Wednesday, 2 May 2018

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date: 02.05.2018 ,Time:8.40-8.45 am

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 May 2018
Time 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲؍ مئی ۲۰۱۸؁
وَقت: صبح ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
 ریاست ِ مہاراشٹر کا یومِ تاسیس کل جوش و خروش سے منایا گیا۔ اس موقعے پر ریاست بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا تھا۔
 ممبئی کے شیواجی پارک میں منعقدہ مرکزی تقریب میں گورنر سی ودّیا ساگر رائو نے پرچم کشائی کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے قرض معافی سے محروم رہ گئے قریب تین لاکھ کسانوں تک قرض معافی کا فائدہ پہنچانے‘ لاتور میں مجوزہ ریل کوچ فیکٹری سے 25/ ہزار ملازمتیں پیدا کرنے اور اگلے سال تک سبھی بے گھر افراد کو مکانات فراہم کرنے کیلئے بارہ لاکھ گھروں کی تعمیر کا عہد کیا۔
ریاست کے مختلف شہروں میں بھی متعلقہ رابطہ وزیروں نے پرچم کشائی کی۔ اورنگ آباد میں رابطہ وزیر ڈاکٹر دیپک ساونت کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔ اس موقع پر اپنی مخاطبت میں رابطہ وزیر نے ضلعے کے کھلے میں رفع حاجت سے پاک ہونے کا اعلان کیا۔ حکومت کی جانب سے چلائی جارہی مختلف اسکیموں کا بھی اُنھوں نے ذکر کیا۔ تقریب میں 22 / پولس افسران اور ملازمین کو DG پولس انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب میں کھلاڑیوں‘ تلاٹھی اور صنعتکاروں کو بھی انعامات دیکر اُن کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ شہید پولس جوانوں کی بیوائوں میں ST کارپوریشن کی بسوں کے تاعمر مفت پاس بھی تقسیم کیے گئے۔
مراٹھوا ڑہ کے دوسرے شہر جالنہ میں پولس ہیڈ کوارٹر میدان پر ریاست کے آبی فراہمی اور صفائی کے وزیر ببن رائو لونیکر نے پرچم کشائی کی۔ جالنہ ضلع بننے کے 37/ سال مکمل ہونے پر لونیکر نے شہریوں کو مبارکباد پیش کی۔ بیڑ میں رابطہ وزیر پنکجا منڈے اور لاتور میں رابطہ وزیر سنبھاجی پاٹل نلنگیکر کے ہاتھوں پرچم کشائی کی گئی۔
 ناندیڑ میں رام داس کدم‘ عثمان آباد میں ارجن کھوتکر اور پربھنی میں ضلع کلکٹر پی شیو شنکر نے پرچم کشائی کی۔
------------------------------
محنت کش مزدوروں کا عالمی دن بھی کل منایا گیا۔ اس موقعے پر مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا تھا۔ بین الاقوامی محنت کش تنظیمو ں کی جانب سے ہر سال ایک مئی کو مزدوروں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
------------------------------
 مرکزی تفتیشی بیورو‘ CBI نے کل ممبئی کے کسٹم ڈیوٹی دفتر میں ڈپٹی کمشنر درجے کے چار افسران کو گرفتار کرلیا۔ ان افسران کو ایک درآمد کار کے سامان کو اجازت نامہ جاری کرنے کے عوض 50/ لاکھ روپئوں کی رشوت لینے کا الزام ہے۔ CBI کے نئی دلّی افسران نے یہ معلومات دیں۔ CBI افسران نے ممبئی کی عدالت کو یہ اطلاع دی ہیکہ اس معاملے میں مزید دو افراد کو گرفتار کیا جائیگا۔
------------------------------
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اُمید ظاہر کی ہیکہ ایک اگست کے بعد ریاست کے سبھی کسانوں کو ڈیجیٹل دستخط والا سات بارہ ملے گا۔ پھڑنویس نے کل ممبئی میں ڈیجیٹل دستخط سات بارہ مہم کے افتتاح کے بعد بول رہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ سرکار کے ایک محکمے سے دوسرے محکمے تک دستاویزات پہنچانے کی تکلیف سے عوام کو راحت پہنچانا اور دو محکموں کے درمیان بہتر تال میل پیدا کرنا ڈیجیٹائزیشن کا مقصد ہے۔ اس موقعے پر وزیرِ اعلیٰ سمیت کئی کسانوں میں سات بارہ کی ڈیجیٹل نقل تقسیم کی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس منصوبے کو کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے پر محصول محکمے کے افسران اورملازمین کی تعریف بھی کی۔
------------------------------
 بلٹ ٹرین اور نانار جیسے پروجیکٹوں کیلئے اپنی زمینیں نہ دینے کی اپیل مہاراشٹر نونرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے کی ہے۔ کل پال گھر میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راج ٹھاکرے نے ریاست اور مرکز کی BJP حکومتوں کی پالیسیوں پر خوب تنقید کی۔ ٹھاکرے نے ریاست اور مرکز کی حکومتوں کو عوام کے مسائل حل کرنے میں پوری طرح ناکام قرار دیا۔
------------------------------
 علیحدہ ودربھ ریاست کے مطالبے پر کل مہاراشٹر دن کے موقعے پر ایوت محل میں یومِ سیاہ منایا گیا۔
 ہمارے نمائندے نے خبر دی ہیکہ علیحدہ ودربھ ریاست کے حامیوں نے کل ایوت محل کے نگر بھون علاقے میں واقع لوک نائک باپوجی اَنے کے مجسّمے کے قریب ودربھ ریاست کے جھنڈے کی پرچم کشائی کی اور نیتاجی چوک میں دھرنا احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔
------------------------------
گائووں کو بھی شہروں کی طرح بنیادی ڈھانچے کی سہولیات فراہم کرنے والے شیاما پرساد مکھرجی روربن منصوبے پر اورنگ آباد ضلعے میں مؤثر عمل آوری کرنے کی ہدایت ضلعے کے رابطہ وزیر ڈاکٹر دیپک ساونت نے دی ہے۔انھوں نے کل اورنگ آباد میں اس منصوبے سے متعلق اعلیٰ سطحی میٹنگ میں یہ ہدایت دی۔ اورنگ آباد ضلعے کے 12/ گائووں کو اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔ڈاکٹر ساونت نے خلدآباد تعلقے کے گدانہ گائوں میں شرم دان کے ذریعے کیے گئے کاموں کا معائنہ کیا اور اُن کی ستائش کی۔ اس کے علاوہ اُنھوں نے اورنگ آباد شہر کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور کچرے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ رابطہ وزیر نے متعلقین کو کچرے کو جلد سے جلد ٹھکانے لگانے کی بھی ہدایت دی۔
------------------------------

No comments: