Monday, 6 March 2017

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date - 06  March  2017
Time 8.40am to 8.45am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ  :  ۶؍ مارچ  ۲۰۱۷
وَقت  :  صبح  ۴۰: ۸  -  ۴۵ :۸
***********************
 رِیاستی اَسمبلی کے بجٹ اِجلاس کا آج سے آغاز ہورَہا ہے۔ گورنر سی وِدّیا ساگر رائو کے خطاب کے ساتھ اِس اِجلاس کا آغاز ہوگا۔ 18/ مارچ کو وَزیرِ خزانہ سُدھیر منگنٹیوار عام بجٹ پیش کریں گے۔ بجٹ اِجلاس کے دَوران 23/ مجوزہ بِل پیش ہونگے‘ سات اپریل تک چلنے والے اِس اِجلاس میں سابقہ تین بلوں کو بھی منظور کروایا جائیگا۔
 بجٹ اِجلاس کے سلسلے میں کل صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے وَزیرِ اَعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ کسانوں کے قرضہ جات معاف کرنے کا فیصلہ مناسب وَقت پر کیا جائیگا۔ وَزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ رِیاستی حکومت قرض معافی کے خلاف نہیں ہے۔ ماضی کے تجربوں سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ اَگر اِس پر عمل دَرآمد مؤثر طور پر نہ کیا جائے تو اِس فیصلے کا غلط اِستعمال ہوسکتا ہے۔ سابقہ حکومت نے قرض معاف کیا تھا لیکن اِس کا فائدہ کسانوں کی بجائے بینکوں کو ہوا۔ پھڑنویس نے کہا کہ گذشتہ ہنگام میں فصلوں کے نقصانات کی مد میں حکومت کی جانب سے 894/کروڑ رُوپئے تقسیم کیے گئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ لاتور ضلع کے کسانوں میں 402/ کروڑ رُوپئے تقسیم کیے جائیں گے۔ اِس کے علاوہ تور کے ساتھ ساتھ چنا بھی ضمانتی نرخ پر کسانوں سے خریدا جائیگا۔
 اَب تک رِیاست میں 17/ لاکھ کوئنٹل تور خریدی جاچکی ہے۔ اِس کے لیے بوریوں اَور گوداموں کی قلّت کے سبب 16/ لاکھ بورِیاں خریدی گئیں اَور گودام کرایے پر حاصل کرنے کے اِحکامات بھی جاری کیے گئے ۔ اُنھوں نے وَضاحت کی کہ شیوسینا کے ساتھ اِختلافات کے باوَجود رِیاست کے مفاد میں بی جے پی اَور شیوسینا متحد ہیں۔
---------------------------------
 بجٹ اِجلاس سے قبل وَزیرِ اَعلیٰ کی جانب سے کل رات دی گئی رِوایتی چائے پارٹی کا حزبِ اِختلاف نے بائیکاٹ کیا۔ اَسمبلی میں حزبِ اِختلاف کے قائد رادھا کرشن وِکھے پاٹل نے اِلزام عائد کیا کہ شیو سینا۔ بی جے پی اِتحاد نے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ وہ کل ممبئی میں اَخباری نمائندوں سے خطاب کررَہے تھے۔ اِس موقع پر قانون ساز کونسل میں حزبِ اِختلاف کے قائد دھننجے مونڈھے بھی موجود تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ شیوسینا کے وزراء نے کسانوں کے لیے اِستعفے دینے کا ڈَرامہ کیا اَور اَسمبلی کے بجٹ اِجلاس میں موجودہ سرکار کے غیر شفاف کاروبار کا پردہ فاش کیا جائیگا۔
 قانون ساز کونسل میں حزبِ اِختلاف کے قائد دھننجئے مونڈھے نے کہا کہ اِس اِجلاس میں کسانوں کے قرضہ جات کی معافی ہی اَہم موضوع رَہے گا۔ اَور اِس موضوع پر وہ گورنر سے بھی ملاقات کریں گے۔
---------------------------------
 تیزاب پھینکنے سے متاثر ہونے والے اَفراد کو اَب حکومت کی جانب سے تین لاکھ کی بجائے 5/ لاکھ رُوپئے کی اِمداد دی جائیگی۔ ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وَزیرِ اَعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا کہ تیزاب گردی سے متاثرہ اَفراد میں خود اِعتمادی بحال کرنے کے لیے حکومت کوشاں ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ تیزاب پھینکنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کیلئے قانون میں ترمیم بھی کی جائیگی۔
---------------------------------
 اَورنگ آباد کے لمبے جلگائوں میں منعقدہ دو روزہ تبلیغی اِجتماع کل اِختتام پذیر ہوا۔ اِس میں لاکھوں بندگانِ توحید نے شرکت کی۔مختلف علمائے کرام نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے توکل علی اللہ کو ہی نجات کا واحد ذَریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اَنبیاء کی سنت کے مطابق زِندگی گذارنا تمام مسائل کا حل ہے۔ مولانا مشتاق اَحمد قریشی نے عمومی اِجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اَللہ کے خوف کی جگہ آج دُنیاوی طاقتوں کے خوف نے لے لی ہے اَور اِحکاماتِ اِلٰہی کو صرف عبادتوں تک محدود نہ رَکھتے ہوئے گھریلو‘ سماجی اَور معاشی معاملات میں بھی نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔
 اِس اِجتماع میں 140/ جوڑوں کی اِجتماعی شادِیاں بھی کرائی گئیں۔ خطبۂ نکاح میں نوجوانوں کو جہیز کی لعنت سے بچنے اَور سادہ زِندگی گذارنے کی تلقین کی گئی۔ کل رات رُوح پرور اِجتماعی دُعا کے ساتھ اِس اِجتماع کا اِختتام ہوا۔
---------------------------------
 رِیاست میں اَعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے معذور طلبہ کو دَورانِ اِمتحانات خصوصی سہولیات مہیا کرنے کا فیصلہ اَعلیٰ اَور تکنیکی تعلیم کے محکمے نے کیا ہے۔ اِس سلسلے میں رِیاستی حکومت نے ایک جائزاتی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ کمیٹی کی سفارِشات کی بنیاد پر معذوروں کو سہولیات و مراعات دینے سے متعلق رِیاستی حکومت فیصلہ کرے گی۔
---------------------------------
 ناگپور میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے پر بی جے پی کی نندا جِچکار منتخب ہوئی ہیں۔ کل ہوئے میئر اِلیکشن میں اُنھوں نے کانگریس کی اُمیدوار کو 26/ کے مقابلے میں 108/ ووٹوں سے شکست دی۔ نائب میئر کے عہدے پر بھی بی جے پی کے ہی دیپ راج پارڈیکر منتخب ہوئے۔
---------------------------------
 موسمِ گرما کے دَوران شدید گرمی کے خدشے کے پیشِ نظر رِیاستی حکومت نے تمام شہری اِنتظامیہ اَور مختلف محکموں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ حکومت نے متعلقہ اِداروں کو ہدایت کی ہے کہ دَرجۂ حرارت میں بہت زِیادہ اِضافے کے خدشے کے پیشِ نظر شہریوں کو خبردار کرنے اَور اِحتیاطی تدابیر کیلئے بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے۔
---------------------------------

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर – दिनांक 13.04.2026 रोजीचे सकाळी 07.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 13 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...