Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 30 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ اگنی ویروں کے پہلے دستے کو سیکورٹی فورسز میں شامل کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ خشک سالی کی پہلی فہرست میں شامل نہ کیے جانے والے تعلقوں کو ٹریگر ٹو میں دیا جائے گا فائدہ۔
٭ روزگار گارنٹی اسکیم محکمے کی جانب سے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لیے 6 ہزار سات سو 28 کروڑ روپے فراہم۔
٭ جرمنی کی آڈی کاروں کی تیاری کا چھترپتی سمبھاجی نگر کے صنعتی علاقے شیندرا میں آغاز۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت 53 تمغوں کے ساتھ دسویں نمبر پر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی حکومت نے اگنی ویرو ں کی پہلی بیچ کے امیدواروں کو ریاستی پولیس فورس سمیت دیگر سیکورٹی فورسز میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلی دیویندر فڑنویس نے کل کابینہ کی میٹنگ کے بعد یہ اطلاع دی۔ یہ بتاتے ہوئے کہ یہ اگنی ویر،امتحان اور تربیت کی شرائط سے مشروط نہیں ہوں گے اور انہیں عمر کی حد میں چار سال کی چھوٹ دی جائے گی، وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ضرورت پڑنے پر اِن کے لیے اضافی آسامیاں پیدا کی جائیں گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کابینہ نے خشک سالی کی پہلی فہرست میں شامل نہ ہونے والے تعلقوں کو ٹریگر ٹو میں فوائد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتا یا کہ خشک سالی کے ضمن میں کئی وزراء نے انکے محکموں کے تعلقوں کے ٹریگر ون میں شامل نہ ہونے پر انہیں بھی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس خصوص میں کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسے تعلقوں کو ٹریگر ٹو اور اگر اس میں بھی شامل نہ ہوسکے تو ان تعلقوں میں فصل کی جانچ کے بعد خشک سالی کے فائدے دیئے جائیں گے۔
کابینہ کے اجلاس میں ریاستی لائیو سٹاک ڈویلپمنٹ پالیسی کا بھی اعلان کیا گیا۔ یہ پالیسی مویشیوں کے لیے ضروری چارے کی دستیابی کو یقینی بنائے گی اور ڈیری فارمنگ اور مویشی پالنے جیسے تکمیلی کاروبار کو فروغ دے گی۔ میٹنگ میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے والوج میں ایک جونیئر سول کورٹ اور فرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ کورٹ کے قیام کو منظوری دی گئی، اس کے ساتھ ساتھ اسکے لیے آسامیاں اور اخراجات کا انتظام کیا جائے گا۔
کابینہ نے مہاراشٹر جیل اصلاحی خدمات ایکٹ، 2025، عدالتی معاون سائنسی لیبارٹریز کے ڈائریکٹوریٹ کے نظرثانی شدہ ڈھانچے، اور مہاراشٹر لاجسٹک پالیسی - 2024 میں ترمیم کو بھی منظوری دی۔
***** ***** *****
وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے نے مرکزی حکومت سے ریاست میں بارش کی کمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال اور آئندہ ربیع کے موسم میں ممکنہ مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاست کے لیے خصوصی اقدامات کرنے کی درخواست کی ہے۔ قومی زراعت کانفرنس - ربیع مہم 2026 کے دوسرے دن، بھرنے نے کل مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان کی صدارت میں منعقدہ کانفرنس میں مہاراشٹرکے حالات بتائے۔ بھرنے نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ صرف سیٹلائٹ امیج رپورٹس کی بنیاد پر پیداوار کا تخمینہ لگانے کے بجائے اس سال فصل انشورنس اسکیم میں فصل کی اصل صورتحال پر غور کیا جانا چاہیے۔
***** ***** *****
روزگار کی گارنٹی اسکیم کے محکمے نے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو ان کے گاؤں میں روزگار فراہم کرنے، ان کے ہاتھ کام دینے اور ان کے خاندانوں کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے 6 ہزار سات سو 28 کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کیا ہے۔ روزگار کی فراہمی کے ساتھ ساتھ، روزگار گارنٹی اسکیم کے وزیر بھرت گوگاؤلے نے بتایا کہ اس کے ذریعے پانی کی بچت، زرعی اضافی سہولیات اور دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو تیز کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دریں اثنا، ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ نے تمام ڈیویژنل بورڈز کو ہدایت دی ہے کہ وہ 265 قحط زدہ تعلقوں میں 10ویں اور 12ویں جماعت کے طلبہ سے امتحانی فیس وصول نہ کریں۔
***** ***** *****
وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے چھترپتی شاہو مہاراج ریسرچ ٹریننگ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ-سارتھی کو 122 کروڑ 34 لاکھ روپے اور انا صاحب پاٹل وکاس مہا منڈل کو 150 کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کیا ہے۔ یہ اطلاع مراٹھا ریزرویشن کابینہ ذیلی کمیٹی کے چیئرمین رادھا کرشن وکھے پاٹل نے دی۔ انہوں نے کہا کہ اس فنڈ سے مراٹھا برادری کے طلبہ و طالبات کے لیے آٹھ ہاسٹل بنائے جا رہے ہیں۔
***** ***** *****
مہاراشٹر نو نرمان پارٹی کے سربراہ راج ٹھاکرے نے فہرست رائے دہندگان کے تعلق سے الیکشن کمیشن کی کارروائی کے خلاف 4 اکتوبر کو ممبئی میں مشترکہ مارچ کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مارچ غیر سیاسی ہوگا اور ملک کا ترنگا جھنڈا ہاتھ میں ہوگا، کسی پارٹی کا نہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کا عوامی زندگی میں 25 سالہ سفر 'جن سیوا سے دیش سیوا' کے نظریے سے متاثر ہے، اور حکومت خدمت اور اچھی حکمرانی کے نقطہ نظر سے 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ یہ کام سماجی بااختیار بنانے کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ نئی قومی تعلیمی پالیسی انہی کوششوں کا حصہ ہے۔مرکزی حکومت نے تعلیمی نظام میں جامع تبدیلیاں لانے کے مقصد سے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کو منظوری دی۔1986 کے بعد ملک کے لیے نئی قومی تعلیمی پالیسی نافذ کی گئی۔وزیراعظم نے پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی میں تعلیم کو زیادہ ہنر پر مبنی، کثیر الشعبہ اور طلبہ پر مرکوز کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انھوں نے کہا۔۔
Byte: Prime Minister Narendra Modi
قومی تعلیمی پالیسی میں روایتی+2 10 تعلیمی ڈھانچے کے بجائے 5+3+3+4کا نیا تعلیمی ڈھانچہ تجویز کیا گیا ہے۔ اس ڈھانچے میں، طلباء کی ہمہ جہت ترقی، مہارت پر مبنی تعلیم اور تجرباتی تعلیم پر زور دیا گیاہے۔ پالیسی میں پرائمری سطح پر طلباء کو ان کی مادری زبان یا مقامی زبان میں تعلیم دینے کو اہمیت دی گئی ہے۔
***** ***** *****
جرمن لگژری کار کمپنی Audi نے چھترپتی سمبھاجی نگر میں صنعتی علاقے شیندرا میں منتظر تمام نئے Audi Q3 ماڈل کی تیاری شروع کر دی ہے۔ کمپنی کے سی ای او پیوش اروڑہ نے بتایا کہ یہ چار پہیہ گاڑی، آڈی کے پریمیم ایس یو وی زمرے کا ایک اہم ماڈل، 16 اکتوبر کو بھارتی بازار میں لانچ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
لاتور ضلعے کے کلاری میں شدید تباہ کن زلزلے کو آج 33 سال مکمل ہو گئے ہیں۔ 30 ستمبر 1993 کو صبح 4 بجے کے قریب آنے والے ریکٹر اسکیل پر 6 اعشاریہ 3 کی شدت کے اس زلزلے نے علاقے کے 50 سے زائد دیہاتوں کے ہزاروں مکانات کو تباہ کردیا تھا جس سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان ہوا تھا۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں میں بھارت نے مزید دو سونے کے تمغے جیتے ہیں۔ شوٹنگ میں نیرو دھانڈا نے خواتین کے ٹریپ انفرادی زمرے میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی۔ اسی زمرے میں کل خواتین کی شوٹرز کی ٹیم نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ باکسنگ میں نریندر بیروال نے 90 کلوگرام وزن کے زمرے میں کانسے کا تمغہ جیتا۔
گل ویر سنگھ نے بھی مردوں کی 5 ہزار میٹر دوڑ میں کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ خواتین کی ٹیم نے 400 میٹررِلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔ جبکہ مردوں کی ٹیم نے اسی زمرے میں کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔ بھارت اب اس مقابلے میں کل 53 تمغوں کے ساتھ دسویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ ان تمغوں میں چھ سونے، 21 چاندی اور 26 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
***** ***** *****
اورنگ آباد ڈویژن کے گریجویٹ حلقہ انتخاب کے لیے نامزدگی کا عمل کل سے شروع ہوا۔ پہلے روز 19 خواہشمند درخواست گزاروں نے 30 کاغذات نامزدگی حاصل کی تاہم کل ایک بھی درخواست داخل نہیں کی گئی۔
***** ***** *****
ریاست میں خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو فوری طور پر ہنگامی فنڈ سے 50 ہزار روپئے فی ہیکٹر امداد کا مطالبہ بھارتیہ کسان سنگھ نے کیا ہے۔ کسان سنگھ کی جانب سے کل ریاست کے تمام تحصیل دفاتر کے تحصیلداروں کے ذریعے وزیر اعلیٰ کو اس مطالبے کا میمورنڈم بھیجا گیا ہے۔
****
ناندیڑ ضلعے میں فصل کی کٹائی کے تجربے کے لیے منتخب کسانوں سے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے تجربہ مکمل ہونے تک فصل کی کٹائی نہ کرنے اور ہل نہ چلانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس طریقے سے فصل کی کٹائی سے معروضی معاوضے کے تعین کے لیے درکار فصل کی کٹائی کے تجربات متاثر ہو سکتے ہیں۔ دریں اثنا، کرڈیلے نے ضلعے میں دستیاب سبز اور خشک چارے کی ضلعے سے باہر فروخت اور نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں واقع ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے ذیلی کیمپس میں کل بھارتی علم کے موضوع پر ایک قومی سیمینار منعقد ہوا۔ اس سیمینار میں پونے کی ہیریٹیج فاؤنڈیشن کے بھوجنگ بوبڈے اور یونیورسٹی کی مینجمنٹ کونسل پر گورنر کے مقرر کردہ رکن ڈاکٹر گجانن سانپ نے رہنمائی کی۔ اس موقعے پر ''تیر'' میں ہیریٹیج واک بھی کی گئی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ اگنی ویروں کے پہلے دستے کو سیکورٹی فورسز میں شامل کرنے کا ریاستی حکومت کا فیصلہ۔
٭ خشک سالی کی پہلی فہرست میں شامل نہ کیے جانے والے تعلقوں کو ٹریگر ٹو میں دیا جائے گا فائدہ۔
٭ روزگار گارنٹی اسکیم محکمے کی جانب سے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کے لیے 6 ہزار سات سو 28 کروڑ روپے فراہم۔
٭ جرمنی کی آڈی کاروں کی تیاری کا چھترپتی سمبھاجی نگر کے صنعتی علاقے شیندرا میں آغاز۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت 53 تمغوں کے ساتھ دسویں نمبر پر۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment