Friday, 17 April 2020

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 17.04.2020, Time 9:00 to 9.10 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 17 April-2020
Time: 09:00 to 9:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۷؍ اپریل  ۲۰۲۰؁
وَقت :  ۱۰:۹  ۔  ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ چین سے 5/ لاکھ Corona Virus Rapid Testing Kits در آمد۔
٭ آئندہ 20/ اپریل سے برقی آلات کی Online فروخت کی اجازت۔
٭ ریاست میں مزید 6/ سرکاری کورونا طبّی تجزیہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔ وزیرِ صحت راجیش ٹوپے
٭ رمضان کے مبارک مہینے میں Curfew, Lock Down اور سماجی دوری پر عمل پیرا ہونے کیلئے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کی ہدایت
٭ ریاست میں کورونا کے 286/ نئے مریض۔ 7/ کی موت۔
٭ اورنگ آباد شہر میں کل 3/ جبکہ پربھنی شہر میں ایک نئے کورونا مریض کی موجودگی کا انکشاف۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کے علاج میں معاون 5/ لاکھ Rapid Testing Kits چین سے درآمد کیے جانے کی اطلاع دی ہے۔ تاہم ان کٹس کا استعمال کورونا مرض کی تشخیص کیلئے نہیں بلکہ صرف نگہداشت کیلئے کیا جائیگا۔ میڈیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا کے سائنس داں ڈاکٹر رمن گنگا کھیڑکر نے یہ وضاحت کی۔ یہ کٹس کورونا متاثرین کے رابطے میں آنے والے افراد‘ Hot Spot کے افراد‘ طبّی شعبے کا عملہ، ساری نامی بیماری کے متاثرین انفلوئنزا کے مریض اور بیرونِ ملک سفرکیے ہوئے افراد کیلئے استعمال کی جائیں گی۔ گنگا کھیڑکر نے کہا کہ ان کٹس کے ذریعے کسی مخصوص علاقے میں کورونا وائرس مرض کی شدت کے بارے میں جاننا ممکن ہوسکے گا۔ گنگا کھیڑکر نے بتایا کہ Rapid Testing Kits کے علاوہ ملک میں روزانہ 78/ ہزار سے زائد ٹیسٹ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ انھوںنے مزید بتایا کہ ملک بھر میں اب تک 2/ لاکھ 90/ ہزار ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
حکومت نے ملک میں آئندہ 20/ اپریل سے موبائل فون سمیت دیگر برقی آلات آن لائن فروخت کرنے کی اجازت دی ہے۔ مرکزی داخلہ سیکریٹری اجئے بھلا نے لاک ڈائون سے متعلق ترمیم شدہ رہنماء خطوط جاری کیے۔ جس کے تحت یہ اجازت دی گئی۔ اس کے نتیجے میں موبائل فون‘ ٹی وی‘ فریزر‘ لیپ ٹاپ اور دیگر اسٹیشنری اشیائ‘ ایمیزون‘ فلپ کارٹ‘ اسنیپ ڈیل جیسی آن لائن سائٹس سے خریدی جاسکیں گی۔ وزارتِ داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ برقی سامان صارفین تک پہنچانے کیلئے استعمال کی جانے والی گاڑیوں کی اجازت لی جانی چاہیے۔
***** ***** *****
مرکز نے ریاستی حکومتوں کو مہاجر مزدوروں کے قیام و طعام اور علاج کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔ مرکزی کابینہ کے سیکریٹری کی جانب سے ریاستی حکومت کے پرنسپل سیکریٹریز کے ساتھ تبادلۂ خیال کے بعد یہ ہدایت جاری کی گئی۔ ہدایت میں کہا گیا ہے کہ ہر ضلع میں ضلع کلکٹر‘ ایک نوڈل افسرکا تقرر کرے اورمزدوروں کا ہر کیمپ ایک افسر کے زیرِ نگرانی رکھا جائے۔
***** ***** *****
کانگریس قائد اور رکنِ پارلیمنٹ راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا وباء کو شکست دینے کیلئے حکومت کی جانب سے شہریان کی اچانک طبّی جانچ کیے جانے کی ضرورت ہے۔ کل ٹیلی کانفرنسنگ کے ذریعے اخباری کانفرنس میں انھوں نے یہ بات کہی۔ انھوں نے اس وباء سے مقابلے کیلئے ملک سے متحد ہونے کی اپیل کی۔ انھوں نے اس مشکل سے بحفاظت باہر آنے کیلئے ریاستوں کو ضرورت کے مطابق طبّی آلات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔
***** ***** *****
ریاست کے محکمۂ داخلہ نے کورونا سے متعلق جاری کیے گئے رہنماء خطوط کی خلاف ورزی اور غلط خبریں نشر کرنے کی پاداش میں ایک ٹی وی چینل کے دو ملازمین کے خلاف کاروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیرِ داخلہ انیل دیشمکھ نے یہ اطلاع دی۔ ریاست کے وزیر جتندر اوہاڑ کی بیٹی سے متعلق غلط اطلاع فراہم کرنے کی پاداش میں نامہ نگار اور نیوز ریڈر کیخلاف کاروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ اسی بیچ باندرہ ریلوے اسٹیشن پر ہجوم اکٹھا کرنے کے معاملے میں گرفتار نیوز چینل ABP ماجھا کے صحافی راہل کلکرنی کی ضمانت منظور کی جاچکی ہے۔ 15 / ہزار روپیوں کے ذاتی مچلکے پر ان کی رہائی عمل میں آئی۔
***** ***** *****
ریاست کے طبّی تعلیم کے وزیر امت دیشمکھ نے امید ظاہر کی ہے کہ سماجی دوری اورماسک پہننے کو اب عوام اپنے طرزِ زندگی میں شامل کریں گے۔ فون پر اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ موصوف نے یہ بات کہی۔ انھوں نے اس موقع پر لاتور میں کورونا کی جانچ کیلئے جلد ہی طبّی تجزیہ گاہ کے قیام کا تیقن بھی دیا۔
***** ***** *****
شہری ہوا بازی کی وزارت نے ہدایت جاری کی ہے کہ جن مسافروں نے 25/ مارچ تا 3/مئی کے درمیان ہوائی جہازوں کے ٹکٹ خریدے ہیں انہیں بغیر تخفیف کے تمام رقم واپس کی جائے۔ لاک ڈائون کے باعث ہوائی کمپنیوں کی جانب سے پروازیں منسوخ کیے جانے کے بعد ٹکٹوں کی رقم واپس نہ کرتے ہوئے اسے ایڈوانس کے طور پر جمع رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ہوائی کمپنیوں کے اس فیصلے کی مسافروں نے مخالفت کی اور سوشل میڈیاپر شکایت درج کروائی‘ جس کے بعد وزارت نے یہ ہدایت جاری کی۔
***** ***** *****
مرکزی خدماتِ عامہ کمیشن کے تحت منعقد کیے جانے والے UPSC امتحانات اور انٹرویو کی نئی تاریخوں کا اعلان لاک ڈائون ختم ہونے کے بعد کیا جائیگا ۔ اس خصوص میں کمیشن کی ویب سائٹ پر اطلاع دی جائیگی۔ کمیشن نے صدر اور اراکین کی تنخواہ میں سال بھر کے لیے 30 / فیصد کی کمی کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اسٹاف سلیکشن کمیشن کی جانب سے منعقد کیے جانے والے متعدد امتحانات کی تاریخیں 3/ مئی کے بعد ویب سائٹ پر فراہم کیے جانے کی اطلاع کمیشن نے دی ہے۔ کمیشن کے افسران و ملازمین نے بھی وزیرِ اعظم راحتی فنڈ میں اپنی ایک دِن کی تنخواہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے وزیرِ صحت راجیش ٹوپے نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق طبّی جانچ کیلئے مزید 6 / سرکاری طبّی تجزیہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔
***** ***** *****
اقلیتی اُمور کے مرکزی وزیر اور مرکزی وقف کونسل کے چیئرمین مختار عباس نقوی نے ہدایت دی ہے کہ آئندہ شروع ہونے والے رمضا ن کے مقدس مہینے میں لاک ڈائون ‘ کرفیو اور سماجی دوری کے اصولوں پر سختی سے عمل کیاجائے۔ وزیر ِ موصوف نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے 30/ سے زائد ریاستی وقف بورڈس کے سینئر عہدیداروں سے اس خصوص میں تبادلۂ خیال کیا۔ دریں اثناء لاک ڈائون کے تناظر میں مسلم مفکرین اور مساجد کے اماموں نے ماہِ رمضان کیلئے رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ جس میں نماز گھروں پر ادا کرنے‘ غریبوںکی امداد کرنے‘ افطار پارٹیوں کا انعقاد نہ کرنے اور لاک ڈائون سے متعلق حکومتی احکامات پر عمل کرنے کی ہدایتیں شامل ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کالجوںاور تعلیمی اداروں کو لاک ڈائون کے خاتمے اور معمول کے مطابق حالات کی بحالی تک طلبہ سے فیس کی ادائیگی کیلئے تقاضہ نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انسانی وسائل کی مرکزی وزارت نے تمام کالجوںاور تعلیمی اداروں سے فیس کی ادائیگی اور ادائیگی کی مدت میں توسیع سے متعلق معلومات اپنی ویب سائٹ پر ظاہر کرنے اور طلبہ کو ای میل کے ذریعے اطلاع دینے کی ہدایت دی ہے۔ وزارت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس عرصے کے دوران اساتذہ اور عملے کی تنخواہیں ادا کی جائیں گی اور طلبہ کیلئے آن لائن کلاسیس بھی جاری رہیں گی۔
***** ***** *****
ریاست میں کل کورونا کے 286/ نئے مریض پائے گئے ۔ جس کے بعد ریاست میں کورونا متاثرین کی کُل تعداد 3202/ ہوچکی ہے۔ کل اس مرض سے 7/ مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔ وزارتِ صحت نے بتایا کہ مرنے والوں میں عمر رسیدہ افرادکی تعداد زیادہ ہے۔ ریاست میں اب تک اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی کُل تعداد 194/ ہوچکی ہے جبکہ 300/ افراد اس مرض سے شفاء یاب ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔
اورنگ آباد شہر میں کورونا متاثرین کی تعداد اب 28/ ہوچکی ہے۔ شہر میں کل کورونا سے متاثر تین نئے مریضوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ شہر کے بائجی پورہ علاقے کے ایک 17/ سالہ مریض کی حاملہ ماں اور ایک رشتہ دار کی رپورٹ کورونا مثبت پائی گئی ہے۔ ساتھ ہی بسم اللہ کالونی کی ایک 65/ سالہ خاتون کی رپورٹ بھی مثبت پائی گئی ہے۔
پونا میں کورونا سے متاثرہ 3/مریضوں کی کل موت واقع ہوگئی۔ جس کے بعد پونا میں اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 43/ ہوچکی ہے۔ خبر رساں ادارے PTI کو موصولہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں مریض پہلے ہی سے مختلف بیماریوں کے شکار تھے۔ ضلع میں کورونا مریضوں کی کُل تعداد اب 437/ ہوچکی ہے۔
دریں اثناء ناسک ضلع میں دو نئے مریضوں کے انکشاف کے ساتھ کورونا میں مبتلا مریضوںکی تعداد 48 / ہوچکی ہے جس میں مالیگائوں کے 40/ مریض بھی شامل ہیں۔
پال گھر ضلع میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 69/ ہوگئی ہے۔ کل دوپہر تک اس مرض کے 14/ نئے معاملے درج کیے گئے۔ اب تک کُل متاثرین میں سے 5/ اس بیماری کی نذر ہوچکے ہیں۔
***** ***** *****
لاتور کے ضلع کلکٹر جی شریکانت نے اطلاع دی ہے کہ ضلع میں اینٹی کورونا فورس کی تشکیل کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تالہ بندی کے دوران حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر مکمل عمل آوری کیلئے کورونا مخالف دستہ کام کرے گا۔ جی شریکانت کے مطابق پولس‘ فوج میں شامل ہونے کیلئے تیاری کرنے والے نوجوان‘ Competative امتحانات کی تیاریوں میں مصروف طلبہ اور سابق فوجی ساتھ آکر کورونا مخالف دستہ تشکیل دیں۔ اسی بیچ لاتور میں کل ماسک کا استعمال نہ کرنے والے شہریان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ جرمانے کے طور پر کم و بیش 7500 روپئے وصول کیے گئے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ چین سے 5/ لاکھ Corona Virus Rapid Testing Kits در آمد۔
٭ آئندہ 20/ اپریل سے برقی آلات کی Online فروخت کی اجازت۔
٭ ریاست میں مزید 6/ سرکاری کورونا طبّی تجزیہ گاہیں قائم کی جائیں گی۔ وزیرِ صحت راجیش ٹوپے
٭رمضان المبارک کے مہینے میں Curfew, Lock Down اور سماجی دوری پر عمل پیرا ہونے کیلئے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کی ہدایت
٭ ریاست میں کورونا کے 286/ نئے مریض۔ 7/ کی موت۔
٭ اورنگ آباد شہر میں کل 3/ جبکہ پربھنی شہر میں ایک نئے کورونا مریض کی موجودگی کا انکشاف
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 31.05.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 31 May 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रपती...