Saturday, 2 November 2019



Regional Urdu Text  Bulletin, Aurangabad, Date : 02.11.2019, Time : 8.40 - 8.45 AM

Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 02 November-2019
Time: 8:40 to 8:45 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۲؍ نومبر  ۲۰۱۹ ؁
وَقت :  ۴۰:۸۔ ۴۵:۸
***** ***** *****
مہاراشٹر کے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بیمہ کمپنیوں کو ہدایت دی ہیکہ وہ غیر موسمی بارش سے نقصان اٹھا رہے کسانو ںکو نقصان بھرپائی ادا کرنے کیلئے سرکاری پنچناموں کو قبول کریں۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کل ممبئی میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ریاست بھر میں فصلوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔ جس کے بعد منعقدہ اخباری کانفرنس میں انھوںنے کہا کہ بیمہ کمپنیاں اپنی ناکافی افرادی قوت کے مدِنظر سرکاری پنچناموں کو قابلِ قبول سمجھیں۔ وزیرِ اعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر کسان اپنی فصل کو ہوئے نقصان کی تصویر موبائل پر متعلقہ محکمے کو بھیجتا ہے تو اُسے بھی قابلِ قبول سمجھا جائے۔ ساتھ ہی پھڑنویس نے سکریٹری اور ضلع کلکٹروں سمیت سبھی سینئر افسران سے کہا کہ وہ جائے وقوعہ پر کام کررہے افسران سے رابطہ قائم رکھیں اور نقصانات کے فوری پنچنامے مکمل کریں۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کسانوں کو نقصان بھرپائی کے ساتھ ساتھ اضافی امداد فراہم کرنے پر بھی غور کررہی ہے۔ انھوںنے بتایا کہ اس بارے میںریاستی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی آج میٹنگ ہوگی، جس میں مرکزی حکومت سے مدد کا مطالبہ کیا جائیگا۔
***** ***** ***** 
اس غیر موسمی بارش سے مراٹھواڑہ کے 72/ تعلقوں میں 22/ لاکھ ہیکٹر رقبے پر کھڑی فصل کا نقصان ہوا ہے۔ اس کے علاوہ 53/ ہزار ہیکٹر رقبے کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
***** ***** ***** 
اس بیچ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر اور سابق مرکزی وزیرِ زراعت شرد پوار نے کل ناسک ضلع میں غیر موسمی بارش سے فصلوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیا۔ شرد پوار نے ناسک ضلعے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ انھوں نے ناسک کے اِگت پوری تعلقے کے گھوٹی ٹول ناکہ علاقے میں انگور کے باغات کو پہنچے نقصان کا جائزہ لیا اور دِنڈوری تعلقے کے کھیڑے گائوں میں کسانوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔
***** ***** ***** 
اس موقعے پر ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ حکومتی انتظامیہ کو یہ معلوم ہی نہیں ہیکہ غیر موسمی بارش سے نقصان ہونے پر کسانوں کو کتنی نقصان بھرپائی ادا کی جائیگی۔ پوار نے کہا کہ وہ NCP کے سبھی عوامی نمائندوں کے ساتھ ریاستی حکومت کو کسانوں کے نقصان کے اعداد و شمار پیش کرینگے۔ وہیں حکومت کو انتباہ دیتے ہوئے پوار نے کہا کہ انکے ذریعے پیش کردہ اعداد و شمار پر اگر حکومت مثبت انداز میں غور کرتی ہے تو ٹھیک ورنہ ان کے پاس حکومت کے خلاف دیگر متبادل بھی موجود ہیں۔
***** ***** ***** 
شیوسینا نے کہا ہیکہ اگر وہ چاہے تو ریاست میں مستحکم سرکار قائم کرنے کیلئے درکار تعداد حاصل کرسکتی ہے۔ شیوسینا رہنما سنجے رائوت نے یہ بات کہی۔ رائوت کل ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات چیت کررہے تھے۔ رائوت نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور شیوسینا کے درمیان حکومت بنانے کے معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ وہیں انھوں نے پھر کہا کہ وزیرِ اعلیٰ شیوسینا کا ہی ہوگا۔ رائوت نے وضاحت کی کہ بی جے پی نے حکومت بنانے کے بارے میں شیوسینا کو کوئی مہلت نہیں دی ہے۔
***** ***** ***** 
دوسری جانب کانگریس نے مہاراشٹر میں حکومت بنانے پر جاری تعطل پر نکتہ چینی کی ہے۔ کانگریس رہنما اشوک چوہان نے حالیہ پیشِ رفت کو بی جے پی کی جانب سے شیوسینا کے ساتھ کی جارہی جعلسازی قرار دیا۔ PTI کی خبر میں کہا گیا کہ چوہان نے کہا ہے کہ بی جے پی انتخابات سے پہلے شیوسینا کے ساتھ طئے پائے فارمولے پر قائم نہیں ہے۔ وہیں کانگریس کے ریاستی صدر بالا صاحب تھورات نے ریاست میں سرکار بنانے پر جاری تعطل کیلئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ PTI کو دئیے ایک انٹرویو میں تھورات نے کہا کہ کانگریس نے صرف انتظار کرنے کا مؤقف اپنایا ہے۔
اس دوران بی جے پی کے سینئر رہنما اور وزیرِ مالیات سدھیر منگنٹیوار نے کہا کہ اگر مقررہ وقت میں مہاراشٹر میں حکومت نہیں بنتی ہے تو صدر راج نافذ ہوجائیگا۔ منگنٹیوار نے کہا کہ دیوالی کی وجہ سے بی جے پی اور شیوسینا میں حکومت سازی پر چل رہی بات چیت رُکی ہوئی تھی اور اب ایک۔ دو دِنوں میں بات چیت کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوجائیگا۔ واضح ہو کہ آٹھ نومبر کو موجودہ ریاستی اسمبلی کی مدت مکمل ہورہی ہے، اس لیے سات تاریخ سے پہلے نئی حکومت کا قیام ضروری ہے۔
***** ***** ***** 
اورنگ آباد ضلعے کے رابطہ وزیر ایکناتھ شندے نے آج سے دو دنوں کے اورنگ آباد دورے پر ہیں۔ شندے آج صبح دس بجے اورنگ آباد ہوائی اڈّہ پہنچیں گے۔ شندے آج دِن بھر ضلعے کے گنگاپور‘ خلدآباد‘ کنڑ‘ سلوڑ‘ پھلمبری اور اورنگ آباد تعلقے میں غیر موسمی بارش سے فصلوں کو ہوئے نقصان کا جائزہ لیں گے۔ وہ کل کنڑ اور ویجا پور تعلقوں کا دورہ کرینگے، اسکے بعد رابطہ وزیر ایکناتھ شندے کل دوپہر ڈویژنل کمشنر اور ضلع کلکٹر کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔
***** ***** ***** 
نقلی کرنسی نوٹ بناکر انہیں چلن میں لانے والے ایک گروہ کو کل اورنگ آباد پولس نے گرفتارکرلیا۔ پرسوں رات ایک کاروائی کے دوران پولس نے تین نوجوانوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے نوٹ چھاپنے کا سازوسامان اور سو روپئے مالیت کے ڈیڑھ ہزار کرنسی نوٹ ضبط کیے۔ بتایا گیا کہ شیخ سمران‘ سیّد سیف اور سیّد سلیم نامی ملزمین گذشتہ چھ مہینوں سے اپنے گھر میں ہی کرنسی نوٹ چھاپ کر انہیں چلن میں لارہے تھے۔
***** ***** ***** 

No comments:

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 17 اگست 2025‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

  Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date: 17 August-2025 Time: 09:00-09:10 am آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر علاقائی خبری...