Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 07.09.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 07 September-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۷؍ اگست ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
بھارتی خلائی تحقیق تنظیم اِسرو نے کہا ہیکہ چاند کی سطح سے دو کلو میٹر کے فاصلے پر ’’وکرم‘‘ نامی لینڈر کا بنگلورو کے کنٹرول روم سے رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔ اِسرو کے صدر کے سِون نے آج علی الصبح یہ اطلاع دی۔ اُنھوںنے کہا کہ رابطہ منقطع ہوجانے کے بعدلینڈر کی سمت اور مقام کا پتہ لگانا ناممکن ہوگیا ہے۔ آج علی الصبح ایک بجکر 35/ منٹ پر وِکرم لینڈر نے چاند پر اُترنے کا عمل اُس وقت شروع کیا جب چندریان چاند کی سطح سے 35/ کلو میٹر دور تھا۔ تاہم آخری مرحلے میں اُس کا رابطہ منقطع ہوگیا۔ سون نے بتایا کہ دستیاب معلومات کا تجزیہ کیاجارہا ہے۔ اس بیچ چندریان کے لینڈر وکرم کا اِسرو سے رابطہ ٹوٹ جانے کے پسِ منظر میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے آج صبح آٹھ بجے قوم سے خطاب کیا۔ مودی نے سائنسدانوں سے کہا کہ وہ حوصلہ نہ ہاریں اور اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ہر ناکامی کچھ سکھا کر جاتی ہے۔ سائنسدانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری قوم اُن کے ساتھ ہے اور وہ مایوس نہ ہوں۔
مودی کل سے بنگلورو میں ہیں۔ اُنھوںنے خلائی سائنسدانوں سے دوبارہ رابطہ بحال کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندرمودی آج مہاراشٹر کے دورے پر ہیں۔ وزیرِ اعظم‘ ممبئی اور اورنگ آباد میں منعقد ہونے والی تقریبوں میں شرکت کرینگے۔ مودی ممبئی میں تین میٹرو لائنوں کا سنگ ِ بنیاد رکھیں گے۔ وزیرِ اعظم جدید ترین میٹرو بھون کا سنگ ِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ وزیرِ اعظم کے ہاتھوں بن ڈونگری‘ کاندیولی مشرق میٹرو اسٹیشنوں اور جدید ترین میٹرو کوچ کا افتتاح بھی عمل میں آئے گا۔
دوپہر دو بجے وزیرِ اعظم نریندرمودی اورنگ آباد تشریف لائیں گے۔ وزیرِ اعظم‘ اورنگ آباد میں صنعتی شہر اورِک سٹی کے پہلے مرحلے کی نقب کشائی کریں گے۔ وزیرِ اعظم کے ہاتھوں اورِک ہال کا بھی افتتاح عمل میں آئے گا۔ اورنگ آباد شہر سے 25/ کلو میٹر دور دس ہزار ایکڑ کے رقبے پر اورِک شہر بسایا گیا ہے۔ ملک اور بیرونِ ملک کی 47/ سے زیادہ کمپنیوںنے اس پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کی ہے۔وزیرِ اعظم‘ شیندرا صنعتی علاقے میں خواتین بچت گروپ کے ریاستی سطح کے جلسے سے بھی خطاب کریںگے۔
***** ***** *****
ونچت بہوجن اگھاڑی کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے MIM نے اتحاد توڑنے کا فیصلہ لیا ہے۔ MIM کے ریاستی صدر اور اورنگ آباد کے رکنِ پارلیمنٹ سیّد امتیاز جلیل نے کہا کہ آنے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کیلئے سیٹوں کا اطمینان بخش بٹوارہ نہ ہونے کی وجہہ سے MIM نے اتحاد توڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امتیاز جلیل کی جانب سے جاری کردہ تحریری بیان میں یہ بات کہی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں میں سیٹوں کی تقسیم کو لیکر طویل بات چیت ہوئی، جس کے بعد ونچت بہوجن اگھاڑی کے رہنماء ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے MIM کو محض آٹھ سیٹیں دینے کی بات کہی۔ واضح ہو کہ ان آٹھ سیٹوں میں MIM کے اورنگ آباد سے موجودہ رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل کی رکنِ اسمبلی والی سیٹ اورنگ آباد وسط شامل نہیں تھی۔ امتیاز جلیل نے کہا کہ یہ بات ناقابلِ قبول ہے اور انھوںنے اسے ناانصافی قرار دیا۔ جلیل کے تحریری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ MIM کے اتحاد سے باہر ہوجانے کے بعد اَب وہ اپنے اُمیدواروںکے انٹرویو لیگی اوراُمیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیاجائیگا۔
***** ***** *****
اُردوادب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مہاراشٹر کے 122/ ادیبوں کو کل اورنگ آباد میں انعامات سے نوازا جائیگا۔ اقلیتی ترقیات اور وقف کے ریاستی وزیر اتل ساوے نے کل اورنگ آباد میںمنعقدہ اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ کل منعقد ہونے والی تقریب میں ادیبوںکو مرزا غالب لائف ٹائم اچیومنٹ انعام اور ولی دکنی انعامات سے سرفراز کیا جائیگا۔ ساوے نے کہا کہ مراٹھواڑہ میں اقلیتوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہہ سے پہلی مرتبہ یہ تقریب اورنگ آباد میں منعقد کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
’’بیٹی بچائو‘ بیٹی پڑھائو‘‘ مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ملک کی پانچ ریاستوںاور بیس ضلعوں کو کل نئی دلّی میں انعامات سے نوازا گیا۔ خواتین اور بچوں کی بہبود کی مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے کل منعقدہ تقریب میں انعامات تقسیم کیے۔ بیس ضلعوں میں مہاراشٹر کا جلگائوں ضلع بھی شامل ہے۔ جلگائوںکے ضلع کلکٹر اویناش ڈھاکنے نے انعام قبول کیا۔
***** ***** *****
ریاستی محکمۂ سیاحت نے اُن خبروںکی تردید کی ہے کہ جن میں کہا گیا تھا کہ ریاست کے تاریخی قلعے شادی کی تقریبات یا ہوٹلنگ کیلئے کرائے پر دئیے جائیں گے۔ محکمۂ سیاحت نے واضح کیا ہیکہ ریاست کے قلعوں کا ہر صورتحال میں تحفظ کیا جائیگا۔ سیاحت کے وزیر جئے کمارراول نے کہا کہ قلعوں کو شادی بیاہ کی تقریبات کیلئے دینے کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔
***** ***** *****
کامریڈ گووند پانسرے قتل معاملے میں مزید تین ملزمین کو کل ممبئی اورپونے کی جیلوں سے گرفتار کیا گیا۔ تینوں ملزمین کو کولہا پور کی عدالت نے دس دنوں کی پولس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ ان ملزمین میں ڈاکٹر نریندر دابھولکر قتل معاملے میں گرفتار شارپ شوٹر سچن اندورے بھی شامل ہے۔ اندورے کو پونے کی جیل سے جبکہ دیگر دو ملزمین امت بدّی اور گنیش مسکین کو ممبئی کی آرتھر روڈ جیل سے گرفتار کیا گیا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment