Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 07 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 2029 تک ملک کو منشیات سے پاک بنانے کا حکومت کاعزم؛ مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے تین سالہ منصوبے کا اعلان۔
٭ پرچے افشاء ہونے کے معاملات کو روکنے کیلئے MPSC کے تحت امتحانی عمل میں اصلاحات کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ ریاست کے تمام اسکولوں میں ”اسکول بیگ پالیسی2020“کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے احکامات جاری۔
اور۔۔۔٭ بھارت کی ساتوک-چراغ جوڑی کی چائنا ماسٹرز بیڈمنٹن چمپئن شپ کے خطابی مقابلے میں فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے 2029 تک ملک کو منشیات سے پاک بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔وہ کل گوا میں ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ملک کو منشیات سے پاک بنانے کے تین سالہ منصوبے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ ”خفیہ اطلاعات اور کارروائی“، منشیات اور مصنوعی ادویات کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکلز پر کنٹرول، منشیات کی طلب میں کمی اور نقصان میں کمی، اور صلاحیت کی تعمیر اور رابطہ کاری“ جیسے چار اہم ستونوں پر مبنی ہے۔ شاہ نے مزید کہا کہ یہ مہم 50 کروڑ لوگوں تک پہنچائی جائے گی اور ایک لاکھ ”منشیات سے پاک دوست“ بنائے گی، اور ملک میں نشہ چھڑانے کے مراکز کی تعداد بھی ایک ہزار 751 تک بڑھائی جائے گی۔
2019 سے، حکومت نے منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے، خفیہ اطلاعات کے تبادلے، اقتصادی جرائم کی تحقیقات اور لوگوں کی بازآبادکاری کیلئے اقدامات کو مضبوط کیا ہے۔ وزیرِ داخلہ نے بتایا کہ حکومت نے 2019 سے منشیات کے مسئلے کو قومی سلامتی کی ترجیح کے طور پر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا:
بائٹ - مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ
Byte: Home Minister Amit Shah
شاہ نے بتایا کہ منشیات کے خلاف کارروائی میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور کارروائی کیلئے 46 ممالک کے ساتھ معاہدے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 2014 سے 2026 کے درمیان 48 لاکھ 68 ہزار کلو گرام منشیات تلف کی گئی ہیں۔
***** ***** *****
نئی دہلی کے ستیہ نکیتن علاقے میں پانچ منزلہ عمارت گرنے سے چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اب تک نو افراد کو باہر نکالا جا چکا ہے۔ مقامی پولس، ایمبولینس، دیگر ہنگامی خدمات اور ہنگامی حالات میں کام کرنے والے دستے کے اہلکار جائے وقوعہ پر راحت اور بچاؤ کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے واقعے کی تحقیقات اور عمارت کے مالک کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے اس سانحے پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کے ساتھ اس حادثے کی صورتحال کا جائزہ لیکر مختلف ہدایات جاری کی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین دلایا ہے کہ مستقبل میں پرچے افشاء ہونے کے معاملات کی روک تھام کیلئے MPSC امتحانات کے سوالیہ پرچوں کی تیاری سے لیکر امتحان کے انعقاد تک ضروری اصلاحات کو فوری طور پر نافذ کیا جائے گا۔ مسابقتی امتحانات کے اساتذہ اور طلبہ کے ایک وفد نے کل ممبئی میں پھڑنویس سے ملاقات کی اور ایم پی ایس سی امتحان کے طریقہئ کار سے متعلق مختلف مطالبات پیش کیے۔ اس موقعے پر وزیراعلیٰ نے امتحانی نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے کیلئے حکومت کی کوششوں کی معلومات دیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ڈرگس انسپکٹر کے امتحان کے سوالیہ پرچے افشاء ہونے کے معاملے کو بھی سنجیدگی سے لیا گیا ہے اور پولس اس کی تحقیقات کررہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے خبردار کیا کہ کمیشن کے اندر یا باہر کا کوئی بھی شخص اس بدعنوانی میں ملوث پایا گیا تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی اداروں و کارپوریشن کی صدر اور رُکنِ پارلیمان سپریا سولے نے تعلیمی شعبے سے متعلق مسائل کو حل کرنے کیلئے صرف احتجاج پر اکتفاء نہ کرتے ہوئے ٹھوس اقدامات پر عمل درآمد کرکے انتظامیہ سے مسلسل نمائندگی کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔ وہ کل تعلیمی کارپوریشن کے ناگپور اور امراوتی ڈویژن کے مشترکہ اجلاس سے مخاطب تھیں۔ سولے نے مزید کہا کہ گذشتہ چند سالوں سے تعلیمی نظام کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں‘ لہٰذا‘ اس نظام کے تحفظ کیلئے تعلیمی اداروں، اساتذہ، والدین اور سماج کو متحدہونے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے تمام اسکولوں میں ”اسکول بیگ پالیسی2020-“کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کیلئے ہدایات دی گئی ہیں۔ ایجوکیشن ڈائریکٹر شرد گوساوی نے طلبہ کے اسکول بیگ کا وزن ان کے جسمانی وزن کے 10 فیصد سے زیادہ نہ ہونے کی ہدایات دی ہیں۔ اس کے تحت جماعت ِ ششم تا ہشتم کے طلباء کیلئے سال بھر میں دس دن کے بیگ فری دورانیے کا اہتمام کرنے اور تعلیم پر مبنی سرگرمیوں کو نافذ کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔
***** ***** *****
صحت ِ عامہ محکمے نے ہر سال ریاست میں ضلعی سرجن اور ضلعی صحت شعبے کے افسران کا معروضی جائزہ اور درجہ بندی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ عمل افسران کی گزشتہ تین سالوں کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا اور اس درجہ بندی کو ذمہ داریاں مختص کرنے، اگلے تین سالوں کی منصوبہ بندی اور مستقبل کے تقررات کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
***** ***** *****
آئندہ گنیش فیسٹیول کے پس منظر میں ریاست میں منعقدہ ہونے والے’مہاراشٹر بہتر عوامی گنیش منڈل مقابلہ 2026‘ کیلئے درخواستیں جمع کرنے کی آخری تاریخ میں 11 ستمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔ ثقافتی اُمور محکمے کے وزیر آشیش شیلار نے یہ اطلاع دی۔ اس مقابلے کا انعقاد گنیش فیسٹیول کے ذریعے سماجی بیداری، ماحولیاتی تحفظ، ثقافتی ورثے اور سماجی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ نے آئندہ گنپتی تہوار کو پُرامن، محفوظ اور روایتی عقیدت سے منانے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل‘ عوامی گنیش فیسٹیول 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ پولس انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، مہاوترن اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی تال میل کے ساتھ منصوبہ بندی کرکے شہریوں کو سہولیات فراہم کریں۔
دریں اثناء‘ ریاستی وزیر میگھنا بورڈیکر نے بھی کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے آئندہ تہواروں کے دوران ڈی جے کا استعمال نہ کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
جالنہ ضلعے میں بھی پولس انتظامیہ نے گنیش وسرجن جلوس میں ڈی جے کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔ اس سلسلے میں ضلع اسپیشل برانچ نے ایک حکمنامہ جاری کیا‘ جس میں پولس اسٹیشنوں کے انچارج افسران کو گنیش منڈلوں کے ذمہ داران کے ساتھ میٹنگ کرکے انہیں صوتی آلودگی کے قوانین سے متعلق جانکاری دینے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ ڈی جے استعمال کرنے پر متعلقہ گنیش منڈل کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا ہے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ تیگ بیر سنگھ سَندھو نے ڈی جے کے بجائے روایتی آلات کا استعمال کرکے گنیش تہوار کو پرامن طریقے سے منانے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے ”مراٹھواڑہ کی ترقی، تم سے نہ ہوپائیگی“ عنوان سے شروع کی گئی عوامی تحریک، کے سلسلے میں سابق قائد ِ حزبِ اختلاف و رکنِ کونسل امباداس دانوے کی قیادت میں ایک وفد نے کل جالنہ کی ضلع کلکٹر آشیما متل سے ملاقات کی۔اس موقعے پر جالنہ ضلعے میں تمام ترقیاتی کاموں میں تیزی لانے اور ضلعے کی مجموعی ترقی پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔
***** ***** *****
طویل وقت سے بارش نہ ہونے کے سبب دھاراشیو ضلعے میں فصلوں کی صورتحال تشویشناک ہو چکی ہے۔ اس پس منظر میں ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار اور ضلع پریشد کی سی ای او پرینوودا مہڑدَڑکر نے کل تلجا پور تعلقے کے ککرمبا گاؤں کا دورہ کیا۔ جبکہ رہائشی نائب کلکٹر ودیا چرن کڑَؤکر نے اِنداپور، کڑک ناتھ واڑی، بوری، پڑسَپ میں کھیتوں کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کسانوں سے بات چیت کی اور فصلوں پر موسم کے اثرات، فصل کی موجودہ صورتحال اور کسانوں کو درپیش مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
***** ***** *****
بھارت کے ساتوِک سائی راج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی کی جوڑی نے چائنا ماسٹرز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں مردوں کے ڈبلز کا خطاب جیت لیا۔ ساتوک سائی راج اور چراغ شیٹی نے کل کھیلے گئے فائنل مقابلے میں چین کی حریف جوڑی کو 11-21، 21-13، 21-17 سے شکست دی۔ رواں سیزن میں اس جوڑی نے یہ دوسرا خطاب اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے سنگاپور اوپن چمپئن شپ بھی جیتی تھی، جبکہ انہیں تھائی لینڈ اوپن میں رنر اپ پوزیشن پر اکتفاء کرنا پڑا تھا۔
***** ***** *****
موسم:محکمہ موسمیات نے آئندہ دو دنوں میں کوکن کے بیشتر مقامات، ودربھ کے چند مقامات اور وسطی مہاراشٹرا اور مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ 2029 تک ملک کو منشیات سے پاک بنانے کا حکومت کاعزم؛ مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے تین سالہ منصوبے کا اعلان۔
٭ پرچے افشاء ہونے کے معاملات کو روکنے کیلئے MPSC کے تحت امتحانی عمل میں اصلاحات کرنے کا وزیرِ اعلیٰ کا تیقن۔
٭ ریاست کے تمام اسکولوں میں ”اسکول بیگ پالیسی2020“کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے احکامات جاری۔
اور۔۔۔٭ بھارت کی ساتوک-چراغ جوڑی کی چائنا ماسٹرز بیڈمنٹن چمپئن شپ کے خطابی مقابلے میں فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment