Tuesday, 22 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 22 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 22 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۲/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مختلف ممالک کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکوں کے مطابق ’اسکل پاسپورٹ‘ تیار کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ تقرراتی امتحانات کے نظام کو مزید شفاف بنانے کیلئے جامع سفارشات پیش کرنے کی اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کی یقین دہانی۔
٭ 33 فیصد سے زیادہ فصلوں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں گاؤں کو قحط زدہ قرار دیا جائے گا؛ قحط کے اعلان کی آخری تاریخ 30 اکتوبر: ریاستی حکومت کی وضاحت۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی؛ آج خواتین کرکٹ مقابلے میں سونے کے تمغے کیلئے سری لنکا سے میچ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مختلف ممالک میں ہنرمند افرادی قوت کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکوں کے مطابق ’اسکل پاسپورٹ‘ تیار کرنے کی ہدایت وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے دی ہے۔ وہ کل ممبئی میں بین الاقوامی افرادی قوت کی نقل و حرکت سے متعلق یک روزہ اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ریاست کے لیے عالمی ورک فورس موبلیٹی پالیسی کے تحت بیرونِ ملک روزگار کے لیے محفوظ تقرراتی نظام تیار کرنے کی ہدایات بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نوجوان افرادی قوت کی صلاحیت اور عالمی طلب کے درمیان مؤثر تال میل پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور اس سے ’سرکیولر موبیلیٹی آف ٹیلنٹ‘ کے تصور کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مہاراشٹر اس شعبے میں اہم کردار ادا کرے گا۔بھارت نے تقریباً 28 ممالک کے ساتھ افرادی قوت کی فراہمی کے سلسلے میں معاہدے کیے ہیں۔ انجینئرنگ، صحت خدمات، تعمیرات اور مختلف تکنیکی شعبوں میں ہنرمند افرادی قوت کی بڑی مانگ ہے۔، وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مہاراشٹر بین الاقوامی ورک فورس موبلیٹی کے شعبے میں پہل کرے گا۔
***** ***** *****
تقرراتی امتحانات کے نظام کو مزید شفاف، قابلِ اعتماد، مؤثر اور امیدواروں کیلئے سازگار بنانے کیلئے حکومت کو جامع سفارشات پیش کی جائیں گی، ان امتحانات کی اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کی صدر اور جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری وی. رادھا نے یہ تیقن دیا۔ اس کمیٹی نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے طلباء سے اسمارٹ سٹی دفتر میں بات چیت کی۔ اس کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں وہ خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کا ڈویژن وار دورہ آئندہ 30 ستمبر کو مکمل ہوگا، جس کے بعدتین مہینوں میں طلباء،والدین اور ماہرین کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز کا مطالعہ کرکے سفارشات پیش کی جائیں گی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کے 25 سالہ سفر کو ’جن سیوا سے دیش سیوا‘ اس منتر سے تحریک ملی ہے اور خدمت و بہتر حکمرانی کے نقطہئ نظر سے 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے حکومت کام کر رہی ہے۔ جامع ترقی اور سماجی طور پر بااختیار بنانے کے ذریعے شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ پالیسی بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔صنعت شروع کرنے، اسے بہتر طریقے سے چلانے اور اس سلسلے میں سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان بنانے کیلئے 2014 میں ’میک اِن انڈیا‘ کے اہم اقدام کے ساتھ ہی ’ایز آف ڈوئنگ بزنس‘ کا بھی آغاز کیا گیا۔ کاروبار کیلئے ضروری اجازت ناموں، رجسٹریشن، ٹیکس کے عمل اور سرکاری خدمات کے طریقہئ کار کو مزید آسان، تیز رفتار اور شفاف بنانا اس پالیسی کا بنیادی مقصد ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے صنعت کار اور مراٹھواڑہ ایسوسی ایشن آف اسمال اسکیل انڈسٹریز اینڈ ایگریکلچرکے سابق صدر ارجن گائیکواڑ نے اس سلسلے میں معلومات فراہم کی۔مرکزی حکومت کی جانب سے آن لائن طریقے سے جوخدمات ہم صنعت کاروں کو فراہم کی جار ہی ہے اس سے وقت اور پیسے دونوں کی بچت ہو رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس کیلئے اجازت نامے اور دیگر سرکاری خدمات آسانی مل رہی ہے۔ اس سے صنعت کاری کو رفتار مل رہی ہے اور اس کیلئے ہم حکومت کے شکر گزار ہیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ میں ممکنہ پانی کی قلت کے پیشِ نظر دستیاب آبی ذخیرے کی سختی سے منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت آب رسانی کی وزیرِ مملکت میگھنا ساکورے بورڈیکر نے دی ہے۔ وہ کل اس سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کے ضلع کلکٹر دفتر میں منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ بورڈیکر نے ہدایت دی کہ پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے زیرِ التوا کام تیزی سے مکمل کیے جائیں، ساتھ ہی جانوروں کیلئے چارے کی دستیابی پر بھی مسلسل نظر رکھی جائے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
امداد و بازآبادکاری کے وزیر مکرند جادھو پاٹل نے بتایا کہ اگر کسی گاؤں میں 33 فیصد سے زیادہ فصلوں کو نقصان پہنچتا ہے، تب ہی اس گاؤں کو قحط زدہ قرار دیا جاتا ہے۔ ریاست میں یہ معیار مقرر ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ اس عمل کے پہلے مرحلے میں بارش کی مقدار کا اندازہ لگایا جاتا ہے، دوسرے مرحلے میں اس اندازے کی بنیاد پر قحط کی شدت طئے کی جاتی ہے اور تیسرے مرحلے میں عملی سروے اور تصدیق کی جاتی ہے۔ زرعی کمشنر کی سربراہی میں ریاستی سطح کی خشک سالی نگرانی کمیٹی فی الحال کام کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی کی حتمی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ریاستی حکومت خشک سالی کے اعلان کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خریف کے موسم میں قحط کا اعلان کرنے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندرپھڑنویس نے کہا ہے کہ کم بارش کے باعث مشکلات سے دوچار کسانوں کی مدد کیلئے مرکزی حکومت سے ملنے والے فنڈ کا انتظار نہیں کیا جائے گا،۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضابطے کے مطابق 5 اکتوبر کے بعد فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کی باضابطہ پیمائش کی جائے گی اور اس کے بعد ریاستی حکومت مرکز سے امداد کا مطالبہ کرے گی۔
***** ***** *****
ریاست میں زراعت کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے حکومت فوری طور پر قحط کا اعلان کرے، یہ مطالبہ کسان سبھا نے کیا ہے۔ اس مطالبے کے لیے کل 23 تاریخ کو ریاست بھر میں احتجاج کرنے کا انتباہ بھی کسان سبھا کے اجیت نولے نے دیا ہے۔
***** ***** *****
خشک سالی سے نمٹنے کیلئے فوری اور وسیع پیمانے پر اقدامات کرنے کی غرض سے ریاستی قانون ساز اسمبلی کا ایک ہفتے کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ قانون ساز کونسل کے سابق قائدِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے کیا ہے۔ جبکہ رکنِ اسمبلی روہت پوار نے کسانوں کو فی ہیکٹر 50 ہزار روپے کی فوری امداد دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کل ناندیڑ تعلقہ کے تلنی اور ایکدرا گاؤں کا دورہ کرکے کھیتوں کا جائزہ لیا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کو قحط زدہ قرار دینے سمیت دیگر مطالبات کیلئے مہاراشٹر نونرمان سینا کی جانب سے رینا پور تحصیل دفتر کے سامنے کل ’ہلگی ناد‘ احتجاج کیا گیا۔
ریاستی حکومت رپورٹ اور معلومات کے نام پر معاملے کو طول دے رہی ہے، یہ الزام سوابھیمانی شیتکری سنگھٹنا کے رہنما راجو شیٹی نے عائد کیا ہے۔ وہ کل لاتور میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت کسانوں کو فوری مالی امداد فراہم کرے۔
***** ***** *****
اوسہ تعلقہ کے تاوشی تاڑ میں چھاوا تنظیم کے ریاستی صدر وجے کمار گھاڈگے پاٹل نے کسانوں کے مختلف مسائل کے سلسلے میں کل سے غیر معینہ مدت کیلئے بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔ انہوں نے مراٹھواڑہ سمیت پوری ریاست میں خشک سالی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے کیج تحصیل دفتر پر کسان کامگار پارٹی کی جانب سے کل بیل گاڑی مارچ نکالا گیا۔ حکومت کی جانب سے قحط سے متعلق اقدامات کرنے سمیت مختلف مطالبات پر مشتمل ایک محضر اس موقع پر تحصیل انتظامیہ کے سپرد کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کلکٹر دفتر کے احاطے میں کل کسان سنگھرش سمیتی کی جانب سے گھنٹہ ناد احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر کسانوں کو فوری طور پر قرض معافی کا فائدہ دینے، فی ہیکٹر 25 ہزار روپے معاوضہ دینے اور 100 فیصد فصل بیمہ منظور کرنے سمیت مختلف مطالبات پیش کیے گئے۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں میں بھارتی کھلاڑیوں نے کل چار تمغے جیتے۔ مردوں کے 10 میٹر ایئر رائفل نشانے بازی مقابلے میں بھارتی ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ اس ٹیم میں رُودراکش پاٹل، پارتھ مانے اور ہمانشو ڈِھلّن شامل ہیں۔ اسی طرح انفرادی مقابلے میں ہمانشو نے چاندی کا تمغہ، جبکہ رودراکش نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ مکسڈ مارشل آرٹس میں سوُچِکا تاریال نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا۔
خواتین کے کرکٹ مقابلے میں آج سونے کے تمغے کیلئے بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔بھارتی وقت کے مطابق یہ میچ صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوگا۔
ان کھیلوں میں بھارت نے اب تک چار چاندی اور دو کانسے کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر چھ تمغے جیتے ہیں۔
***** ***** *****
جالنا شہر میں کل سے پہلی مرتبہ سٹی بس سروس شروع کی گئی۔ شہر کے تین اہم راستوں پر یہ بسیں چلائی جائیں گی۔ اسی دوران کل عنبڑ بس اسٹینڈ کے احاطے میں صبح سویرے لگنے والی آگ میں چھ دکانیں جل کر خاک ہوگئیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مختلف ممالک کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکوں کے مطابق ’اسکل پاسپورٹ‘ تیار کرنے کی وزیرِ اعلیٰ کی ہدایت۔
٭ تقرراتی امتحانات کے نظام کو مزید شفاف بنانے کیلئے جامع سفارشات پیش کرنے کی اعلیٰ سطحی ٹاسک فورس کی یقین دہانی۔
٭ 33 فیصد سے زیادہ فصلوں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں گاؤں کو قحط زدہ قرار دیا جائے گا؛ قحط کے اعلان کی آخری تاریخ 30 اکتوبر: حکومت نے کی وضاحت۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارتی کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی؛ آج خواتین کرکٹ مقابلے میں سونے کے تمغے کیلئے سری لنکا سے میچ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...