Tuesday, 15 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ:15 ستمبر2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 15 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کربھارتی زبانوں کو فروغ دینے کی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی اپیل
عدلیہ کو جامع بنانے کے لیے پبلک انفارمیشن سروس کا سپریم کورٹ کی جانب سے آغاز
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے لیڈر منوج جارنگے کی مراٹھوں سے ممبئی نہ آنے کی اپیل
مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے پاک کرنے کے لیے وقتی ایکشن پلان بنانے کی مراٹھواڑہ پانی پریشد کا مطالبہ
اور۔۔۔ دس روزہ عوامی گنیشوتسو کاجوش و خروش کے ساتھ آغاز
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر بھارتی زبانوں کو فروغ دینے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل نئی ممبئی کے واشی میں ہندی دن اور چھٹی کُل ہند سرکاری زبان کانفرنس کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھے۔ شاہ نے ذکر کیا کہ مہاراشٹر کی ثقافت کثیر لسانی ہے اور مہاراشٹر نے تمام زبانوں کے افراد کو بڑے دل سے قبول کیا ہے۔ شاہ نے کہا کہ مہاراشٹر جیسا کوئی اور کثیر لسانی خطہ نہیں ہے، انہوں نے کہا...
Byte: Union Home Minister, Amit Shah

شاہ نے اس موقع پر راج بھاشا گورو اور راج بھاشا کیرتی ایوارڈز تقسیم کئے۔ دریں اثنا، قومی گیت وندے ماترم کی صد سالہ گولڈن جوبلی اس سال کے بھارتیہ راج بھاشا سمیلن کا مرکزی موضوع ہے۔ شاہ نے کہا کہ بنکم چندر چٹوپادھیائے نے اس گیت کے ذریعے ثقافتی قوم پرستی کی بنیاد رکھی۔
***** ***** *****
سپریم کورٹ نے 'عوامی اطلاع خدمات' شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عدلیہ کو مزید جامع بنانا اور عام شہریوں کے لیے اہم عدالتی فیصلوں کو سمجھنا آسان بنانا ہے۔ کل اعلان کردہ اس خدمت کے تحت اہم فیصلوں اور احکامات کا خلاصہ سادہ ہندی زبان میں دستیاب کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ عدالت کی جانب سے تقریباً 15 سے 30 منٹ کے آڈیو اور بصری ہندی نیوز بلیٹن بھی نشر کیے جائیں گے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ یہ پہل لوگوں بالخصوص معذوروں کی سہولت کے لیے شروع کی گئی ہے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے لیڈر منوج جرانگے نے مراٹھا بھائیوں سے ممبئی نہ آنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل انتروالی سراٹی میں مخاطب تھے۔ جرانگے نے واضح کیا کہ وہ آج اکیلے ممبئی جائیں گے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انہیں اکیلے ممبئی میں احتجاج کی اجازت نہیں دی جاتی ہے تو سب کو ممبئی روانہ ہوجانا چاہئے۔ دریں اثناء ہمارے نمائندے نے بتایا کہ گزشتہ سترہ روز سے جاری بھوک ہڑتال کے دوران پانی نہ پینے اور علاج بند کرنے کی وجہ سے جرانگے کی طبیعت کل سے بگڑ گئی تھی۔
***** ***** *****
سی بی آئی نے کل دیشا سالیان کی موت کے معاملے میں ابتدائی معلوماتی رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی۔ آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی منیجر دیشا سالیان کی 8 جون 2020 کو ممبئی میں ایک عمارت کی 12ویں منزل سے گرنے کے بعد موت ہو گئی تھی۔ بامبے ہائی کورٹ نے حال ہی میں اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسی مناسبت سے یہ ایف آئی آر کل درج کی گئی۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ پانی پریشد نے مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے پاک کرنے کے لیے وقتی ایکشن پلان کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔ کونسل نے اس ضمن میں وزیر اعلی دیویندر فڑنویس کو ایک محضر پیش کیا ہے۔ پانی پریشد کے صدر نرہری شیوپورے اور نائب صدر منوہر سرودے نے یہ اطلاع دی۔ اگر ایکشن پلان کا اعلان نہیں کیا گیا تو پریشد نے مراٹھواڑہ میں جل جن آندولن شروع کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
***** ***** *****
مہاراشٹر ریاستی سطح کا اہلیتی امتحان سیٹ، جو پروفیسروں کی بھرتی کے لیے ضروری ہے، اب 25 اکتوبر کو منعقد کیا جائے گا۔ اس سے پہلے یہ امتحان 27 ستمبرکو منعقد ہونا تھا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
دس روزہ عوامی گنیشوتسو کل جوش و خروش کے ساتھ شروع ہوا۔ صبح کے وقت زیادہ تر گھروں میں گنیش کی مورتیاں لگائی گئیں، اس کے بعد عوامی گنیشوتسو منڈلوں کے گنیش مورتیوں کی تنصیب کی گئی۔ اس سال گنیشوتسو کے لیے صوتی آلودگی کو روکنے پر زور دیا گیا ہے۔ عوامی گنیش منڈلوں نے بھی روایتی آلات کے استعمال پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے گنیشوتسو کو روایتی انداز میں منانے کی اپیل کی ہے جس سے آلودگی کم سے کم ہو۔ وہ ممبئی میں واقع ورشا پر گنیش کی مورتی کی تنصیب اور پوجا کرنے کے بعد مخاطب تھے۔
اس سال شہریوں نے بڑے پیمانے پر ماحول دوست مواد سے بنی مورتیوں اور سجاوٹ کو ترجیح دی ہے۔ ممبئی کے لال باغ کے راجہ اور پونے کے قصبہ پیٹھ سمیت دیگر مشہور گنپتیوں کو جوش و خروش سے نصب کیا گیا۔ دگڑوشیٹھ گنپتی کے درشن کے لیے کل صبح سے ہی عقیدت مندوں کی بھیڑ دیکھی گئی۔
کوکن میں لکڑی اور مٹی کی روایتی سجاوٹ، پھل اور پھول، اور لوگوں کی بڑی تعداد اس تہوار کی پہچان بن گئی ہے۔صوتی آلودگی کے خلاف کل ناگپور میں خاموش مارچ نکالا گیا۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اپنی رہائش گاہ پر گنیش کی پوجا کی اور ملک کی خوشحالی اور بھارت کے لیے وشو گرو بننے کی پراتھنا کی۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میں، ہزاروں گنیش بھکتوں نے کل گرام دے وت سنستھان گنپتی کے درشن کئے۔ شہر کے بازاروں میں خوشگوار ماحول دیکھا گیا۔ یہ دیکھا گیا کہ گھریلو گنیش کے لئے زیادہ تر ماحول دوست شاڈو مٹی سے بنی گنیش مورتیوں کی زیادہ مانگ تھی۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے پولس کمشنر پروین پوار نے انتباہ دیا ہے کہ انتظامیہ کے ذریعہ ڈی جے اور لاؤڈ اسپیکر کے بارے میں جو فیصلہ لیا گیا ہے اس سے متعلق کسی کو بھی قواعد میں کوئی خامی تلاش نہیں کرنی چاہئے۔ پولیس کمشنر نے ان لوگوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا جو دو Base، دو Top کے نام پر ڈی جے لانے کی کوشش کریں گے۔
مراٹھواڑہ کے تمام اضلاع میں گنیش کی آمد جوش اور خوشی کے ساتھ ہوئی۔ بیڑ میں 292 مقامات پر ’ایک گاؤں، ایک گنپتی‘ کا قابل ستائش اقدام نافذ کیا جا رہا ہے۔ کل ہنگولی میں چنتامنی گنیش کے درشن کرنے کے لیے ایک بہت بڑا ہجوم جمع ہوا۔
جالنہ شہر سمیت ضلعے بھر میں گنیش کی آمد کا جوش و خروش دیکھا گیا۔ ضلعے کے راجوریشور گنپتی کی کل صبح ضلع کلکٹر آشیما متل نے منتروں کے جاپ سے بڑے جوش و خروش کے ساتھ پوجا کی۔
لاتور شہر کے مختلف علاقوں میں گنیش کی مورتیاں خریدنے کے لیے شہریوں کی بھیڑ جمع تھی۔ ناندیڑ شہر اور ضلعے میں گنیش عقیدت کے ساتھ پہنچے۔ شہر کے جونا مونڈھا، وزیرآباد، آنند نگر وغیرہ علاقوں میں گنیش کی مورتیوں اور پوجا کا سامان خریدنے کے لیے عقیدت مند بڑی تعداد میں جمع تھے۔
***** ***** *****
گنیش اتسو کو ریاستی میلے کا درجہ دیے جانے کے موقع پر مہاراشٹر کے لوک فنون اور ثقافتی روایات کوملک اور بیرونِ ملک میں روشناس کرایا جائے گا۔ محکمہ ثقافتی امور36/ اضلاع کے ساتھ مختلف ریاستوں، نئی دہلی اور دبئی میں ’لوک فنون میں شری گنیش‘ کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد کرے گا۔ دہرادون، جموں، چنئی، سلواسا، لکھنؤ، کوٹا، امراوتی، کولکاتا اور حیدرآباد میں نمن، لیزیم، دَھنگری، کولی، قبائلی رقص، منگل گور، گوندھل وغیرہ لوک فنون پیش کیے جائیں گے۔ نئی دہلی میں ڈرامہ، فلمی گیت اور لاونی پیش کی جائے گی، جبکہ26 ستمبر کو دبئی میں مہاراشٹر کی لوک روایات کو اجاگر کیا جائے گا۔ ممبئی میں 17 سے24 ستمبر تک کلاسیکی موسیقی کا میلہ بھی منعقد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے میں خشک سالی کا اعلان کرنے اور دیگر مطالبات کو لے کر 16 ستمبر کو ضلع کلکٹر کے دفتر کے سامنے ”ہلگی بجاو آندولن“ کیا جائے گا۔ اس احتجاج کے پیش نظر کسان حق مورچہ ضلعے کے مختلف گاؤں میں میٹنگ کر رہا ہے اور احتجاج کے بارے میں مطلع کر رہا ہے۔
***** ***** *****
رکن اسمبلی راناجگجیت سنگھ پاٹل نے بتایا کہ دھاراشیو ضلعے میں خشک سالی جیسی سنگین صورتحال کے پیش نظر خریف کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ حکومت کو پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں کل بدھ کو راحت اور بازآبادکاری کے وزیر مکرند پاٹل کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوگی
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے قریب پمپری راجہ میں گنپتی کے جلوس میں ایک تیز رفتار کنٹینر کے گھس جانے سے دو کسانوں کی موت ہو گئی جبکہ گیارہ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سات سالہ بچہ اور بینڈ ٹیم کے ارکان شامل ہیں۔
***** ***** *****
سابق ریاستی وزیر مدن بافنا کا کل پونے میں معمولی علالت کے بعد انتقال ہوگیا۔ ان کی عمر 87 برس تھی۔ بافنا کی آخری رسومات آج دوپہر وڈگاؤں میں ادا کی جائیں گی۔
***** ***** *****
محکمہ موسمیات نے اگلے دو دنوں میں کوکن اور ودربھ کے کئی مقامات، وسطی مہاراشٹر، اور مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
بھارت۔افغانستان کے مابین آج دوسرا T-20 کرکٹ مقابلہ شام سات بجے دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کربھارتی زبانوں کو فروغ دینے کی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی اپیل
٭ عدلیہ کو جامع بنانے کے لیے پبلک انفارمیشن سروس کا سپریم کورٹ کی جانب سے آغاز
٭ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے لیڈر منوج جارنگے کی مراٹھوں سے ممبئی نہ آنے کی اپیل
٭ مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے پاک کرنے کے لیے وقتی ایکشن پلان بنانے کی مراٹھواڑہ پانی پریشد کا مطالبہ
اور۔۔۔٭ دس روزہ عوامی گنیشوتسو کاجوش و خروش کے ساتھ آغاز
***** ***** *****

No comments:

आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 11.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date 01 October 2026 Time 11.00 to 11.05 AM Language Marathi आकाशवाणी छत्र...