Monday, 20 April 2020

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date : 20 April 2020
Time:  09 : 00 to 09: 10 AM
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:   ۲۰ ؍  اپریل  ۲۰۲۰ئ؁
وَقت: صبح  ۰۰۔۹  سے  ۱۰۔۹؍ بجے 

 پہلے خاص خبروں کی سر خیاں......

 ٭  ریاست کے کورونا وائرس سے پاک حصوں میں آج سے محدود پیمانے پر کاروباری سر گر میاں کی جاسکتی ہے شروع  تا ہم  اضلاع کی سرحدیں بند رہیں گی۔  وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے۔
 ٭ریاست میں کل پائے گئے مزید552؍ کورونا متاثرہ مریض ‘ 19؍ مریضوںکی وفات۔
 ٭  اور نگ آباد میں مزید دو افراد کی کورونا جانچ رپورٹ آئی مثبت   لاتور ضلع کورونا وائرس سے پاک
  اور
 ٭  کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے ہدایات پر عمل کرنے کی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کی اپیل۔

  اور اب خبریں تفصیل سے....

 وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھا کرے نے کہا ہے کہ ریاست کے وہ حصے جو کورونا وائرس کے اثر سے پاک ہیں وہاں آج سے محدود پیما نے پر کاروبار شروع کرنے کی اجازت ہو گی۔ تاہم اضلاع کی سر حد بندی حسب حال جاری رہے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کل فیس بک لائو پر ریاست کے عوام سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں اُنھوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ شہر یان نہا یت ضروری کام کے سلسلے میں ہی گھر سے باہر نکلیں  اور باہر جاتے وقت ماسک لازمی پہنیں ۔ اُنھوں نے کہا کہ بخار یا سر دی کا شکایت ہونے پر فوراً فیور کلینک کا رخ کریں۔جناب ٹھاکرے نے کہا کہ بیشتر معاملات میں مریض آخری مرحلے میںدواخانہ جاتے ہیں جس کی وجہ سے جانچ رپورٹ آنے سے قبل ہی اُنکی وفات ہو جا تی ہے۔
ایسے مریضوں کے لیے ہم خواہش کے باوجود کچھ نہیں کر پاتے  ۔ اُنھوں نے کہا کہ مکمل بند کے دوران خواتین پر گھریلو تشدد یا کسی بھی قسم کی بد سلوکی کا علم ہونے پر  پولس سے 100؍ نمبر پر رابطہ کریں ۔ اِس کے علا وہ ذہنی مریضوں کے مسائل کے لیے 1800 120 82 0050 ؍  اِس نمبر پر رابطہ قائم کیا جا سکتاہے۔  وزیر اعلیٰ نے مزید بتا یا کہ اخبارات اسٹال توپر دستیاب ہوں گے مگر گھروں پر تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ 

***** ***** *****

  مرکزی وزارتِ داخلہ نے  ملک بھر میں نافذ مکمل بند کے دوران مختلف ریاستوں میں پھنسے ہوئے مزدوروں کو من ریگا ‘ زراعت ‘ صنعت  وحرفت ‘ اور تعمیرات کے شعبے میں شروع ہورہے کاموں میں شامل کرتے وقت  اُن کی آمد و رفت کے انتظا مات سے متعلق رہنما خطوط جاری کیے ہیں۔جس کے مطا بق ایسے مزدور جس ریاست میں ہے صرف اُسی ریاست میں ہی نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔ اُنھیں اُس ریاست سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
کورونا وائرس کے اثر سے پوری طرح محفوظ مزدور کو ہی کام پر جانے کی اجازت ہو گی۔ مزدوروںکے لیے استعمال ہونے والی بس کو جراثموں سے پاک کرنا  اِسی طرح بس میں سماجی فاصلے کے ضابطے پر عمل آوری کرنا بھی لازمی ہو گا۔
اور سفر کے دوران مزدوروں کے کھانے پینے کا انتظام مقامی حکام کو کرنا ہو گا۔  

***** ***** *****

 وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ COVID-19؍ جر ثومہ مذہب‘ مسلک‘ رنگ ‘ ذات  یا  زبان  نہیں دیکھتا ۔ یہ مرض کسی کو بھی ہو سکتا ہے۔ایسے حالات میں اہل وطن کو یکجہتی اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔اُنھوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں کام کرنے کے طریقوں میں تبدیلی آ رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ وقت کا تقاضہ ہے کہ طرز  زندگی اور پیشہ ورانہ سر گر میوں میں ایسی تبدیلیاں لائی جائے جس پر عمل کرنا سبھی کے لیے آسان ہو۔

***** ***** *****

 ریاست بھر میں کل کورونا وائر سے متاثرہ مزید552؍ مریضوں کی نشاندہی ہوئی ۔ جس کے بعد ریاست میںکورونا مریضوں کی تعداد بڑھ کر4؍ہزار200؍ ہو چکی ہے۔ اور کل دن بھر میں کورونا  کے 19؍مریض انتقال کر گئے۔  جب کہ507؍ مریضوں کو مکمل صحت یاب ہو جانے کے بعد دواخانوں سے چھٹی دیدی گئی ۔ ایک افسر نے بتا یا کہ کثیر تعداد میں کیے جا رہے ٹسٹ‘  مریضوں کی تلاش مہم  اور  قدرتی پھیلائو کی وجہ سے مریضوں کی تعداد میں اضا فہ ہورہا ہے۔

***** ***** *****

 اورنگ آباد میں کل 2؍ افراد کی کورونا جانچ رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اِس میں سمتا نگر علاقے کا رہائشی ایک 38؍ سالہ شخص اور عارف کالونی کی ایک55؍ سالہ خاتون کا شمار ہے۔ جس کے بعد اورنگ آ باد میں کورونا متاثرین کی تعداد31؍ ہو گئی ہے۔
 اِسی دوران اورنگ آ باد کے 5؍ کورونا متاثرین علاج کے بعد کل مکمل صحت یاب ہو چکے ہیں۔ یہ مریض14؍ روز سے زیر علاج تھے ۔ ضلع سول سر جن ڈاکٹر سندر کلکر نی نے بتا یا کہ اِن مریضوں کی آخری جانچ رپورٹ منفی آئی ہے  لہذا اِن  پانچوں مریضوں کو کل دوا خانے سے چھٹی دیدی گئی ۔
 اورنگ آبادمیں کورونا متاثرہ خاتون کی نوزائدہ بیٹی کورونا وائرس سے پوری طرح پاک ہے۔ ضلع سول سر جن ڈاکٹر سندر کلکر نی نے بتا یا کہ معصوم بچی کی کورونا جانچ کی رپورٹ منفی آئی ہے۔
 خیال رہے کہ تا حال اورنگ آباد میں 8؍ کورونا متاثرین صحت یاب ہو چکے ہیں اور فی الحال صرف 19؍ مریض اورنگ آباد ضلع ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

***** ***** *****

 جالنہ ضلع ہسپتال میں قائم کیے گئے مخصوص وارڈ میں کل کورونا کے 10؍ مُشتبہ مریضوں کو شریک کیا گیا۔ اضا فی ضلع سول سر جن ڈاکٹر سنجئے کلکر نی نے یہ اطلاع دی ہے ۔ اُنھوں نے مزید بتا یا کہ گزشتہ دو  روز میں داخل کیے گئے 17؍ مریضوں کے لعابِ دہن کے نمو نے جانچ کے لیے تجزیہ گاہ کو روانہ کیے جا چکے ہیں۔ ڈاکٹر کلکر نی نے بتا یا کہ ضلع ہسپتال میں دو روز قبل فوت ہوچکے نوجوان کی کورونا جانچ رپورٹ منفی آئی ہے۔  اُنھوں نے بتایا کہ اُس کی موت ڈینگی جیسی بیماری سے ہوئی ہے۔

***** ***** *****

 شو لا پور میں کل کورونا وائر سے متاثرہ69؍سالہ مریضہ کی موت واقع ہو گئی ۔ اِس مریضہ کے انتقال کے بعد اُن کا رہائشی علاقہ سیل کر دیا گیا ہے۔ گرین زون میں شامل شولا پور ضلعے میں کورونا متاثرین کی تعداد میں اضا فہ ہو رہا ہے۔

***** ***** *****

 ایوت محل میں دو افراد کی کورنا جانچ رپورٹ مثبت آئی ہے۔ اِن دو نوں مریضوں کو گزشتہ کچھ روز پہلے مخصوص وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ ہمارے نمائندے کی اطلاع کے مطا بق یہ دو نوں مریض کورونا متاثرہ مریضوں کے رابطے میں آئے تھے۔ جس کی وجہ سے وہ بھی کورونا وائرس کے نرغے میں آ گئے ہیں۔

***** ***** *****

 لاتور کی ولاس رائو دیشمکھ سر کاری میڈیکل سائنس اِنسٹی ٹیوٹ میں زیر علاج  دیگر ریاستوںکے 8؍ کورونا متاثرین کی دوسری کورنا جانچ رپورٹ منفی آ ئی ہے۔جس کے بعد لاتور ضلعے کو  کورنا وائرس سے پاک قرار دیا جا رہا ہے۔لاتور کے رابطہ وزیر امیت ولاس رائو دیشمکھ نے بتا یا کہ ضلعے میں کورونا وائرس کا کوئی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے اِسی لیے آج سے ضلعے میں لاک ڈائون کی پا بندیوں میں نر می کی جا ئے گی۔ تاہم ضلعے کی سر حدی بہ دستور بند رہیں گی۔ 

***** ***** *****


***** ***** *****
 یہ خبریں آکاشوانی اورنگ آ باد سے نشر کی جا رہی ہیں
***** ***** ***** 


 وزیر داخلہ انیل دیشمکھ نے کہا ہے کہ تمام ملک سمیت ریاست بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکو مت و انتظامیہ جنگی پیما نے پر اقدامات کر رہا ہے اوریہ لڑائی جیتنے کے لیے ہم سب کو مل کر کوشش کر نی ہو گی۔
کل اورنگ آ باد ضلعے میں کورونا وائرس کے سبب پیدا شدہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد وہ اظہار خیال کر رہے تھے۔ اِس موقعے پر اُنھوں نے ہدایت دی کہ مقدس ماہِ رمضان المبارک میں مسلم برادران کے لیے مختلف مقامات پر پھل خریدی کے انتظامات کریں تا کہ عوامی ہجوم کو ٹالا جا سکے ۔
 وزیر داخلہ نے کل جالنہ ضلع کلکٹر دفتر میں بھی ایک میٹنگ لی جس میں اُنھوں نے ضلعے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات  اور ضلعے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اِس موقعے پر اُنھوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدیات دی کہ ضلعے میں کورونامتاثرین کی تعداد میں ا ضا فہ نہ ہو اس کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

***** ***** *****

 اورنگ آباد ضلعے ویا پا ری مہا سنگھ نے چھوٹے موٹے تاجروں کے لیے مرکز اور ریاستی حکومت سے مالی معاونت کا مطالبہ کیا ہے۔مذکور ہ تنظیم کی جانب سے کل اِس خصوص میں ایک مکتوب وزیر داخلہ کو پیش کیا گیا ۔ جس میں بینک اور دیگر مالیاتی اِداروں سے حاصل کر دہ قرضہ جات کی تشکیل نو  کرکے شرح سود میں کمی کرنے   اور  بجلی کے واجب الاداء بل میں 50؍ فیصد رعایت دینے وغیرہ مطالبات کیے گئے ہیں۔

***** ***** *****

  اورنگ آباد کے پولس کمشنر چرنجیو پر ساد نے شہر اورنگ آباد میں لاک ڈائون پر سختی سے عمل آ وری کرنے کی غرض سے  طبی خدمات اور اجازت یافتہ  خد مات کو چھوڑ کر دیگر سبھی کاربار دو پہر دیڑھ بجے سے رات 11؍ بجے تک بند رکھنے  کا حکم جا ری کیا ہے۔

***** ***** ***** 

  پر بھنی ضلع کلکٹر دفتر سے موصولہ اطلاع کے مطا بق پر بھنی شہر میں گزشتہ تین دنوں سے نافذ کر دہ کر فیو میں آج صبح7؍ بجے سے دو پہر2؍ بجے تک نر می کی جا ئے گی۔ اِس دوران شہر یان ضروری اشیاء کی خریدی کر سکتے ہیں۔

***** ***** *****

 عالمی ادارہ صحت WHO کی جانب سے اورنگ آباد کی کچی بستیوں میں کورونا وائرس کے پھیلائو سے متعلق عوامی بیداری پیدا کی جا رہی ہے۔ اِسی سلسلے میں شہر کے کراڑ پورہ علاقے میں کل عوام کو  کورونا وائرس کے پھیلائو سے متعلق معلومات دی گئی۔ اِس موقعے پر رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل اور  ادارہِ صحت کے ڈاکٹر  مجیب سید  کے ساتھ میڈیکل افسران  ‘ عوامی نمائندے  اور  فلاحی اِداروں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔اِس موقعے پر رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے شہر یان سے مکمل بند پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی اپیل کی۔  اُنھوں نے کہا
یہ خیال رکھیے گا کہ کوئی سڑک کے او پر نہ نکلے اگر ہر شخص اپنے گھر کی خود کی ذمہ داری اگر لے لے گاتو یہاں پر اِس طرح کا  ایسا ماحول ہمیں روز دیکھنے کو نہیں ملے گا۔ہمارا پورا رمضان ایسے ہی گزر نے والا ہے لاک ڈائون کے اندر ۔ نہ کوئی تراویح ہو گی نہ کوئی نماز کے لیے باہر جا سکے گا۔ اگر ہم لوگوں نے کچھ اور دن اگر اچھے طریقے سے اپنے گھروںمیں بند رہے تو ہم سر کار سے کہیں گے کہ اب ہمارے شہر کے اندر یہ ختم ہو گیا ہے۔  اب اِسے ریڈ زون سے باہر نکال کر یہ شہر کا لاک ڈائون ختم کریں۔

***** ***** *****

 جالنہ شہر میں گھر سے باہر ماسک کا استعمال نہ کرنے والے شہر یان سے بلدیہ نے جر مانہ وصولی کار وائی شروع کی ہے۔ کل چھتر پتی شیوا جی مہاراج چوک پر بلدیہ کے وفد نے دس افراد پر کار وائی کر تے ہوئے فی کس500؍ روپئے کے حساب سے جر مانہ وصول کیا۔
 اِسی طرح عثمان آباد ضلعے میں بھی  ماسک استعمال نہ کر نے والے  43؍ افراد  سے جر مانہ وصول کیا گیا۔ 

***** ***** *****

 ہنگولی ضلعے میں گزشتہ چند دنوں سے بینک سے پیسے نکالنے کے لیے بینک کے سامنے عوام کی بھیڑ اکٹھا ہو رہی ہے۔ اور بینک کھُلنے سے پہلی ہی ساکنان کو بینک کے سامنے قطاروں میں کھڑا دیکھا جا رہا ہے۔ ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ وہاں سماجی فاصلے کے ضابطے کی پا مالی ہو تی  دکھائی دے رہی ہے۔

***** ***** ****

 لاتور کے رابطہ وزیر امیت دیشمکھ نے کہا ہے کہ راشن دکان سے اناج حاصل کرنے والے مستفدین کے ناموں کی فہرست راشن دکانوں کے باہر اور گرام پنچایت دفتر کے باہر چسپاں کریں۔ اُنھوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے کتنا اناج موصول ہوا اور کسے دیا گیا اِس کی تفصیلات میسر ہو گی۔اور کالا بازی  یا  معلومات چھپا نے کا شُبہ نہیں ہو گا۔ 

***** ***** ****

 ناندیڑ ضلعے کے مد کھیڑ میں نافذ العمل شیو بھو جن اسکیم سے کئی ضرورت مند مستفید ہو رہے ہیں۔ خیال رہے کہ مکمل بند کے پیش نظر شیو بھو جن اسکیم کے تحت محض5 ؍ روپئے  فی کس کے حساب سے کھا نہ فراہم کیا جا رہا ہے۔ 

 ***** ***** *****


 آخر میں بلیٹن کی خاص خاص خبریں ایک مرتبہ پھر سن لیجیے
 ٭  ریاست کے کورونا وائرس سے پاک حصوں میں آج سے محدود پیمانے پر کاروباری سر گر میاں کی جاسکتی ہے شروع  تا ہم  اضلاع کی سرحدیں بہ دستور بند رہیں گی۔  وزیر اعلیٰ اُدھو ٹھاکرے۔
 ٭ریاست میں کل پائے گئے مزید552؍ کورونا متاثرہ مریض ‘ 19؍ مریضوںکی وفات۔
 ٭  اور نگ آباد میں مزید دو افراد کی کورونا جانچ رپورٹ آئی مثبت   لاتور ضلع کورونا وائرس سے پاک
  اور
 ٭  کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے ہدایات پر عمل کرنے کی وزیر داخلہ انیل دیشمکھ کی اپیل۔
علاقائی خبریں ختم ہو ئی۔
٭٭٭٭٭

No comments: