Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 25 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست میں خشک سالی سے متعلق پہلا سرکاری حکم نامہ آج ہوگا جاری۔
٭ وزیرِ زراعت سمیت مختلف وزراء نے کیا فصلوں کی صورتحال کا معائنہ؛ ادھو ٹھاکرے کی جانب سے ریاستی اسمبلی کا فوری اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے مختلف خوردنی تیلوں پر عائد بنیادی درآمداتی ٹیکس میں تخفیف۔
٭ دس روزہ گنیش فیسٹیول کا آج ہوگا اختتام۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں کل‘ بھارتی کھلاڑیوں نے جیتے پانچ تمغے؛ اب تک مجموعی طور پر 17 تمغے حاصل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست میں قحط سالی سے متعلق پہلا سرکاری حکم نامہ آج جاری کیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل واشم ضلعے میں قحط سالی جیسے حالات کا معائنہ کرنے کے بعد امراوتی طیران گاہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جو علاقے بظاہر خشک سالی سے متاثر دکھائے دے رہے ہیں ان کو اس پہلے فہرست میں شامل کیا جائے گا، اور اگر ریاست کا کوئی خشک سالی سے متاثرہ علاقہ اس فہرست میں شامل ہونے سے رہ جاتا ہے تو اسے اگلی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔
***** ***** *****
اسی بیچ‘ وزیرِ زراعت دتاتریہ بھرنے‘ نے کل ناسک اور اہلیا نگر اضلاع میں خشک سالی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ وہ پریشان نہ ہوں اور حکومت‘ مصیبت کی اس گھڑی میں کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکنہ مدد کرے گی۔
پربھنی ضلعے میں، رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر نے کل سیلو تعلقے کے کُنڈی، پاتھری تعلقے کے حدگاؤں، مانوت تعلقے کے ساروڑی اور گنگا کھیڑ تعلقے کے اکولی دیہات کا دورہ کرکے کسانوں کے مسائل کی معلومات حاصل کیں۔ انھوں نے یقین دلایا کہ کسی بھی متاثرہ کسان کوامداد سے محروم نہیں رکھا جائے گا۔
امدادِ وباہمی کے وزیر بابا صاحب پاٹل نے کل لاتور ضلعے کے احمد پور تعلقے کے کھنڈاڑی، اندھوری اور کِن گاؤں علاقوں میں فصلوں کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے کسانوں سے راست بات چیت کی اور کہا کہ حکومت پوری مضبوطی سے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسی دوران، لاتور-تلجا پور شاہراہ پر، نامعلوم افراد نے کل اوسا تعلقے کے تاؤشی میں ٹائر جلاکر خشک سالی کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس احتجاج کی وجہ سے شاہراہ پر کچھ دیر کیلئے آمد و رفت متاثر ہوئی۔
ناندیڑ ضلعے میں خشک سالی کی صورتحال کے پیشِ نظر ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے تمام محصول افسران اور ملازمین کی چھٹیوں پر پابندیاں عائد کردی ہیں اور بغیر اجازت غیر حاضر رہنے والوں کے خلاف ضابطہ شکنی کی کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
خشک سالی کے حوالے سے کل‘ رکنِ اسمبلی روہت پوار کی قیادت میں بیڑ کے ضلع کلکٹر دفتر پر ایک احتجاحی مورچہ نکالا گیا۔ اس دوران‘ حکومت سے خصوصی راحت پیکیج کا اعلان کرنے، کسانوں کو 50 ہزار روپے فی ہیکٹر اور کھیت مزدوروں کو 25 ہزار روپے فی خاندان امداد فراہم کرنے، فصل بیمہ اسکیم کے معاوضے فوری دینے اور متاثرہ علاقوں کے پنچنامے شفاف طریقے سے مکمل کرنے جیسے مطالبات کیے گئے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ سابق وزیرِاعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے مطالبہ کیا ہے کہ قحط سالی جیسے حالات کے پیشِ نظر حکومت کو فوری طور پر کم از کم دو سے تین دن کا اسمبلی اجلاس منعقد کرکے اس صورتحال کے تدارک کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے متعلق ایوان کو معلومات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ کل‘ ممبئی میں صحافیوں سے بات کررہے تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کہا ہے کہ خشک سالی کے سلسلے میں تشکیل کردہ 11 رکنی کابینہ کی ذیلی کمیٹی حقیقی صورتحال کا معائنہ کرے گی۔ وہ کل‘ ناگپور میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ فصل بیمہ کے فوائد زیادہ سے زیادہ کسانوں تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ باونکولے نے مزید بتایا کہ محصول انتظامیہ کے کاموں میں تیزی لانے کیلئے ایڈیشنل ضلع کلکٹرس کے 11 عہدوں سمیت 47 نئے اضافی تحصیل دفاتر اور چار نئے ایڈیشنل ضلع کلکٹر دفاتر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس میں مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، ناندیڑ، لاتور، پربھنی، جالنہ اور بیڑ اضلاع کوشامل کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
NEET - PG - 2026 امتحانات کے نتائج کل‘ ظاہر کردیئے گئے۔ طلباء‘نیشنل بورڈ آف ایگزامینیشنز اِن میڈیکل سائنسز کی ویب سائٹ پر یہ نتائج دیکھ سکتے ہیں۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے خوردنی تیل کی مختلف اقسام پر بنیادی درآمداتی فیس میں تخفیف کر دی ہے جس سے تیل کی قیمتوں میں کمی ہونے کا امکان ہے۔ خام سورج مکھی کے تیل پر عائد درآمداتی فیس 10 فیصد کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور خام سویا بین اور خام پام تیل پر بنیادی درآمداتی ٹیکس اب 10 کی بجائے پانچ فیصد رہے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کی عوامی زندگی کا 25 سالہ سفر ”عوامی خدمت سے ملک کی خدمت“ کے تصور سے سرشار ہے، اور حکومت‘خدمت اور بہتر حکمرانی کے نظریے پر 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات کے ذریعے جامع ترقی کے ساتھ ہی سماج کو بااختیار بناکر شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ماحولیاتی تحفظ حکومت کے ساتھ ساتھ ہر شہری کی مستقل ذمہ داری ہے اور حکومت کی جانب سے اس تصور کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مشن لائف چلایا جارہا ہے۔
مشن لائف کا تصور وزیر اعظم نریندر مودی نے 2021 میں گلاسگو میں منعقدہ COP26 ماحولیاتی کانفرنس میں پیش کیا تھا۔ اس کے بعد، مشن لائف تصور کا 20 اکتوبر 2022 کو گجرات کے کیوڑیہ میں باضابطہ آغاز کیا گیا تھا۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس کے پسِ پشت حکومت کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
مشن لائف کے تحت ملک بھر میں عوامی بیداری اور شہریوں کی شمولیت کیلئے مختلف سرگرمیاں چلائی جا رہی ہیں اور اب تک، چھ کروڑ سے زیادہ شہری تقریباً 34 لاکھ لائف سرگرمیوں میں حصہ لے چکے ہیں۔
***** ***** *****
دس روزہ گنپتی تہوار یعنی گنیش فیسٹیول آج اننت چتردشی پر اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ جس کیلئے ریاست بھر میں وسرجن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں بھی میونسپل کارپوریشن نے مورتیوں کو غرقاب کرنے کیلئے کنوؤں کی صفائی اور دیگر تیاریاں کی ہیں، جبکہ پولس انتظامیہ نے وسرجن جلوس کی حفاظت و نگرانی کیلئے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ شہر میں آمد و رفت کے نظام میں بھی عارضی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور پولس انتظامیہ نے شہریوں سے ان تبدیلیوں کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
بیڑ ضلعے میں امباجوگائی نگرپریشدکی جانب سے گنیش وسرجن کیلئے پانچ مصنوعی حوض کا انتظام کیا گیاہے۔ ان میں سے چار حوض مقررہ مقامات پر موجود رہیں گے جبکہ ایک گشتی مصنوعی حوض کا انتظام رہیگا۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان حوضوں میں ہی گنیش مورتیوں کا وسرجن کریں۔
دھاراشیو میں سی ای او نیتا اندھارے نے شہریوں سے گنیش کی مورتیوں کو گشتی مصنوعی حوض میں ڈبونے یا مورتیوں کو بلدیہ کے مرکز میں جمع کروانے کی اپیل کی ہے۔
پربھنی میں، گنیش مورتیوں کے وسرجن کیلئے میونسپل کارپوریشن کے پانی صفائی مرکز میں ایک مصنوعی تالاب بنایا گیا ہے، ساتھ ہی شہر میں بھی مورتیوں کو جمع کیا جائے گا۔ اس سال، خشک سالی جیسے حالات کے پیشِ نظر میونسپل کمشنر نتن نارویکر نے راہاٹی پشتے میں گنیش کی مورتیوں کا وسرجن نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
دریں اثناء، پربھنی ضلعے میں ”شری گنیشا آروگیاچا“ طبی جانچ مہم کو شہریوں کی جانب سے خاصی پذیرائی مل رہی ہے اور اب تک ایک ہزار 255 طبّی جانچ کیمپوں میں 78 ہزار 53 مریضوں کی صحت کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں میں بھارت نے کل‘ پانچ تمغے اپنے نام کیے۔ روشی بینا دیوی نے ووشو میں نقرئی تمغہ جیتا‘جبکہ ایم آر پُووَمّا، وِتھیا رام راج، مَنُو ٹی ایس اور وشال ٹی کی ٹیم نے بھی مکس ریلے مقابلے میں نقرئی تمغہ جیتا۔
کشتی رانی میں، مردوں کے ڈبل سکلز میں ستنام سنگھ اور سلمان خان نے جبکہ خواتین کی دس ہزار میٹر دوڑ مقابلوں میں سیما نے اور نشانے بازی کے مکس ٹیم اسکیٹ زمرے میں اننت جیت سنگھ ناروکا اور پری ناج دھالیوال نے کانسے کے تمغے اپنے نام کیے
بھارت نے ان کھیلوں میں اب تک کل 17 تمغے جیتے ہیں جن میں ایک طلائی، سات نقرئی اور نو کانسے کے تمغے شامل ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے خلد آباد پنچایت سمیتی دفتر میں سیوا سنکلپ ابھیان کے تحت کل ایک طبّی جانچ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں 154 خواتین کی صحت کا معائنہ کیا گیا۔ اس دوران ضرورت مند مریضوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست میں خشک سالی سے متعلق پہلا سرکاری حکم نامہ آج ہوگا جاری۔
٭ وزیرِ زراعت سمیت مختلف وزراء نے کیا فصلوں کی صورتحال کا معائنہ؛ ادھو ٹھاکرے کی جانب سے ریاستی اسمبلی کا فوری اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ۔
٭ مرکزی حکومت کی جانب سے مختلف خوردنی تیلوں پر عائد بنیادی درآمداتی ٹیکس میں تخفیف۔
٭ دس روزہ گنیش فیسٹیول کا آج ہوگا اختتام۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں کل‘ بھارتی کھلاڑیوں نے جیتے پانچ تمغے؛ اب تک مجموعی طور پر 17 تمغے حاصل۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment