Sunday, 13 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 13 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 13 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ 18ویں برکس سربراہ کانفرنس کا آغاز؛ برکس رُکن ممالک کی جانب سے دہلی اعلامیے کی متفقہ طور پر توثیق۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے مطالبات پورے نہ ہونے پر 15 ستمبر کو ممبئی مارچ کرنے کا منوج جرانگے کا انتباہ۔
٭ گنیش اُتسو کے دوران احتجاج نہ کرنے کی ریاستی حکومت کی اپیل۔
٭ مراٹھواڑہ میں فصلوں کی صورتحال کی رپورٹ کل پیش کرنے کی حکومت کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایت۔
٭ ایشیا کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں ہندوستانی خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے فائنل آج؛ خواتین کے T-20 ایشیا کپ کے فائنل میں آج بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر حصوں میں آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
18ویں برکس چوٹی کانفرنس کل نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں شروع ہوئی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں کا استقبال کیا۔ اس کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان کی ”برکس“ کی صدارت انسانیت کو ترجیح دینے اور عوامی نقطہ نظر پر مبنی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ اگلے 20 سالوں کیلئے ایک نئے، طویل مدتی نقطہ نظر پر کام کرنے کی ضرورت ہے، اور اس کی شروعات ہمارے اپنے زاویہئ نگاہ کو بہتر بنانے کے ساتھ ہونا چاہیے۔
وزیر اعظم مودی نے اس کانفرنس میں کل دہلی اعلامیہ پیش کیا۔ تمام برکس ممالک نے اسے متفقہ طور پر تسلیم کیا۔ اس اعلامیے میں پائیدار ترقی، بھوک اور غربت کے خاتمے، اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اقدامات شامل ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ان قراردادوں کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا سبھی کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا...
Byte: Prime Minister Narendra Modi
برکس کی دو دہائی مکمل کرنے کے حوالے سے رکن ممالک کے رہنماؤں نے دو یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیے۔ اس کے علاوہ برکس سربراہان مملکت نے اجتماعی طور پر شجرکاری بھی کی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ممبئی کا دو روزہ دورہ کررہے ہیں۔ اس دوران وہ تاریخی ایشیاٹک سوسائٹی کا دورہ کریں گے۔ وہ نئی ممبئی کے واشی میں منعقدہ دو روزہ ہندی راج بھاشا سمیلن میں بھی شرکت کریں گے۔ اس سمّیلن میں ملک بھر سے ہندی ماہرینِ لسانیات‘ ادیب اور مختلف اداروں کے مندوبین شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے نے انتباہ دیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو 15 ستمبر کو ممبئی مارچ کیا جائے گا۔ کل جالنہ ضلع کے انتروالی سراٹی میں مراٹھا سماج کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے بعد انھوں نے یہ اعلان کیااور کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ تحریک کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاٹودہ، شری گوندا اور ہڑپسر کے راستے 19 ستمبر تک ممبئی پہنچنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
دریں اثناء، این سی پی شرد چندر پوار پارٹی کے رُکنِ اسمبلی روہت پوار نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں جارحانہ رُخ اختیار کرنے کے بجائے بات چیت کے ذریعے کوئی راستہ نکالے۔ وہ گزشتہ روز لاتور میں صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔ پوار نے حکومت پر تنقید کی کہ وہ بات چیت کے سلسلے میں کوتاہی برت رہی ہے۔
اسی دوران، وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے مظاہرین سے اپیل کی ہے کہ ممبئی عدالت ِ عالیہ کے فیصلے کو پیشِ نظر رکھا جائے اور ممبئی سمیت ریاست میں گنیش اُتسو کے دوران کوئی بھی احتجاج نہ کیا جائے۔ وہ گزشتہ روز ناگپور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیر موصوف نے یہ بھی واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے مراٹھا برادری کے مطالبات کو پورا کرنے کیلئے مسلسل کوششیں کی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے مراٹھواڑہ کے تمام ضلع کلکٹرس، ڈویژنل افسران اور تحصیلداروں کو ہدایت کی ہے کہ فصلوں کی موجودہ صورتحال کا معائنہ کرکے کل پیر کو رپورٹ پیش کریں۔ وہ گزشتہ روز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈویژنل کمشنر جی شری کانت اور ڈویژن کے تمام آٹھ اضلاع کے ضلع کلکٹروں نے اس اجلاس میں حصہ لیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈویژن میں اوسط کا تقریباً 58 فیصد بارش ہوئی ہے اور بتایا گیا کہ 11 بڑے منصوبوں میں 67 فیصد، درمیانی منصوبوں میں 21 فیصد اور چھوٹے منصوبوں میں 20 فیصد پانی ذخیرہ ہوچکا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار نے کہا ہے کہ محفوظ زچگی صرف نظام ِصحت کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ وہ گزشتہ روز پونہ کے مُڑشی میں سمبایوسس یونیورسٹی اسپتال اور ریسرچ سنٹر کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ آشا کارکنوں کو زچگی سے متعلق خصوصی تربیت فراہم کرنے اور انھیں ’ماہیر دُوت‘ کے طور پر پیش کرنے کیلئے بااختیار بنانے کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔
***** ***** *****
پھٹے ہوئے ہونٹ اور تارق جیسے پیدائشی امراض میں مبتلا بچوں کو اب معیاری اور جامع علاج مفت فراہم کیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کی پہل پراس سلسلے میں، نیشنل ہیلتھ مشن مہاراشٹر، بجاج فائنانس اور ”اسمائل ٹرین انڈیا“ کے درمیان ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے ہیں۔ یہ معاہدہ تین سال کیلئے نافذ العمل رہے گا۔ ریاست کے 15 تسلیم شدہ اسپتالوں میں اس بیماری کا علاج کیا جائے گا۔
***** ***** *****
بی جے پی کی جانب سے آئندہ 17 ستمبر سے 17 اکتوبر تک سیوا سنکلپ مہم چلائی جائے گی۔ اس سلسلے میں دھاراشیو ضلع میں مختلف سماجی و عوامی سرگرمیوں اور مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پارٹی کے ضلع صدر دتابھاؤ کلکرنی نے کل‘ کارکنوں کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رکنِ کونسل امباداس دانوے نے کل ناندیڑ میں گوداوری ریور فرنٹ کے کام کا معائنہ کیا۔ دانوے نے نیشنل گرین ٹریبونل کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضروری اقدامات کی تلقین کی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ استعمال شدہ آلودہ پانی ندی میں نہ چھوڑا جائے۔
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے کل ہنگولی ضلع کلکٹر دفتر کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس احتجاج کا عنوان 'ہنگولیچا وکاس، تم سے نہ ہو گا!' تھا۔ اس موقعے پر امباداس دانوے نے کہا کہ حکومت کے مختلف ترقیاتی کاموں کی حقیقت پر مبنی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی گئی ہے۔
***** ***** *****
ریاستی پبلک سروس کمیشن کے امتحان کی تیاری کرنے والے طلبہ کی جانب سے کل لاتور شہر میں ایک احتجاجی مارچ نکالا گیا۔ اس دوران‘ ایم پی ایس سی کے چیئرمین کے فوری استعفے، امتحانات کا شفاف انعقاد اور حکومت کے طلبہ کے مسائل پر توجہ دینے جیسے مطالبات اس موقع پر کیے گئے۔
***** ***** *****
رکنِ اسمبلی سمبھاجی پاٹل نیلنگیکر نے کل لاتور ضلع میں فصلوں کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران بارش نہ ہونے کی وجہ سے پیداوار پر اثر پڑنے کے خدشے کا اظہار کیا گیا۔ نیلنگیکر نے کہا کہ دستیاب پانی کو بنیادی طور پر پینے کیلئے محفوظ کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں کیونکہ اس وقت ضلع میں صرف 14 فیصد پانی بچا ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کا ضلعی سطح کا یوتھ فیسٹیول کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں اختتام پذیر ہوا۔ اس میں ضلع کے 139 کالجوں نے حصہ لیا۔ یونیورسٹی نے ٹیموں کے زمرے میں خطاب سمیت کل 18 انعامات جیتے۔
***** ***** *****
ہندوستانی خواتین ٹیم جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں داخل ہو گئی ہے۔ چین میں منعقدہ سیمی فائنل میچ میں بھارت نے جنوبی کوریا کو 5-1 سے شکست دی۔ دوسرے سیمی فائنل میں میزبان چین نے جاپان کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی۔ بھارت اور چین کے درمیان فائنل میچ آج کھیلا جائے گا۔
اسی ٹورنامنٹ میں آج مردوں کے زمرے میں فائنل میچ بھارت اور جنوبی کوریا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم ریکارڈ چھٹی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہے۔
***** ***** *****
خواتین کے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں آج ہندوستان کا مقابلہ دفاعی چمپئن سری لنکا سے ہوگا۔ یہ میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔ سات بار ٹورنامنٹ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم اس سال گروپ مرحلے میں سرفہرست رہی ہے۔
***** ***** *****
بھارت اور افغانستان کی مردوں کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز آج سے ہو رہا ہے۔ پہلا میچ آج شام دہلی میں کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
موسم: مراٹھواڑہ کے ناندیڑ، لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں آج ہلکی بارش کا امکان ہے۔ آج مراٹھواڑہ کے باقی حصوں کے ساتھ اہلیا نگر، ناسک اور جلگاؤں اضلاع میں بارش کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ 18ویں برکس سربراہ کانفرنس کا آغاز؛ برکس رُکن ممالک کی جانب سے دہلی اعلامیے کی متفقہ طور پر تصدیق۔
٭ مراٹھا ریزرویشن کے مطالبات پورے نہ ہونے پر 15 ستمبر کو ممبئی مارچ کرنے کا منوج جرانگے کا انتباہ۔
٭ گنیش اُتسو کے دوران احتجاج نہ کرنے کی ریاستی حکومت کی اپیل۔
٭ مراٹھواڑہ میں فصلوں کی صورتحال کی رپورٹ کل پیش کرنے کی حکومت کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایت۔
٭ ایشیا کپ جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ میں ہندوستانی خواتین اور مردوں کی ٹیموں کے فائنل آج؛ خواتین کے T-20 ایشیا کپ کے فائنل میں آج بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر حصوں میں آج بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...