بھی قسم کی افواہ نہ پھیلائے۔
***** ***** *****
اسی دوران وزیرِ داخلہ نے تیقن دیا ہے کہ لاک ڈائون کی صورتحال میں بیرونِ ریاست سے آنے والا کوئی بھی مزدور بھوکا نہیں رہے گا۔ انیل دیشمکھ نے کل ممبئی کے بائیکلہ کے رچرڈسن کروڈاس کمپنی کے احاطے میں قائم کردہ کیمپوں کا دورہ بھی کیا اور دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے مزدوروں سے ملاقات کرکے ان میں اناج تقسیم کیا۔
***** ***** *****
کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومت نے مختلف سطحوں پر اقدامات کیے ہیں۔ ضروری اقدامات کے زمرے میں آنے والے پٹرول‘ ڈیزل اور رسوئی گیس کی فراہمی جاری ہے۔ اس ترسیل کے دوران اگر کورونا سے متاثر ہوکر کسی ملازم کی موت واقع ہوتی ہے تو انڈین آئیل‘ بھارت پٹرولیم اور ہندوستان پٹرولیم نے اس ملازم کے گھر والوں کو پانچ لاکھ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔ حساس علاقوں میں کام کرنے والے ملازمین اور ان کے خاندانوں کا ایک لاکھ روپئے تک کا بیمہ بھی کروایا گیا ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میں کل درمیانی شب سے خانگی گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پوری طرح پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پولس کمشنر چرنجیو پرساد نے یہ حکمِ امتناع جاری کیا۔ اس حکمنامے کے مطابق کل درمیانی شب سے 14/ اپریل کی شب تک سائیکل‘ ٹو وہیلرز‘ تھری وہیلرز اور فور وہیلرز راستوں پر نہیں چلیں گے۔ ہنگامی خدمات‘ پولس‘ طبّی خدمات اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔ تاہم اس طرح کے خدمات انجام دینے والے ڈرائیورز کو بھی اپنا شناختی کارڈ اور محکمے کی جانب سے دیا گیا صداقت نامہ ساتھ رکھنا ہوگا۔
***** ***** *****
اورنگ آباد دیہی پولس نے اب ڈرون پٹرولنگ شروع کردی ہے۔ ضلع کے سلوڑ‘ گنگا پور‘ پیٹھن‘کنڑ اور ویجا پور کے 23/ پولس تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں یہ ڈرون پٹرولنگ شروع کی جائیگی۔ اس فیصلے کے باعث ضلع میں صد فیصد لاک ڈائون کرنے میں مدد ملے گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے شری گرو گوبند سنگھ میموریل سرکاری اسپتال میں وینٹی لیٹر‘ ماسک‘ ادویات اور ضروری آلات کیلئے 2/ کروڑ 90/ لاکھ روپئے کی امداد کل جاری کی گئی۔ ضلع کے رابطہ وزیر اشوک چوہان نے ناندیڑ میں منعقدہ اجلاس میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
لاتور میں کرفیو کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر دوڑنے والی گاڑیوں کی ضبطی کا سلسلہ جاری ہے۔ کل پولس نے 30/ ٹو وہیلرز اور 2/ فور وہیلر گاڑیاں ضبط کیں۔ اب لاک ڈائون کے اختتام کے بعد ہی یہ گاڑیاں ان کے مالکان کو واپس دی جائیں گی۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے تحت آنے والے تمام کالجوں کے اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین سے ایک دِن کی تنخواہ وزیرِ اعلیٰ امدادی فنڈ میں جمع کروانے کی اپیل وائس چانسلر پرمود ایولے نے کی ہے۔ اس سلسلے میں رجسٹرار جئے شری سوریہ ونشی نے تمام کالجوں کو ایک مکتوب ارسال کیا۔
***** ***** *****
:::::آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر سن لیجیے::::::
٭ کورونا وائرس سے بچنے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی جانب سے ایک بار پھر تلقین۔
٭ ریاست کے عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران و ملازمین کی ماہ مارچ کی تنخواہیں دو مرحلوں میں۔
٭ دودھ کی صنعت کو راحت کیلئے ریاستی حکومت 25/ روپئے فی لیٹر کی نرخ پر روزانہ 10/ لاکھ لیٹر دودھ خریدے گی۔
اور
٭ لاک ڈائون کے پیشِ نظر راستوں پر آنے والی تمام گاڑیوں پر پولس کی جانب سے سخت پابندی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment