Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 20 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سرکاری خدمات میں شامل نوجوان ترقی یافتہ بھارت کے سفر کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں تعاون کریں: بیسویں روزگار میلے میں وزیر اعظم کی اپیل۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر محصول ڈویژن میں خشک سالی جیسی صورتحال کا وزیرِ زراعت نے لیاجائزہ؛ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ معاوضہ فراہم کرنے کیلئے کوشش کرنے کا تیقن۔
٭ بیڑ-پونے ریلوے خدمات کا آئندہ 23 ستمبر سے باقاعدہ آغاز۔
اور۔۔۔٭ بیسویں ایشیائی کھیلوں کا باضابطہ آغاز: خواتین کرکٹ میں آج بھارت اور بنگلہ دیش کا مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر ِاعظم نریندر مودی نے سرکاری خدمات میں شامل ہونے والے نوجوانوں سے ترقی یافتہ بھارت کی طرف جاری سفر کو تقویت دینے والے فیصلے لینے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل‘بیسویں قومی روزگار میلے میں مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں نئے رجوع ہونے والے 51 ہزار نوجوانوں میں ورچول طریقے سے تقررنامے تقسیم کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
ملک کے 45 مختلف مقامات پر یہ روزگار میلے منعقد ہوئے۔ ناگپور میں مرکزی وزیر نتن گڈکری، پونے میں امدادِ باہمی کے مملکتی وزیر مرلی دھر موہوڑ، تھانے میں مرکزی وزیر پرتاپ راؤ جادھو اور ممبئی میں اُمورِ نوجوانوں اور کھیلوں کی وزیرِ مملکت رکشا کھڑسے نے نوجوانوں کو تقرر نامے تفویض کیے۔
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے یقین دلایا ہے کہ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ نقصان بھرپائی اور امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وہ کل ناندیڑ میں چھترپتی سمبھاجی نگر محصول ڈویژن کے تمام آٹھ اضلاع میں خشک سالی جیسی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بات کر رہے تھے۔ انھوں نے انتظامیہ کو وقت سے پہلے فصل کٹائی کے تجربات کو فوری طور پر احتیاط اور درست طریقے سے مکمل کرنے اور اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی کہ اس عمل میں کوئی نقص نہ رہے۔ امدادِ باہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل، وزیرِ مملکت میگھنا بورڈیکر، ناندیڑ کے رابطہ وزیر اتل ساوے، لاتور کے رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے کے ساتھ ڈویژن کے بیشتر عوامی نمائندوں نے راست طور پر اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اس اجلاس میں شرکت کی۔
بھرنے‘نے مراٹھواڑہ کے 76 تعلقہ جات میں ناکافی بارش اور بارش میں طویل وقفے کی وجہ سے فصلوں کے نقصان، چارے اور پینے کے پانی کی قلت کے پیشِ نظر انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے مختلف مسائل پر عوامی نمائندوں کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کا نوٹس لیکر ان پر موثر عمل درآمد کرنے کے احکامات بھی دیئے۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے مملکتی وزیرِ توانائی میگھنا بورڈیکر نے موجودہ لوڈشیڈنگ کو فوری طور پر بند کرنے کا اعلان کیا۔
دریں اثناء، اس اجلاس کے بعد، دتاتریہ بھرنے‘ نے ناندیڑ اور ہنگولی اضلاع میں کھیتوں پر جاکر بارش کی کمی کی وجہ سے خراب ہونے والی فصلوں کا معائنہ کیا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں خشک سالی سے متاثرہ دیہاتوں کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے فہرست فرضی ہونے کی وضاحت انتظامیہ کی جانب سے کی گئی ہے اور کسانوں و شہریوں سے اس فہرست پر یقین نہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ ان غیر مصدقہ فہرستوں پر بھروسہ نہ کریں اور یہ فہرستیں کسی اور کو بھیجنے سے گریز کیا جائے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی زندگی کا 25 سالہ سفر ”عوامی خدمت سے ملک کی خدمت“کے تصور سے سرشار ہے، اور حکومت‘ خدمت اور بہتر حکمرانی کے نقطہ نظر سے 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ جامع ترقی اور سماج کو بااختیار بناکر شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ”سوچھ بھارت مشن“ کے ذریعے اس تصور کو حقیقت میں تبدیل کیا جارہا ہے۔
بابائے قوم مہاتما گاندھی کے 145 ویں یوم پیدائش کے موقعے پر، وزیر ِاعظم نریندر مودی کے تصور پر 2 اکتوبر 2014 کو ”سوچھ بھارت مشن“ کے تحت ایک جامع مہم شروع کی گئی تھی۔ اس مہم کے بنیادی مقاصد کھلی جگہوں پر رفع حاجت کو ختم کرنے، کچرے کے مناسب انتظامات، صفائی سے متعلق بیداری اور صحت عامہ کی بہتری ہیں۔
اس مہم کے ملک بھر میں مؤثر نفاذ کیلئے اسے ”سوچھ بھارت مشن شہری“اور ”سوچھ بھارت مشن دیہی“ موضوعات کے تحت دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ”ایک قدم صفائی کی طرف“ اس مہم کا نصب العین ہے اور ”گاندھی جی کا چشمہ“ اس مہم کی علامت ہے۔
اس مہم کے تحت ملک بھر میں ہر سال ایک ”صفائی سروے“ کیا جاتا ہے اور ملک کے صاف ستھرے شہروں اور ریاستوں کو ایوارڈ دیکر ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے۔
پہلے مرحلے میں ملک کو کھلے مقامات پر رفع حاجت سے پاک بنانے کے بعد اب اس مہم کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔ اس دوسرے مرحلے میں کچرے کے مناسب انتظامات سمیت دیہاتوں اور شہروں کو کھلے مقامات پر رفع حاجت سے پاک بنانے پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔ اس میں پلاسٹک کے استعمال پر پابندی، گندے پانی پر پروسیس اور کچرے کو علیحدہ علیحدہ کرنے کے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اس کے مطابق، مرکزی حکومت نے یکم اپریل 2026 سے ترمیم شدہ ”سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ضابطہ 2026“ لاگو کیا ہے، اور اس پر عمل درآمد جاری ہے۔
***** ***** *****
بیڑ-پونے ریلوے خدمات کا آئندہ 23 ستمبر سے باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے۔ یہ گاڑی رات ساڑھے نو بجے بیڑ سے روانہ ہوکر صبح پانچ بجکر 20 منٹ پر پونے جنکشن پہنچے گی‘ جبکہ واپسی کے سفر میں یہ ٹرین پونے سے رات پونے گیارہ بجے روانہ ہوکر صبح چھ بجے بیڑ پہنچے گی۔
***** ***** *****
20ویں ایشیائی کھیل مقابلوں کا‘کل سے جاپان میں باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ بھارت کے 501 رکنی دستے کی قیادت دو بار کے اولمپک فاتح منوبھاکر اور کبڈی کھلاڑی پون سہراوت نے کی۔ اس ٹورنامنٹ میں آج‘ بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم کا بنگلہ دیش سے مقابلہ ہوگا۔
***** ***** *****
تلجاپور کے رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کل دھاراشیو تعلقے کے اُپڑا گاؤں میں فصلوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ خشک سالی کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے پینے کے پانی کے ٹینکر فراہم کیے جائیں۔
سابق رُکنِ اسمبلی سُجیت سنگھ ٹھاکر نے بھی وزیر اعلیٰ کو ایک مطالباتی مکتوب ارسال کرکے دھاراشیو ضلعے کو خشک سالی سے متاثرہ ضلع قرار دینے اور کسانوں کیلئے خاطر خواہ راحت پیکیج فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا (RBI) نے کوامدادِ باہمی کے وزیر باباصاحب پاٹل اور سات دیگر کو افراد لاتور ڈسٹرکٹ سینٹرل کوآپریٹیو بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مستعفی ہونے کا حکم دیا ہے۔ جس کے بعد انہوں نے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ آر بی آئی نے یہ حکم ڈائریکٹر عہدے کی 10 سالہ مدت کی خلاف ورزی پر دیا ہے۔ بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بنچ میں بینک کے ایک شیئر ہولڈر کی طرف سے دائر درخواست پر عدالت کی ہدایت کے مطابق یہ کارروائی کی گئی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ ساہتیہ پریشد کی طرف سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں پریشد کے دفتر کیلئے تعمیر کی گئی نئی عمارت اور اس میں قائم کردہ مدھوکر راؤ مڑے اجلاس گاہ کا افتتاح ڈاکٹر ڈی وائی پاٹل ڈیمڈ یونیورسٹی، پونے کے چانسلر ڈاکٹر پی ڈی پاٹل کے ہاتھوں کیا جائے گا۔ اس افتتاحی تقریب کا انعقاد ڈاکٹر نا. گو. نانداپورکر اجلاس گاہ میں آج شام ساڑھے پانچ بجے کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست میں سرکاری بھرتی کے امتحانی نظام کو بہتر بنانے کیلئے قائم کی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کا دورہ کر رہی ہے۔ یہ کمیٹی صبح ساڑھے دس بجے اسمارٹ سٹی کے دفتر میں طلباء، امتحان میں شرکت کرنے والوں اور متعلقہ فریقوں سے ملاقات کرکے ان کے مشورے اور تجاویز کی سماعت کرے گی۔ ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے متعلقین سے اس اجلاس میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع کیلئے آئندہ 22 ستمبر تک بارش کا آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس دوران مراٹھواڑہ کے مختلف مقامات پر بادلوں کی گھن گرج اور بجلی کی چمک کے ساتھ جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار اور بعض مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ سرکاری خدمات میں شامل نوجوان ترقی یافتہ بھارت کے سفر کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں تعاون کریں: بیسویں روزگار میلے میں وزیر اعظم کی اپیل۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر محصول ڈویژن میں خشک سالی جیسی صورتحال کا وزیرِ زراعت نے لیاجائزہ؛ کسانوں کو زیادہ سے زیادہ معاوضہ فراہم کرنے کیلئے کوشش کرنے کا تیقن۔
٭ بیڑ-پونے ریلوے خدمات کا آئندہ 23 ستمبر سے ہوگا باقاعدہ آغاز۔
اور۔۔۔٭ بیسویں ایشیائی کھیلوں کا باضابطہ آعاز: خواتین کرکٹ میں آج بھارت اور بنگلہ دیش کا مقابلہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment