Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 26 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/جون ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں غیر موسمی بارشوں سے متاثرہ کسانوں کیلئے 334 کروڑ 98 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان۔
٭ معدنیات مافیا اور ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا وزیر محصول کااعلان۔
٭ ناگپور کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر بین الاقوامی طیران گاہ خانگی کمپنی جی ایم آر کے سپرد۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی رسد پر عائد تمام پابندیاں منسوخ۔
٭ شرڈی میں سائی بابا مندر علاقے سے 600 کلو سے زیادہ ناقص درجے کی مٹھائی ضبط۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کی بنگلہ دیش پر پانچ وکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی حکومت نے مارچ، اپریل اور مئی کے مہینوں میں ریاست میں غیر موسمی بارشوں سے متاثرہ کسانوں کو راحت فراہم کرنے کیلئے334 کروڑ 98 لاکھ روپے کی امداد کو منظوری دی ہے۔ امداد و بازآبادکاری محکمے نے کل اس حوالے سے حکومتی فیصلہ جاری کیا۔ راحت اور بازآبادکاری کے وزیر مکرند جادھو پاٹل نے یہ اطلاع دی۔ اس امداد میں کوکن خطے میں آم اور کاجو کے کسانوں کیلئے209 کروڑ 10 لاکھ روپے کی خصوصی امداد شامل ہے‘ جبکہ ناگپور، وردھا، چندر پور، ناسک، دھولیہ، نندوربار، جلگاؤں، اہلیانگر، تھانے، سندھو دُرگ، کولہاپور کے کسانوں کو گزشتہ دو مہینوں میں غیر موسمی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کیلئے 106 کروڑ روپے کی امداد شامل ہے۔ اس امداد سے 95 ہزار سے زائد کسان مستفید ہوں گے۔ اس کے علاوہ ودربھ اور مغربی مہاراشٹر کے کچھ اضلاع کے کسانوں کو بھی اس امداد کا فائدہ ملے گا۔ دریں اثناء، وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے کل اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران یقین دلایا کہ یہ امداد اگلے 15 دنوں کے اندر تقسیم کر دی جائے گی۔ این ڈی آر ایف کے اصولوں کے مطابق، متاثرہ کسانوں کو 22 ہزار 500 روپے فی ہیکٹر تک کی امداد فراہم کی جائے گی، اور انتظامیہ کو فنڈز کی تقسیم میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے ریاست میں معدنیات مافیا اور ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کو روکنے کیلئے ایک خصوصی ٹاسک فورس کی تشکیل کا اعلان کیا۔ کل اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران، گڈچرولی ضلعے میں نائب تحصیلدار پر حملے کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں متعلقہ افسران اور عادی مجرمین کی ملی بھگت ہے‘ لہٰذا اس معاملے کی جانچ کرکے ایم پی ڈی اے کی کارروائی کرنے کی کوشش حکومت کررہی ہے۔
وزیرِ محصول نے گذشتہ پانچ سالوں میں ریاست میں جن معاملات میں اسٹامپ ڈیوٹی مقرر کی گئی تھی ان دستاویزات کے اندراج کی جانچ آڈیٹر جنرل سے کروانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ ان شکایات کی وجہ سے کیا گیا ہے کہ جن کے پاس دستاویزات کے اندراج کی اسٹیمپ ڈیوٹی مقرر کرنے کا اختیار ہے، انھوں نے اسٹیمپ ڈیوٹی مقرر کرتے ہوئے متعلقہ قانون کی خلاف ورزی کی ہے اور اس میں مرضی کے مطابق اضافہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے مال بردار گاڑیوں میں مسافر برداری کرنے والے ٹرانسپورٹرس کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ وزیرِ حمل و نقل پرتاپ سرنائیک نے کل قانون ساز کونسل میں یہ اعلان کیا۔
***** ***** *****
ناگپور کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر بین الاقوامی طیران گاہ کو کل باضابطہ طور پر ایک خانگی کمپنی جی ایم آر کے سپرد کر دیا گیا۔ اس موقعے پر شہری ہوا بازی کے وزیر رام موہن نائیڈو، مرکزی وزیر نتن گڈکری اور وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس موجود تھے۔ مرکزی وزیر نائیڈو نے اس موقعے پر کہا کہ گزشتہ دہائی میں ہوائی اڈے پر مسافروں کی گنجائش میں تقریباً دس لاکھ کا اضافہ ہوا ہے اور جی ایم آر کی معرفت سالانہ 60 لاکھ سے تجاوز کرنے کی امید ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ناگپور شہر ایم آر او، کارگو ہب اور دیگر جدید سہولیات کے ساتھ ”ایرو ٹروپولس“ یعنی ہوائی اڈے پر مبنی میٹروپولس کے طور پر ترقی کرے گا۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے ودربھ میں سیاحت، کان کنی اور صنعتی شعبوں کو فروغ دینے میں اس طیران گاہ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔جبکہ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ ناگپور ہوائی اڈہ نہ صرف شہر بلکہ پورے ودربھ اور وسطی بھارت کیلئے ”ترقی کا انجن“ ثابت ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کارگو پروجیکٹس، دفاعی شعبے میں سرمایہ کاری اور جدید سہولیات سے معیشت کو بڑا فروغ ملے گا۔ اس موقع پر ناگپور ہوائی اڈے کی ویب سائٹ لانچ کی گئی اور ایئرپورٹ کے نئے لوگو کی نقاب کشائی کی گئی۔
***** ***** *****
مغربی ایشیاء میں بحران کے پیشِ نظر مرکزی حکومت نے دیگر استعمال کے ایل پی جی گیس کی رسد پر عائد تمام پابندیوں کو مکمل طور پر ہٹا دیا ہے۔ اس سے صنعتی، تجارتی اور خدمات کے شعبے کے صارفین کو پہلے کی طرح ایل پی جی کی غیر مسدود فراہمی یقینی ہو گی۔ اس کے علاوہ بحران کے دوران بند کی گئی ہول سیل ایل پی جی رسد کے قوانین میں بھی نرمی کی گئی ہے۔ ہول سیل ایل پی جی کی فراہمی پر پابندیوں میں بحران سے پہلے کے استعمال کے مقابلے میں 50 فیصد کمی کی گئی ہے جس سے صنعت اور تجارتی شعبے کو بڑی راحت ملے گی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
آج ماہِ محرم الحرام کے دسواں دن یعنی یومِ عاشورہ ہے۔ یہ دن پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے نواسے حضرت حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی کربلا میں انسانیت، انصاف اور حقوق کے تحفظ کیلئے ہوئی عظیم شہادت کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ اس موقعے پر مختلف مقامات پر تعزیہ اور ماتمی جلوس نکالے جاتے ہیں۔
***** ***** *****
پونے ضلع و سیشن عدالت نے پونے ضلعے کے نصرا پور میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ زیادتی اور قتل کے معاملے میں ملزم بھیم راؤ کامبلے کو مجرم قرار دیا ہے۔ اس مقدمے میں سزا سے متعلق حتمی فیصلہ 29 تاریخ کو سنایا جائے گا۔ عدالت نے ملزم کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا تھا۔ تاہم، جرم کو درست ثابت کرنے کی کوشش کے بعد، عدالت نے ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ اُس کے خلاف جرم ثابت ہو چکا ہے۔
***** ***** *****
خوراک و ادویات محکمے نے احمد نگر ضلعے کے شرڈی میں واقع شری سائی بابا مندر کے علاقے میں خانگی مٹھائی سازی و فروشی مراکز پر چھاپے مار کر 600کلو سے زیادہ غیر معیاری اور مشتبہ پیڑے ضبط کیے۔ ہمارے نمائندے کے مطابق ضبط شدہ مٹھائی کی قیمت تقریباً دو لاکھ روپے ہے، اور یہ 15 دنوں میں دوسری بڑی کارروائی ہے۔
***** ***** *****
اسی طرح خوراک و ادویات انتظامیہ نے ناندیڑ ضلعے کے اردھا پور تعلقے کے پارڈی ٹول ناکے پر 29 ہزار 676 کلو گرام ناقص درجے کی سپاری بھی ضبط کی۔ جس کی مالیت86 لاکھ 36 ہزار 586 روپئے بتائی گئی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے کے کلمنوری تعلقے کے شینوڑی گاؤں کو مرکزی حکومت کے ترجیحی اسمارٹ وِلیج اسکیم کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ اسمارٹ وِلیج اسکیم کے تحت گاؤں میں بنیادی سہولیات، ڈیجیٹل خدمات، صفائی، تعلیم، صحت، پانی کی فراہمی، راستے اور مختلف ترقیاتی کاموں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس انتخاب پر گاؤں کے ساکنان‘ عوامی نمائندوں اور مختلف سماجی تنظیموں نے رکنِ پارلیمان رام راؤ وڑکوتے کو مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں کل‘ مانچسٹر میں کھیلے گئے ایک میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے یہ ہدف 17ویں اوور میں حاصل کر لیا۔ 53 رنز بنانے والی شیفالی ورما کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بھارت کا اگلا مقابلہ آئندہ اتوار کو آسٹریلیاء کے خلاف ہوگا۔
***** ***** *****
شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کے رکنِ کونسل امباداس دانوے نے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع مرکزی امدادِ باہمی بینک کے انتخابات مہایوتی کے پینل سے لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دانوے نے کہا کہ اس فیصلے کا تعلق پارٹی سیاست سے نہیں ہے بلکہ امدادِ باہمی سیکٹر کی ترقی کیلئے نتن پاٹل کی حمایت کرنا ہے۔ ضلع بینک کی 12 نشستوں پر مہایوتی اور مہاوکاس اگھاڑی کے درمیان راست مقابلہ ہوگا۔
***** ***** *****
ریاست کے کئی حصوں میں گزشتہ دو دنوں سے اطمینان بخش بارش ہونے کی وجہ سے زرعی کاموں میں تیزی آگئی ہے۔
کل جالنہ ضلعے کے بیشتر علاقوں میں ہلکی سے اوسط درجے کی بارش ہوئی۔ ہمارے نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ اس بارش سے خریف کی بوائی بشمول کپاس کی تخم ریزی میں تیزی آئی ہے۔
دھاراشیو شہر اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں بھی کل زبردست بارش ہوئی۔ ضلعے میں اب تک 83 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے۔
بلڈھانہ ضلعے میں بھی، کل دوپہر کھام گاؤں تعلقے کے کالے گاؤں، کنچن پور، بوری آڑگاؤں علاقوں میں زبردست بارش ہوئی۔
دریں اثناء‘ محکمہ موسمیات نے آج مراٹھواڑہ، ودربھ، کوکن اور وسطی مہاراشٹر میں زوردار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ لاتور، دھاراشیو، رتناگری، سندھو درگ، ستارا، شولاپور اضلاع کیلئے بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست میں غیر موسمی بارشوں سے متاثرہ کسانوں کیلئے 334 کروڑ 98 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان۔
٭ معدنیات مافیا اور ریت کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا وزیر محصول کااعلان۔
٭ ناگپور کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر بین الاقوامی طیران گاہ خانگی کمپنی جی ایم آر کے سپرد۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی رسد پر عائد تمام پابندیاں منسوخ۔
٭ شرڈی میں سائی بابا مندر علاقے سے 600 کلو سے زیادہ ناقص درجے کی مٹھائی ضبط۔
اور۔۔۔٭ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کی بنگلہ دیش پر پانچ وکٹوں سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment