Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad, Date : 06.09.2019 , Time : 8.40 - 8.45 AM
Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 09 September-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۹؍ اگست ۲۰۱۹
وَقت : ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ اطلاعات و نشریات پرکاش جائوڑیکر نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی زیرِ قیادت بی جے پی حکومت نے اپنے دوسرے دورِ اقتدار کے سو دِنوں میں جموں و کشمیر اور اقتصادی معاملات سمیت کئی محاذوں پر نہایت اہم فیصلے کیے ہیں۔ حکومت کے اقتدار میں 100/ دِن مکمل ہونے پر کل ممبئی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جائوڑیکر نے کہا کہ G-7 اور اقوامِ متحدہ سمیت کئی بین الاقوامی تنظیموں اور متعدد عالمی قائدین نے جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کیلئے دفعہ 370/ ہٹانے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ وزیرِ موصوف نے اپنی حکومت کی کارکردگی اُجاگرکرتے ہوئے کہا کہ کسانوں‘ غریب و محنت کش طبقے اور درجِ فہرست ذاتوں اور قبائل سے تعلق رکھنے والے افراد کو استحکام بخشنے کیلئے حکومت نے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ کام کاج میں شفافیت لانے کیلئے کئی بدعنوان افسران کو خدمات سے فارغ کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں اب بدعنوانیوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
***** ***** *****
بزرگ ماہرِ قانون اور سابق مرکزی وزیرِ قانون رام جیٹھ ملانی کل نئی دہلی میں طویل علالت کے بعد چل بسے۔ وہ 95/ برس کے تھے۔ ان کا شمار ملک کے چوٹی کے ماہرینِ قانون میں ہوتا ہے۔ رام جیٹھ ملانی بارکونسل آف انڈیاکے صدر بھی رہ چکے تھے۔ 2004ء کے عام انتخابات میں انھوں نے آنجہانی اٹل بہاری کے مدِ مقابل الیکشن لڑا۔ رام جیٹھ ملانی‘ آنجہانی راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی کے قتل کے ملزموں کا اور چارہ بدعنوانی معاملے میں لالو پرساد یادو کا مقدمہ لڑچکے ہیں۔ اس کے علاوہ پارلیمنٹ پر حملے کے ملزم افضل گرو اور سہراب الدین جعلی مقابلہ آرائی معاملے میں امیت شاہ کا مقدمہ بھی انھوںنے ہی لڑا تھا۔
وزیرِ اعظم نریندرمودی اورمرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے رام جیٹھ ملانی کی موت پر انہیں خراجِ تعزیت پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ اُن کی موت سے ملک ایک بہت بڑے ماہرِ قانون سے محروم ہوگیا ہے۔
***** ***** *****
ونچت بہوجن اگھاڑی کے قائد پرکاش امبیڈکر نے کہا ہے کہ جب تک کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ بیرسٹر اسدالدین اویسی کوئی فیصلہ نہیں کرتے تب تک ایم آئی ایم کے ساتھ اتحاد برقرار رہے گا۔ وہ کل ناگپور میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔ دو روز قبل ایم آئی ایم کے ریاستی صدر اور رکنِ پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے بیان دیا تھا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی ونچت بہوجن اگھاڑی کے ساتھ اتحاد برقرار نہیں رکھ پائیگی۔ امتیاز جلیل کے اس بیان پر ردّ عمل دیتے ہوئے پرکاش امبیڈکر نے کہاکہ اس کا فیصلہ اسدالدین اویسی کرینگے۔ انھوںنے کہا کہ ایم آئی ایم کے ساتھ ہمارا اتحاد ریاستی قائدین کے ساتھ نہیں بلکہ پارٹی صدر اسدالدین اویسی کے ساتھ ہے۔
***** ***** *****
اقلیتی فرقے کے نوجوانوںکو روزگار کے حصول میںمعاون تربیت دینے کی غرض سے ایک علیحدہ مرکز قائم کرنے کیلئے حکومت نے 30/ کروڑ روپئے مختص کیے ہیں۔ یہ اعلان اُردو اکیڈمی کے نائب صدر اور وزیرِ مملکت برائے وقف و اقلیتی اُمور اتل ساوے نے کیا۔ کل اورنگ آباد میں اُردو ادب میں گرانقدر خدمات انجام دینے والے 122/ افرادکو 2017-18 کے اُردواکیڈمی ایوارڈ دئیے گئے۔ اس پروگرام میں نئی دہلی کے شمیم حنفی اور علیگڑھ کے قاضی افضل حسین کو مرزا غالب ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ایوارڈ ایک لاکھ روپئے نقداور سپاسنامے پر مشتمل ہے۔ ایوت محل کے ڈاکٹر یحییٰ نشیط اور امراوتی کے سیّد صفدر کو ولی دکنی ایوارڈ دیا گیا۔ یہ ولی دکنی ریاستی ایوارڈ 51/ ہزار روپئے اور سپاسنامے پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں کل بیشترمقامات پر بارشوںکا سلسلہ جاری رہا۔ ممبئی میں کل دِن بھر برسات جاری رہی اور آج بھی زوردار بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ سانگلی ضلع میں کرشنا ندی کی سطح آب میں اضافے کے پیشِ نظر میرج اور اسلام پور میں قومی آفاتِ سماوی سے نمٹنے والے خصوصی دستے تعینات کردئیے گئے ہیں۔ کولہا پور ضلع کے پشتوں میں پانی کی آمد کو دیکھتے ہوئے رادھا نگری‘ کوئنا اور الماٹی سمیت دیگر پشتوں سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ جس کے بعد ندی کے کناروں پر موجود بستیوں کو خبردار کردیا گیا ہے۔ نیز شیرور اور کرویر تعلقوںکے چند دیہاتوں سے کئی خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اورنگ آباد اور جالنہ ضلع میں کل صبح ہی سے مطلع ابر آلود تھا۔ جلگائوں میںضلع بھر میں کل زوردار بارش ہوئی‘ جبکہ گڑھ چرولی ضلع میں چار روز سے جاری موسلا دھار بارش کل رُک گئی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment