Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 10 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی کابینہ نے وزارتی محکموں کی تنظیمِ نو کو دی منظوری؛انتظامی محکمہ جات کی تعداد 33 سے بڑھ کر 45 تک پہنچی۔
٭ NEET-UG کے دوبارہ امتحان سے متعلق تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی مرکزی وزیرِ تعلیم کی یقین دہانی۔
٭ ریاست کے سبھی اضلاع میں CET شعبے کے تحت طلبہ امدادی مرکزقائم کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ وزیرِ اعظم تحفظ ِ ممتا مہم کو 10 سال مکمل؛ مختلف اضلاع میں طبّی معائنہ کیمپوں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ کوکن، وسطی مہاراشٹرا سمیت مراٹھواڑہ میں آج بارش کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی کابینہ کے کل منعقدہ اجلاس میں انتظامی کاموں میں تیزی اور ہم آہنگی لانے کیلئے وزارتی محکمہ جات کی تنظیمِ نو کے فیصلے کو منظوری دی گئی۔ اس سے انتظامی محکمہ جات کی تعداد موجودہ 33 سے بڑھ کر 45 ہو جائے گی۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ”اِز آف ڈُوئنگ بزنس اور اِز آف ڈُوئنگ لِیونگ“ کے تصور پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی کے مطابق وزارتی محکموں کی تشکیلِ نو کی گئی۔ اس سے فیصلہ سازی کے عمل میں تیزی آئے گی اور ساتھ ہی اسکیمات پر عمل درآمد اور علاقائی انتظامیہ کے ساتھ موثر تال میل کرنا ممکن ہوسکے گا۔
اجلاس میں مہاراشٹر پبلک سروس ایکٹ 2016 میں ترمیم کو منظوری دی گئی تاکہ ریاست میں نئے کالجوں، نئی فیکلٹیز اور نئے نصاب کورسیز کو منظوری دی جا سکے۔
کابینہ نے ریاستی اشیاء اور خدمات ٹیکس قانون 2017 اور مہاراشٹر اشیاء و خدمات ٹیکس ترمیمی بل میں ترمیم کو بھی منظوری دی تاکہ مرکزی اشیاء و خدمات ٹیکس قانون 2017 کی دفعات سے ہم آہنگی اور موافقت ہوسکے۔
اجلاس میں صنعتی ترقیاتی کارپوریشن کے قرضے بڑھانے کے اختیارات میں اضافے کے ساتھ ساتھ صنعتی ترقیاتی قانون میں ترامیم کو بھی منظور کرلیا گیا۔
***** ***** *****
دریں اثناء، وزیر اعلیٰ نے کل‘ جماعت ِ اوّل تا جماعت ِ ششم کے نصاب کی نئی نصابی کتابوں کا اجراء بھی کیا۔ ممبئی کے منترالیہ میں منعقدہ اس پروگرام میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ سُنیترا پوار، وزیرِ تعلیم دادا بھوسے اور اعلیٰ سطحی افسران موجود تھے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا ہے کہ 21 تاریخ کو ہونے والے NEET-UG کے دوبارہ امتحان کیلئے سوالیہ پرچوں کی تیاری سمیت بعد کے تمام کاموں کیلئے مکمل رازداری کو برقرار رکھنے کیلئے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ وہ کل‘ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (NTA) کے دفتر کا دورہ کرنے اور اس امتحان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے بعد مخاطب تھے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت اس بات کا خیال رکھے ہوئے ہے کہ امتحانی مواد بروقت اور منظم طریقے سے امتحانی مراکز تک پہنچے۔ پردھان نے کہا کہ اس سلسلے میں ریاستی حکومتوں کو ہدایات دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا…
Byte: Education Minister Dharmendra Pardhan
اسی دوران، دہلی کی راؤز اَوینیو کورٹ نے NEET_UG پرچہ افشاء ہونے کے معاملے کی ملزمہ منیشا واگھمارے کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اسی معاملے میں عدالت نے یش یادو کی طرف سے 15 دن کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سی بی آئی سے جواب طلب کیا ہے۔ یادو نے 21 تاریخ کو ہونے والے NEET کے دوبارہ امتحان اور اپنی بہن کی شادی کیلئے ضمانت کی درخواست کی ہے۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیر فوزیہ خان نے CBSE کی جانب سے نویں جماعت کے طلباء کیلئے تین زبانوں کو لازمی قرار دینے کے فیصلے کو عدالت ِ عظمیٰ میں چیلنج کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی ہے کہ سی بی ایس ای کا تین زبانوں کو لازمی قرار دینے کا فیصلہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی خلاف ورزی ہے۔غور طلب ہے کہ سی بی ایس ای نے ایک حکمنامہ جاری کرکے یکم جولائی سے نویں جماعت کیلئے تین زبانوں کو لازمی کرنے اور ان میں دو بھارتی زبانیں رکھنے کی ہدایت دی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
طلبہ کے تعلیمی فائدے کیلئے ہر ضلعے میں ایک CET سیل طلبہ تعاون مرکز قائم کیا جائے گا، جس کی معرفت طلبہ کو ضلعی سطح پر ہی CET میں داخلے اور اسکالرشپ کے حوالے سے درست رہنمائی حاصل ہوگی۔ اس کا اعلان اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے وزیر چندرکانت پاٹل نے کیا۔ ریاست کے 36 اضلاع میں کُل 40 سی ای ٹی طلبہ امدادی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں، جن میں تین ممبئی میں اور دو دو پونے اور ناگپور میں ہوں گے۔ ان میں سے 26 مراکز کا کام مکمل ہو چکاہے، جبکہ چھ مراکز کے کام آخری مراحل میں ہیں اور باقی آٹھ مراکز جلد فعال ہو جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیر اعظم ”محفوظ ممتا“ مہم کو دس سال مکمل ہو گئے ہیں۔ اس اہم سنگ ِمیل پر، صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت نے کل سے قومی سطح پر ”دس سال - ایک دہائی کی دیکھ بھال“ پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت حاملہ خواتین کو مفت اور صحت کی دیکھ بھال کی معیاری خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے تمام ابتدائی طبّی مراکز، دیہی اسپتالوں، سب ضلع اسپتالوں اور ضلع اسپتالوں کی سطح پر قبل از پیدائش کے خصوصی معائنہ کیمپ منعقد کیے گئے۔ اس دوران دو ہزار 637 حاملہ خواتین کا طبّی معائنہ کیا گیا۔ طبّی تشخیص کے مطابق ضروری ادویات، ضروری مشاورت اور اعلیٰ سطح کے صحت کے مراکز میں علاج کے مشورے دئیے گئے۔
دھاراشیو ضلعے میں بھی اس مہم کے تحت تین ہزار 941 حاملہ خواتین کا طبّی معائنہ کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑکے علاقے میں پولس نے گٹکا اور منشیات کے خلاف خصوصی مہم شروع کی ہے اور پہلے ہفتے میں چار اضلاع میں مختلف کارروائیاں کی گئیں۔ اس دوران 67 لاکھ روپئے سے زائد مالیت کا گٹکا اور دیگر اشیاء ضبط کی گئیں۔ اس معاملے میں ناندیڑ ضلعے میں 11، پربھنی میں نو، ہنگولی میں تین، اور لاتور ضلع میں سات مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 48 ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں، خوراک و ادویات انتظامیہ نے کل ایک کارروائی میں سڑی گلی سپاری کے تین ٹرک ضبط کیے۔ یہ کارروائی کل‘ علی الصبح وارنگا پھاٹے پر کی گئی۔ اس دوران 88 ہزار 554 کلو سپاری اور تین ٹرک سمیت جملہ دو کروڑ 34 لاکھ روپئے مالیت کا سامان ضبط کیا گیا۔ اس معاملے میں آکھاڑا بالاپور پولس اسٹیشن میں سپاری فروش اور سپاری خریدنے والوں سمیت آٹھ لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈسٹرکٹ سنٹرل کوآپریٹیو بینک کے انتخابات کیلئے داخل کردہ کاغذات نامزدگی کی جانچ کا عمل کل‘ مکمل ہو گیا۔ اس میں کنڑ کی رُکنِ اسمبلی سنجنا جادھو کے امیدواری عریضے کو مسترد کر دیا گیا۔ متعلقہ خبر کے مطابق درخواست مسترد ہونے کی وجوہات کے بارے میں ابھی تک مصدقہ معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں مہا ڈی بی ٹی پورٹل کے ذریعے سویا بین کے تخم نہ ملنے کی معلومات سامنے آئی ہے۔ ہمارے نمائندے کی اطلاع کے مطابق بیڑ کے کسان تحریک کے رہنماء دھننجے گُندیکر نے محکمہ زراعت اور مہابیج کو فوری طور پر اہل کسانوں میں بیج کی تقسیم کرنے بصورتِ دیگر احتجاج کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
***** ***** *****
شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے مہنگائی، اشیاء کی قلت، اور کسانوں کیلئے بلاشرط قرض معافی سمیت دیگر مطالبات کی یکسوئی کیلئے کل‘ہنگولی میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے مطالبات پر مشتمل ایک محضر ضلع کلکٹر کے سپرد کیا۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ مظاہرین نے قرض معافی سے متعلق سرکاری حکم نامے کی نقولات بھی نذرِ آتش کیں۔
***** ***** *****
درجِ فہرست ذاتوں کے تحفظات کی ذیلی زمرہ بندی کے خلاف مختلف جماعتوں اور تنظیموں نے آج سے بیڑ سے ممبئی تک پیدل مارچ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ ذیلی زمرہ بندی کیلئے قائم کی گئی بدر کمیٹی کی مکمل رپورٹ فوری طور پر منظر عام پر لائی جائے۔ اس کیلئے تجاویز اور اعتراضات جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اگست تک بڑھانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ تعلقے میں کل دوپہر طوفانی ہواؤں کے ساتھ زوردار بارش ہوئی۔ اس بارش سے تعلقے کے اَنجن وَتی گاؤں میں دو کسانوں کے مکانات منہدم ہوگئے اور دیگر کسانوں کی زرعی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے ریاست کے کوکن، وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ میں گرج اورچمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاستی کابینہ نے وزارتی محکموں کی تنظیمِ نو کو دی منظوری؛انتظامی محکمہ جات کی تعداد 33 سے بڑھ کر 45 تک پہنچی۔
٭ NEET-UG کے دوبارہ امتحان سے متعلق تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی مرکزی وزیرِ تعلیم کی یقین دہانی۔
٭ ریاست کے سبھی اضلاع میں CET شعبے کے تحت طلبہ امدادی مرکزقائم کرنے کا حکومت کا فیصلہ۔
٭ وزیرِ اعظم تحفظ ِ ممتا مہم کو 10 سال مکمل؛ مختلف اضلاع میں طبّی معائنہ کیمپوں کا انعقاد۔
اور۔۔۔٭ کوکن، وسطی مہاراشٹرا سمیت مراٹھواڑہ میں آج بارش کی پیشن گوئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment