Sunday, 21 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 21 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بڑھتی عمر میں یوگا سب کیلئے اضافی توانائی اور بہتر قوتِ مدافعت کیلئے معاون ہے: بارہویں عالمی یوگا دِن کے موقعے پر وزیر اعظم کا بیان۔
٭ آج ملک بھر کے 551 شہروں اور بیرون ممالک کے 14 شہروں میں NEET-UG کے دوبارہ امتحان کا انعقاد۔
٭ کانگریس رہنماء پون راجے نمبالکر قتل مقدمے سے سابق وزیر پدم سنگھ پاٹل بری۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے پانچ نوجوان گنپتی پُڑے کے سمندر میں غرقاب۔
٭ پربھنی ضلعے کے یش واڑی میں مندر کی چھت منہدم ہونے سے پانچ عقیدت مندوں کی موت۔
اور۔۔۔٭ ایک روزہ کرکٹ میچز کی سیریز میں بھارت کی افغانستان پر ناقابلِ تسخیر فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ یوگا ہر شخص کیلئے اضافی توانائی بخش اور بڑھتی عمر کے ساتھ بہتر قوتِ مدافعت میں معاون ہے۔ آج، بارہویں ’بین الاقوامی یوگا دِن‘ کے موقعے پر، وزیراعظم کولکاتہ کے تاریخی لال راستے پر یوگا مشق کیلئے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ”صحت مند بڑھاپے کیلئے یوگا“ اس سال کے یوگادن کا تصور ہے۔ یومِ یوگا پر دنیا کے تمام شہریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اس موقعے پر مغربی بنگال کے گورنر آر این روی، وزیر اعلی سویندُھو ادھیکاری، مرکزی وزیر ِ آیوش پرتاپ راؤ جادھو اور کئی دیگر شخصیات موجود تھیں۔ اس موقعے پر وزیر اعظم سمیت تمام افراد نے یوگا کی عملی مشق کی۔
دریں اثناء‘ دنیا بھر میں تقریباً ڈھائی ہزار مقامات پر مختلف اداروں اور تنظیموں کی جانب سے یوگا تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
بین الاقوامی یوم یوگا کے موقعے پر، چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے گروارے میدان پر یوگا کی مشق کی جارہی ہے۔ جبکہ کل ہنگولی شہر میں ایک عوامی بیداری ریلی نکالی گئی۔ جس میں اساتذہ اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم کسان سمان ندھی اسکیم کی 23ویں قسط کل وزیرِ اعظم نریندر مودی نے تقسیم کی۔ وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے بتایا کہ مغربی بنگال کے ہُگلی ضلعے کے تارکیشور میں منعقدہ اس پروگرام میں مہاراشٹر کے 90 لاکھ 85 ہزار کسان خاندانوں کے بینک کھاتوں میں تقریباً ایک ہزار 817 کروڑ روپے جمع کیے گئے۔ دتاتریہ بھرنے‘ نے ورچول نظام کے ذریعے اس پروگرام میں شرکت کی۔
***** ***** *****
NEET-UG-2026 کا دوبارہ امتحان آج منعقد ہو رہا ہے۔ اس امتحان کی تیاری میں، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی- (NTA) نے کل ملک بھر میں ماک ڈِرِل کی۔ یہ امتحان ملک کے 551 شہروں اور بیرون ممالک کے 14 شہروں میں منعقد ہوگا۔ اس امتحان میں 22لاکھ 79 ہزار سے زائد طلباء شرکت کریں گے۔ یہ امتحان دوپہر دو بجے سے شام سوا پانچ بجے کے درمیان منعقد ہوگا۔ این ٹی اے نے کی جانب سے طلبہ کو صبح گیارہ بجے سے ساڑھے گیارہ بجے کے درمیان امتحانی مراکز پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے 50 مراکز پر آج 17 ہزار چار سو طلباء اس امتحان میں شرکت کریں گے۔ اطلاعات کے مطابق تمام متعلقہ امتحانی مراکز پر تعینات انتظامی عملہ صبح سے ہی موجود ہے۔
***** ***** *****
کولہاپور کے شری امبا بائی مندر کے علاقے کو تقریباً ڈیڑھ ہزار کروڑ روپئے کے سرکاری فنڈ سے ترقیاتی کوریڈور کے طور پر تیار کیا جائے گا۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ یہ تمام عقیدت مندوں کیلئے بڑے فخر کی بات ہے۔ وہ کل‘ کولہاپور میں ایک اظہارِ تشکر جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقعے پر وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس، نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ امیت شاہ نے بتایا کہ ساتویں صدی کے اس قدیم مندر کے آس پاس کے تقریباً 41 چھوٹے اور بڑے مندروں کو محفوظ کیا جائے گا اور اگلے چھ ماہ کے اندر اس علاقے میں ترقیاتی کام مکمل کیے جائیں گے۔
Byte: Home Minister Amit Shah
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ایس ٹی کارپوریشن نے آئندہ آشاڑھی ایکادشی یاترا کے موقعے پر ریاست بھر سے پنڈھر پور جانے والے عقیدت مندوں کے محفوظ، آسان اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کیلئے ساڑھے پانچ ہزار خصوصی بسیں چلانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ وزیرِ ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائیک نے کل‘ ممبئی میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ریاست کے کسی بھی گاؤں کے 40 یا اس سے زیادہ عقیدت مند اجتماعی مطالبہ کرتے ہیں تو اس گاؤں سے براہِ راست پنڈھرپور کیلئے ایک خصوصی ایس ٹی بس دستیاب کرائی جائے گی۔
***** ***** *****
محصول محکمے نے دیہی علاقوں میں خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے، مویشی پروری کو فروغ دینے اور سرکاری زمینات پر تجاوزات کی روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے تین نکات پر مشتمل ”راج ماتا جیجاؤ با اختیار خواتین“ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت رجسٹرڈ خواتین بچت گروپس، خودکشی کرنے والے کسانوں کی بیواؤں کے بچت گروپس اور ”امید یاخواتین ترقیاتی کارپوریشن“ کے تحت آنے والی دیہاتی تنظیموں کو ریاست میں سرکاری زمینات ایک روپئے کی معمولی شرح پر لیز پر دی جائیں گی۔ اس کیلئے ریاست کے ہر تعلقے کے تحصیلداروں کو اپنے دائرہ اختیار میں گاؤں وار سرکاری زمینات کا جائزہ لینے کے احکامات دئیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس کا کل سے آغاز ہو رہا ہے۔ آج‘ اس اجلاس کی مناسبت سے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ساتھ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ سُنیترا پوار نے دونوں ایوانوں کے گروپ قائدین کے ساتھ ساتھ سینئر اراکین کو سہیادری مہمان خانے میں چائے اور بات چیت کیلئے مدعو کیا ہے۔
***** ***** *****
سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے کانگریس رہنماء پون راجے نمبالکر اور ان کے ڈرائیور کے قتل کے مقدمے میں ریاست کے سابق وزیرِ داخلہ پدم سنگھ پاٹل اور سات دیگر ملزمان کو باعزت بری کردیا۔ وعدہ معاف گواہ پارس مل جین کی گواہی پر ہی سرکاری گواہی کا انحصار تھا‘ لیکن عدالت نے ان کی گواہی کو معتبر نہ سمجھتے ہوئے مسترد کر دیا۔ سی بی آئی نے اس فیصلے کے خلاف عدالت ِ عالیہ میں اپیل کرنے کی وضاحت کی ہے۔ پون راجے نمبالکر اور ان کے ڈرائیور صمد قاضی کو 2006 میں نئی ممبئی کے کڑمبولی میں گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پانچ نوجوان کل رتناگری کے گنپتی پُڑے کے سمندر میں غرقاب ہو گئے۔ پیٹھن تعلقے کے بڑکن سے 19 سیاح گنپتی پُڑے گئے تھے۔ ان میں سے آٹھ سیاح کل صبح تیراکی کیلئے سمندر میں گئے تھے لیکن پانی کی گہرائی کا اندازہ نہ ہونے کی وجہ سے تمام آٹھ افراد ڈوب گئے۔ جن میں سے تین کو بچا لیا گیاہے‘ تاہم پانچ افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔ رتناگری ضلعے کے پولس سپرنٹنڈنٹ نتن بگاٹے نے بتایا کہ سبھی لاپتہ سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع کے مانوت تعلقے کے یش واڑی میں تریمورتی ہنومان مندر کی اجلاس گاہ کی چھت گرنے سے پانچ عقیدت مندوں کی موت ہو گئی اور 16 عقیدت مند زخمی ہو گئے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مہلوکین کے ورثاء کو پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
اسی دوران پربھنی کی رابطہ وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکرنے اسپتال پہنچ کر متاثرین کی عیادت کی اور جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ اس مندر کے داخلی دروازے کے کاموں کی سست رفتاری کیلئے سب ڈویژنل سطح کے افسران کی ایک کمیٹی تشکیل کرکے قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کے تصنیفی ایوارڈ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں تقسیم کیے گئے۔ ڈاکٹر صاحب راؤ کھندارے کو نریندر موہریرادبی ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ ڈاکٹر انوراگ لہویکر کو نرہر کُرندکر ایوارڈ، ڈاکٹر شیو کدم کو مَ.بھی. چٹنیس ادبی ایوارڈ اور شکتیج دیسائی کو بی رگھوناتھ ادبی ایوارڈ سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
کرکٹ: بھارت اور افغانستان کے مابین کھیلی گئی یک روزہ میچز کی سیریز بھارت نے تین -صفر سے جیت لی ہے۔ کل‘ چنئی میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کا فیصلہ کیا اور بھارت کو جیت کیلئے 219 رنز کا ہدف دیا۔ بھارت نے یہ ہدف 29ویں اوور میں یشسوی جیسوال کے ناقابل شکست 110 اور روہت شرما کے 70 رنز کی مدد سے حاصل کر لیا۔ پانچ وکٹیں لینے والے پرسدّھ کرشنا کو مین آف دی میچ اور سیریز کے پہلے دو میچز میں 238 رنز بنانے والے کپتان شبھمن گل کو مین آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ بڑھتی عمر میں یوگا سب کیلئے اضافی توانائی اور بہتر قوتِ مدافعت کیلئے معاون ہے: بارہویں عالمی یوگا دِن کے موقعے پر وزیر اعظم کا بیان۔
٭ آج ملک بھر کے 551 شہروں اور بیرون ممالک کے 14 شہروں میں NEET-UG کے دوبارہ امتحان کا انعقاد۔
٭ کانگریس رہنماء پون راجے نمبالکر قتل مقدمے سے سابق وزیر پدم سنگھ پاٹل بری۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے پانچ نوجوان گنپتی پُڑے کے سمندر میں غرقاب۔
٭ پربھنی ضلعے کے یش واڑی میں مندر کی چھت منہدم ہونے سے پانچ عقیدت مندوں کی موت۔
اور۔۔۔٭ ایک روزہ کرکٹ میچز کی سیریز میں بھارت کی افغانستان پر ناقابلِ تسخیر فتح۔
***** ***** *****

No comments:

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 21 June-2026 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبریں ...