Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 22 June-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/جون ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس کا آج سے آغاز۔
٭ رُکنِ پارلیمان اوم راجے نمبالکر‘ ایکناتھ شندے کی زیرِ قیادت شیوسینا میں شامل۔
٭ بارہواں بین الاقوامی یوگا دِن مختلف مقامات پر یوگا کی مشق کے ساتھ منایا گیا جوش و خروش سے۔
اور۔۔۔٭ آج سے جنوبی کوکن اور ریاست کے چند حصوں میں موسمی بارش مانسون کے شروع ہونے کا امکان۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی اسمبلی کا مانسون اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے۔ تین ہفتوں پر مشتمل یہ اجلاس آئندہ 10 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس مناسبت سے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھرنویس نے ایک صحافتی کانفرنس کا اہتمام کیا اور مختلف مسائل پر حکومت کا مؤقف واضح کیا۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کی قرض معافی ان کیلئے سیاسی مسئلہ نہیں ہے بلکہ قرض فراہمی کے اس عمل میں کسانوں کو نئے سرے سے شامل کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے کسانوں کو دوبارہ قرض حاصل کرنے کا اختیار ملنا چاہیے، اس لیے ہم قرض معافی کو ایک پہل کے طور پر دیکھتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ 36 ہزار 585 کروڑ روپئے، اس قرض معافی پروگرام کے تحت 56 لاکھ کسانوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
اس موقع پر نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سُنیترا پوار موجود تھے۔ ایکناتھ شندے نے اپیل کی کہ مختلف جماعتیں جھوٹے الزامات نہ لگائیں جبکہ حکومت تیز رفتاری سے کام کررہی ہے۔ اس مناسبت سے نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے تمام تعمیری تجاویز کا حکومت خیرمقدم کرتی ہے۔ انھوں نے مانسون اجلاس کے دوران عوام سے جڑے مسائل پر تعاون اور بات چیت کی اپیل کی۔
***** ***** *****
دوسری جانب مخالف جماعتوں نے حکومت کی جانب سے کل دی گئی چائے پارٹی کا بائیکاٹ کیا۔ حزبِ اختلاف نے حکومت کو عوامی مسائل پر توجہ نہ دینے کیلئے تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ وہیں مخالف جماعتوں نے ایک صحافتی کانفرنس میں کہا کہ وہ حالیہ مانسون اجلاس میں ریاست کے 13 کروڑ عوام کے مسائل کو جارحانہ انداز میں اٹھائیں گے۔ اس موقع پر راشٹروادی کانگریس پارٹی شرد پوارگروپ کے رہنماء جینت پاٹل‘ کانگریس کے ستیج پاٹل اور شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے بھاسکر جادھو موجود تھے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت مخالف جماعتوں کے سوالات کا جواب دینے کی بجائے ان کا مذاق اُڑا رہی ہے۔ مخالف جماعتوں نے اس برس بیج بونے میں تاخیر کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال کے دوران خشک سالی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے شیوسینا میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے کل دھاراشیو تعلقے کے گووردھن واڑی میں اپنے حامیوں کے ساتھ میٹنگ کے بعد یہ مؤقف واضح کیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وہ اب نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں کام کریں گے۔ انھوں نے وضاحت کی کہ ان کا یہ قدم‘ ان کے حلقے کے مسائل کے حل کیلئے ضروری ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں سچکھنڈ گرودوارے کیلئے 70 برس قدیم قانون کو منسوخ کردیا جائے گا اور اسکے مقام پر نیا قانون نافذ کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی زیرِ صدارت کل منعقدہ کابینی اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔ گرودوارے کیلئے نئے اُصول و ضوابط کے مسودے کو وزارتِ قانون و انصاف کے مشورے سے آخری شکل دی جائے گی۔ اسمبلی سے منظوری کے بعد نئے قانون کے مطابق گرودوارے کے انتخابی قواعد اور ضمنی قوانین تیار کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
ریاست کے 14اضلاع کی آٹھ میونسپل کاؤنسلز اور 14نگر پنچایتوں کی 47 نشستوں کے ضمنی انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی کل کی گئی۔ ان 47 نشستوں میں سے آٹھ امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے، جبکہ کسی امیدوار کی جانب سے درخواست داخل نہ کرنے کے سبب ایک سیٹ خالی رہی۔ گڈچرولی ضلع میں بی جے پی‘ کانگریس اور راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار گروپ نے ایک ایک نشست پر قبضہ کیا‘ جن میں میونسپل کاؤنسل کی ایک اور نگر پنچایتوں کی دو نشستیں شامل ہیں۔
***** ***** *****
قانون ساز کاؤنسل انتخابات کیلئے ووٹوں کی گنتی آج ہورہی ہے۔ عثمان آباد-لاتور-بیڑ حلقے کیلئے رائے شماری دھاراشیو میں اُدّھو راؤ پاٹل گورنمنٹ انڈسٹرئیل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں ہوگی۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ ناندیڑ حلقے میں بھی رائے شماری کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اورنگ آباد- جالنہ کاؤنسل حلقے کے ووٹوں کی گنتی چھترپتی سمبھاجی نگر کے عثمان پورہ میں واقع گورنمنٹ فارمیسی کالج میں ہوگی۔ اس کیلئے 88 افسران و ملازمین کو کل تربیت دی گئی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بارہواں بین الاقوامی یوگا دِن کل وسیع پیمانے پر یوگا مشقوں کے ساتھ منایا گیا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر کولکتہ کے تاریخی ریڈ روڈ پر منعقدہ مرکزی تقریب میں‘ وہیں صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے مدھیہ پریش کے جبل پور میں یوگا دن پروگرام میں شرکت کی۔ ریاست کے گورنر جشنو دیو ورما نے ممبئی کے لوک بھون میں بھارتی کوسٹ گارڈز کے ساتھ یوگا کی مشق میں حصہ لیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس ن اس موقع پر ممبئی کے جوہو چوپاٹی پر یوگا پروگرام میں شریک ہوکر یہ دن منایا۔
مراٹھواڑہ کے مختلف حصوں میں بھی بارہویں بین الاقوامی یوگا دِن کی مناسبت سے تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں بی بی کا مقبرہ اور ڈویژنل اسپورٹس کامپلیکس میں اجتماعی طور پر یوگاکے آسنوں کی مشق کی گئی۔ وہیں شہر کے سڈکو این 8- میں واقع باٹنیکل گارڈن میں ایک خصوصی بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ دھاراشیو کے تلجا بھوانی کھیل کامپلیکس میں یوگا کی مشقیں کی گئیں۔ وہیں پربھنی کے پریہ درشنی اندرا گاندھی اسپورٹس کامپلیکس میں یوگا کے مظاہرے پیش کیے گئے۔ لاتور کے بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر پارک میں یوگا کا ایک خصوصی پرگرام منعقد کیا گیا۔ لاتور شہر کے بڑے چوراہوں پر رنگولی کے ذریعے یوگا کی اہمیت کو سمجھایا گیا۔ جالنہ ضلع کھیل کامپلیکس میں یوگا مظاہروں کے ساتھ ساتھ پودے بھی لگائے گئے۔ ریاستی وزیر پنکجا منڈے نے بیڑ کے دھرم ویر چھترپتی سمبھاجی مہاراج کھیل میدان میں منعقد کیے گئے یوگا پروگرام میں حصہ لیا۔ وہیں ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے شعبہئ کھیل کی جانب سے یوگ آسنوں کے مظاہروں کے ذریعے یوگا دِن منایا گیا۔
***** ***** *****
میڈیکل کورسیز میں داخلے کیلئے اہلیتی امتحان NEET-UG-2026 کل دوبارہ سخت سیکوریٹی کے درمیان ملک بھر میں 551مراکز اور بیرون ممالک کے 14 مراکز پر منعقد کیا گیا۔ اس امتحان میں 22 لاکھ 79 ہزار طلبہ شریک ہوئے۔ یہ امتحان چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے 50 مراکز اور لاتور ضلعے کے 26 مراکز پر منعقد کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں شدید گرمی کے سبب ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے پہلی تا بارہویں جماعتوں کے تمام اسکولوں اور کالجوں کو صبح کا سیشن منعقد کرنے کا حکم دیا ہے۔ محکمہئ تعلیم نے ہدایت دی ہے کہ آئندہ احکامات تک یہ جماعتیں صبح آٹھ بجے تا دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک منعقد کی جائیں۔
***** ***** *****
رتناگری ضلع کے گنپتی پُڑے کے سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے پانچوں نوجوانوں کی لاشیں کل مل گئیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پیٹھن تعلقے کے بڑکن کے رہائشی یہ نوجوان کل صبح سمندر میں ڈوبے تھے۔ پولس‘ کوسٹ گارڈز، ماہی گیروں اور مقامی شہریان کی ایک ٹیم نے اس تلاشی آپریشن میں حصہ لیا۔ رتناگری کے پولس سپرنٹنڈنٹ نتن بگاٹے نے کل ابتدائی طبّی مرکم پہنچ کر متوفی نوجوانوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کی اور انھیں تسلی دی۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے جھالٹا پھاٹہ علاقے میں کل 12لاکھ 27 ہزار 964 روپئے مالیت کا ممنوعہ گٹکا ضبط کیا گیا۔ خوراک و ادویات محکمے کی ایک ٹیم نے یہ کارروائی انجام دی۔
***** ***** *****
ہنگولی تعلقے میں کل چیتے کے حملے میں ایک چرواہا زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ کل شام باسمبا شیوار علاقے میں پیش آیا۔ زخمی ہونے والے چرواہے کا نام مہیش دگڑو کُرواڑے ہے۔ اس کی آواز سن کر آس پاس کے کھیتوں کے کسان فوری طور پر چیتے کو بھگانے کیلئے دوڑ پڑے تھے۔ زخمی چرواہے کا علاج ہنگولی کے جنرل اسپتال میں چل رہا ہے۔
***** ***** *****
آشاڑھی ایکادشی کے موقع پر کل شری سنت گجانن مہاراج سنستھان کی ایک پالکھی بلڈانہ ضلع کی سنت نگری شے گاؤں سے شریکشیتر پنڈھرپور جانے کیلئے روانہ ہوئی۔ اس موقع پر بھگوے جھنڈے لہرائے گئے اور مذہبی نعرے لگائے گئے۔
***** ***** *****
آج سے جنوبی کوکن اور ریاست کے چند علاقوں میں جنوب مغربی مانسون کے سرگرم ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک سبکدوش افسر کرشنا نند ہوسالیکر نے کہا ہے کہ ممبئی اور ریاست کے اندرونی حصوں میں 24 تا 26 جون کے دوران بارش کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ اسی بیچ مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڑ، دھاراشیو اور لاتور اضلاع میں چند مقامات پر بجلی کی چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ان علاقوں میں 40 تا 50کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔ ڈویژن کے دیگر اضلاع میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاستی اسمبلی کے مانسون اجلاس کا آج سے آغاز۔
٭ رُکنِ پارلیمان اوم راجے نمبالکر‘ ایکناتھ شندے کی زیرِ قیادت شیوسینا میں شامل۔
٭ بارہواں بین الاقوامی یوگا دِن مختلف مقامات پر یوگا کی مشق کے ساتھ منایا گیا جوش و خروش سے۔
اور۔۔۔٭ آج سے جنوبی کوکن اور ریاست کے چند حصوں میں موسمی بارش مانسون کے شروع ہونے کا امکان۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment