Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 19 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آج ملک بھر میں 45 مقامات پر 20 ویں روزگار میلے کا انعقاد؛ وزیراعظم کے ہاتھوں تقرر نامے ہوں گے تقسیم۔
٭ خشک سالی کے اقدامات شروع؛ وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے جائزہ لینے کیلئے پہنچے ناندیڑ۔
٭ ریاست میں ریلوے کے مختلف منصوبوں کیلئے وزارت ریلوے نے 990 کروڑ روپے کا فنڈ کیا منظور ۔
٭ آکاشوانی کے چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز کا آج 50واں یومِ تاسیس۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع کیلئے 22 ستمبر تک بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
آج ملک کے 45 مختلف مقامات پر 20 واں روزگار میلہ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس میلے میں مختلف سرکاری محکموں اور اداروں میں نئے تقرر کیے گئے 51 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے تقرری نامے دئیے جائیں گے۔ اس میلے کی وجہ سے مختلف محکموں اور سرکاری اداروں میں تقرری نامے حاصل کرنے والے نوجوانوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 75 ہزار تک پہنچ جائے گی۔
***** ***** *****
دریں اثناء، وزیر اعظم آج نئی دہلی میں ”ماحول اور موسمیاتی تبدیلی کا مستقبل“ کے عنوان پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کریں گے۔ نیشنل گرین ٹریبیونل کے زیر اہتمام ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس میں 17 ممالک کے عدالتی نمائندے شرکت کریں گے۔
***** ***** *****
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے کہا ہے کہ جدید ترقی حاصل کرتے ہوئے ملک کے ثقافتی ورثے، روایات اور اقدار کو محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ وہ کل پونے میں 38ویں پونے فیسٹیول کے افتتاح کے موقعے پر مخاطب تھے۔
دریں اثناء، نائب صدر جمہوریہ نے لوناولہ کے کیولیہ دھام کے پروگرام میں بھی شرکت کی۔ نائب صدر جمہوریہ نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ اپنی روزمرہ کی زندگی میں یوگا سے حاصل کردہ نظم و ضبط، ارتکاز، صبر اور خود آگاہی کو اپنائیں۔
***** ***** *****
وزیر اعلی دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ ریاست میں خشک سالی کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ وہ کل ممبئی میں صحافیوں سے مخاطب تھے۔ دریں اثناء، محصولات کے وزیر چندر شیکھر باونکولے نے بتایا کہ محکمہ محصول سمیت تمام ایجنسیوں نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات کے مطابق پنچنامہ اور سروے کا کام شروع کر دیا ہے۔ وہ کل ناگپور میں میڈیا سے بات کر رہے تھے۔
***** ***** *****
وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے نے کل رات ناندیڑ پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ وہ آج صبح محکمہ محصولات میں فصل کی صورتحال پر ایک جائزاتی میٹنگ کریں گے، جس کے بعد وہ ناندیڑ ضلعے کے کھیتوں اور ہنگولی ضلعے کے دیہاتوں کا دورہ کرکے فصلوں کا معائنہ کریں گے۔
***** ***** *****
سینئر لیڈر شرد پوار نے مطالبہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت ان کسانوں کی مدد کرے جو اس سال ناکافی بارش کی وجہ سے مشکل میں ہیں۔ پوار نے کسانوں کو پچاس ہزار روپے فی ہیکٹر اور کھیت مزدوروں کو 25 ہزار روپے فی گھر مالی امداد فراہم کرنے جیسے مطالبات کیے ہیں۔
***** ***** *****
ریلوے کی وزارت نے ریاست میں ریلوے کے مختلف منصوبوں کیلئے 990 کروڑ روپے کے فنڈ کو منظوری دی ہے۔ ان میں رائے گڑھ ضلعے کے چوک- کرجت ڈبل لائن اور ایوت محل ضلعے کے مکٹ بن-گڑچاندور نئی ریلوے لائن شامل ہے۔ یہ نئی لائن کوئلہ اور سیمنٹ انڈسٹری گروپس کو ماجری- ناندیڑ ریلوے لائن کے ساتھ براہ راست رابطہ فراہم کرے گی۔ اس سے جالنہ، پربھنی، چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت مختلف شہروں میں سامان کی نقل و حمل میں لگنے والے وقت میں کمی آئے گی۔
***** ***** *****
کانگریس پارٹی نے خشک سالی کی صورتحال پر ریاستی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کانگریس قائد نانا پٹولے نے ناگپور میں پریس کانفرنس کی اور حکومت پر خشک سالی کے مسئلہ پر فیصلہ لینے میں ناکام ہونے کا الزام لگایا۔ پٹولے نے کسانوں کو فوری امداد دینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
***** ***** *****
جیشٹھا گوری پوجا کی تقریب کل ہر جگہ روایتی انداز میں منائی گئی۔ یہ تین روزہ میلہ آج اختتام پذیر ہو رہا ہے۔ دریں اثناء، کل پانچ روزہ گنپتی مورتیوں کا وسرجن کیا گیا۔
***** ***** *****
آسکر ایوارڈز کیلئے بھارت سے مراٹھی فلم ’گوندھڑ‘ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ”شواس“، ”ہریش چندراچی فیکٹری“ اور ”کورٹ“ کے بعد ”گوندھڑ“ چوتھی مراٹھی فلم ہے جسے آسکر کیلئے بھارت سے بھیجا گیا ہے۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کا عوامی زندگی میں 25 سالہ سفر ”جن سیوا سے دیش سیوا“ کے منتر سے متاثر ہوا ہے، اور قوم کی خدمت کیلئے ان کا غیر متزلزل عزم آج بھی جاری ہے۔ خدمت اور اچھی حکمرانی کے اس وژن کے ساتھ، حکومت 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ یہ کام جامع ترقی اور سماجی بااختیار بنانے کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس خصوصی سیریز میں ہم جانیں گے کہ ”میک ان انڈیا پہل“ کے ذریعے اس وژن کو کس طرح حقیقی عمل میں تبدیل کیا گیا ہے۔
مرکزی حکومت نے 25 ستمبر 2014 کو ملک کو ایک عالمی مینوفیکچرنگ مرکز کے طور پر ترقی دینے کے مقصد سے ’میک ان انڈیا‘ کے نام سے ایک پرجوش پہل شروع کی۔ اس اقدام کے بنیادی مقاصد میں گھریلو مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور صنعتی ترقی کو تیز کرنا ہے۔
’میک ان انڈیا‘ نے کاروبار کرنے میں آسانی، جدید انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی کے استعمال اور مہارت کی ترقی کے ساتھ ساتھ مینوفیکچرنگ سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ الیکٹرانکس، آٹوموبائل، دفاعی مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل، ٹیلی کمیونیکیشن، ریلوے، خلائی اور دیگر مختلف شعبوں میں ملکی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
یہ اقدام مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں سمیت بڑی صنعتوں کو مینوفیکچرنگ سیکٹر میں توسیع کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ مقامی مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کرکے، ہندوستانی صنعتوں کو مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں اپنی موجودگی کو مضبوط کرنے کا موقع مل رہا ہے۔
’میک ان انڈیا‘ کے ساتھ ساتھ، آتم نربھر بھارت، اسٹارٹ اپ انڈیا اور اسکل ڈیولپمنٹ جیسے اقدامات کے ذریعے ملک میں انٹرپرینیورشپ اور اختراع کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ”میک ان انڈیا“ ہندوستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیت کو بڑھانے کیلئے ایک اہم اقدام بنتا جا رہا ہے، اسی طرح روزگار کے مواقع پیدا کرنے، برآمدات کو بڑھانے اور اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کیلئے بھی اہم مانا جارہا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
”سیوا سنکلپ مہم“ کے تحت، ضلعی صحت کا نظام ناندیڑ ضلعے کے دیہی اور شہری علاقوں میں آخری فرد تک قابل رسائی، معیاری اور فوری صحت خدمات فراہم کرنے کیلئے مختلف اقدامات کو نافذ کرے گا۔ ضلعی صحت آفیسر ڈاکٹر سنتوش نولے نے یہ اطلاع دی۔ ’سٹیزن فرسٹ‘ کے نقطہ نظر کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہیلتھ چیک اپ، ہیلتھ کیمپ، علاج اور بیداری کی سرگرمیاں لاگو کی جائیں گی۔
***** ***** *****
آکاشوانی کے چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز کی گولڈن جوبلی آج منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر آنے والے سالوں میں آکاشوانی کے پروگراموں میں مختلف تبدیلیاں اور نئے اقدامات شامل کیے جائیں گے۔ حال ہی میں چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ آکاشوانی کے سننے والوں کی ایسوسی ایشن کی ریاستی سطح کی میٹنگ میں پروگرام کے سربراہ سجیت بنسوڑے نے بتایا کہ سامعین کی جانب سے مطالبہ کیے گئے تمام پروگرام اگلے سال سے شروع کر دیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئے بنائے گئے پروگرام نوجوانوں پر مرکوز ہوں گے۔
***** ***** *****
ونود آڑے نے پربھنی ضلعے کے جنتور میں بنجارہ برادری کو شیڈول ٹرائب-ایس ٹی زمرے سے ریزرویشن دینے کے مطالبے کیلئے بھوک ہڑتال کی کال دی ہے۔ بنجارہ برادری کی جانب سے انکی حمایت کیلئے کل یلدری آبی ذخیرے پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے زیادہ تر اضلاع میں 22 ستمبر تک بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس عرصے میں مراٹھواڑہ کے کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اور کچھ مقامات پر ہلکی تا درمیانی بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
لاتور کو پانی کی فراہمی کیلئے خصوصی معاملے کے طور پر 50 کروڑ روپے کا فنڈ منظور کیے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کانگریس کے ایک وفد بشمول میئر جے شری سون کامبلے نے سرپرست وزیر شیویندرراجے بھوسلے سے ملاقات کی اور اس سلسلے میں ایک محضر پیش کیا۔
بیڑ ضلعے کے کیج تعلقے میں سوکھا قحط قرار دینے کیلئے شہریوں نے تحصیلدار کو ایک میمورنڈم پیش کیا ہے۔
***** ***** *****
ایشین گیمز-2026 میں بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے کل جاپان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ کوارٹر فائنل سے براہ راست کھیلنے کا موقع ملنے والی بھارتی ٹیم نے 20 ویں اوور میں جاپانی ٹیم کو صرف 57 رنز پر آؤٹ کر دیا اور فتح کا چیلنج صرف پانچ اووروں میں پورا کر لیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آج ملک بھر میں 45 مقامات پر 20 ویں روزگار میلے کا انعقاد؛ وزیراعظم کے ہاتھوں تقرر نامے ہوں گے تقسیم۔
٭ خشک سالی کے اقدامات شروع؛ وزیر زراعت دتاتریہ بھرنے جائزہ لینے کیلئے پہنچے ناندیڑ۔
٭ ریاست میں ریلوے کے مختلف منصوبوں کیلئے وزارت ریلوے نے 990 کروڑ روپے کا فنڈ کیا منظور ۔
٭ آکاشوانی کے چھترپتی سمبھاجی نگر مرکز کا آج 50واں یومِ تاسیس۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع کیلئے 22 ستمبر تک بارش کا یلو الرٹ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment