Wednesday, 7 August 2019

Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 07.08.2019 , Time : 8.40-8.45 AM


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.

Date: 07 August 2019

Time: 8:40 to 8:45 am

آکاشوانی اَورنگ آباد

علاقائی خبریں

تاریخ: ۷؍ اگست ۲۰۱۹ ؁

وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸

***** ***** *****

ملک کی سابقہ وزیرِ خارجہ اور بی جے پی کی سرکردہ قائد سشما سوراج کل نئی دہلی میں دِل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئیں۔ وہ 67/ برس کی تھیں۔ کل رات انہیں دہلی کے ایمس اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں دورانِ علاج ان کی موت ہوگئی۔ صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند، نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی سمیت دیگر رہنمائوں نے ان کی وفات پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ آنجہانی اپنے سیاسی سفر میں سب سے پہلے ہریانہ حکومت میں کابینی وزیر بنائی گئیں اور آخری دور میں ملک کی وزیرِ خارجہ رہیں۔ آنجہانی کا جسدِ خاکی آج صبح عوام کے دیدار کیلئے گیارہ بجے بی جے پی ہیڈ کوارٹر لایا جائیگا اور دوپہر تین بجے لودھی شمشان بھومی پر آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

***** ***** *****

ریاست ِ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والی دفعہ 370/ منسوخ کرنے والا بل کل راجیہ سبھا کے بعد لوک سبھا میں بھی منظور ہوگیا۔72/ کے مقابلے 351/ ووٹوں سے بل کو لوک سبھا میںمنظوری ملی۔ ساتھ ہی جموں و کشمیر کی تقسیم کیلئے لایا گیا بل 66/ ووٹوں کے مقابلے 366/ ووٹوں سے منظور کیا گیا۔ اسمبلی کا حامل حصہ جموں وکشمیر کہلائے گا اور دوسرا حصہ لداخ کہلائے گا اور دونوں ریاستیں مرکز کے زیرِ انتظام رہیں گی۔ جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم ہونے سے اب ملک کے تمام قوانین دوسری ریاستوں کی طرح جموں و کشمیر میںبھی نافذ ہوجائیں گے۔ مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کہا ہیکہ وادی کے حالات معمول پر آتے ہی جموں و کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کردیا جائیگا۔

***** ***** ***** 

لوک سبھا کی کاروائی کل غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔ سترہویں لوک سبھا کے پہلے اجلاس میں کم و بیش 280/ گھنٹے کام کاج ہوا۔ لوک سبھا کا سب سے کامیاب اجلاس ٹھہرائے جانے پر اسپیکر اوم برلا نے تمام اراکین کومبارکباد پیش کی۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے دوران راجیہ سبھا میں کام کاج کا آج آخری دن ہے۔

***** ***** ***** 

ریاست کے مراٹھی زبان کے وزیر ونود تائوڑے نے تمام اسکولوں میں مراٹھی تعلیم لازمی طورپر دئیے جانے کی خاطر قانون وضع کرنے کیلئے ماہرینِ تعلیم کی ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تعلیمی کمیٹی اس خصوص میں مثبت بات چیت اور صلاح و مشورے کے بعد قانون کا ابتدائی مسودہ تیار کرے گی۔ وزیرِ موصوف نے مزید بتایا کہ یہ مسودہ تاثرات جاننے کیلئے عوام کے سامنے بھی پیش کیا جائیگا۔

***** ***** ***** 

ناسک اور احمد نگر کے آبی منصوبوں سے ملنے والے پانی کے سبب جائیکواڑی آبی منصوبے میں پانی کا ذخیرہ 52/ فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ اسی دوران اورنگ آباد ضلع کے مختلف دیہاتوں میں ٹینکر کے ذریعے پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے ساکنان نے کلکٹر دفتر کے روبرو ٹھیہ احتجاج کیا۔ اورنگ آباد کانگریس کمیٹی نے بھی متاثرہ دیہاتوں میں فوری طور پر سروے کرکے ٹینکر کے ذریعے آبرسانی کا مطالبہ کیا ہے۔

***** ***** ***** 

بارش اور آبی منصوبوں سے پانی چھوڑنے کے باعث کولہا پور اور سانگلی اضلاع میں سیلابی صورتحال پر قابو پانے کیلئے کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کرناٹک کے وزیرِ اعلیٰ یدی یورپا سے گفت و شنید کی۔ جس کے بعد المٹی آبی منصوبے سے زائد پانی چھوڑا گیا۔ سیلاب سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کیلئے فوج کی مدد لی جارہی ہے۔

دریں اثناء خلیج ِ بنگال میںہوا کے کم دبائو کے سبب ودربھ میں آج اور کل زوردار بارش ہونے کا امکان محکمۂ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔ محکمے کے مطابق مراٹھواڑہ کے اورنگ آباد‘ جالنہ، پربھنی اورہنگولی اضلاع میں ہلکی اور درمیانی درجے کی بارش کا امکان ہے۔

***** ***** ***** 

ریاست کے مختلف مقامات پرموسلادھار بارش جاری ہے اور متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال کا بھی سامنا ہے۔ رائے گڑھ ضلع کا مہاڈ شہر زیرِ آب آچکا ہے۔ متاثرین کی مدد کیلئے قومی آفات پر قابو پانے والا دستہ، بحری فوج اور ساحل کی حفاظت پر مامور دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ضلع کے چار تعلقوں کے تمام اسکولوں اور کالجیس کو تعطیل دی گئی ہے۔

***** ***** ***** 

اورنگ آباد کی آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے منتظمین نے کل ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے کارگذار وائس چانسلر ڈاکٹر پروین وَکتے سے ملاقات کی اور طلبہ کے مسائل کے حل کیلئے محضر پیش کیا۔ محضر میں کمائو اور سیکھو اسکیم کے تحت مشاہرے میں اضافے‘ اقامت گاہوں میں مطالعہ گھر کا انتظام اورمحافظوں کی تعداد میں اضافہ سمیت دیگر مطالبات شامل ہیں۔

***** ***** ***** 

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کل کھیلے گئے تیسرے T-20 کرکٹ مقابلے میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے بھارت کو جیت کیلئے 147/ رنوںکا ہدف رکھا تھا۔

***** ***** *****

No comments: