Friday, 6 September 2019


Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 06.09.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 06 September-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۶؍  اگست  ۲۰۱۹ ؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
توانائی کے ریاستی وزیر چندر شیکھر باون کُڑے نے محکمۂ توانائی کے ملازمین کی تنخواہوںمیں ساڑھے بتیس فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔ ریاست میں بجلی فراہم کرنے والی تینوں کمپنیوںکے افسران و ملازمین کی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ممبئی میں منعقدہ اجلاس میں وزیرِ موصوف نے یہ اعلان کیا۔ اس اضافے کے ساتھ ساتھ 125/ فیصد مہنگائی بھتہ کا بھی بنیادی تنخواہ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف الائونسیس کو دُگنا کردیا گیا ہے۔ تکنیکی اور معاون تکنیکی شعبے کے ملازمین کے مشاہرے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور اب انہیں پہلے برس 15/ ہزار‘ دوسرے برس 16/ہزار اور تیسرے برس 17/ ہزار روپئے مشاہرہ ادا کیا جائیگا۔ وزیرِ موصوف نے توانائی شعبے میں کام کرنے والے کانٹریکٹ ورکرس کی تنخواہوں میںبھی 20/ فیصد اضافے کا اعلان بھی کیا۔
***** ***** ***** 
وزیرِ اعظم نریندرمودی نے پلاسٹک کے دوبارہ استعمال کی روک تھام کے لیے اساتذہ سے سرگرم ہونے کی اپیل کی ہے۔ یومِ اساتذہ کے موقع پر وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں معلّمین سے گذارش کی کہ وہ طلبہ کو پلاسٹک سے ماحولیات کو ہونے والے نقصان کے بارے میں بتائیں اور اس کے استعمال سے روکیں۔ انھوں نے اساتذہ کو تعلیم کے طریقۂ کار کی بہ نسبت نتائج پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
***** ***** ***** 
ریاستی وزیرِ تعلیم اشیش شیلار نے اساتذہ سے معیاری تعلیم فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ یومِ اساتذہ کے موقع پر کل ممبئی میں ریاستی حکومت کی جانب سے مثالی استاذ ایوارڈس اور ساوتری بائی مثالی معلمہ ایوارڈس کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس موقع پر ریاست کے 107/ اساتذہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ انعام کے طورپر ایک لاکھ روپئے نقد اور توصیفی سند دی گئی۔ مرکزی حکومت کی جانب سے کل نئی دہلی میں صدرِ جمہوریہ رام ناتھ کووند کے ہاتھوں قومی مثالی استاذ ایوارڈس تقسیم کیے گئے۔ یہ انعام پانے والوں میں احمد نگر کے ڈاکٹر امول باگُل‘ ممبئی کے ڈاکٹر جبین جوئل اور پونہ کی رادھیکا دلوی شامل ہیں۔ اورنگ آباد ضلع پریشد نے بھی 16/ اساتذہ کو ضلع کے مثالی معلم ایوارڈس سے نوازا۔ ضلع پریشد کی صدر دیویانی ڈونگائونکر کے ہاتھوںان انعامات کی تقسیم عمل میں آئی۔ اسی طرح مراٹھواڑہ کے دیگر اضلاع میں بھی یہ انعامات تقسیم کیے گئے۔
***** ***** ***** 
اُترا کھنڈ کے سابق وزیرِ اعلیٰ بھگت سنگھ کوشیاری نے کل مہاراشٹر کے نئے گورنر کے عہدے کا حلف مراٹھی زبان میں لیا۔ ممبئی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس پردیپ نندجوگ نے انہیں رازداری کا حلف دلایا۔ کل شام ممبئی کے راج بھون میں منعقدہ اس تقریب میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ لوک آیکت جسٹس تہیلیانی سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔
***** ***** *****
دلّی ہائی کورٹ نے سابق مرکزی وزیرِ خزانہ پی چدمبرم کو INX میڈیا مالی بدعنوانی معاملے میں 14/ دِنوںکے لیے عدالتی تحویل میں رکھنے کاحکم دیاہے۔لہٰذا کل انہیں تہاڑ جیل روانہ کردیا گیا۔ چدمبرم ضمانت پر رہائی کے بعد گواہوں پر اثرانداز نہ ہو‘ اس لیے CBI نے ان کی عدالتی تحویل کی مانگ کی‘ جسے عدالت نے قبول کرلیا اورانہیں 19/ ستمبر تک عدالتی تحویل میں رکھنے کا حکم دیا۔
***** ***** *****  
ریاست کے وزیرِ حمل و نقل دیواکر رائوتے نے کہا ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر حکومت نے بھاری جرمانہ عائد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفت و شنید کررہے تھے۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت ترمیم شدہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے بھاری جرمانہ وصول کرنے کے مؤقف میں نہیں ہے۔ رائوتے نے مزید بتایا کہ یکم ستمبر سے نافذ کیے گئے نئے ٹریفک قوانین پر عمل آوری کا اختیار ریاستی حکومتوں کو تفویض کیا گیا ہے اور ہم ذاتی طور پر بھاری جرمانہ عائد کرنے کیخلاف ہیں۔
***** ***** ***** 
مہاوِترن کمپنی کی اورنگ آباد مقامی اکائی نے انتباہ دیا ہے کہ مراٹھواڑہ کے بجلی صارفین جن کا بجلی بل بقایہ ایک لاکھ روپئے سے زائد ہے وہ 18/ ستمبر تک بقایہ ادا کردیں ورنہ ان کی بجلی منقطع کردی جائیگی۔ ڈویژن کے 7/ ہزار 574/ صارفین کی طرف ایک لاکھ روپئے سے زائد بجلی بل بقایہ ہے جو مجموعی طورپر 231/ کروڑ 94/ لاکھ روپئے ہے۔ اس کے علاوہ 24/ لاکھ 43/ ہزار 597/ صارفین پر 848/ کروڑ روپئے کا بجلی بل بقایہ ہے۔ تمام بقایہ داروں کو مہاوترن کی جانب سے نوٹسیں جاری کی جاچکی ہیں۔
***** ***** ***** 
ریاستی حکومت نے اورنگ آبادمیونسپل کارپوریشن کی حدود میں واقع ستارا۔ دیولائی علاقے میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 10/ کروڑ روپئے منظور کیے ہیں۔ رکنِ اسمبلی سنجے شرساٹھ نے اس خصوص میں ریاستی حکومت سے فنڈ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** ***** 

No comments: