Thursday, 5 September 2019


Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 05.09.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM


Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 05 September-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۵؍  اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
ریاست کے بیشتر اضلاع میں کم موسلا دھار بارش ہوئی‘ جس کے سبب ممبئی سمیت رتناگیری‘ سندھو دُرگ‘ رائے گڑھ‘ پال گھر‘ ساتارا‘ سانگلی‘ کولہا پور‘ ناگپور اور گڈچرولی اضلاع میں نظامِ زندگی درہم برہم ہوگیا۔ ممبئی میں کل پونے چار سو ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ زور دار بارش اور سمندر میں اونچی اُٹھتی لہروں کے باعث ممبئی اور مضافات میں زیریں علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ میٹھی ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جس کے باعث اُس کے اطراف و اکناف کے رہائشی علاقے زیرِ آب آگئے۔ ریلوے لائنوںپر پانی بھر جانے سے وسطی‘ مغربی اور ہاربر لائنوں پر مضافاتی ریل خدمات ٹھپ ہوگئیں۔ طویل فاصلے کی ٹرینوں پر بھی اس کا اثر ہوا۔ کئی ریل گاڑیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور چند ایک کے اوقات میں تبدیلی کردی گئی۔
ممبئی میں سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر امدادی کاموں میںمصروف 2/ میونسپل ملازمین کی پانی میں ڈوب کر موت واقع ہوگئی۔ پال گھرضلع میں بھی کل زوردار بارش ہوئی۔ نالاسوپارہ میں ایک چھ برس کا بچہ کھلی گٹر میں بہہ گیا۔ دستۂ آتش فرو کا عملہ اس بچے کی تلاش میں مصروف ہے۔ 
کوکن‘ سندھو دُرگ‘ رتنا گیری اور رائے گڑھ اضلاع میں مسلسل دن سے جاری برسات کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہوگیاہے۔ رائے گڑھ ضلع میں ساوتری‘ امبا‘ کونڈلیکا‘ ندیاں خطرے کے نشان عبور کرگئی ہیں، جس کی وجہ سے مہاڈ‘ ناگوٹھانے اور روہا شہروں میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ ساتارا ضلع میں تیز بارش کے باعث کوئنا ڈیم کی سطح آب میں اضافہ ہوا ہے اور پشتے سے 75/ ہزار گھن فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ جس سے سانگلی میںکرشنا ندی میں ایک بار پھر سیلاب کی صورتحال پیداہونے کا خدشہ ہے۔ سانگلی شہر سمیت کرشنا اور وارنا ندی کے کناروں پر آباد رہائشی بستیوں کو خبرداری کا اشارہ دے دیا گیا ہے۔ کرناٹک کے الماٹی ڈیم سے ایک لاکھ گھن فٹ پانی چھوڑے جانے کی پیشگی اطلاع بھی دی گئی ہے۔ 
ناگپور اور گڈچرولی اضلاع میں موسلا دھاربارش کے باعث نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ‘ بھامرا گڑھ ضلع میں متعدد دیہاتوں کامواصلاتی رابطہ منقطع ہوگیا ۔ گوسی کھور ڈیم کے 33/ دروازے کھول دئیے گئے ۔
***** ***** ***** 
دریں اثناء جالنہ۔ دادر شتابدی ایکسپریس اور ممبئی۔ ناندیڑ تپوون ایکسپریس آج منسوخ کردی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ممبئی سے آج رات 9 بجکر 10 منٹ پر روانہ ہونے والی ممبئی۔ سکندر آباد دیوگری ایکسپریس شب بارہ بجکر 45/ منٹ پر روانہ ہوگی۔ جنوب وسطی ریلوے کے ناندیڑ رابطہ دفتر نے یہ اطلاع دی۔
***** ***** ***** 
اسکولی تعلیم اور کھیلوںکے وزیر آشیش شیلار نے کہا ہے کہ شکشن سیوک بھرتی کیلئے ریاست کا آن لائن طریقۂ کار دیگر ریاستوںکیلئے بھی رہنما ثابت ہوگا۔ ممبئی میں کل اُن کے محکمے کی جانب سے پوترپورٹل کے ذریعے منتخب ہونے والے اساتذہ کو تقرر نامے تفویض کرنے کی تقریب سے وزیرِ موصوف خطاب کررہے تھے۔ انھوںنے کہا کہ شکشک سیوک بھرتی کے عمل میں بدعنوانی ختم کرنے اور شفافیت لانے کیلئے نامزدگی کا یہ طریقۂ کار اختیار کیا گیا ہے۔
***** ***** ***** 
آئندہ اسمبلی انتخابات میں نشستوں کی تقسیم پر کل بی جے پی اور شیوسینا کے مابین گفت و شنید کا پہلا دور منعقد ہوا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر چندر کانت پاٹل اور سینئر قائد سدھیر منگنٹیوار اور شیوسینا کے قائد سبھاش دیسائی نے اس گفت و شنید میں شرکت کی۔ بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ کس پارٹی کو کتنی نشستیں ملیں گی یہ ابھی طئے نہیں ہوا‘ تاہم اُصولی طور پر یہ طئے کرلیا گیا ہے کہ کانگریس اور این سی پی چھوڑ کر آنے والے اراکینِ اسمبلی کو متعلقہ پارٹی کا موجودہ رکنِ اسمبلی تصور کرکے انہیں اُسی حلقے سے ٹکٹ دیا جائیگا۔ اس کے علاوہ دیگر اتحادی جماعتوں کیلئے چھوڑی جانے والی نشستوں پر بھی کل بات چیت ہوئی۔
***** ***** ***** 
کانگریس کے سرکرد قائد اور سابق وزیر ہرش وردھن پاٹل نے کانگریس چھوڑ کر دوسری پارٹی کا دامن تھام لینے کا اشارہ دیا ہے اور کہا کہ آئندہ 10/ تاریخ کو وہ اپنے فیصلے سے آگاہ کریں گے۔ پارٹی کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ہرش وردھن پاٹل نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے دوران این سی پی نے اِندو پور اسمبلی حلقۂ انتخاب کانگریس کیلئے چھوڑنے کا وعدہ کیا تھا‘ لیکن اب این سی پی اپنے وعدے پر قائم نہیں ہے، اس لیے وہ دیگر متبادل پر غورکررہے ہیں۔
***** ***** ***** 
کولہا پور ضلع کانگریس صدرپرکاش آواڑے نے پارٹی رُکنیت اور عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انھوںنے کہا کہ آئندہ اسمبلی الیکشن وہ آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے یا کسی دوسری جماعت کے ٹکٹ پر لڑیں گے۔
***** ***** ***** 
یومِ اساتذہ کی مناسبت سے آج نئی دہلی میں صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند کے ہاتھوں قومی ایوارڈز دئیے جائیںگے۔ ریاست کے احمد نگر کی شری سمرتھ وِدّیا مندر کے اُستاد ڈاکٹر امول باگُل کو ان کی گرانقدر خدمات کیلئے نیشنل ایوارڈ دیا جائیگا۔ 
ریاستی حکومت کی جانب سے مثالی ٹیچر ایوارڈز آج ممبئی کے باندرہ میں واقع رَنگ شاردا ہال میں تفویض کیے جائیں گے۔
***** ***** ***** 

No comments: