Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 21 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ناکافی بارش سے متاثرہ کسانوں کی مختلف اسکیموں اور انشورنس کمپنیوں کے ذریعے مدد کی جائے گی: وزیرِ زراعت کا تیقن۔
٭ ریاست میں صنعتوں کو 2029 تک سستی بجلی ملے گی:وزیر اعلیٰ کا اعلان۔
٭ ناندیڑ ضلع میں دو حادثات میں تین نوجوانوں کی موت۔
اور۔۔۔٭ ہندوستان کو ایشیائی کھیلوں میں دو چاندی کے تمغے؛ خواتین کرکٹ ٹیم کا‘کل فائنل میں سری لنکا سے مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے نے یقین دلایا ہے کہ ریاست میں ناکافی بارش کے باعث فصلوں کو ہونے والے نقصان سے متاثرہ کسانوں کی مختلف سرکاری اسکیموں اور انشورنس کمپنیوں کے ذریعے مدد کی جائے گی۔ بلڈانہ ضلع کے کھام گاؤں تعلقہ میں تباہ شدہ فصلوں کا معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت‘ وزیرِاعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘ اس لیے نقصان کے باوجود کاشتکاروں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے اور حکومت کی جانب سے انھیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
دریں اثناء، وزیر زراعت نے کل اکولا میں امراوتی محصول ڈویژن کے تحت آنے والے علاقوں میں فصلوں کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ نے بھی کل ویجا پور تعلقہ کے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں فصلوں کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ اس دوران‘ انہوں نے کسانوں سے بات چیت کی اور ان کی مشکلات جاننے کی کوشش کی۔ شرساٹ نے عہدیداروں کو پنچنامہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کسانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے اور کسانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہئے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں قحط سالی کا اعلان کرتے ہوئے کسانوں کو امداد اور سہولیات کی فراہمی کے مطالبے پر آئندہ 24 تاریخ کو راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کی جانب سے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ یہ اعلان رکنِ اسمبلی سندیپ شرساگر نے کل کیا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار گروپ کے رکنِ اسمبلی روہت پوار نے بیڑ ضلع کے امباجوگائی تعلقہ کے دَگڑواڑی میں خشک سالی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ جہاں بارش نہ ہونے کی وجہ سے فصلوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ کسانوں کو کم از کم 50 ہزار روپے فی ہیکٹر سرکاری امداد دی جائے۔
اسی دوران، روہت پوار نے کل لاتور ضلع کے احمد پور تعلقہ کے کِن گاؤں، پاٹودا اور کاجڑ ہپّرگا‘ میں تباہ شدہ فصلوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ضلع میں فصلوں کے شدید نقصان کے باوجود پنچنامے میں تاخیر پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
***** ***** *****
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ریاست میں صنعتوں کو 2029 تک سستی بجلی مل پائے گی۔ناگپور کے ایڈیشنل بوٹی بوری صنعتی علاقے میں اوادا صنعتی گروپ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کل سولار ماڈیول کی تیاری کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو سستی اور 24 گھنٹے بجلی فراہم کرنے کیلئے شمسی توانائی، بیٹریوں اور توانائی ذخیرہ کرنے پر زور دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ سمردھی شاہراہ اور واڑھون بندرگاہ سے ریاست میں صنعت اور لاجسٹک سیکٹر کو فروغ ملے گا۔ انھوں نے بتایا کہ سمردھی ایکسپریس وے کی تعمیر کے وقت ریلوے لائن کیلئے اراضی محفوظ رکھی گئی تھی‘ تاہم‘ سرِدست وہاں محض مال بردار ریلوے خدمات کی ضرورت ہے اور واڑھون و جے این پی ٹی سے مال بردار ٹرینیں چلائی جاتی ہیں تو پوری ریاست میں صنعتی انقلاب آسکتا ہے۔
اسی دوران، وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے واضح کیا کہ تمام UPI لین دین پر ٹیکس نہیں لگائے جائیں گے، بلکہ صرف مخصوص کاروباری لین دین پرہی یہ فیس عائد ہوگی۔ انہوں نے تاجروں اور پٹرول پمپ مالکان سے اپیل کی کہ وہ اس ٹیکس کی مخالفت نہ کریں۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کے عوامی عہدے پر 25 سال مکمل ہونے کے حوالے سے ”جن سیوا سے دیش سیوا“ کے تحت حکومت خدمت اور بہتر حکمرانی کے نقطہ نظر سے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں جامع ترقی اور شہریوں کو بااختیار بنانے کے ذریعے ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی ”وزیرِ اعظم خوانچہ فروش خود کفیل فنڈاسکیم“ سڑک کے کنارے چھوٹی تجارت کرنے والے افرادکو مالی طور پر مستحکم کرنے اور ان کے کاروبار کو فروغ دینے کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ یہ اسکیم جون 2020 میں شروع کی گئی تھی تاکہ چھوٹے تاجروں کو سرمایہ فراہم کیا جا سکے جنہیں کورونا وبا کے دوران مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس اسکیم کے تحت گلیوں کے دکانداروں کو بغیر کسی ضمانت کے قرض کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ اس اسکیم کے مطابق پہلے مرحلے میں 15 ہزار روپے، دوسرے میں 25 ہزار روپے اور تیسرے مرحلے میں 50 ہزار روپے تک کے قرض دئیے جاتے ہیں۔ پہلے قرض کی وقت پر ادائیگی کرنے والے مستفید اگلے مرحلے کیلئے اہل ہوتے ہیں۔
سبزیاں، پھل، کھانے پینے کی اشیاء، کپڑے اور مختلف اشیاء بیچنے والے گلی کے دکانداروں کے ساتھ ساتھ نائی، موچی اور دھوبی اس اسکیم سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے وشنو پوری کے کالیشور مندر علاقے میں گنیش مورتیوں کا وسرجن کرنے گئے دو نوجوان گوداوری ندی میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ یہ دونوں واڑی پاٹی کے قریب واقع ماتوشری ٹرسٹ انجینئرنگ کالج میں زیرِ تعلیم تھے۔
ایک دوسرے حادثے میں، عمری تعلقے کے منڈاڑا گاؤں میں گنیش وسرجن کے بندوبست پر تعینات ہوم گارڈ سندیپ پنگڑے ایک دوسری موٹر سائیکل سے ٹکرانے کے باعث موقعے پر ہی ہلاک ہو گئے۔ یہ حادثہ کل شام ہیرڑگاؤں کے قریب پیش آیا۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان نے کل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوچاندی کے تمغے جیتے۔ شوٹنگ میں، اِیلا وینیل وِلاری وان، سونم مسکر اور وِدَرشا وِنود نے خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل ٹیم ایونٹ میں ملک کیلئے چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس کے بعد ایلا وینیل نے انفرادی مقابلے میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا۔ سُچیکا تاریاڑ روایتی مارشل آرٹس کے خواتین کے 60 کلوگرام وزن زمرے میں سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ ہاکی میں مردوں کی ٹیم نے انڈونیشیا کو 13-1 سے شکست دے کر جیت کے ساتھ فاتحانہ آغاز کیا۔ خواتین کی ہاکی ٹیم نے گروپ بی میں اپنے پہلے میچ میں ازبکستان کو 19-0 سے یکطرفہ شکست دی۔
خواتین کی ٹیبل ٹینس ٹیم نے سنگاپور کو 3-2 سے شکست دی جبکہ خواتین کی بیڈمنٹن ٹیم نے قزاقستان کو 3-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ خواتین کرکٹ میں بھارت کی ٹیم بنگلہ دیش کو 114 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔ اب فائنل میں کل بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
***** ***** *****
ٹی ای ٹی پرچے افشاء کرنے کے معاملے میں مفرور بیڑ کے پرکاش مساڑ اور بہار کے اشوک کمار شاؤ کو پولس نے گرفتار کرلیا ہے۔ انہیں بھیونڈی کی ایک عدالت نے 23 تاریخ تک پولس حراست میں بھیج دیا ہے۔ اس معاملے میں اب تک 18 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں سرکاری بھرتی کے امتحانی نظام میں اصلاح کیلئے ایڈیشنل چیف سکریٹری وی رادھا کی صدارت میں تشکیل دی گئی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی آج چھترپتی سمبھاجی نگر کا دورہ کررہی ہے۔ اس کمیٹی کے ارکان صبح ساڑھے دس بجے شہر میں اسمارٹ سٹی کے دفتر میں طلباء اور متعلقہ فریقوں سے ملاقات کریں گے۔
***** ***** *****
میونسپل کارپوریشن نے چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں املاک کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے سروے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس کام کیلئے خانگی کمپنیوں کی تقرری کیلئے طلب کردہ ای-ٹینڈرز کا جواب تین ایجنسیوں نے دیا ہے۔ یہ اطلاع میونسپل کمشنر امول ییڑگے نے دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ٹینڈر بھرنے والی متعلقہ کمپنیوں کے مالی معیار کی جانچ کی جائے گی۔
***** ***** *****
گنیش مہاسنگھ کی جانب سے کل چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع پریشد کے میدان میں ایک کشتی مقابلہ شروع ہوا۔ مقابلے کا افتتاح میونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیرمین انیل مکریئے نے کیا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے اودگیر شہر اور اس کے اطراف کل تقریباً 15 سے 20 منٹ تک تیز بارش ہوئی۔ ہمارے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ اس علاقے میں شدید بارش کی وجہ سے زرعی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
دریں اثناء، محکمہ موسمیات نے آج پربھنی، ہنگولی، ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں بارش کایلو الرٹ جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ناکافی بارش سے متاثرہ کسانوں کی مختلف اسکیموں اور انشورنس کمپنیوں کے ذریعے مدد کی جائے گی: وزیر زراعت کا تیقن۔
٭ ریاست میں صنعتوں کو 2029 تک سستی بجلی ملے گی:وزیر اعلیٰ کا اعلان۔
٭ ناندیڑ ضلع میں دو حادثات میں تین نوجوانوں کی موت۔
اور۔۔۔٭ ہندوستان کو ایشیائی کھیلوں میں دو چاندی کے تمغے؛ خواتین کرکٹ ٹیم کا‘کل فائنل میں سری لنکا سے مقابلہ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment