Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 29 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۲/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پانی کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ربیع کے موسم میں فصلوں کی ترجیح طئے کرنے کی مرکزی وزیر زراعت کی اپیل؛ خشک سالی کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی ٹیم مہاراشٹر بھیجنے کا اعلان۔
٭ وزراء کی جانب سے مختلف اضلاع میں فصلوں کی صورتحال کا معائنہ؛ وزیرِ محصول باونکولے کی کسانوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی۔
٭ کسانوں کو حکومت سے متوقع براہِ راست مالی امداد نہ ملنے کا حزبِ اختلاف کا الزام؛ مطالبات پر مبنی میمورنڈم پیش کرنے کا بزرگ قائد شرد پوار کا عندیہ۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کو مزید آٹھ تمغے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے ربیع کے موسم میں پانی کی دستیابی اور مٹی کی نمی کو پیشِ نظر رکھ کر فصلوں کی ترجیح طئے کرنے کی اپیل کی ہے۔ وہ کل‘ نئی دہلی میں رواں سال ربیع ہنگام کیلئے منعقدہ قومی زرعی کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ ال نینو کے اثرات اور پانی کی قلّت کو ذہن میں رکھتے ہوئے ربیع کے موسم کی منصوبہ بندی کریں۔ مٹی کی حالت کے مطابق کھادوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کھیت بچاؤ مہم شروع کرنے کا اعلان بھی انہوں نے کیا۔
مرکزی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ایک مرکزی معائنہ کار ٹیم مہاراشٹرا اور کرناٹک بھیجی جائے گی۔ انہوں نے کہا...
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
***** ***** *****
ریاستی وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے کل ہنگولی ضلع کے کلمنوری تعلقہ کے اَراٹھی میں تباہ شدہ فصلوں کا معائنہ کیا۔ ضلعے کے پانچوں تعلقے ہنگولی، اونڈھا ناگناتھ، کلمنوری، سین گاؤں اور بسمت خشک سالی سے متاثرہ قرار دئیے جانے والے تعلقوں کی فہرست میں شامل ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر ان تعلقہ جات میں فصلوں کی صورتحال کا پنچنامہ کرنے اور نقصانات کی معروضی معلومات جمع کرنے کی ہدایت کی، اور کسانوں کو یقین دلایا کہ متاثرین کو ہر ممکنہ تعاون دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ، خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو مناسب مدد فراہم کرنے کیلئے درست پنچنامے کرنا بہت ضروری ہے، اس لیے 11 محکموں کے افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایات انھوں نے جاری کی ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ کی رابطہ وزیر پنکجا منڈے نے ضلعے کے بدناپور تعلقے کے کڑے گاؤں، گیورائی بازار، گوکُل واڑی اور جالنہ تعلقے کے گنیش نگر علاقے کے خشک سالی سے متاثرہ کھیتوں کا دورہ کیا اور فصلوں کی صورتحال کا جائزہ لیکر کسانوں سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خشک سالی سے نمٹنے کیلئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ منڈے نے کہا کہ پینے کے پانی اور مویشیوں کے چارے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور چارے کی شدید قلت والے علاقوں میں فوری طور پر چارہ ڈپو کھولنے کیلئے کارروائی جاری ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، بندرگاہ اور ماہی پروری کے وزیر نتیش رانے نے کل جالنہ ضلعے کے بدنا پور تعلقے میں راجے واڑی اور سوم ٹھانہ کے تالابوں میں افزائشِ ماہی کی صورتحال کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے اس سال مچھلی کی پیداوار میں بیس فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ انھوں نے تیقن دیا کہ متاثرہ ماہی گیروں کا پنچنامہ کر کے قواعد کے مطابق امداد فراہم کی جائے گی۔
***** ***** *****
خشک سالی کے پس منظر میں، دھاراشیو ضلع انتظامیہ نے ضلعے میں تیار کردہ یا دستیاب چارے کو تجارتی یا دیگر مقاصد کیلئے ضلعے سے باہر لے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ ضلع کلکٹر نے کسانوں اور مویشیوں کیلئے دستیاب چارہ ترجیحی بنیادوں پر ضلعے کیلئے محفوظ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
***** ***** *****
خشک سالی جیسی صورتحال کے پس منظر میں کرانتی کاری شیتکری سنگھٹنا نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کسانوں کو متوقع راست مالی امداد شامل نہیں ہے۔ کل لاتور کے ضلع کلکٹر دفتر پر سنگھٹنا کی جانب سے زوردار احتجاج کیا گیا۔
شیوسینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کارکنوں نے بھی احمد پور اور نلنگا میں سرکاری اعلامیے کی ہولی جلا کر خشک سالی سے متعلق حکومت کے خلاف احتجاج درج کیا۔
اسی دوران، مہاراشٹر نونرمان شیتکری سینا کے ریاستی صدر سنتوش ناگرگوجے کی زیرِ قیادت پارٹی کارکنوں نے لاتور ضلعے کے رینا پور کی رینوکا دیوی کے سامنے احتجاجی دَنڈوت کر کے کسانوں کو فوری مالی امداد دینے کا مطالبہ کیا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کا ایک اجلاس کل ممبئی میں یشونت راؤ چوان پرتشٹھان میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ریاست کو درپیش خشک سالی کو دور کرنے کیلئے ممکنہ اقدامات پر تبادلہئ خیال کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی سربراہ شرد پوار نے کہا کہ وہ آئندہ دو چار دنوں میں حکومت سے خشک سالی کے پیشِ نظر راحت سے متعلق مطالبات پر مبنی محضر پیش کریں گے اور انتباہ دیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے تو وہ سڑکوں پر آکر احتجاج کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیر اعظم نریندر مودی کے آئینی عہدے پر 25 سالہ سفر میں ”جن سیوا سے دیش سیوا“ بنیادی نکتہ ہے، اور حکومت‘ خدمت اور بہتر طرزِ حکمرانی اور خدمات ِ عامہ کے نقطہ نظر سے 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ ملک بھر میں اشیاء اور خدمات ٹیکس یعنی جی ایس ٹی کا نفاذ اسی کا ایک حصہ ہے۔
جی ایس ٹی نے بالواسطہ ٹیکس کے نظام میں ایک اہم تبدیلی لائی ہے، جی ایس ٹی قانون یکم جولائی 2017 سے پورے ملک میں نافذ کیا گیا تھا۔ یہ ”ایک ملک، ایک ٹیکس“ کے تصور کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ جی ایس ٹی کے ذریعے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے لگائے جانے والے متعدد بالواسطہ ٹیکسوں کو یکجا کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ان الفاظ میں اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے ہیورا پہاڑی علاقے کے ایک اسکول میں خصوصی مدرس کی تقرری عمل میں آئی ہے۔ اس اسکول کی طالبات کی جانب سے جماعت سے براہ راست خصوصی ماک نیوزجاری کیا گیا تھا‘ جس کا نوٹس لیتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ اور ضلعے کی رابطہ وزیر سنیترا پوار نے فوری طور پر ایک مدرس کا تقرر کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس بارے میں ہمارے نامہ نگارمزید معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ ہیوراپہاڑی کے علاقے میں واقع اس اسکول میں، ریاضی، سائنس اور کمپیوٹر جیسے اہم مضامین کے اساتذہ گذشتہ کچھ دنوں سے دستیاب نہیں تھے۔ اس مسئلے کی طرف انتظامیہ کی توجہ مبذول کرانے کیلئے اسکول کی طالبات نے جماعت سے براہ راست خبرنامہ جاری کیا تھا۔ جس میں انہوں نے پلاسٹک کی بوتلوں کو علامتی مائیکروفون کے طور پر استعمال کیا، یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ نائب وزیر اعلیٰ اور بیڑ کی رابطہ وزیر سنیترا پوار نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیا اور ضلع انتظامیہ کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ جس کے بعد ضلع انتظامیہ نے شیواجی جوگدنڈ کو اسکول میں تعینات کیا، حکم ملتے ہی شیواجی جوگ دنڈ رجوع بہ کار ہوگئے۔
***** ***** *****
جاپان میں جاری ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے کل آٹھ تمغے جیتے۔ جن میں چار چاندی اور چار کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستان کے تمغوں کی مجموعی تعداد 45 ہوگئی ہے جس میں چار طلائی، 20 نقرئی اور 21 کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ بھارت تمغوں کی فہرست میں بارہویں نمبر پر ہے۔
مردوں کے نیزہ بازی میں یشویر کو چاندی کا تمغہ، جبکہ روہت یادو کو کانسے کا تمغہ ملا۔ مردوں کی 1500 میٹر دوڑ میں، گُل ویر سنگھ نے ان کھیلوں کا اپنا دوسرا چاندی کا تمغہ جیتا۔ خواتین کی پانچ ہزار میٹر کی دوڑ میں پارول چودھری نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ لانگ جمپ میں شری شنکر مرلی نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
خواتین کی 400 میٹر رکاوٹوں کی دوڑ میں وِتھیا رام راج نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ انھوں نے پی ٹی اوشا کا چار دہائی قبل قائم کردہ قومی ریکارڈ توڑ دیا۔
نشانے بازی میں ایشا سنگھ نے خواتین کے 25 میٹر پسٹل انفرادی مقابلے میں 38 پوائنٹس کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔
***** ***** *****
ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے دھاراشیو ضلعے میں جل جیون مشن کے کام کو تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ وہ گزشتہ روز اس سلسلے میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے اس اسکیم کا کام مقررہ مدت میں مکمل نہ کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی اور انہیں بلیک لسٹ کرنے کی تجویز دی۔
***** ***** *****
موسم: کوکن سمیت مغربی مہاراشٹر کے بیشتر اضلاع میں آج بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ اضلاع میں آج ہلکی ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پانی کی دستیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے ربیع کے موسم میں فصلوں کی ترجیح طئے کرنے کی مرکزی وزیر زراعت کی اپیل؛ خشک سالی کا جائزہ لینے کیلئے مرکزی ٹیم مہاراشٹر بھیجنے کا اعلان۔
٭ وزراء کی جانب سے مختلف اضلاع میں فصلوں کی صورتحال کا معائنہ؛ وزیرِ محصول باونکولے کی کسانوں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی۔
٭ کسانوں کو حکومت سے متوقع براہِ راست مالی امداد نہ ملنے کا حزبِ اختلاف کا الزام؛ مطالبات پر مبنی میمورنڈم پیش کرنے کا بزرگ قائد شرد پوار کا عندیہ۔
اور۔۔۔٭ ایشیائی کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کو مزید آٹھ تمغے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment