Regional Urdu Text Bulletin, Aurangabad.
Date: 16 April-2020
Time: 09:00 to 9:10 am
آکاشوانی اَورنگ آباد
علاقائی خبریں
تاریخ:۱۶؍ اپریل ۲۰۲۰
وَقت : ۱۰:۹ ۔ ۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ کورونا سے کم متاثرہ علاقوںمیں 20/ اپریل کے بعد ضروری کاروبار کو دی جائیگی مشروط اجازت؛ مرکزی حکومت کے رہنماء
خطوط جاری۔
٭ لاک ڈائون کی وجہہ سے پھنسے مہاجر مزدوروں کی کورونا جانچ کے بعد اُن کے گائوں بھیجنے پر ریاستی حکومت غور کرے؛ ممبئی
ہائیکورٹ کی ہدایت۔
٭ مہاراشٹر میں مزید 232/ کورونا مریضوں کا انکشاف۔ کل ہوئی 9/ مریضوںکی موت۔
٭ کورونا سے متاثرہ علاقوں سے اورنگ آباد ضلعے میں داخلے کیلئے اب پولس انتظامیہ کی اجازت ضروری ۔
***** ***** *****
کورونا وائرس سے کم متاثر حصوںمیں زراعت‘ تعمیرات‘ انفارمیشن ٹکنالوجی‘ خصوصی اقتصادی زون اور زرعی کاروبار20/ اپریل سے مشروط اجازت کے ساتھ شروع کیے جائیں گے۔ ملک کی معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنے اور کروڑوںلوگوں کو راحت پہنچانے کے مقصد سے یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے ملک بھر میں جاری لاک ڈائون کے بارے میں مرکزی حکومت نے کل نئے رہنماء خطوط جاری کیے۔ مرکزی کابینہ کے سیکریٹری نے کل سبھی ریاستوں کے چیف سیکریٹریوں اور ڈائریکٹر جنرل آف پولس کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ بھی کی۔ میٹنگ میں سبھی ضلعوں کے ضلع کلکٹروں اور میونسپل کمشنرس نے بھی حصہ لیا۔ نئے رہنماء خطوط کے مطابق عوام کو پیش آرہی دقتوں کو ٹالنے کیلئے کچھ کاروبار شروع کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 20/ اپریل کے بعد کورونا سے کم متاثرہ حصوں میں ان پر عمل آوری کی جائیگی۔ اس کے مطابق مال برداری کرنے والی گاڑیوں‘ بجلی فراہمی کے مزدوروں‘ پلمبر اور موٹر میکانک جیسے خود کفیل افراد لاک ڈائون کی سختی سے کچھ رعایت حاصل کرسکیں گے۔ شاہراہوں پر دھابے شروع کیے جائیں گے، لیکن ریسٹورنٹ اور ہوٹل بدستور بند رہیں گے۔ دوسری جانب اسکول‘ کالج‘ کوچنگ کلاسیز‘ سینما تھیٹرس‘ Mall‘ بازار‘ سوئمنگ پول اور کھیل کے میدان لاک ڈائون کی مدت پوری ہونے تک پوری طرح بند رہیں گے۔ مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار ضمانتی اسکیم‘ منریگا کے کاموں کو ضروری جسمانی فاصلہ برقرار رکھ کر شروع کیا جائیگا۔ ساتھ ہی مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتوں کے دفاتر بھی شروع کیے جائیں گے۔ عوامی مقامات پر تھوکنے پر پابندی لگادی گئی ہے اور شراب اور گٹکا کی فروخت پر پابندی عائدرہے گی۔
نئے رہنماء خطوط کے مطابق عوامی تقریبات پر پابندی برقرار رہے گی، جبکہ دفتروں اور عوامی مقامات پر ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ پانچ سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی برقرار رہے گی اور دفتروں میں ہر شفٹ کے درمیان کم سے کم ایک گھنٹے کا وقفہ رکھنا لازمی ہوگا۔ حکومت نے کہا ہیکہ مزدوروں کیلئے Sanetizer کی دستیابی کو یقینی بنانا اور انکے بخار کی جانچ کرنا دفتروں کیلئے ضروری ہوگا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے لاک ڈائون کے دوران عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے بارے میں بھی رہنماء خطوط جاری کیے ہیں۔ ان کے مطابق جن علاقوں میں پانی کی قلّت کا مسئلہ ہے وہاں ضروری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے پانی دستیاب کروایا جائیگا۔ پانی کو پینے لائق بنانے کیلئے کلورین کی گولیاں اور بلیچنگ پائوڈر کا استعمال کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
دریں اثناء ان نئے رہنماء خطوط پر سختی سے عمل آوری کروانے کیلئے مرکزی وزارتِ داخلہ نے سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی حکومتوں کو خط لکھا ہے۔ داخلہ سیکریٹری نے سبھی ریاستوں کے چیف سیکریٹریوں کو لکھے خط میں کہا ہے کہ وہ نئی ہدایتوں پر سختی سے عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ ساتھ ہی خط میں یہ بھی کہا گیا ہیکہ ضرورت پڑنے پر متعلقہ ریاستیں اپنی مقامی ضروریات کے مطابق ان ہدایتوں میں سختی بھی لاسکتی ہیں۔ ریاستوں سے یہ بھی کہا گیا ہیکہ وہ ان ہدایتوںکو عوام تک پہنچائیں۔
***** ***** *****
ملک بھر میں لاک ڈائون کی میعاد میں 3/ مئی تک کا اضافہ کیے جانے کے بعد بھارتی ریل نے بھی 3/ مئی تک اپنی خدمات بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ ریلوے نے اپنا ٹکٹ بکنگ نظام بھی بند کردیا ہے۔ اگلے احکامات تک کسی بھی طرح کا ریلوے ٹکٹ بُک نہیں کیا جاسکے گا۔ بھارتی ریل کی جانب سے کہا گیا ہیکہ مسافر اپنے ریزرو کیے گئے ٹکٹ منسوخ کرواسکتے ہیں جس کیلئے انہیں ٹکٹ کی پوری رقم واپس ملے گی۔ آن لائن ٹکٹ منسوخ کرنے کی سہولت برقرار رہے گی اور آن لائن ٹکٹ منسوخی کی رقم مسافروں کے بینک کھاتوں میں جمع کردی جائیگی۔
دوسری جانب ایسے مسافرین جنھوںنے ریلوے کے 1-3-9 نمبر سے ٹکٹ ردّ کیا ہو انہیں ریلوے ریزرویشن دفتر میں ان کے سفر کی تاریخ سے 90/ دِنوں کے اندر پیسے لوٹائے جائیں گے۔ اس بیچ بھارتی ریلوے کی مال برداری اور پارسل خدمات بدستور جاری رہیں گی۔
***** ***** *****
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے قومی صدر شرد پوارنے کہا ہیکہ ملک پر آئی مصیبت کی اس گھڑی میں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر متحد ہوکر کوشش کی جائے تاکہ کورونا وائرس کو ہرایا جاسکے۔ پوار نے کل سوشل میڈیا کے ذریعے عوام سے اظہارِ خیال کیا۔ انھوںنے کہا کہ ممبئی کے باندرہ ریلوے اسٹیشن پر منگل کے روز مزدوروں کے جمع ہونے کا واقعہ صحیح نہیں تھا اور اس بات کی کوشش کی جانی چاہیے کہ ایسے واقعات دوبارہ نہ ہوں۔ شردپوارنے کہا کہ موجودہ حالات میں لاک ڈائون کی وجہہ سے پریشان افراد کو حوصلہ دینے کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
ممبئی ہائیکورٹ نے کل اپنے ایک اہم فیصلے میں ریاستی حکومت سے کہا ہیکہ وہ لاک ڈائون کی وجہہ سے پھنسے مہاجر مزدوروں کی کورونا جانچ کرے اور ان کے کورونا سے متاثر نہ ہونے کی تصدیق کے بعد انہیں ان کے گھروں تک پہنچانے پر غور کرے۔ اس بارے میں داخل کی گئی دو عرضیوں پر سماعت کے دوران جسٹس آر کے دیشپانڈے نے یہ ہدایت جاری کی۔ انھوں نے کہا کہ ان مزدوروں کو ان کے آبائی گائووں تک پہنچانے سے انتظامیہ پر پڑرہا بوجھ بھی ہلکا ہوگا۔ عدالت کی اس ہدایت پر جواب دیتے ہوئے ایڈوکیٹ جنرل آشوتوش کمبھ کونی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے مہاجر مزدوروں اور روزانہ اُجرت پر کام کرنے والے مزدوروں سے متعلق بنائی گئی کمیٹی عدالت کی تجویز پر غور کرے گی۔
***** ***** *****
مہاراشٹر بھر میں کل کورونا وائرس کے 232/ نئے معاملوں کا انکشاف ہوا۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد 2916/ ہوگئی ہے۔ ریاست میں کورونا سے کل ایک دِن میں 9/ لوگوںکی موت ہوگئی۔ ان اموات کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 187/ ہوگئی ہے۔ اب تک 295/ مریض کورونا سے پوری طرح ٹھیک ہوکر گھروں کو بھی جاچکے ہیں۔
***** ***** *****
ناسک شہر میں کل کورونا کا ایک اور معاملہ سامنے آیا۔ اس کے ساتھ ہی ناسک ضلع میں کورونا پازیٹیو مریضوں کی تعداد 43/ ہوگئی ہے۔ کل سامنے آئے معاملے میں 24/ سالہ مزدور کورونا سے متاثرپایا گیا۔ اسے ناسک۔ پونے روڈ پر واقع سماجی بہبود محکمے کے مرکز میں رکھا گیا ہے۔ ناسک ضلعے کے مالیگائوں میں ایک کورونا مریض کی موت ہوئی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد میںکورونا وائرس سے متاثرہ 59/ سالہ خاتون مریضہ علاج کے بعد صحت یاب ہوگئی ہیں۔ ان کے آخری ٹیسٹ کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔ خاتون کا علاج کررہے ڈاکٹر سنیل گائیکواڑ نے بتایا کہ انہیں حکومت کے رہنماء خطوط کے مطابق کل اسپتال سے رخصت کردیا گیا۔
اس بیچ ٹھیک ہوئی خاتون نے کہا کہ چاہے کتنے ہی مشکل حالات ہوں گھبرانا نہیں چاہیے۔ خاتون نے کہا کہ انھوں نے اپنی خود اعتمادی کے ذریعے کورونا کو شکست دی ہے۔
***** ***** *****
اورنگ آباد شہر میںعوامی مقامات پر بناء ماسک لگائے گھومنے والوں پر میونسپل کارپوریشن نے کل لگاتار تیسرے دِن بھی اپنی کاروائی جاری رکھی۔ کارپوریشن نے کل شہر کے 89 / افراد سے فی کس پانچ سو روپئے جرمانے کے حساب سے 44/ ہزار 500/ روپئے کی رقم وصول کی۔
***** ***** *****
کورونا سے متاثرہ قرار دئیے گئے علاقوں یعنی کورونا Hotspot سے اورنگ آباد ضلع میں داخل ہونے کیلئے اب پولس انتظامیہ کی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ ضلع کلکٹر اُدئے چودھری اور پولس سپرنٹنڈنٹ موکشدا پاٹل نے اس بارے میں ہدایات جاری کیں۔ بلا وجہ یا غیر ضروری وجوہات کی بناء پر اورنگ آباد میں داخل ہونے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ اس کے علاوہ خانگی یا سرکاری ایمبولنس میں مریضوں کو لانے لیجانے یا ڈرائیور کے آنے جانے کیلئے بھی متعلقہ ضلع انتظامیہ کا اجازت نامہ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں ::::::
٭ کورونا سے کم متاثرہ علاقوںمیں 20/ اپریل کے بعد ضروری کاروبار کو دی جائیگی مشروط اجازت؛ مرکزی حکومت کے رہنماء خطوط جاری۔
٭ لاک ڈائون کی وجہہ سے پھنسے مہاجر مزدوروں کو کورونا جانچ کے بعد اُن کے گائووںتک پہنچانے پر ریاستی حکومت غور کرے؛ ممبئی ہائیکورٹ کی ہدایت۔
٭ مہاراشٹر میں مزید 232/ کورونا مریضوں کا انکشاف۔ کل ہوئی 9/ مریضوںکی موت۔
٭ کورونا سے متاثرہ علاقوں سے اورنگ آباد ضلعے میں داخلے کیلئے اب پولس انتظامیہ کی اجازت ہونا ضروری ۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment