Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 18 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ حیدرآباد مکتی سنگرام دن مراٹھواڑہ میں منایا گیا جوش و خروش کے ساتھ؛ کسانوں کی مدداور مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے پاک کرنے کے عزم کا وزیرِ اعلیٰ نے پھر اعادہ کیا۔
٭ بیڑ-پونے براہِ راست ریلوے خدمات کا نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار کی موجودگی میں آغاز۔
٭ ملک بھر میں کل سے کیا گیا ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کا آغاز۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بجلی گرنے سے پانچ افراد ہلاک۔
اور۔۔۔٭ افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کی شاندار کامیابی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
اُناسّی واں حیدرآباد مکتی سنگرام دن کل جوش و خروش سے منایا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگرکے سدھارتھ گارڈن میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔ اس موقع پر ضلع کے رابطہ وزیر سنجے شرساٹ، ڈویژنل کمشنر جی شری کانت، ضلع کے عوامی نمائندے اور انتظامی افسران موجود تھے۔ اپنے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ نے یقین دلایا کہ اس سال کم بارش کی وجہ سے بحران کا شکار کسانوں کو ریاستی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہر حال میں حکومت کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ امدادکیلئے 5/اکتوبر کے بعد کے پنچ ناموں کی ضرورت ہوتی ہے جس کی تیاری ہم نے ابھی سے شروع کر دی ہے۔ پانچ اکتوبر کے فوری بعد پنچ نامے مکمل کرکے کسانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ نے مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے نجات دلانے کے عزم کا پھر اعادہ کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ کرشنا ندی سے30 ٹی ایم سی پانی کے ساتھ ہی کوکن کی اُلہاس ندی سے 70 ٹی ایم سی پانی مراٹھواڑہ میں لا کر آئندہ چند برسوں میں مراٹھواڑہ کو مستقل طور پر خشک سالی سے نجات دلائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 30ٹی ایم سی اضافی پانی دستیاب ہے اسے مراٹھواڑہ کے دھاراشیو، بیڑ اور لاتور اضلاع کے خشک علاقوں تک لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کوکن کی الہاس ندی کے 70ٹی ایم سی پانی کو گوداوری میں لانے کیلئے DPR آخری مرحلے میں ہے۔
***** ***** *****
بیڑ میں پولس ہیڈکوارٹر کے میدان پر نائب وزیرِ اعلیٰ اور بیڑ ضلع کی رابطہ وزیر سنیترا پوار کے ہاتھوں مرکزی سرکاری پرچم کشائی کی گئی۔ شہر کے ہُتاتما اسمارک احاطے میں واقع راج ماتا جیجاؤ کے مجسّمے کو سُنیترا پوار نے پھولوں کا ہارپہنا کر خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ناندیڑ میں رابطہ وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں، لاتور میں رابطہ وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے، پربھنی میں رابطہ وزیر میگھنا ساکورے -بورڈیکر، دھاراشیو میں رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک، ہنگولی میں سرپرست وزیر نرہری جھروال، جبکہ جالنہ میں ضلع کلکٹر آشِما متل کے ہاتھوں سرکاری پرچم کشائی کی گئی۔ پربھنی ضلع کے سیلو تعلقہ کی49 گرام پنچایتوں میں ’اُمید‘ مہم کی گرام سَکھیوں کے ہاتھوں پرچم کشائی عمل میں آئی۔
***** ***** *****
بیڑ-پونے براہِ راست ریلوے خدمات کا کل سے آغاز ہوگیا۔ بیڑ ریلوے اسٹیشن پر نائب وزیرِ اعلیٰ اوررابطہ وزیر سُنیترا پوار نے ہری جھنڈی دکھا کر اس ریل گاڑی کو پونے کیلئے روانہ کیا۔اس موقع پر سُنیترا پوار نے کہا کہ آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار نے 17ستمبر2025 کو بیڑ-اہلیا نگر ریلوے سروس شروع کرتے وقت وعدہ کیا تھا کہ آئندہ برس مسافر پونے تک سفر کر سکیں گے۔ اس وعدے کی تکمیل پر مراٹھواڑہ کی بیٹی کی حیثیت سے انہیں خاص طور پر فخر محسوس ہو رہا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن کے موقع پر کل ’لاتور بھوشن ایوارڈ‘ پیش کیے گئے۔ ممبئی کی مہاراشٹر اسٹیٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں آکاشوانی کے لاتور ضلع کے نامہ نگار ششی کانت مدھوکر راؤ گھونسے پاٹل کو ’لاتور بھوشن‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ووکل فار لوکل، یعنی ریاست کے ہر ضلع میں مقامی مصنوعات کو فروغ دینے اور علاقائی ترقی کو تقویت دینے کیلئے ’ایک ضلع، ایک مصنوعات‘ (ODOP) اسکیم شروع کی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے سیاسی سفر کی سلور جوبلی کے موقع پر ملک بھر میں کل سے شروع کیے گئے ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے تحت مراٹھواڑہ میں ’ایک ضلع، ایک مصنوعات‘ اسکیم شروع کی گئی۔
مراٹھواڑہ کے تمام آٹھ اضلاع نے مختلف اقسام کی مخصوص مصنوعات کیلئے اپنی الگ شناخت قائم کی ہے۔ پیٹھن کی پیٹھنی ساڑی اور ہِمرو شالوں کیلئے مشہور چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع نے کیسر آموں کی پیداوار میں نمایاں ترقی حاصل کرتے ہوئے اس کیلئے جغرافیائی شناخت (GI) بھی حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ چھترپتی سمبھاجی نگر کو دو پہیہ اور تین پہیہ گاڑیوں کے فاضل پرزوں کے ایک اہم پیداواری مرکز کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔
بیڑ ضلع نے سیتاپھل، جبکہ جالنہ ضلع نے موسمبی کی پیداوار کیلئے جغرافیائی شناخت حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ بیڑ ضلع کپاس کی مصنوعات، جبکہ جالنا ضلع تعمیراتی شعبے کیلئے لوہے سے متعلق مصنوعات کیلئے بھی معروف ہے۔ جالنہ ضلع نے گزشتہ چند برسوں میں ریشم کی صنعت میں بھی بڑی ترقی کی ہے اور گزشتہ ماہ ہی وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کے ہاتھوں اس ریشم منڈی کا افتتاح کیا گیاتھا۔
لاتور اور ناندیڑ اضلاع بنیادی طور پر سویابین اور اس سے تیار ہونے والی مختلف مصنوعات کیلئے جانے جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ لاتور ضلع دالوں اور ان کی پروسیسنگ کی صنعت کا ایک اہم مرکز ہے۔ ہنگولی ضلع، ہلدی کیلئے جبکہ پربھنی ضلع گنے اور اس سے تیار ہونے والے گُڑ کیلئے جانا جاتا ہے، وہیں دھاراشیو ضلع نے کُنتھل گیری کے پیڑے اور کھویا کی پیداوار میں بڑی شہرت حاصل کی ہے۔ کُنتھل گیری کے پیڑے کیلئے دھاراشیو ضلع کو جغرافیائی شناخت (GI) بھی حاصل ہوئی ہے۔
***** ***** *****
’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کے موقع پر ناندیڑ میں میئر کویتا مُلے کے نظریے کے مطابق ’صاف ستھرا ناندیڑ، خوبصورت ناندیڑ‘ مہم کا کل رابطہ وزیر اتل ساوے کے ہاتھوں آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر ساوے نے عوام سے صفائی مہم میں متحد ہو کر حصہ لینے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے ’مراٹھواڑہ کی ترقی، تم سے نہ ہو پائے گا!‘ نامی عوامی تحریک کا کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں سابق وزیرِ اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی موجودگی میں اختتام عمل میں آیا۔ مراٹھواڑہ کی ترقی کیلئے کیے گئے اعلانات اور زیرِ التوا کام فوری طور پر مکمل کرنے کا مطالبہ کرنے والا ایک میمورنڈم سابق وزیرِ اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی جانب سے رکنِ اسمبلی امباداس دانوے سمیت پارٹی عہدیداروں نے ڈویژنل کمشنر کو پیش کیا۔ اس موقع پر مطالبات منظور نہ کیے جانے کی صورت میں شدید احتجاج کا انتباہ دیا گیا۔
***** ***** *****
جیشٹھا اور کنشٹھا گوریوں کا کل گھروں میں جوش و خروش اور روایتی طریقے سے استقبال کیا گیا۔ تین روزہ اس تہوار میں آج گوری پوجن کی اہم رسم ادا کی جائے گی۔ اس کیلئے درکار مختلف پھول پتّے اور گوریوں کے مہاپرساد کیلئے درکار سبزیوں اور پکوانوں کے سامان سے بازار سج گئے ہیں۔ ان اشیاء کی خریداری کیلئے بازاروں میں بڑی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر اور جالنہ اضلاع میں کل موسلا دھار بارش ہوئی۔ اس بارش کے دوران چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بجلی گرنے سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ ان میں سلوڑ تعلقہ کے دہی گاؤں شیوارعلاقے کے ایک میاں بیوی، جبکہ کنڑ تعلقہ کے پشور شیوارکی تین خواتین شامل ہیں۔ بیڑ ضلع کے امباجوگائی علاقے میں بھی بارش ہونے کی اطلاع ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائک نے کل کھیڑ میں فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ نقصان سے متاثرہ کسانوں سے بات چیت کرنے کے بعد سرنائیک نے نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے سے فوری طور پر رابطہ کرکے انہیں نقصانات سے آگاہ کیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے ماجَل گاؤں ڈیم کی اونچائی بڑھانے کی تجویز کی مخالفت کیلئے ڈیم سے متصل22دیہاتوں کے کسانوں نے کل ڈیم کے پانی میں اتر کر ’جل سمادھی‘ احتجاج شروع کیا۔ کسانوں کا موقف ہے کہ ڈیم کی اونچائی بڑھانے کا فیصلہ کرنے سے پہلے مقامی کسانوں کے مطالبات اور اعتراضات پر غور کیا جانا چاہیے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگ ناتھ تعلقہ کے گوجے گاؤں کی کسان کملا بائی سوپان کانڈے کی خودکشی کے بعد سرپرست وزیر نرہری جھرواڑ نے ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کی۔ وزیر جھیرواڑ نے کانڈے خاندان کی خلوص کے ساتھ خیریت دریافت کی اور انہیں حوصلہ دیا۔
***** ***** *****
’خاتون کسان پورٹل‘ کا افتتاح کل زراعت کے وزیر دتاتریہ بھرنے کے ہاتھوں ورچوئل طریقے سے کیا گیا۔ خواتین کسانوں کو سرکاری اسکیموں، زرعی قرض، بیمہ، زرعی مداخل، توسیعی خدمات اور مختلف فلاحی اسکیموں کا فائدہ زیادہ آسانی سے حاصل ہو، اس مقصد سے یہ اقدام شروع کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ مکتی سنگرام دن کے موقع پر جالنہ ضلع کے عنبڑ تعلقہ کے روہیلا گڑھ میں خصوصی عوامی بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام میں صبح کی بیداری ریلی، پرچم کشائی، مصوری، تقریری، مضمون نویسی، رنگولی اور ماحول دوست گنیش مورتی سازی کے مقابلے منعقد کیے گئے۔
***** ***** *****
افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز بھارت نے3-0کے فرق سے جیت لی۔ کل دہلی میں کھیلے گئے آخری میچ میں بھارت نے افغانستان کو127رنوں سے شکست دی۔ بھارت کی جانب سے دیے گئے222رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے افغانستان کی ٹیم14 اوورز میں صرف94 رنز ہی بنا سکی۔38 گیندوں پر 108رنوں کی شاندار اننگز کھیلنے والے ابھیشیک شرما کو میچ اور سیریز دونوں کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ حیدرآباد مکتی سنگرام دن مراٹھواڑہ میں منایا گیا جوش و خروش کے ساتھ؛ کسانوں کی مدداور مراٹھواڑہ کو خشک سالی سے پاک کرنے کے عزم کا وزیرِ اعلیٰ نے پھر اعادہ کیا۔
٭ بیڑ-پونے براہِ راست ریلوے خدمات کا نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار کی موجودگی میں آغاز۔
٭ ملک بھر میں کل سے کیا گیا ’سیوا سنکلپ ابھیان‘ کا آغاز۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بجلی گرنے سے پانچ افراد ہلاک۔
اور۔۔۔٭ افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کی شاندار کامیابی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment