Wednesday, 23 September 2026

آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 ستمبر 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 23 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/ستمبر ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سنیچر سے قبل خشک سالی کا پہلا حکمنامہ جاری کرنے کا وزیراعلیٰ کا اعلان۔
٭ قحط سالی کے ازالے سے متعلق اقدامات کیلئے کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ۔
٭ ریاستی قانون ساز کونسل کے اساتذہ اور گریجویٹ حلقوں کی پانچ نشستوں کے انتخابات کے پروگرام کا اعلان۔
٭ قومی فلم ایوارڈز تقسیم؛ معروف اداکار اننت ناگ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے سرفراز۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم کا تاریخی کارنامہ؛ سری لنکا کو ہراکر طلائی تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ ریاستی حکومت کو موصول ہونے والی ابتدائی معلومات کی بنیاد پر آئندہ سنیچر سے قبل خشک سالی کا پہلا حکمنامہ جاری کردیا جائے گا۔ کل‘ کابینی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے یہ اطلاع دی۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ خشک سالی کی صورتحال معلوم کرنے کیلئے انتظامیہ کو آج سے پنچنامے شروع کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
خشک سالی سے نمٹنے کے اقدامات کیلئے وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے کی سربراہی میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ اجلاس میں ذیلی کمیٹی کو اس حوالے سے وقتاً فوقتاً فیصلے لینے کا مکمل اختیار دینے کا فیصلہ بھی لیا گیا۔
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے صحیفہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی حکومت کسانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی پارٹی کاشتکاروں کی بیٹیوں کی شادی کی ذمہ داری ادا کرے گی۔
ریاستی کابینہ نے محکمہ زراعت کے نظرثانی شدہ خطوط کو منسوخ کرنے اور سال 2009 کے منظور شدہ خطوط کو عارضی طور پر برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس آج لاتور اور دھاراشیو اضلاع میں خشک سالی سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کریں گے۔ وہ فصلوں کی صورتحال کا معائنہ کرنے کیلئے لاتور ضلعے کے نلنگا سمیت اوسا تعلقے کے کھروسا میں کسانوں کے کھیتوں پر جائیں گے اور متاثرین سے براہِ راست بات چیت کرکے فصلوں کے نقصانات اور پانی کی دستیابی سے متعلق معلومات حاصل کریں گے۔
اسی طرح وزیرِ اعلیٰ دھاراشیو ضلعے کے تلجا پور تعلقے کے کرج کھیڑا اور کلمب تعلقے کے ییرماڑا اور ملکاپور علاقوں میں بھی جائیں گے اور متاثرین سے ملاقات کرکے خشک سالی کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں گے۔ اس دوران ان کے ہمراہ ضلع کے رابطہ وزیر پرتاپ سرنائیک‘ تعمیراتِ عامہ کے وزیر شیویندر راجے بھوسلے اور رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل بھی موجود رہیں گے۔
***** ***** *****
بارش کی کمی کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے پیشِ نظررکنِ اسمبلی سریش دھس نے مطالبہ کیا ہے کہ بیڑ ضلعے میں فوری طور پر خشک سالی کا اعلان کیا جائے۔ انہوں نے کل ممبئی میں بیڑ ضلعے کی رابطہ وزیر سنیترا پوار سے ملاقات کرکے انھیں ایک مطالباتی محضر پیش کیا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع پریشد کے کل منعقدہ عام اجلاس میں حزبِ اختلاف کے اراکین نے بارش کی کمی اور پانی کی قلّت سے فصلوں کے نقصانات کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے زوردار نعرے بازی کی۔ حزبِ اختلاف نے لاتور ضلعے کو فوری طور پر قحط زدہ قرار دیکر فصلوں کے پنچنامے کر نے اور پینے کے پانی کے مسائل کوفوری طور پر حل کرنے جیسے مطالبات بھی کیے۔
***** ***** *****
ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے متعلقہ محکمہ جات کو ممکنہ خشک سالی کی صورتحال پر قابو پانے کیلئے آبی تحفظ کے کام شروع کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ کسانوں اور دیہی ساکنان سے سیوا سنکلپ مہم کے تحت آبی تحفظ کے کاموں کیلئے درخواستیں پیش کرنے کی اپیل بھی انتظامیہ نے کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں اسٹیمپ ڈیوٹی محکمے کے دفاتر کی پاسپورٹ دفاتر کی طرز پر تجدید کاری کی جائے گی۔ وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل ناگپور میں صحیفہ نگاروں سے بات چیت کے دوران یہ جانکاری دی۔ انھوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 60 دفاتر کی تجدید کی جائیگی اور ان دفاتر میں سرکاری اہلکارخدمات انجام دیں گے‘ تاہم بنیادی سہولیات اور افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نجی اداروں کا تعاون بھی لیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی قانون ساز کونسل کے اساتذہ اور گریجویٹ حلقوں کی پانچ نشستوں کے انتخابی پروگرام کا کل‘ اعلان کردیا گیا۔ اورنگ آباد، پونے اور ناگپور کے ڈویژن کے گریجویٹ حلقوں اور امراوتی و پونے ڈویژن کے اساتذہ کے حلقوں کیلئے رائے دہی آئندہ 23 اکتوبر کو ہوگی، جبکہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 27 اکتوبر کو کیا جائے گا۔ ان پانچوں نشستوں کیلئے امیدواری عریضے 6 اکتوبر تک داخل کیے جاسکیں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
فلمی دنیا کا سب سے بڑا اور باوقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کل‘ معروف اداکار اننت ناگ کو تفویض کیا گیا۔ گجرات کے کیوڑیا میں منعقدہ 72 ویں قومی فلم ایوارڈ تقریب میں صدرِ مملکت دروپدی مُرمو نے انھیں اس اعزاز سے نوازا۔ فلم آرٹیکل 370 کو بہترین فلم کیلئے طلائی ایوارڈ‘ جبکہ ”شریکانت“ کو بہترین ہندی فلم کیلئے نقرئی ایوارڈ دیا گیا۔ یامی گوتم کو بہترین اداکارہ‘ جبکہ کارتک آرین اور ماموٹی کو بہترین اداکار کے اعزازات تفویض کیے گئے۔ ساتھ ہی رندیپ ہڈا کو فلم ویر ساورکر کیلئے بہترین ڈیبیو ڈائریکشن، مراٹھی فلم ”بھنگار“ کو بہترین نان فیچر فلم اور گلوکار ابھئے جودھپورکر کو فلم ”گھرت گنپتی“ کے نغمے کیلئے بہترین گلوکار کا اعزاز دیا گیا۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کا عوامی زندگی کا 25 سالہ سفر ”عوامی خدمت سے ملک کی خدمت“ کے تصور سے سرشار ہے، اور حکومت خدمت اور بہتر حکمرانی کے نقطہ نظر سے 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات سے جامع ترقی اور سماج کو بااختیار بناکر شہریوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اسٹارٹ اپ انڈیا بھی انہی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔
مرکزی حکومت نے نئے صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے جنوری 2016 میں ”اسٹارٹ اپ انڈیا“ پہل شروع کی تھی۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں اختراعی کاروبار اور صنعتوں کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور صنعت کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ وزیر اعظم نے حالیہ برکس سربراہی اجلاس میں اس اقدام کی کامیابی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اسٹارٹ اپ انڈیا ملک کی صنعتی اور اختراعی ماحولیاتی نظام میں ایک اہم حکومتی پہل کے طور پر متعارف ہوا ہے۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں میں بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو 147 رنز سے شکست دے کر طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ کل کھیلے گئے فائنل میچ میں بھارت کے مقررہ 217 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم سولہویں اوور میں صرف 69 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ اس میچ میں 79 رنز بنانے والی بھارت کی اسمرتی مندھانا 11 ہزار رنز بنانے والی دنیا کی پہلی خاتون بلے باز بن گئی ہیں۔
دوسری جانب ان کھیلوں میں بھارت کے مردوں کی کبڈی ٹیم نے میں جنوبی کوریا کو 63-31 سے شکست دے دی۔ ٹیبل ٹینس میں خواتین کی ٹیم نے تھائی لینڈ کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ تیراکی میں، بھارتی مردوں کی ٹیم نے 100 میٹر میڈلے زمرے میں چوتھا مقام حاصل کرکے فائنل میں جگہ بنائی۔ جبکہ بیڈمنٹن میں بھارت کے مردوں کی ٹیم میزبان جاپان کو 3-0 سے ہراکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
ووشو کھیل میں بھارت کی روشی بینا دیوی خواتین کے 60 کلوگرام زمرے میں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں، جبکہ آرین نے بھی مردوں کے 56 کلوگرام زمرے میں کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کیا۔
باکسنگ میں جادومنی سنگھ مردوں کے 55 کلوگرام زمرے میں‘ جبکہ خواتین کے زمرے میں ساکشی چودھری سیمی فائنل میں پہنچی ہیں۔ جمناسٹک میں، پرنتی نائیک نے والٹ زمرے میں فائنل میں جگہ پکی کرلی ہے۔
***** ***** *****
قانون ساز کونسل کے سابق قائد ِ حزبِ اختلاف امباداس دانوے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں بارش کی کمی سے متاثرہ فصلوں کا معائنہ کیا۔ انھوں نے ضلعے کے کھنڈالہ، شیءُور اورکانڑگاؤں میں کھیتوں پر پہنچ کر براہِ راست کسانوں سے بات چیت کی اور فصلوں کے نقصانات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
***** ***** *****
انسداد منشیات دستے نے کل پربھنی ضلعے کے گنگا کھیڑ تعلقے کے اُنڈے گاؤں میں چھاپہ مار کرتور اور کپاس کی فصلوں کے درمیان کاشت کیے گئے گانجے کے پودوں کو ضبط کر لیا۔ اس کارروائی میں تقریباً 77 لاکھ روپے مالیت کے 150 کلو وزنی 301 پودے تحویل میں لیے گئے۔ اس معاملے میں متعلقہ پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ سنیچر سے قبل خشک سالی کا پہلا حکمنامہ جاری کرنے کا وزیراعلیٰ کا اعلان۔
٭ قحط سالی کے ازالے سے متعلق اقدامات کیلئے کابینہ کی ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ۔
٭ ریاستی قانون ساز کونسل کے اساتذہ اور گریجویٹ حلقوں کی پانچ نشستوں کے انتخابات کے پروگرام کا اعلان۔
٭ قومی فلم ایوارڈز تقسیم؛ معروف اداکار اننت ناگ دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے سرفراز۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں بھارت کی خواتین کرکٹ ٹیم کا تاریخی کارنامہ؛ سری لنکا کو ہراکر طلائی تمغہ جیتا۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 01.10.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 01 October 2026 Time: 7.10 to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छत...