Tuesday, 16 June 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 16 جون 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 16 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۱/جون ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وِدربھ کے علاوہ ریاست کے تمام مقامات پر نیا تعلیمی سال شروع؛ اسکول میں داخلے کی تقریب کے ساتھ طلبہ کا پُرجوش استقبال۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ دسویں اور بارہویں کے ضمنی امتحانات آج سے شروع۔
٭ کابینہ کا مانسون اجلاس 22 جون تا 10 جولائی ممبئی میں۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کا گرمیوں کے موسم کا اضافی دس فیصد کرایہ مزید ایک مہینہ قائم رکھنے کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ 19 واں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ودربھ کو چھوڑ کر ریاست کے تمام مقامات پر اسکول کل سے شروع ہوگئے۔ نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوتے ہی اسکولوں میں طلبہ کا پُرجوش ماحول کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی موجودگی میں رائے گڑھ ضلعے کے وہاڑ میں واقع پی ایم شری ضلع پریشد پرائمری اسکول میں داخلہ تقریب منعقد ہوئی۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے ضلع پریشد اسکولوں میں کی گئی تبدیلیوں سے ان اسکولوں کا معیار بہتر ہوا ہے اور معیاری تعلیم کی وجہ سے طلبہ کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ اب ضلع پریشد اسکولوں میں قدر پر مبنی تعلیم شرvع کی جائیگی۔ اسکول کی چوتھی جماعت کی طالبہ نے وزیرِ اعلیٰ سے مختصر انٹرویو لیا۔ انٹرویو میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے ڈیجیٹل تعلیم کی اہمیت کا ذکر کیا۔
برہن ممبئی کے بائیکلہ کے میونسپل کارپوریشن کے ممبئی پبلک اسکول میں گورنر جشنو دیو ورما کی موجودگی میں اسکول داخلہ فیسٹیول منایا گیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر اشونی بھڑے اور دیگر افسران موجود تھے۔ گورنر نے نئے طلبہ کو مبارکباد دی اور پہلی بار اسکول میں آنے والے طلبہ کا خیر مقدم کیا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے ماول میں اسکول داخلہ تقریب میں شرکت کی۔ انھوں نے کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کیلئے عہد بند ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تھانے میونسپل اسکول میں طلبہ کا پھول سے استقبال کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں طلبہ کا نمکین اور مٹھائی پیش کرکے خیر مقدم کیا گیا۔ میئر سمیر راجورکر، میونسپل کمشنر امول ییڑگے، ڈپٹی کمشنر انکش پانڈھرے نے اسکان اَنّ امرت کی جانب سے اس کھانے کی تیاری میں حصہ لیا۔ ان معززین نے اسکولوں میں یہ کھانا پیش کرکے بچوں کا استقبال کیا۔
دریں اثناء‘ شہر کے کئی اسکولوں کے داخلی دروازوں رنگ برنگی رنگولیوں سے سجایا گیا۔ کچھ اسکولوں میں طلبہ گھوڑے پر اور کچھ میں رَتھ پر سوار ہوکر داخل ہوئے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع پریشد اور میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں میں داخلے کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی۔ ثقافتی پروگراموں اور پُرکشش سجاوٹ کے ساتھ ساتھ طلبہ کا استقبال رنگولی، غبارے اور خیر مقدمی محرابیں لگاکر کیا گیا۔ اس موقعے پر طلبہ میں مفت نصابی کتابیں اور یونیفارم بھی تقسیم کیے گئے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعے کے تلجاپور میں واقع نگر پریشد پرائمری اسکول میں داخلے کی تقریب منائی گئی۔ اس میں طلبہ کا تتاری بجاکر استقبال کیا گیا۔ پہلی تا ساتویں جماعت کے طلبہ میں مفت درسی کتابیں تقسیم کی گئیں‘ والدین سے ملاقات‘ سیلفی پوائنٹ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ نئے طلبہ کے قدموں کے نشانات لے کر اور انھیں پھول دیکر استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے ناندیڑ تعلقے کے مرڑک میں جبکہ سی ای او میگھنا کاؤلی نے وشنو پوری کے ضلع پریشد اسکول میں طلبہ کا پھول دیکر استقبال کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آف ایجوکیشن دیپک چونے‘ نے اردھاپور تعلقے کے پارڈی میں ضلع پریشد پرائمری اسکول کا دورہ کیا اور طلبہ میں نصابی کتابیں تقسیم کیں۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے، کاٹ گاؤں کے ضلع پریشد اسکول میں ضلع کلکٹر ڈاکٹر بھارت باسٹیواڑ کی موجودگی میں داخلہ تقریب منائی گئی۔ طلباء میں مفت یونیفارم اور درسی کتابیں نمائندہ انداز میں تقسیم کی گئیں۔ اس کے تحت پہلی جماعت میں داخل ہونے والے طلبہ کے قدموں کے نشانات لینے اور اس کی کاپی والدین کو دینے کا ”پہلے پاؤل“ کا ایک اختراعی تصور بھی روبہ عمل لایا گیا۔
اُدگیر تعلقے کے چونڈی کے ضلع پریشد اسکول میں سجی ہوئی بیل گاڑیوں میں جلوس نکالا گیا اور طلباء کا مٹھائی دے کر استقبال کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست بھر میں 11ویں جماعت کے مرکزی آن لائن عمل میں اب تک کل 23 لاکھ 76 ہزار 449 طلبہ نے رجسٹریشن کرایا ہے، جن میں سے 5 لاکھ 97 ہزار 852 طلبہ نے داخلے کے دوسرے باقاعدہ راؤنڈ کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے۔ اب تک ایک لاکھ 32 ہزار 547 طلباء نے اپنے داخلے کی تصدیق کی ہے۔ ان میں سے چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں 17 ہزار 533 اور لاتور ڈویژن میں 8 ہزار 972 طلبہ کے داخلوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ کے 10ویں اور 12ویں جماعت کے ضمنی امتحانات آج سے شروع ہو رہے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر ونئے گوڑا کی موجودگی میں کل ضلع سطح کی ویجیلنس کمیٹی کی میٹنگ ہوئی۔ ضلعے میں دسویں جماعت کے دو ہزار 928 طلبہ 14 مراکز پر اور 12ویں جماعت کے دو ہزار 891 طلبہ 10 امتحانی مراکز پر امتحان دیں گے۔
***** ***** *****
ریاستی کابینہ کا مانسون اجلاس آئندہ 22 جون سے 10 جولائی تک ممبئی میں ہوگا۔ یہ فیصلہ کل مشاورتی کمیٹی کی میٹنگ میں لیا گیا۔ اس تین ہفتے کے اجلاس کے دوران کئی اہم بلوں کے ساتھ ساتھ خواتین کسانوں کو بااختیار بنانے کا بل بھی پیش کیا جائے گا، جو خواتین کسانوں کو الگ شناخت فراہم کرے گا۔ ریاست میں کسانوں کے مسائل، قرض معافی وغیرہ پر بھی بات چیت کا امکان ہے۔
***** ***** *****
ایس ٹی کی باقاعدہ بس خدمات پر موسمی کرایوں میں 10 فیصد اضافہ مزید ایک ماہ تک جاری رہے گا۔ یہ اضافہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عملے کے بڑھتے ہوئے اخراجات کی وجہ سے کیا گیا تھا۔ کارپوریشن نے ایک سرکلر میں کہا کہ کرایہ میں موجودہ اضافہ 15 جولائی کی آدھی رات تک نافذ رہے گا۔ ایس ٹی نے موسمی کرایوں میں اضافہ 15 اپریل سے لاگو کیا ہے تاکہ موسم گرما کے سفر میں آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔
***** ***** *****
19 واں ممبئی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کل سے شروع ہوا۔ اس فیسٹیول کا افتتاح مرکزی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ایل مروگن، ثقافتی امور کے وزیر آشیش شیلار اور دیگر معززین کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس سال فیسٹیول کے مقابلے کے حصے میں 144 فلمیں شامل ہیں۔ جس میں 13 ممالک کے فلم سازوں کی 52 بین الاقوامی اور 92 قومی اندراجات شامل ہیں۔ مقابلے کے باہر والے سیکشن میں حصہ لینے والے 46 ممالک کی 202 فلمیں دکھائی جا رہی ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی آیوش وزیر پرتاپ راؤ جادھو نے بتایا کہ 21 جون کو منائے جانے والے 12ویں بین الاقوامی یوگا دن کی مرکزی تقریب وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں کولکتہ میں منعقد ہوگی۔ وہ یوگا دن کی تیاریوں کے سلسلے میں کل دہلی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ جادھو نے بتایا کہ وزارت ثقافت ملک بھر میں 100 مشہور تاریخی ورثے کے حامل مقامات پر یوگا دن کے پروگراموں کا انعقاد کر رہی ہے جبکہ وزارت خارجہ دنیا بھر میں ڈھائی ہزار مقامات پر یوگا دن کے پروگراموں کا انعقاد کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prataprao Jadhav (Minister of State for Health and Family Welfare of India)
یوگا پندھرواڑہ فی الحال بین الاقوامی یوگا دن کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر، ہم ہر روز ایک آسن کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔ ہلاسن یہ آسن ہڈیوں میں لچیلا پن لا نے اور قبض کے مسائل دور کرنے کیلئے زمین پر لیٹ کر کیا جاتا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کل ناندیڑ شہر کے ڈاکٹر لین علاقے میں توشنیوال دوائیوں کی دوکان کے خلاف کارروائی کی۔ یہ کارروائی ڈاکٹر کے نسخے کے بغیر ادویات فراہم کرنے، فروخت ہونے والی ادویات کے بل ادا نہ کرنے اور میعاد ختم ہونے والی ادویات فروخت کرنے پر کی گئی۔ جب ایک مریض کے رشتہ داروں نے دیکھا کہ لی گئی دوا ختم ہو چکی ہے، تو انہوں نے براہ راست محکمہ کے کمشنر تکارام منڈے سے شکایت کی۔ ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی اس شکایت کے بعد کی گئی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلعی محکمہ صحت آج سے سٹاپ ڈائریا مہم شروع کر رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد ایک لاکھ 69 ہزار سے زائد بچوں تک پہنچنا ہے، جس کیلئے 5 ہزار 815 آشا رضاکاروں اور ہیلتھ ورکرز کو مقرر کیا گیا ہے۔ 31 جولائی تک جاری رہنے والی اس مہم کے تحت ڈائریا سے بچاؤ، بروقت علاج اور عوامی آگاہی کی جائے گی۔
***** ***** *****
آئندہ دو دنوں میں ودربھ کے کچھ مقامات پر گرمی کی لہر جاری رہنے کا امکان ہے۔ کوکن وسطی مہاراشٹر، مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کچھ مقامات پر گرم اور مرطوب موسم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے ریاست کے چاروں ڈویژنوں کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وِدربھ کے علاوہ ریاست کے تمام مقامات پر نیا تعلیمی سال شروع؛ اسکول میں داخلے کی تقریب کے ساتھ طلبہ کا پُرجوش استقبال۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ دسویں اور بارہویں کے ضمنی امتحانات آج سے شروع۔
٭ کابینہ کا مانسون اجلاس 22 جون تا 10 جولائی ممبئی میں ہوگا۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کا گرمیوں کے موسم کا اضافی دس فیصد کرایہ مزید ایک مہینہ قائم رکھنے کا فیصلہ۔
اور۔۔۔٭ 19 واں بین الاقوامی فلم فیسٹیول کا آغاز۔
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 16.06.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 16 June 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...